مسلم بھائی کے لیے وہی پسند کرو جو اپنے لئے پسند کرو

تحریر : فضیلۃ الشیخ عبدالسلام بن محمد حفظ اللہ

وعن انس رضى الله عنه عن النبى صلى الله عليه وآله وسلم قال: والذي نفسي بيده لا يؤمن عبد حتى يحب لجاره او لاخيه ما يحب لنفسه ‏‏‏‏ متفق عليه
”انس رضی اللہ عنہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کوئی بندہ مومن نہیں ہوتا یہاں تک کہ اپنے ہمسائے کے لئے وہی پسند کرے جو اپنے لئے پسند کرتا ہے۔“ [متفق عليه ]
تخریج : [بخاري 13] ، [مسلم الايمان72]
یہ حدیث مسلم میں حتي يحب الاخيه او قال لجاره شک کے ساتھ ہے یعنی بھائی کے لئے یا فرمایا کہ ہمسائے کے لئے صحیح بخاری میں شک کے بغیر حتى يحب لأخيه کے الفاظ ہیں یعنی ”اپنے بھائی کے لئے پسند کرے۔“
ابونعیم نے المستخرج میں ابراهيم الحربی کے طریق سے مسدد سے روایت کی ہے (جو کہ حدیث میں بخاری کے شیخ ہیں) وہ یحییٰ القطان سے وہ حسین المعلم سے (وہ قتادہ سے، وہ انس سے ) روایت کرتے ہیں اس میں یہ لفظ ہیں لا يومن عبد حتي يحب لاخيه ولجاره یعنی ”اپنے بھائی اور اپنے ہمسائے کے لئے پسند کرے۔“
اسماعیلی نے روح کے طریق ہے حسین سے یہ لفظ روایت کئے ہیں حتي يحب لاخيه المسلم ما يحب لنفسه من الخير ”یعنی اپنے مسلم بھائی کے لئے وہ خیر پسند کرے جو اپنے لئے پسند کرتا ہے“ اور پسند کرنے سے مراد خیر پسند کرنا ہے۔ اس روایت سے معلوم ہو گیا کہ بھائی سے مراد مسلم بھائی ہے۔ [فتح الباري ]

فوائد :
➊ ”مومن نہیں ہوتا“ سے مراد اس حدیث میں یہ ہے کہ کامل مومن نہیں ہوتا جس طرح کہہ دیا جاتا ہے کہ فلاں شخص تو انسان ہی نہیں کیونکہ دوسری آیات و احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ چند اوصاف کے علاوہ کسی ایک وصف کی کمی سے کوئی شخص ایمان سے خارج نہیں ہوتا۔
➋ اس حدیث میں مسلم بھائی اور ہمسائے کے لئے وہی چیز پسند کرنے کو ضروری قرار دیا گیا جو آدمی خود اپنے لئے پسند کرتا ہو۔ ابن الصلاح فرماتے ہیں کہ بعض اوقات یہ چیز مشکل بلکہ ناممکن معلوم ہوتی ہے حالانکہ اگر آدمی اس بات کو محبوب رکھے کہ یہ نعمت جس طرح مجھے ملی ہے میری نعمت میں کمی کے بغیر میرے بھائی کو بھی مل جائے اور جس طرح اللہ تعالیٰ نے مجھ پر فضل کیا ہے میرے بھائی پر بھی فضل کر دے تو یہ چیز کچھ مشکل نہیں ہے مگر یہ مقام انہیں لوگوں کو حاصل ہوتا ہے جو قلب سلیم رکھتے ہیں دھو کے حسد اور کینے سے بھرے ہوئے نہیں ہیں، اللہ تعالیٰ ہمیں اور ہمارے بھائیوں کو عافیت میں رکھے۔ [نووي ]
اسی طرح یہ مقام متواضع لوگ حاصل کرتے ہیں ہر چیز میں دوسروں پر اونچا رہنے کے خواہش مند یہ مقام حاصل نہیں کر سکتے :
تِلْكَ الدَّارُ الْآخِرَةُ نَجْعَلُهَا لِلَّذِينَ لَا يُرِيدُونَ عُلُوًّا فِي الْأَرْضِ وَلَا فَسَادًا وَالْعَاقِبَةُ لِلْمُتَّقِينَ [ 28-القصص:83]
”یہ آخری گھر ہم ان لوگوں کے لئے بناتے ہیں جو زمین میں نہ بلندی کا ارادہ رکھتے ہی نہ فساد کا اور اچھا انجام پرہیز گاروں کے لئے ہے۔“

 

اس تحریر کو اب تک 31 بار پڑھا جا چکا ہے۔

Leave a Reply