مضمون کے اہم نکات
❺ کیا سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا پیٹ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بددعا کے سبب بڑھ گیا تھا، اور کیا اسی وجہ سے وہ بیٹھ کر خطبہ دیتے تھے ؟
مرزا جہلمی نے صحیح مسلم 6628 سے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی تھی کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حکم عدولی کیا کرتے تھے جس پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں بددعا دی تھی کہ اللہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا پیٹ نہ بھرے؟ اس روایت کی حقیقت ہم اس سبائی الزام کے علمی و تحقیقی جائزہ کے دوران پیش کر چکے ہیں جس میں یہ کھل کر ثابت کیا گیا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو ایسا کچھ نہیں کہا تھا۔ یہ بس راوی ابو حمزہ عمران بن ابی عطا کا احادیث میں غلطیاں کرنے کی وجہ سے اضافہ ممکن ہوا۔ یہی راوی کبھی ان منکر الفاظ کو ذکر کرتا تھا تو کبھی نہیں کرتا تھا جس وجہ سے صحیح مسلم میں موجود یہ منکر جملہ ثابت نہیں ہے۔ مرزا جہلمی اس صحیح مسلم کی حدیث کو بیان کرنے کے ساتھ ساتھ زیر بحث روایت کو بھی ذکر کرتا ہے اور پھر بطور طعن یہ کہتا ہے کہ آپ خود دیکھیں کہ ماموں جان کو دعا لگی تھی یا بددعا لگی تھی جو ان کا پیٹ اتنا بڑھ گیا تھا کہ وہ بیٹھ کر جمعہ کا خطبہ دیا کرتے تھے۔ مگر وہ رافضی ہی کیسا جو کبھی سچ بولے؟ اسی طرح مرزا جہلمی نے بھی اس ضعیف روایت کے بیان میں اپنے ہی اصول کی نہ صرف مخالفت کی بلکہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بغض میں اس حد تک آگے بڑھ گیا کہ مدلس کا عنعنہ بغیر سماع کی تصریح کے بھی قابل احتجاج بنا لیا۔ قارئین کرام! امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بیٹھ کر خطبہ دینے والی ان ضعیف روایات سے پہلے روافض اور منہاجی روافض صحیح مسلم سے ایک اثر پیش کرتے ہیں کہ سیدنا کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ وہ مسجد میں آئے اور دیکھا کہ عبدالرحمٰن بن ام حکم بیٹھ کر خطبہ دے رہا ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ اس خبیث کو دیکھو یہ بیٹھ کر خطبہ دے رہا ہے جبکہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے ”اور جب وہ تجارت یا کوئی مشغلہ دیکھتے ہیں تو ادھر ٹوٹ پڑتے ہیں اور آپ کو کھڑا چھوڑ جاتے ہیں“۔ [صحيح مسلم 2001]
یہ ظالم، بدبخت دشمنان صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے مروی ضعیف اثر بیان کرتے ہیں کہ انہوں نے بیٹھ کر خطبہ دیا تھا پھر اس اثر کو ساتھ ملا کر معاذاللہ ثم معاذاللہ یہ خبیث النفس لوگ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو ”خبیث“ کہنے کی بھی جسارت کرتے ہیں العیاذ باللہ۔ امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سے ایک ہی اثر صحیح سند سے ثابت ہے کہ انہوں نے فقط ایک بار بیٹھ کر خطبہ دیا تھا۔ امام شعبی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ منبر پر بیٹھنے ( بیٹھ کر کوئی خطبہ ) کی سب سے پہلے ابتداء سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے کی تھی۔ [سنن الكبریٰ للبيهقی 5707 وسندهُ صحيح]
اور اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے تابعی ابو اسحاق السبیعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے سب سے پہلے بیٹھ کر خطبہ دیا پھر لوگوں سے معذرت کرتے ہوئے فرمایا کہ میں پاؤں کی تکلیف کی وجہ سے ایسا کرتا ہوں۔ [الآحاد والمثانی لابن ابی عاصم 521]
( میری تحقیق کے مطابق تو یہ کتاب ہی اپنے مصنف سے ثابت نہیں کیونکہ اس کی سند مخطوطہ میں ایک راوی ضعیف ہے مگر نیم روافض اس سے احتجاج کرتے ہیں لہٰذا روایت کی سند صحیح ہونے کی وجہ سے ان کے لیے یہ روایت حجت ہے ) امام ابوبکر البیہقی رحمہ اللہ نے بھی سنن الکبریٰ للبیہقی 5707 کو نقل کرنے کے بعد امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کا قول نقل کیا کہ ممکن ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ ( منبر پر ) صرف اس وجہ سے بیٹھے ہوں کہ بڑھاپے یا بیماری کی وجہ سے کمزوری تھی، اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔ [سنن الكبریٰ للبيهقی تحت الحديث 5707]
اللہ غارت کرے ان روافض کو جو ضعیف و منکر روایات کی بنیاد پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاک صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر طعن کرتے ہیں۔ یہی وہ بدبخت ٹولہ ہے جب انہیں جامع ترمذی کی ایک حدیث جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے لیے بطور دعا بیان کی تھی اللہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو ہادی و مہدی بنائے اور ان کے ذریعہ لوگوں کو ہدایت دے۔ [جامع ترمذی 3842 واسنادهُ صحيح]
اور ایک دعا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو کتاب و حساب کا علم سکھا، اسے ملکوں کی حکومتیں عطا فرما اور اسے عذاب سے محفوظ فرما۔ [مسند احمد 17283، صحيح ابنِ خزيمه 1938، صحيح ابن حبان 7210، الشريعه للآجری 1938، تاريخ دمشق لابن عساكر 38/247 واسنادهُ صحيح]
اسی طرح سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک مرتبہ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیمار ہو گئے تو ان کے پیچھے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے ( ان کی خدمت سنبھالی اور ) برتن لیا اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے چلے گئے، ابھی وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو وضو کرا رہے تھے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک دو مرتبہ ان کی طرف سر اٹھا کر دیکھا اور فرمایا معاویہ! اگر تمہیں حکومت ملے تو اللہ تعالیٰ سے ڈرنا اور عدل کرنا، وہ کہتے ہیں کہ مجھے اسی وقت یقین ہو گیا کہ مجھے کوئی ذمہ داری سونپی جائے گی کیونکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا چنانچہ بعد میں ایسا ہی ہوا۔ [مسند احمد 17057 واسنادهُ صحيح]
جب ان روافض کے جرثوموں کو یہ احادیث جن میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے لیے دعا ہے بیان کریں تو یہ دجال صفت لوگ واضح ان احادیث کا انکار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے ایسی مروی تمام روایات غیر مستند ہیں العیاذ باللہ۔ جبکہ ان احادیث کی صحت اتنی قوی و مستند ہے کہ ہر مسلمان انہیں اپنے لیے قابل احتجاج سمجھتا ہے۔
❁ کیا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اس دعا یا بددعا سے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا پیٹ بڑھ گیا تھا اور وہ بیٹھ کر خطبہ دیتے تھے ؟
امام شعبی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سب سے پہلے بیٹھ کر خطبہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے دیا تھا یہ اس وقت ہوا جب وہ بوڑھے ہو چکے تھے اور ان کا پیٹ فربہ ہو چکا تھا۔ [مصنف ابنِ ابی شيبة 36885، الآحاد والمثانی لابن ابی عاصم 521، تاريخ دمشق لابن عساكر 59/202، سير اعلام النبلاء للذهبی 3/156، البدايه والنهايه لابن كثير 8/201، الاستذكار 2/61 لابن عبد البر واسنادهُ ضعيف]
روایت پر حکم؛-
یہ روایت مغیرہ بن مقسم کی تدلیس اور جریر بن عبدالحمید الضبی کے شیعیت سے متہم ہونے کی وجہ سے مردود و باطل و غیر ثابت ہے۔ اس موضوع پر جتنی بھی روایات ہیں ان سب کا متن یہی ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بددعا لگ گئی تھی جس وجہ سے ان کا پیٹ بڑھ گیا تھا ان تمام روایات کے ضعف کا انحصار مغیرہ بن مقسم کی تدلیس پر ہے۔ ان روایات میں مغیرہ بن مقسم مدلس ہیں اور صیغہ عن سے روایت کر رہے ہیں جبکہ سماع کی تصریح نہیں لہٰذا یہ تمام روایات ضعیف ہیں۔
■ علت نمبر 1؛-
( مغیرہ بن مقسم الضبی مدلس اور اس کا بغیر سماع کی تصریح کے عنعنہ )
امام عجلی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ مغیرہ امام ابراہیم النخعی رحمہ اللہ سے حدیث مرسل بیان کرتے تھے اور جب پوچھا جاتا تو اصل واسطہ بتا دیتے تھے۔ حاکم نیشاپوری نے ذکر کیا کہ محدثین کے درمیان تدلیس اور مدلسین پر گفتگو میں امام حسن البصری رحمہ اللہ اور امام ابراہیم النخعی رحمہ اللہ کی تدلیس مشتبہ ہوئی کیونکہ وہ درمیان میں مجہول راوی داخل کر دیتے تھے۔ اسی طرح ابو اسحاق، حکم، مغیرہ، ابن اسحاق اور ہشیم بھی تدلیس کرتے تھے۔ امام علائی رحمہ اللہ نے نقل کیا کہ مغیرہ نے امام ابراہیم النخعی رحمہ اللہ سے صرف تقریباً 370 احادیث سنی تھیں اور باقی میں تدلیس کرتے تھے جبکہ امام ابن حجر العسقلانی رحمہ اللہ نے کہا کہ چونکہ وہ تدلیس کرتے ہیں اس لیے جن سے ملاقات بھی ہو ان میں قوی نہیں تو ارسال میں بدرجۂ اولیٰ ضعف ہو گا۔ امام ابن فضیل رحمہ اللہ نے کہا کہ مغیرہ تدلیس کیا کرتے تھے لہٰذا ہم ان سے صرف وہی حدیث لکھتے تھے جس میں وہ یہ کہتے کہ ”ہم سے امام ابراہیم النخعی رحمہ اللہ نے بیان کیا“۔ امام ابو داؤد رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ مغیرہ اپنے اور امام ابراہیم النخعی رحمہ اللہ کے درمیان تقریباً بیس آدمیوں کو داخل کر دیتا تھا۔ امام ابن حجر العسقلانی رحمہ اللہ نے مغیرہ کو مدلسین کے تیسرے طبقے میں شمار کیا اور کہا کہ وہ امام ابراہیم النخعی رحمہ اللہ کے شاگرد، ثقہ اور معروف تھے مگر تدلیس کی وجہ سے ان پر کلام کیا گیا۔ امام ابو داؤد رحمہ اللہ نے ان کے بارے میں یہ تاویل کی کہ وہ تدلیس نہیں بلکہ کبھی ارسال کرتے تھے اور پوچھنے پر اصل واسطہ بیان کر دیتے تھے۔ امام ابن العراقی رحمہ اللہ نے اسے کتاب المدلسین میں ذکر کیا اور امام محمد بن فضیل رحمہ اللہ کا قول نقل کیا۔ امام ابن العجمی رحمہ اللہ نے بھی امام ابن فضیل رحمہ اللہ کا قول نقل کیا اور اسے اپنی کتاب الاسماء المدلسین میں ذکر کیا۔ امام جلال الدین السیوطی رحمہ اللہ نے اسے اپنی کتاب اسماء المدلسین میں ذکر کیا۔ امام ابن حبان رحمہ اللہ نے بھی مغیرہ بن مقسم الضبی الکوفی کو مدلس قرار دیا ہے۔ [تعريف اهل التقديس بمراتب الموصوفين بالتدليس لابن حجر العسقلانی 107، كتاب المدلسين لابن العراقی 63، تقريب التهذيب لابن حجر العسقلانی 6851، تاريخ الثقات للعجلی 437، ذكره فی المدلسين للعلائی صفحہ 110، معجم المدلسين لابن طلعت صفحہ 447 رقم 158، كتاب الثقات لابن حبان 7/464، جامع التحصيل فی احكام المراسيل للعلائی صفحہ 284، كتاب المعرفة والتاريخ للفسوی 3/14، مسند ابن الجعد 663، كتاب العلل و معرفة الرجال برواية عبدالله 218، سوالات الآجری لابی داؤد 1/173 رقم 168، كتاب معرفة علوم الحديث للحاكم صفحہ 108، التبين الاسماء المدلسين لابن العجمی 76]
■ علت نمبر 2؛-
( جریر بن عبدالحمید الضبی شیعہ وسیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا دشمن راوی )
امام ابو داؤد رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ اس میں شیعیت تھی جبکہ امام قتیبہ بن سعید رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ میں نے اسے اعلانیہ سیدنا معاویہ بن ابوسفیان رضی اللہ عنہ پر سب و شتم کرتے سنا ہے اور اسے انتہائی شیعیت سے متہم کیا ہے۔ [تهذيب الكمال فی اسماء الرجال للمزی 918، تهذيب التهذيب لابن حجر العسقلانی 1079، سؤالات الآجری لابی داؤد 500، ميزان الاعتدال فی نقد الرجال للذهبی 1468]
❁ درایتاً اس روایت کا جائزہ؛-
ان روایات کے مطابق سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا پیٹ بڑھ چکا تھا۔– حالانکہ اوّلاً یہ تمام روایات ہی ثابت نہیں ہیں اور بالفرض اگر ثابت بھی ہوں تو بڑھاپے میں بیٹھ کر خطبہ دینا کون سی قباحت کی بات ہے؟ اس عمر میں تو ہر انسان ضعف و نقاہت کا شکار ہو جاتا ہے۔ ہاں اگر کوئی یہ جسارت کرے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بد دعا لگی تھی جس کے باعث وہ کثرتِ طعام سے فربہ ہو گئے تو پھر ہم یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ جب اس روایت ( جو اصولاً سند کے اعتبار سے ثابت بھی نہیں ) کو حجت بنایا جائے گا تو ان کتب کا کیا کیا جائے گا جن میں مذکور ہے کہ جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کا نکاح سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے کرنا چاہا تو سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا نے عرض کیا کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کا پیٹ بڑا ہے تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ وہ علم و حلم سے بھرا ہوا ہے۔ [بحارالانوار 1/32 از ملا باقر مجلسی]
کیا کوئی صاحبِ ایمان، راسخ العقیدہ مسلمان یہ کہنے کی جسارت کر سکتا ہے کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے پیٹ کے بڑھنے کی وجہ ( معاذ اللہ ) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بد دعا تھی؟ ہرگز نہیں۔ جب اس جلیل القدر صحابی کے بارے میں ایسا تصور بھی گوارا نہیں تو پھر یہی معیار سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے معاملے میں کیوں ترک کر دیا جاتا ہے؟ یہی دوہرا رویہ دراصل محلِ نظر ہے جسے علمی دیانت کے تقاضوں کے مطابق یکساں ہونا چاہیے۔ اسی طرح سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے منقول ہے کہ ایک مرتبہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک سواری پر سوار تھے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اے معاویہ! تیرے جسم کا کون سا حصہ میرے زیادہ قریب ہے؟ تو انہوں نے عرض کیا کہ میرا پیٹ، تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دعا فرمائی کہ اے اللہ! اسے علم و حلم کے ساتھ بھر دے۔ [تاريخ الكبير للبخاری 8/180 رقم 2624، الشريعه للآجری 1921، معجم الصحابة للبغوی 2188 واسنادهُ حسن]
ہمارے نزدیک جس طرح سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی تنقیص پر مبنی روایات مردود ہیں اسی طرح سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ بلکہ ہر صحابی رسول کی توہین پر مشتمل روایات بھی غیر ثابت اور ناقابل احتجاج ہیں۔ رہا یہ اعتراض کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے بیٹھ کر خطبہ دیا تو اس کا جواب نہایت واضح ہے کہ بڑھاپے یا عذر کی حالت میں بیٹھ کر عبادت یا خطاب کرنا شریعت میں جائز ہے۔ چنانچہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ کھڑے ہو کر نماز ادا کرو، اگر اس کی استطاعت نہ ہو تو بیٹھ کر اور اگر اس کی بھی طاقت نہ ہو تو لیٹ کر نماز ادا کرو۔ [صحيح البخاری 1117، سنن ابوداؤد 952، سنن جامع الترمذی 372 واسنادهُ صحيح]
نیز سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو میں نے کبھی بیٹھ کر نماز پڑھتے نہیں دیکھا البتہ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم ضعیف ہو گئے تو نماز میں بیٹھ کر قرأت فرماتے پھر رکوع کے وقت کھڑے ہو جاتے اور تقریباً تیس یا چالیس آیات پڑھ کر رکوع کرتے۔ [صحيح البخاری 1118]
تو کیا اس بنا پر یہ کہا جائے گا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی معاذ اللہ کسی کی بد دعا لگی تھی یا یہ کہ بیٹھ کر عبادت ادا کرنا معیوب ہے؟ ہرگز نہیں۔ بلکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ ایک شرعی عذر ہے جس کی اجازت خود شریعت کاملہ نے دی ہے۔ پھر اگر بالفرض سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے بیٹھ کر خطبہ دیا تو کیا کسی صحابی یا تابعی نے اس پر نکیر کی یا کیا اہلبیت میں سے کسی نے اعتراض کیا؟ حالانکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم خلاف شرع امور پر خاموش نہیں رہتے تھے بلکہ فوراً نکیر کرتے تھے۔ چنانچہ ایک روایت میں ہے کہ سیدنا کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ مسجد میں داخل ہوئے اور سیدنا عبدالرحمٰن بن ام الحکم رحمہ اللہ بیٹھ کر خطبہ دے رہے تھے تو انہوں نے فرمایا کہ لوگو اس کی طرف دیکھو یہ بیٹھ کر خطبہ دے رہا ہے اور صحیح مسلم کے الفاظ یہ ہیں کہ آپ نے فرمایا: اس خبیث کو دیکھو۔– یہ بیٹھ کر خطبہ دے رہا ہے حالانکہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ اور جب وہ تجارت یا کوئی مشغلہ دیکھتے ہیں تو ادھر ٹوٹ پڑتے ہیں اور آپ کو کھڑا چھوڑ جاتے ہیں۔ [صحيح مسلم 864، سنن نسائی 1398 وسندهُ صحيح]
پس یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہے کہ جہاں خلاف شریعت امر ہوتا وہاں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم فوراً اس کا رد کرتے تھے لہٰذا سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے اس نوع کی کوئی نکیر منقول نہ ہونا اس امر کی بین دلیل ہے کہ یہ اعتراضات متاخرین کے اذہان کی اختراع ہیں جن کی علمی میدان میں کوئی وقعت نہیں۔ یہ نکتہ بھی اپنی جگہ ایک قاطع دلیل کے طور پر موجود ہے کہ کسی ایک صحابی نے بھی سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو اس حدیثِ مسلم کی بنیاد پر یہ نہیں کہا کہ آپ کے پیٹ کے فربہ ہونے کی وجہ کثرتِ طعام ہے جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بد دعا کا نتیجہ ہے۔ پس جب خیر القرون کے اہلِ علم و بصیرت سے اس نوع کا کوئی فہم و استدلال منقول نہیں تو درایت کے میزان پر بھی یہ روایت لغو و باطل قرار پاتی ہے اور اس سے استدلال کرنا علمی دیانت کے خلاف ٹھہرتا ہے۔