کسی کو اٹھا کر اس کی جگہ پر مت بیٹھیں

تحریر : فضیلۃ الشیخ عبدالسلام بن محمد حفظ اللہ

وعن ابن عمر رضي الله عنهما قال: قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: ‏‏‏‏لا يقيم الرجل الرجل من مجلسه ثم يجلس فيه ولكن تفسحوا وتوسعوا . [متفق عليه]
”اور ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : کوئی آدمی دوسرے آدمی کو اس کی بیٹھنے کی جگہ سے نہ اٹھائے کہ پھر خود
اس میں بیٹھ جائے لیکن کھل جاؤ اور کشادگی کر لو۔“ [متفق عليه] ، [بلوغ المرام : 1239]
تخریج : [بخاري : 1379] ، [مسلم، السلام 28، 27 ] ، [بلوغ المرام : 1239] وغیرھما دیکھئے [تحفة الاشراف 220/6]
مفردات : تفسحوا آپس میں کھل جاؤ تاکہ آنے والا بیٹھ جائے۔
توسعوا ایک دوسرے کے ساتھ مل جاؤ تا کہ آنے والے کے لئے جگہ نکل آئے قالہ ابن ابی جمرہ (فتح)
لا يقيم نفی کا صیغہ ہے مگر اس سے مراد نہی ہے خصوصاً اس لئے کہ صحیح مسلم میں لا يقيمن کے الفاظ ہیں یعنی ہرگز نہ اٹھائے۔
فوائد : اس سے مراد یہ نہیں کہ کسی کی مخصوص جگہ میں یا اس کی ملکیت میں کوئی دوسرا آ کر بیٹھ جائے تو اسے اٹھانا جائز نہیں کیونکہ وہاں بلا اجازت بیٹھنا تو اس کے لئے جائز ہی نہیں۔ اس سے مراد وہ جگہیں ہیں جہاں بیٹھنا ہر مسلمان کے لئے جائز ہے، مثلاً مسجد، حکام کی مجالس، اہل علم کے حلقہ ہائے درس، بازار میں تجارت کے لئے کوئی جگہ، دستکاری کے لئے کوئی جگہ، تفریحی مقامات، منیٰ، مزدلفہ، عرفات وغیرہ میں جو شخص پہلے آ کر بیٹھ جائے کسی کے لئے جائز نہیں کہ اسے اٹھا کر خود بیٹھ جائے۔
➋ جو شخص کسی دوسرے کو اٹھا کر خود بیٹھتا ہے یا تو اس لئے یہ کام کرتا ہے کہ وہ اپنے آپ کو اس پر ترجیح دے رہا ہے اور یہ بات مسلمان کے لائق نہیں ہے۔ وَيُؤْثِرُونَ عَلَى أَنْفُسِهِمْ وَلَوْ كَانَ بِهِمْ خَصَاصَةٌ وہ اپنے آپ پر (دوسروں کو) ترجیح دیتے ہیں چاہے ان کو سخت حاجت ہو۔ “ [59-الحشر:9] یا پھر تکبر کی وجہ سے ایسا کرتا ہے تو یہ اس سے بھی بدتر ہے۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں تواضع کا حکم دیا ہے۔
➌ کسی شخص کو اس کی جگہ سے اٹھا کر خود بیٹھنے کے نتیجے میں دلوں کے اندر دوری اور بغض پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔ جب کہ مومنوں کو باہمی محبت و اخوت کی تاکید کی گئی ہے۔

لا يقيم ”نہ اٹھائے“ کے لفظ سے ثابت ہوتا ہے کہ اگر کوئی شخص خود بخود اٹھ کر بیٹھنے کی پیشکش کرے تو وہاں بیٹھنا جائز ہے۔ البتہ عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما اس سے بھی اجتناب کرتے تھے اگر کوئی شخص ان کی خاطر اپنی جگہ سے اٹھتا تو وہ وہاں نہیں بیٹھتے تھے۔ [بخاري : 7470] مگر اہل علم نے ان کے اس عمل کو مزید احتیاط پر محمول کیا ہے کہ ممکن ہے وہ شخص خوش دلی سے نہ اٹھا ہو صرف شرم کی وجہ سے اٹھ کھڑا ہوا ہو۔
➎ اس حدیث میں سے پاگل اور بےوقوف مستثنیٰ ہیں اگر وہ مجلس علم کو خراب کر رہے ہوں یا مسجد کے ادب میں خلل انداز ہوں تو انہیں نکالنا درست ہے وَلا تُؤْتُوا السُّفَهَاءَ أَمْوَالَكُمُ ”اور بیوقوفوں کو اپنا مال نہ دو۔“ مجلس علم کا مقام مال سے بہت زیادہ ہے۔ جب بےوقوفوں کو اس بات سے روکا جا سکتا ہے کہ وہ مال کو خراب کریں تو انہیں علم کی دولت خراب کرنے سے کیوں نہیں روکا جائے گا۔
➏ جو شخص بدبودار چیز کھا کر مسجد میں آئے۔ یا کسی کو تکلیف دے اسے مسجد سے نکالنا جائز ہے۔ جائز ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جس شخص نے یہ سبزیاں تھوم، پیاز یا گندنا کھائی ہوں وہ ہماری مسجد کے قریب نہ آئے کیونکہ فرشتوں کو اس چیز سے تکلیف ہوتی ہے جس سے بنی آدم کو تکلیف ہوتی ہے۔ [مسلم عن جابر : مساجد 4]
عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے ایک جمعہ کے خطبہ کے آخر میں فرمایا : لوگو تم یہ دو پودے کھاتے ہو جنہیں میں تو خبیث (برا) ہی سمجھتا ہوں، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا ہے کہ مسجد میں کسی آدمی سے ان کی بو محسوس کرتے تو اس کے متعلق حکم دیتے تو اسے بقیع کی طرف نکال دیا جاتا۔ [مسلم : مساجد : 78] حقے اور سگریٹ کی بدبو تو پیاز اور لہسن سے کئی گنا تکلیف دہ ہوتی ہے۔

اس تحریر کو اب تک 7 بار پڑھا جا چکا ہے۔

Leave a Reply