کیا احتلام روزہ پر اثر انداز ہوتا ہے ؟

سوال : میں نے صوم رکھا تھا اور مسجد میں سو گیا۔ جب میں بیدار ہوا تو پتہ چلا کہ مجھے احتلام ہوا ہے۔ کیا احتلام صوم پر اثر انداز ہوتا ہے ؟ خیال رہے کہ میں نے غسل نہیں کیا، بلکہ بغیر غسل کے ہی میں نے صلاۃ ادا کر لی۔ ایک مرتبہ میرے سر میں ایک پتھر لگا، جس سے میر ے سر سے خون بہہ نکلا، کیا خون کی وجہ سے میرا صوم ٹو ٹ گیا ؟ اور کیا قے سے صوم فاسد ہو جاتا ہے یا نہیں ؟ امید کہ مجھے مستفید فرمائیں گے۔
جو اب : احتلام سے صوم فاسد نہیں ہوتا ہے۔ کیوں کہ یہ بندہ کے اختیار کی چیز نہیں ہے۔ لیکن جب اس سے منی نکلے تو اس پر غسل جنابت ضروری ہے۔ اس لئے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے جب اس کے بارے میں دریافت کیا گیا تو آپ نے فرمایا کہ جب آدمی پانی یعنی منی دیکھے تو اس پر غسل لازم ہے۔
رہا آپ کا بغیر غسل کے صلاۃ ادا کرنا تو یہ آپ کی غلطی اور بہت بری بات ہے۔ آپ پر ضروری ہے کہ صلاۃ کو دہرائیں۔ اور اللہ۔ سبحانہ وتعالیٰ۔ سے توبہ کر یں۔ اور جو پتھر آپ کے سر پر لگا اور اس سے خون بہہ نکلا تو اس سے آپ کا صوم باطل نہیں ہو گا۔ اور جو قے آپ کو بغیر آپ کے اختیا ر و ارادہ کے ہوئی اس سے بھی آپ کا صوم باطل نہیں ہو گا۔ کیونکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے :
من ذرعه القئ فلاقضاء عليه ومن استقاء فعليه القضاء
’’ جسے بے اختیار قے آئے تو اس پر قضا نہیں اور جس نے قصداً قے کی اس پر قضا ہے (اس حدیث کو احمد اور اہل سنن نے باسناد صحیح روایت کیا ہے۔ )“
’’ شیخ ابن باز۔ رحمۃاللہ علیہ۔ “
اس تحریر کو اب تک 1 بار پڑھا جا چکا ہے۔