قیامت کی نشانی :عقل پرست استاد بن جائیں گے

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ حافظ مبشر حسین لاہوری کی کتاب قیامت کی نشانیاں صحیح احادیث کی روشنی میں سے ماخوذ ہے۔

قیامت کی نشانی :عقل پرست استاد بن جائیں گے

عن أبى أمية الجمحي رضى الله عنه أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال : إن من أشراط الساعة ثلاثا: إحداهن ، أن يلتمس العلم عند الأصاغر
حضرت ابو امیہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ : اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : قیامت کی تین نشانیاں ہیں، ان میں سے ایک یہ ہے کہ صغیر (عقل پرست) سے علم طلب کیا جائے گا۔ عبد اللہ بن مبارک رحمہ اللہ سے پوچھا گیا کہ صغیر کون ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : صغیر وہ ہے جو مجرد اپنی رائے سے بات کرے۔ وہ نہیں جس سے بڑی عمر کا (آدمی ) روایت کرے۔
كتاب الزهد : لعبد الله بن المبارك (61) صحيح الجامع الصغير (243/2) فتح الباري (143/1)
”حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ : لوگ ہمیشہ خیر میں رہیں گے جب تک وہ اصحاب محمد صلی اللہ علیہ وسلم (صحابہ رضی اللہ عنہم) اور سلف سے علم حاصل کرتے رہیں گے اور جب وہ صغیر (لوگوں) سے علم حاصل کریں گے اور ان کی خواہشات منتشر ہو جائیں گی تو وہ ہلاک ہو جائیں گے۔“
كتاب الزهد (815)

فوائد :

➊ عقل و خواہش کے پجاریوں کو امام الدھر ، فقیہ العصر اور شیخ الکل بنا لیا جانا قرب قیامت کی ایک نشانی ہے۔
➋ ایک عرصہ سے اس نشانی کے خدو خال خاصی حد تک نمایاں ہوتے چلے آرہے ہیں۔
➌ صغیر سے مراد کم عمر نہیں بلکہ کم علم ہے جو شخص علم کو چھپانے کے لئے محض عقل و خواہش کا سہارا لیتا ہے حالانکہ شیطان نے بھی یہ سہارا لینے کی کوشش کی مگر یہ سہارا اس کے لئے وبال جان ثابت ہوا اور وہ قیامت تک مردودِ لعین قرار پایا۔
➍ تمام مسائل و اختلافات کا حل کتاب وسنت میں موجود ہے۔
➎ کتاب وسنت کے مقابلے میں ذاتی یا شخصی عقل و قیاس کو کسی مسلکی پاسبانی تعصب کی بنا پر رائج قرار دینا شیطانی سنت ہے جس سے اجتناب کرنا ہی اصل مسلمانی ہے۔