56- ہنسنا اللہ تعالیٰ کی صفت ہے
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:
« يَضْحَكُ اللّٰهُ مِنْ رَجُلَيْنِ يَقْتُلُ أَحَدُهُمَا الْآخَرَ كِلَاهُمَا يَدْخُلُ الْجَنَّةَ » (صحيح البخاري، رقم الحديث [2826]، صحيح مسلم [1980/128])
”اللہ تعالیٰ دو آدمیوں پر ہنستے ہیں کہ دونوں ایک دوسرے کو قتل کرتے ہیں اور دونوں ہی جنت میں داخل ہو جاتے ہیں۔“
مکمل حدیث اس طرح ہے:
« يَضْحَكُ اللّٰهُ إِلٰى رَجُلَيْنِ يَقْتُلُ أَحَدُهُمَا الْآخَرَ كِلَاهُمَا يَدْخُلُ الْجَنَّةَ يُقَاتِلُ هٰذَا فِيْ سَبِيْلِ اللّٰهِ فَيُقْتَلُ ثُمَّ يَتُوْبُ اللّٰهُ عَلَى الْقَاتِلِ فَيَسْتَشْهِدُ »
”اللہ تعالیٰ دو آدمیوں پر ہنستے ہیں۔ دونوں ایک دوسرے کو قتل کرتے ہیں اور دونوں ہی جنت میں چلے جاتے ہیں۔ ایک اللہ کے راستے میں جہاد کرتا ہوا شہید ہو جاتا ہے، پھر قاتل کی اللہ تعالیٰ توبہ قبول فرماتے ہیں اور وہ بھی شہید ہو جاتا ہے۔“
یہ حدیث اللہ تعالیٰ کی ہنسنے کی صفت کو ثابت کر رہی ہے، جیسے اللہ تعالیٰ کے شایان شان ہے اور اس میں مخلوق کے ساتھ کوئی مشابہت بھی نہیں، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْءٌ وَهُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ [الشوریٰ: 11]
”اس کی مثل کوئی چیز نہیں اور وہی سب کچھ سننے والا، سب کچھ دیکھنے والا ہے۔“ (اللجنة الدائمة: 5733)