كتاب النكاح
شادی کرنے کا حکم
① سیدنا عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں فرمایا:
يا معشر الشباب من استطاع منكم الباءة فليتزوج فإنه أغض للبصر وأحصن للفرج ، ومن لم يستطع فعليه بالصوم فإنه له وجاء
”اے نوجوانوں کی جماعت! تم میں سے جو شخص شادی کرنے کی استطاعت رکھتا ہو اسے ضرور شادی کرنی چاہئے اس لیے کہ یہ نگاہ کو زیادہ جھکانے والا اور شرمگاہ کی زیادہ حفاظت کرنے والا ہے۔ اور جو شخص استطاعت نہ رکھتا ہو تو وہ روزے رکھے، اس سے اس کی شہوتِ جماع کم ہوگی“۔
بخاری، کتاب النكاح 5066۔ مسلم، كتاب النكاح 1400۔ ابوداؤد، كتاب النكاح 2064۔
دعوت قبول کرنے کے متعلق احکامات
① سیدنا نافع رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں، میں نے سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما کو بیان کرتے ہوئے سنا، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
أجيبوا هذه الدعوة إذا دعيتم
”جب تمہیں دعوت دی جائے تو اس دعوت کو قبول کیا کرو“۔
بخاری، کتاب النکاح، حدیث 5179۔
راوی بیان کرتے ہیں کہ سیدنا عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما ہر دعوت میں آتے، یعنی شادی اور غیر شادی کے موقع پر آتے خواہ وہ روزے کی حالت ہی میں کیوں نہ ہو۔
② سیدنا جابر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إذا دعي أحدكم إلى طعام فليجب فإن شاء طعم وإن شاء ترك
”جب تم میں سے کسی کو کھانے کی دعوت دی جائے تو اسے چاہئے کہ وہ اسے قبول کرے۔ پھر اگر چاہے تو وہاں جا کر کھا لے اور اگر چاہے تو نہ کھائے“۔
مسلم، كتاب النکاح، حدیث 1430/105۔
شادی کرنے والے شخص کے لیے برکت کی دعا
① سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا عبد الرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ پر زعفران (زرد رنگ) کا اثر دیکھا تو فرمایا:
ما هذا؟
”یہ کیا ہے؟“
انہوں نے عرض کی: میں نے شادی کی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
بارك الله لك أولم ولو بشاة
”اللہ تعالیٰ تجھے برکت عطا فرمائے، ولیمہ کرو خواہ ایک بکری سے ہی ہو“۔
محدثین کی ایک جماعت نے اسے روایت کیا ہے۔ بخاری، کتاب النکاح 5148۔ مسلم، كتاب النكاح 1427۔ ابوداؤد، كتاب النكاح 2109 ترمذی، كتاب النكاح 1094۔
② سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جب کوئی آدمی شادی کرتا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے:
بارك الله لك وبارك عليك وجمع بينكما فى خير
”اللہ تیرے لیے برکت کرے اور تجھ پر برکت کرے اور تم دونوں کو خیر و بھلائی پر اکٹھا کرے“۔
روایت صحیح ہے۔ ابوداؤد، کتاب النكاح 2130۔ ترمذى، كتاب النكاح 1091۔ ابن ماجه، كتاب النكاح 1905۔