شکر گزار کھانے والے اور گرا ہوا لقمہ اٹھا کر کھانے کی فضیلت صحیح احادیث کی روشنی میں

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ ابو حمزہ عبدالخالق صدیقی کی کتاب صحیح فضائل اعمال سے ماخوذ ہے۔

شکر گزار کھانے والے کی فضیلت

سیّدنا سنان بن سنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
الطاعم الشاكر له مثل أجر الصائم الصابر
”شکر گزار کھانے والے کے لیے صابر روزہ دار کے مثل اجر و ثواب ہے۔“
مسند احمد: 343/4۔ شیخ شعیب نے اسے حسن کہا ہے۔

گرا ہوا لقمہ اٹھا کر کھانے کی فضیلت

سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب کھانا تناول فرماتے تو اپنی تینوں انگلیاں چاٹ لیتے تھے۔ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے تھے:
”جب تم میں سے کسی کا لقمہ گر جائے، تو اس سے مٹی وغیرہ دور کر کے اسے کھا لے اور شیطان کے لیے نہ چھوڑے۔“
اور آپ نے ہمیں حکم دیا کہ ہم برتن صاف کریں، (اس کی وجہ آپ نے یہ بیان فرمائی) ”تم نہیں جانتے کہ تمہارے کھانے کے کون سے حصے میں برکت ہے۔“
صحیح مسلم کتاب الاشربه باب استحباب لعق الاصابع والقصعة ……، رقم: 2034.