عاریتہ لی ہوئی چیز کو واپس لوٹانا
① سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک بڑا پیالہ مستعار (ادھار) لیا، وہ ضائع ہو گیا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پیالے کو اس کے مالکوں کو ضمانت دی۔
ترمذی لیکن کتاب کے محقق بیان کرتے ہیں، سنن ترمذی میں یہ روایت مجھے نہیں ملی ۔ ابن عدی نے الکامل 3/ 1363 میں اسے روایت کیا ہے۔ اس روایت کے الفاظ ہیں: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی کسی زوجہ محترمہ نے پیالہ مستعار لیا۔
② سیدنا سمرہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
على اليد ما أخذت حتى تؤديه
”جب انسان کا ہاتھ کوئی چیز لیتا ہے تو اس کی واپسی تک وہ اس کا ذمہ دار ہے“۔
ابو داؤد، كتاب البيوع 3561۔ ترمذي، كتاب البيوع 1266۔ روایت ضعیف ہے۔ اس میں حسن راوی مدلس ہے۔
غلے کو ناپنے کے متعلق احکامات
① سیدنا مقدام بن معدی کرب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
كيلوا طعامكم يبارك لكم فيه
”اپنا غلہ ناپ کر لیا کرو، اس سے تمہیں برکت حاصل ہوگی“۔
بخاري، كتاب البيوع 2128۔ سنن ابن ماجه 2232۔
② سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إذا بعت فكل ، وإذا ابتعت فاكتل
”جب تم غلہ بیچو تو ناپ لیا کرو اور جب خریدو تو تب بھی ناپ لیا کرو“۔
بخاري، كتاب البيوع 403/4 تعليقا۔
اندازے سے غلہ بیچنے کی ممانعت
① سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من اشترى طعاما فلا يبعه حتى يستوفيه
”جو شخص غلہ خریدے تو اس پر پورا پورا قبضہ کر لینے سے پہلے اسے فروخت نہ کرے“۔
بخاري، كتاب البيوع 2126۔ مسلم، كتاب البيوع 1526۔
اور انہوں نے بیان کیا کہ ہم اہل قافلہ سے اندازے سے غلہ خرید لیتے تھے، پس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں منع فرما دیا کہ ہم اسے اس جگہ سے منتقل کیے بغیر نہ بیچیں۔
ہاتھ کی کمائی سے کھانے کے متعلق احکامات
① سیدنا مقدام بن معدی کرب رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
ما أكل أحد طعاما قط خيرا من أن يأكل من عمل يديه ، وإن نبي الله داود كان يأكل من عمل يده
”اپنے ہاتھ سے کما کر کھانے سے بہتر کسی نے کبھی کوئی کھانا نہیں کھایا۔ اور اللہ کے نبی داؤد علیہ السلام اپنے ہاتھ کی کمائی سے کھاتے تھے“۔
بخاري، كتاب التجارات، باب الحث على المكاسب حديث 2072۔ ابن ماجه، كتاب التجارات، باب الحث على المكاسب 2138۔