قیامت کی نشانی : بازار قریب قریب ہوں گے
عن أبى هريرة رضى الله عنه أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال : لا تقوم الساعة حتى تظهر الفتن ، ويكثر الكذب ، ويتقارب الأسواق
”حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ : رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : قیامت قائم نہیں ہوگی حتی کہ فتنے ظاہر ہوں گے، جھوٹ بکثرت بولا جائے گا اور بازار قریب قریب ہو جائیں گے۔“
احمد (687/2) مجمع الزوائد (327/7)
فوائد :
➊ بازاروں کا قریب قریب ہونا قیامت کی ایک نشانی ہے۔
➋ بازاروں کے قریب ہونے کے مختلف مفہوم اخذ کیے جاسکتے ہیں مثلا :
◈ فی الواقع بازار ہر گھر کے قریب ہوگا جیسا کہ موجودہ دور میں تقریباً ہر گلی محلے میں بازار موجود ہوتا ہے جہاں سے ہر طرح کا سودا سلف بآسانی خریدا جا سکتا ہے۔
◈ ایک بازار دوسرے بازار کے قریب ہوگا اس کی مثال بھی منظر عام پر موجود ہے۔ ایک بازار سے نکل کر دوسرے میں داخل ہوں تو وہاں پہلے سے زیادہ سامان ضروریات بکھرا دکھائی دیتا ہے۔
◈ بازار انسانی استطاعت کے لحاظ سے قریب ہوں گے یعنی جس طرح موجودہ ترقی یافتہ دور میں گھر بیٹھے کمپیوٹر (انٹرنیٹ) کے ذریعے ساری دنیا کے بازاروں اور منڈیوں کے سودوں کا ریٹ بآسانی معلوم کیا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں انٹرنیٹ سسٹم کے ذریعے دنیا کے کسی بھی کونے ، خطے میں خرید و فروخت کی جاسکتی ہے جو کچھ عرصہ پہلے ناممکن الوقوع معلوم ہوتا تھا۔