شب قدر کا قیام

 

تحریر : فضیلۃ الشیخ حافظ عبدالستار الحماد حفظ اللہ

مَنْ قَامَ لَيْلَةَ الْقَدْرِ إِيمَانًا وَاحْتِسَابًا غُفِرَ لَهُ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِهِ
” جو شخص ایمان کے ساتھ، طلب ثواب کی نیت سے شب قدر کا قیام کرے گا۔ اس کے سابقہ گناہ معاف کر دیئے جائیں گے۔ “ [صحيح البخاري/كِتَاب فَضْلِ لَيْلَةِ الْقَدْرِ: 2014]
فوائد :
شب قدر اللہ تعالیٰ کی طرف سے بہت بڑی نعمت ہے۔ اس رات عبادت کرنا ہزار مہینوں کی عبادت سے بڑھ ک رہے۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے :
”لیلۃ القدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔“ [القدر : 3 ]
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس رات کے متعلق پہلے بتا دیا گیا تھا۔ لیکن اللہ کی مشیت سے بعد میں اس کا تعین محو ہو گیا۔ اس کا سبب بھی احادیث میں بیان ہوا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے صحابہ کرام کو اس کے متعلق آگاہ کرنے کے لئے تشریف لا رہے تھے۔ اس دوران میں دو مسلمان آپس میں کسی بات پر جھگڑ رہے تھے۔ آپ صلى اللہ علیہ وسلم ان کے پاس کھڑے ہو گئے۔ ان کی باتیں سننے کے دوران اس کا تعین محو ہو گیا۔ [صحيح البخاري/كِتَاب فَضْلِ لَيْلَةِ الْقَدْرِ: 2023]
حدیث میں مزید وضاحت ہے کہ اس کے تعین کا محو ہو جانا تمہارے لئے بہتر ہے۔ اب تم اسے پچیسویں، ستائیسویں اور انتیسویں میں تلاش کرو۔ [صحيح البخاري/كِتَاب فَضْلِ لَيْلَةِ الْقَدْرِ: 2023]
ایک روایت میں ہے کہ آخری عشرہ کی طاق راتوں میں اسے تلاش کیا جائے۔ [صحيح البخاري/كِتَاب فَضْلِ لَيْلَةِ الْقَدْرِ: 2017]
اس لئے آخری عشرہ کی تمام راتوں میں شب قدر تلاش کی جائے۔ ان راتوں میں درج ذیل دعا بکثرت پڑھی جائے۔
اللَّهُمَّ إِنَّكَ عُفُوٌّ كَرِيمٌ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنِّي
” اے اللہ ! تو معاف کرنے والا ہے اور معافی کو پسند کرتا ہے۔ مجھے بھی معاف کر دے۔“ [سنن ترمذي/كتاب الدعوات عن رسول الله صلى الله عليه وسلم: 3513]

اس تحریر کو اب تک 1 بار پڑھا جا چکا ہے۔