قبر میں منکر نکیر کا سوال اور اعمال کا میت کی حفاظت کرنا: سیدنا ابو ہریرہؓ کی احادیث

فونٹ سائز:
یہ اقتباس علامہ غلام مصطفٰی ظہیر امن پوری حفظہ اللہ کی کتاب عذاب قبر سے ماخوذ ہے۔

عذاب قبر کے متعلق احادیث ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ

(23) سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إِذَا قُبِرَ الْمَيِّتُ أَوْ قَالَ: أَحَدُكُمْ، أَتَاهُ مَلَكَانِ أَسْوَدَانِ أَزْرَقَانِ، يُقَالُ لِأَحَدِهِمَا الْمُنْكَرُ، وَلِلْآخَرِ النَّكِيرُ، فَيَقُولَانِ: مَا كُنْتَ تَقُولُ فِي هٰذَا الرَّجُلِ؟ فَيَقُولُ: مَا كَانَ يَقُولُ: هُوَ عَبْدُ اللّٰهِ وَرَسُولُهٗ، أَشْهَدُ أَنْ لَّا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ، وَأَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهٗ وَرَسُولُهٗ، فَيَقُولَانِ: قَدْ كُنَّا نَعْلَمُ أَنَّكَ تَقُولُ هٰذَا، ثُمَّ يُفْسَحُ لَهٗ فِي قَبْرِهٖ سَبْعُونَ ذِرَاعًا فِي سَبْعِينَ، ثُمَّ يُنَوَّرُ لَهٗ فِيهِ، ثُمَّ يُقَالُ لَهٗ، نَمْ، فَيَقُولُ: أَرْجِعُ إِلٰى أَهْلِي فَأُخْبِرُهُمْ، فَيَقُولَانِ: نَمْ كَنَوْمَةِ الْعَرُوسِ الَّذِي لَا يُوقِظُهٗ إِلَّا أَحَبُّ أَهْلِهٖ إِلَيْهِ، حَتّٰى يَبْعَثَهُ اللّٰهُ مِنْ مَضْجَعِهٖ ذٰلِكَ، وَإِنْ كَانَ مُنَافِقًا قَالَ: سَمِعْتُ النَّاسَ يَقُولُونَ، فَقُلْتُ مِثْلَهٗ، لَا أَدْرِي، فَيَقُولَانِ: قَدْ كُنَّا نَعْلَمُ أَنَّكَ تَقُولُ ذٰلِكَ، فَيُقَالُ لِلْأَرْضِ: الْتَئِمِي عَلَيْهِ، فَتَلْتَئِمُ عَلَيْهِ، فَتَخْتَلِفُ فِيهَا أَضْلَاعُهٗ، فَلَا يَزَالُ فِيهَا مُعَذَّبًا حَتّٰى يَبْعَثَهُ اللّٰهُ مِنْ مَضْجَعِهٖ ذٰلِكَ.
”جب میت کو قبر میں اتار دیا جاتا ہے تو دو سیاہ فرشتے اس کے پاس آتے ہیں، ایک کا نام منکر اور دوسرے کا نام نکیر ہے، وہ کہتے ہیں، تو اس شخص کے متعلق کیا کہتا تھا، وہ کہے گا: میں کہتا تھا کہ وہ اللہ کے بندے اور رسول ہیں، گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی الہ نہیں اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے بندے اور رسول ہیں، وہ کہیں گے کہ ہم جانتے تھے کہ تو یہی کہے گا۔ پھر اس کی قبر ستر ہاتھ تک کھول دی جائے گی، اس کو نور سے بھر دیا جائے گا۔ پھر اسے کہا جائے گا: سو جا، کہے گا: مجھے اپنے گھر جانے دو، میں ان کو خبر دے دوں۔ فرشتے کہیں گے، سو جا، پہلی رات کی دلہن کی طرح سو جا، جسے اس کا سب سے زیادہ محبوب ہی اٹھاتا ہے۔ پھر اللہ اسے یہاں سے اٹھائے گا۔ اگر منافق ہوا تو کہے گا کہ میں لوگوں سے ایک بات سنتا تھا، تو میں نے ویسی ہی بات کہہ دی۔ میں نہیں جانتا، فرشتے کہیں گے کہ ہم جانتے تھے تو یہی کہے گا۔ زمین سے کہا جائے گا کہ اس پر تنگ ہو جا، وہ اتنی تنگ ہوگی کہ اس کی پسلیاں آپس میں مل جائیں گی۔ وہ مسلسل اس میں عذاب دیا جاتا رہے گا، یہاں تک کہ اللہ اسے اس کے ٹھکانے سے اٹھائیں گے۔“
(سنن التّرمذي: 1071، سندهٗ حسنٌ)
اسے امام ترمذی رحمہ اللہ نے ”حسن غریب“ کہا ہے، امام ابن حبان رحمہ اللہ (3117) نے ”صحیح“ قرار دیا ہے۔
اس حدیث سے ”منکر و نکیر“ دو فرشتوں کا ثبوت ملتا ہے۔ جہاں ایک فرشتے کا ذکر ہے، وہاں جنس فرشتہ مراد ہے۔
❀ علامہ ابن مَلَک رحمہ اللہ (854ھ) فرماتے ہیں:
سُمِّيَا بِهِمَا لِأَنَّ الْمَيِّتَ لَمْ يَعْرِفْهُمَا وَلَمْ يَرَ صُورَةً مِثْلَ صُورَتِهِمَا.
”ان کا نام منکر نکیر اس لیے رکھا گیا، کیونکہ میت ان کی جان پہچان نہیں رکھتی، نہ میت نے ان کی طرح کی شکل پہلے دیکھی ہوتی ہے۔“
(شرح المصابيح: 137/1)
(24) سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إِنَّ الْمَيِّتَ إِذَا وُضِعَ فِي قَبْرِهٖ إِنَّهٗ يَسْمَعُ خَفْقَ نِعَالِهِمْ حِينَ يُوَلُّونَ عَنْهُ، فَإِنْ كَانَ مُؤْمِنًا، كَانَتِ الصَّلَاةُ عِنْدَ رَأْسِهٖ، وَكَانَ الصِّيَامُ عَنْ يَمِينِهٖ، وَكَانَتِ الزَّكَاةُ عَنْ شِمَالِهٖ، وَكَانَ فِعْلُ الْخَيْرَاتِ مِنَ الصَّدَقَةِ وَالصِّلَةِ وَالْمَعْرُوفِ وَالْإِحْسَانِ إِلَى النَّاسِ عِنْدَ رِجْلَيْهِ، فَيُؤْتٰى مِنْ قِبَلِ رَأْسِهٖ، فَتَقُولُ الصَّلَاةُ: مَا قِبَلِي مَدْخَلٌ، ثُمَّ يُؤْتٰى عَنْ يَمِينِهٖ، فَيَقُولُ الصِّيَامُ: مَا قِبَلِي مَدْخَلٌ، ثُمَّ يُؤْتٰى عَنْ يَسَارِهٖ، فَتَقُولُ الزَّكَاةُ: مَا قِبَلِي مَدْخَلٌ، ثُمَّ يُؤْتٰى مِنْ قِبَلِ رِجْلَيْهِ، فَتَقُولُ فِعْلُ الْخَيْرَاتِ مِنَ الصَّدَقَةِ وَالصِّلَةِ وَالْمَعْرُوفِ وَالْإِحْسَانِ إِلَى النَّاسِ: مَا قِبَلِي مَدْخَلٌ، فَيُقَالُ لَهٗ: اجْلِسْ فَيَجْلِسُ، وَقَدْ مُثِّلَتْ لَهُ الشَّمْسُ وَقَدْ أُدْنِيَتْ لِلْغُرُوبِ، فَيُقَالُ لَهٗ: أَرَأَيْتَكَ هٰذَا الرَّجُلَ الَّذِي كَانَ فِيكُمْ مَا تَقُولُ فِيهِ، وَمَاذَا تَشْهَدُ بِهٖ عَلَيْهِ؟ فَيَقُولُ: دَعُونِي حَتّٰى أُصَلِّيَ، فَيَقُولُونَ: إِنَّكَ سَتَفْعَلُ، أَخْبِرْنِي عَمَّا نَسْأَلُكَ عَنْهُ، أَرَأَيْتَكَ هٰذَا الرَّجُلَ الَّذِي كَانَ فِيكُمْ مَا تَقُولُ فِيهِ، وَمَاذَا تَشْهَدُ عَلَيْهِ؟ قَالَ: فَيَقُولُ: مُحَمَّدٌ أَشْهَدُ أَنَّهٗ رَسُولُ اللّٰهِ، وَأَنَّهٗ جَاءَ بِالْحَقِّ مِنْ عِنْدِ اللّٰهِ، فَيُقَالُ لَهٗ: عَلٰى ذٰلِكَ حَيِيتَ وَعَلٰى ذٰلِكَ مِتَّ، وَعَلٰى ذٰلِكَ تُبْعَثُ إِنْ شَاءَ اللّٰهُ، ثُمَّ يُفْتَحُ لَهٗ بَابٌ مِنْ أَبْوَابِ الْجَنَّةِ، فَيُقَالُ لَهٗ: هٰذَا مَقْعَدُكَ مِنْهَا، وَمَا أَعَدَّ اللّٰهُ لَكَ فِيهَا، فَيَزْدَادُ غِبْطَةً وَسُرُورًا، ثُمَّ يُفْتَحُ لَهٗ بَابٌ مِنْ أَبْوَابِ النَّارِ، فَيُقَالُ لَهٗ: هٰذَا مَقْعَدُكَ مِنْهَا وَمَا أَعَدَّ اللّٰهُ لَكَ فِيهَا لَوْ عَصَيْتَهٗ، فَيَزْدَادُ غِبْطَةً وَّسُرُورًا، ثُمَّ يُفْسَحُ لَهٗ فِي قَبْرِهٖ سَبْعُونَ ذِرَاعًا، وَيُنَوَّرُ لَهٗ فِيهِ، وَيُعَادُ الْجَسَدُ لِمَا بَدَأَ مِنْهُ، فَتُجْعَلُ نَسَمَتُهٗ فِي النَّسَمِ الطَّيِّبِ وَهِيَ طَيْرٌ يَعْلُقُ فِي شَجَرِ الْجَنَّةِ، قَالَ: فَذٰلِكَ قَوْلُهٗ تَعَالٰى: يُثَبِّتُ اللَّهُ الَّذِينَ آمَنُوا بِالْقَوْلِ الثَّابِتِ فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَفِي الْآخِرَةِ(ابراهيم: 27) إِلٰى آخِرِ الْآيَةِ قَالَ: وَإِنَّ الْكَافِرَ إِذَا أُتِيَ مِنْ قِبَلِ رَأْسِهٖ، لَمْ يُوجَدْ شَيْءٌ، ثُمَّ أُتِيَ عَنْ يَمِينِهٖ، فَلَا يُوجَدُ شَيْءٌ، ثُمَّ أُتِيَ عَنْ شِمَالِهٖ، فَلَا يُوجَدُ شَيْءٌ، ثُمَّ أُتِيَ مِنْ قِبَلِ رِجْلَيْهِ، فَلَا يُوجَدُ شَيْءٌ، فَيُقَالُ لَهُ اجْلِسْ، فَيَجْلِسُ خَائِفًا مَّرْعُوبًا، فَيُقَالُ لَهٗ: أَرَأَيْتَكَ هٰذَا الرَّجُلَ الَّذِي كَانَ فِيكُمْ مَاذَا تَقُولُ فِيهِ؟ وَمَاذَا تَشْهَدُ بِهٖ عَلَيْهِ؟ فَيَقُولُ: أَيُّ رَجُلٍ؟ فَيُقَالُ: الَّذِي كَانَ فِيكُمْ، فَلَا يَهْتَدِي لِاسْمِهٖ حَتّٰى يُقَالَ لَهٗ: مُحَمَّدٌ، فَيَقُولُ: مَا أَدْرِي، سَمِعْتُ النَّاسَ قَالُوا قَوْلًا، فَقُلْتُ كَمَا قَالَ النَّاسُ، فَيُقَالُ لَهٗ: عَلٰى ذٰلِكَ حَيِيتَ، وَعَلٰى ذٰلِكَ مِتَّ، وَعَلٰى ذٰلِكَ تُبْعَثُ إِنْ شَاءَ اللّٰهُ، ثُمَّ يُفْتَحُ لَهٗ بَابٌ مِنْ أَبْوَابِ النَّارِ، فَيُقَالُ لَهٗ: هٰذَا مَقْعَدُكَ مِنَ النَّارِ، وَمَا أَعَدَّ اللّٰهُ لَكَ فِيهَا، فَيَزْدَادُ حَسْرَةً وَّثُبُورًا، ثُمَّ يُفْتَحُ لَهٗ بَابٌ مِنْ أَبْوَابِ الْجَنَّةِ، فَيُقَالُ لَهٗ: ذٰلِكَ مَقْعَدُكَ مِنَ الْجَنَّةِ، وَمَا أَعَدَّ اللّٰهُ لَكَ فِيهِ لَوْ أَطَعْتَهٗ فَيَزْدَادُ حَسْرَةً وَثُبُورًا، ثُمَّ يُضَيَّقُ عَلَيْهِ قَبْرُهٗ حَتّٰى تَخْتَلِفَ فِيهِ أَضْلَاعُهٗ، فَتِلْكَ الْمَعِيشَةُ الضَّنْكَةُ الَّتِي قَالَ اللّٰهُ: فَإِنَّ لَهُ مَعِيشَةً ضَنْكًا وَنَحْشُرُهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ أَعْمَى(طه: 124)
”جب میت کو قبر میں رکھ دیا جاتا ہے تو وہ لوٹ جانے والوں کے قدموں کی چاپ سنتی ہے۔ اگر وہ مومن ہو تو نماز اس کے سر کے پاس آ کے کھڑی ہو جاتی ہے، روزہ اس کے دائیں جانب اور زکوۃ اس کے بائیں جانب، صدقہ خیرات صلہ رحمی اور احسان پائنتی پر کھڑے ہو جاتے ہیں۔ سر کی جانب سے آیا جائے تو نماز آنے سے روک لیتی ہے، دائیں جانب سے آئے تو روزہ کہتا ہے کہ یہاں سے گزرنے کی جگہ نہیں ہے، بائیں جانب سے زکوۃ روک لیتی ہے، پائنتی کی جانب سے صدقہ و خیرات وغیرہ روک لیتے ہیں کہ یہاں سے جانے کی جگہ نہیں ہے۔ اس سے کہا جائے گا، بیٹھ، وہ بیٹھے گا، پھر یوں اس کو دکھایا جائے گا، جیسے سورج غروب ہونے کے قریب ہو اور وقت نماز کا نکل رہا ہو، کہا جائے گا کہ اس آدمی کو جانتے ہو، جو تم میں آیا تھا، اس کے متعلق کیا کہتے ہو؟ کہے گا مجھے چھوڑ دو میں نماز پڑھ لوں، فرشتے کہیں گے، نماز بعد میں پڑھ لینا، پہلے اس سوال کا جواب دے لو، وہ کہے گا، محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں، میں گواہی دیتا ہوں کہ وہ اللہ کے رسول ہیں اور اللہ کی طرف سے حق لے کر آئے تھے۔ کہا جائے گا، اسی پر تو زندہ رہا، اسی (عقیدہ) پر مرا اور اسی پر اٹھایا جائے گا ان شاء اللہ! اس کے لئے جنت کا ایک دروازہ کھولا جائے گا، کہا جائے گا کہ یہ تیرا ٹھکانہ اللہ نے تیرے لئے بنایا ہے، اس کی خوشی اور سرور کی کیفیت دیدنی ہوگی، پھر جہنم کا ٹھکانہ دکھایا جائے گا کہ اگر تو نافرمانی کرتا تو یہ تیرا ٹھکانہ ہوتا، وہ مزید خوش ہوگا۔ اس کے لئے قبر ستر ہاتھ کھول دی جائے گی۔ اس کا جسم پھر ویسے ہی رکھ دیا جائے گا، اور اس کی روح پاکیزہ ارواح میں چلی جائے گی۔ ایک پرندے کی طرح جنت کے درختوں پر پھرے گی۔ یہ اللہ کے اس فرمان کا مطلب ہے:
يُثَبِّتُ اللَّهُ الَّذِينَ آمَنُوا بِالْقَوْلِ الثَّابِتِ فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَفِي الْآخِرَةِ(ابراهيم: 27)
”اہل ایمان کو اللہ قول ثابت پر قائم رکھے گا، دنیا میں بھی آخرت میں بھی۔“
اور جو کافر ہے، اس کے سر کی طرف سے عذاب آتا ہے تو اس کو روکنے والی کوئی چیز نہیں ہوتی، دائیں بائیں اور پائنتی کی جانب سے آتا ہے تو بھی روکنے والی کوئی چیز نہیں ہوتی۔ اس کو بٹھایا جائے گا، تو وہ رعب کا مارا خوف زدہ سا ہو کر بیٹھے گا۔ پوچھا جائے گا: یہ شخص جو تم میں آیا تھا، اس کے متعلق کیا کہتے ہو؟ وہ کہے گا کون سا شخص؟ فرشتے کہیں گے کہ وہی جو آپ کے پاس ہدایت لے کر آیا تھا، وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا نام نہیں جان سکے گا، فرشتے بتائیں گے کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی بات ہو رہی ہے، وہ کہے گا کہ میں لوگوں سے جو سنتا تھا، وہی کہہ دیتا تھا، فرشتے کہیں گے کہ تو اسی پر زندہ رہا، اسی نظریے پر فوت ہوا اور اسی پر اٹھایا جائے گا۔ پھر جہنم کا دروازہ کھول دیا جائے گا اور بتایا جائے گا کہ یہ تیرا آگ کا ٹھکانہ ہے جو تیرے لئے تیار کیا گیا، وہ حسرت میں مبتلا ہو جائے گا، پھر اسے جنت دکھائی جائے گی، تو وہ مزید حسرت میں پڑے گا۔ پھر اس پر قبر تنگ ہوگی، اس کی پسلیاں ملا دے گی، تنگ معیشت کا یہی مطلب ہے، قرآن کریم کہتا ہے:
فَإِنَّ لَهُ مَعِيشَةً ضَنْكًا وَنَحْشُرُهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ أَعْمَى.
”اس کی قبر تنگ ہوگی اور قیامت میں ہم اسے اندھا کر کے اٹھائیں گے۔“
(معجم الطّبراني الأوسط: 2630، صحيح ابن حبان: 3113، واللّفظ لهٗ، وسندهٗ حسنٌ)
❀ علامہ عینی حنفی رحمہ اللہ (855ھ) لکھتے ہیں:
فِيهِ دَلِيلٌ عَلٰى أَنَّ الْمَيِّتَ تَعُودُ إِلَيْهِ رُوحُهٗ لِأَجْلِ السُّؤَالِ، وَإِنَّهٗ لَيَسْمَعُ صَوْتَ نِعَالِ الْأَحْيَاءِ، وَهُوَ فِي السُّؤَالِ.
”اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ میت کی روح اس سے (منکر و نکیر کے) سوال کے لیے لوٹائی جاتی ہے اور میت سوال کے وقت زندہ لوگوں کے جوتوں کی آواز سنتی ہے۔“
(شرح أبي داود: 188/6)
(25) سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إِنَّ الْمَيِّتَ يَصِيرُ إِلَى الْقَبْرِ، فَيُجْلَسُ الرَّجُلُ الصَّالِحُ فِي قَبْرِهٖ، غَيْرَ فَزِعٍ، وَلَا مَشْعُوفٍ، ثُمَّ يُقَالُ لَهٗ: فِيمَ كُنْتَ؟ فَيَقُولُ : كُنْتُ فِي الْإِسْلَامِ، فَيُقَالُ لَهٗ: مَا هٰذَا الرَّجُلُ؟ فَيَقُولُ: مُحَمَّدٌ رَسُولُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، جَاءَنَا بِالْبَيِّنَاتِ مِنْ عِنْدِ اللّٰهِ فَصَدَّقْنَاهُ، فَيُقَالُ لَهٗ: هَلْ رَأَيْتَ اللّٰهَ؟ فَيَقُولُ: مَا يَنْبَغِي لِأَحَدٍ أَنْ يَرَى اللّٰهَ، فَيُفْرَجُ لَهٗ فُرْجَةٌ قِبَلَ النَّارِ، فَيَنْظُرُ إِلَيْهَا يَحْطِمُ بَعْضُهَا بَعْضًا، فَيُقَالُ لَهٗ: انْظُرْ إِلٰى مَا وَقَاكَ اللّٰهُ، ثُمَّ يُفْرَجُ لَهٗ فُرْجَةٌ قِبَلَ الْجَنَّةِ، فَيَنْظُرُ إِلٰى زَهْرَتِهَا، وَمَا فِيهَا، فَيُقَالُ لَهٗ: هٰذَا مَقْعَدُكَ، وَيُقَالُ لَهٗ: عَلَى الْيَقِينِ كُنْتَ، وَعَلَيْهِ مُتَّ، وَعَلَيْهِ تُبْعَثُ، إِنْ شَاءَ اللّٰهُ، وَيُجْلَسُ الرَّجُلُ السُّوءُ فِي قَبْرِهٖ، فَزِعًا مَّشْعُوفًا، فَيُقَالُ لَهٗ: فِيمَ كُنْتَ؟ فَيَقُولُ: لَا أَدْرِي، فَيُقَالُ لَهٗ: مَا هٰذَا الرَّجُلُ؟ فَيَقُولُ: سَمِعْتُ النَّاسَ يَقُولُونَ قَوْلًا، فَقُلْتُهٗ، فَيُفْرَجُ لَهٗ قِبَلَ الْجَنَّةِ، فَيَنْظُرُ إِلٰى زَهْرَتِهَا وَمَا فِيهَا، فَيُقَالُ لَهٗ: انْظُرْ إِلٰى مَا صَرَفَ اللّٰهُ عَنْكَ، ثُمَّ يُفْرَجُ لَهٗ فُرْجَةٌ قِبَلَ النَّارِ، فَيَنْظُرُ إِلَيْهَا، يَحْطِمُ بَعْضُهَا بَعْضًا، فَيُقَالُ لَهٗ : هٰذَا مَقْعَدُكَ، عَلَى الشَّكِّ كُنْتَ، وَعَلَيْهِ مُتَّ، وَعَلَيْهِ تُبْعَثُ، إِنْ شَاءَ اللّٰهُ تَعَالٰى.
”میت قبر میں چلی جاتی ہے، نیک آدمی اپنی قبر میں بیٹھتا ہے، بغیر خوف وخطرے کے، اس سے مذہب پوچھا جاتا ہے، وہ کہتا ہے: مسلمان ہوں۔ کہا جاتا ہے، یہ شخص کون ہے؟ وہ کہتا ہے: محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں، جو ہمارے پاس واضح دلائل کے ساتھ آئے، تو ہم نے ان کی تصدیق کی۔ اس سے کہا جائے گا کہ کیا آپ نے اللہ کو دیکھا ہے؟ وہ کہے گا: کوئی اللہ کو نہیں دیکھ سکتا، اس کے لئے جہنم کا ایک دروازہ کھولا جائے گا، وہ آگ کو دیکھے گا کہ بعض بعض کو کھا رہی ہے۔ کہا جائے گا کہ دیکھ اس سے تجھے بچا لیا گیا ہے، پھر جنت کا دروازہ کھولا جائے گا، اس کی بہار دیکھے گا، بتایا جائے گا کہ یہ تیرا ٹھکانہ ہے۔ تو یقین پر تھا، اسی پر فوت ہوا اور اسی پر اٹھایا جائے گا۔ برے آدمی کو قبر میں بٹھایا جائے گا، وہ خوف زدہ اور پریشان ہوگا، اس سے مذہب پوچھا جائے گا، وہ کہے گا: میں نہیں جانتا، کہا جائے گا کہ یہ آدمی کون ہے؟ وہ کہے گا کہ میں لوگوں سے سنتا تھا، جو وہ کہتے تھے میں بھی کہتا تھا۔ تو جنت کا دروازہ کھولا جائے گا، وہ جنت کے باغ و بہار دیکھے گا۔ (اس سے کہا جائے گا:) دیکھ، اس جنت سے تجھے تو محروم کر دیا گیا ہے۔ پھر جہنم کا دروازہ کھولا جائے گا، اس کا بعض حصہ بعض کو کھاتا ہوگا۔ اس سے کہا جائے گا کہ یہ تیرا ٹھکانہ ہے، تو شک پر تھا، اسی پر فوت ہوا اور اسی پر اٹھایا جائے گا ان شاء اللہ!“
(سنن ابن ماجه: 4268، وسندهٗ حسنٌ)