کھانے کے بعد اللہ کی حمد بیان کرنے کی فضیلت
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ﴿وَإِذْ تَأَذَّنَ رَبُّكُمْ لَئِن شَكَرْتُمْ لَأَزِيدَنَّكُمْ ۖ وَلَئِن كَفَرْتُمْ إِنَّ عَذَابِي لَشَدِيدٌ﴾
”اور جب تمہارے رب نے یہ خبر دی کہ اگر تم شکر ادا کرو گے، تو تمہیں زیادہ دوں گا۔ اور اگر تم ناشکری کرو گے تو یاد رکھو کہ بے شک میرا عذاب سخت ہوتا ہے۔“
(14-إبراهيم:7)
عن أنس بن مالك قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: إن الله ليرضى عن العبد أن يأكل الأكلة، فيحمده عليها، أو يشرب الشربة، فيحمده عليها
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”بے شک اللہ تعالیٰ بندے کی اس ادا پر خوش ہوتا ہے کہ وہ کھانا کھائے اور اس پر اللہ کی حمد کرے، یا پانی پیے تو اس پر اللہ کی حمد بیان کرے۔“
صحيح مسلم، كتاب الذكر والدعاء، باب استحباب حمد الله تعالى بعد الأكل والشرب، رقم: 2734.
فائدہ:
پس معلوم ہوا کہ کھانے کے بعد الحمد للہ کہنے والے شخص کو رب تعالیٰ مزید عطا فرماتا ہے۔ اور اس کو اپنی رضا عطا فرما دیتا ہے۔ پس جس کو رب کی رضا مل جائے، اس سے رب راضی ہو جائے تو اس سے بڑھ کر اور کونسی نعمت ہے؟ اہل جنت، جنت میں جانے سے بھی اتنے خوش اور مسرور نہ ہوں گے جتنے کہ رضا الہی ملنے سے خوش اور مسرور ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی رضا اور خوشنودی عطا فرمائے۔ آمین!