50- ارادہ ومشیت
یہ بات ہمارے علم میں ہے کہ کوئی بھی عبادت ارادہ و نیت کے بغیر نہیں ہوتی۔ اگر ارادے کا وجود ہی نہ ہوتا تو کوئی بھی عبادت گزار عبادت کرنے کی طاقت نہ رکھتا۔ اسی طرح گناہ بھی ارادتاً ہی کیا جاتا ہے اور اگر قوت ارادہ نہ ہوتی تو کوئی بھی نافرمانی پر قادر نہ ہوتا۔ یہی وہ ارادہ ہے جس کی بنا پر عابد کو اس کی عبادت کا صلہ اور نافرمان کو اس کی نافرمانی کی سزا ملتی ہے۔ اللہ رب العٰلمین تو کسی پر ذرہ برابر بھی ظلم نہیں کرتے۔ اس مسئلے میں اصل قانون یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے تمام معاملات میں خود مختار ہیں، وہ جیسے چاہے ویسے کرے، اسے کوئی پوچھ ہی نہیں سکتا، ہاں وہ ہر ایک سے ضرور پوچھے گا۔ خالق بھی وہی ہے اور حکم بھی اسی کا چلتا ہے۔ اُس نے بندے میں قوت ارادی و مشیت رکھی ہے اور یہ بھی اللہ تعالیٰ کی مشیت کے ماتحت ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
لِمَنْ شَاءَ مِنْكُمْ أَنْ يَسْتَقِيمَ وَمَا تَشَاءُونَ إِلَّا أَنْ يَشَاءَ اللَّهُ رَبُّ الْعَالَمِينَ [التكوير: 29,28]
”اس کے لیے جو تم میں سے چاہے کہ سیدھا چلے۔ اور تم نہیں چاہتے مگر یہ کہ اللہ چاہے، جو سب جہانوں کا رب ہے۔“
اللہ تعالیٰ نے بھلائی کے راستے کو واضح کر کے اس کو اختیار کرنے کا حکم فرمایا، برائی کے راستے کو واضح کر کے اس سے بچنے کا حکم جاری کر دیا اور انسان میں ایسی قوت رکھ دی جس کے ذریعے سے یہ اچھائی و برائی میں تمیز کر سکے اور اچھائی کو اپنا لے اور برائی سے بچ سکے۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
إِنَّا هَدَيْنَاهُ السَّبِيلَ إِمَّا شَاكِرًا وَإِمَّا كَفُورًا [الدهر: 3]
”بلاشبہ ہم نے اسے راستہ دکھا دیا، خواہ وہ شکر کرنے والا بنے اور خواہ ناشکرا۔“
اور فرمایا:
وَهَدَيْنَاهُ النَّجْدَيْنِ [البلد: 10]
”اور ہم نے اسے دو واضح راستے دکھا دیے۔“
بندے کو جو بھلائی نصیب ہوتی ہے وہ اللہ کی طرف سے ہوتی ہے اور کوئی مصیبت آتی ہے تو وہ اس کے اپنے گناہوں کا نتیجہ ہوتا ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
مَا أَصَابَكَ مِنْ حَسَنَةٍ فَمِنَ اللَّهِ وَمَا أَصَابَكَ مِنْ سَيِّئَةٍ فَمِنْ نَفْسِكَ [النساء: 79]
”جو کوئی بھلائی تجھے پہنچے سو اللہ کی طرف سے ہے اور جو کوئی برائی تجھے پہنچے سو تیرے نفس کی طرف سے ہے۔“
جیسا کہ آپ معلوم کر چکے ہیں کہ بندے کو اس کی عبادت پر اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو اجر ملتا ہے وہ اس کے ارادے اور اختیار کی وجہ سے ہے اور اس کی نافرمانی پر اللہ تعالیٰ سے جو عذاب و سزا ملتی ہے اس کا سبب گناہ کا ارتکاب ہے۔ خیر و شر دونوں بندے کے ارادے سے واقع ہوتے ہیں، اسی بنا پر جزا و سزا مقرر ہوتی ہے اور یہ عین انصاف ہے جو سب کچھ اللہ تعالیٰ کی حکمت بالغہ اور تقدیر کے عین مطابق ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
أَيْنَمَا تَكُونُوا يُدْرِكْكُمُ الْمَوْتُ وَلَوْ كُنْتُمْ فِي بُرُوجٍ مُشَيَّدَةٍ وَإِنْ تُصِبْهُمْ حَسَنَةٌ يَقُولُوا هَذِهِ مِنْ عِنْدِ اللَّهِ [النساء: 78]
”تم جہاں کہیں بھی ہو گے موت تمھیں پا لے گی، خواہ تم مضبوط قلعوں میں ہو۔ اور اگر انھیں کوئی بھلائی پہنچتی ہے تو کہتے ہیں یہ اللہ کی طرف سے ہے اور اگر انھیں کوئی برائی پہنچتی ہے تو کہتے ہیں یہ تیری طرف سے ہے۔ کہہ دے سب اللہ کی طرف سے ہے۔“ (اللجنة الدائمة: 4476)