70- کیا ”ماکر“ اللہ تعالیٰ کا نام یا صفت ہو سکتا ہے؟
لفظ ”مکر“ (تدبیر/ چال) اللہ تعالیٰ کے لیے مطلق طور پر استعمال کرنا درست نہیں۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
أَفَأَمِنُوا مَكْرَ اللَّهِ فَلَا يَأْمَنُ مَكْرَ اللَّهِ إِلَّا الْقَوْمُ الْخَاسِرُونَ [الأعراف: 99]
”پھر کیا وہ اللہ کی تدبیر سے بے خوف ہو گئے ہیں، تو اللہ کی تدبیر سے بے خوف نہیں ہوتے مگر وہی لوگ جو خسارہ اٹھانے والے ہیں۔“
اس آیت مبارکہ سے ثابت ہوتا ہے کہ ”مکر“ کا لفظ اللہ تعالیٰ کے لیے بولا جا سکتا ہے۔ مکر کا معنی خفیہ تدبیر کے ذریعے سے مدمقابل تک پہنچنا ہے۔ صحیح بخاری میں ایک حدیث کا مفہوم بھی یہی ہے:
« اَلْحَرْبُ خَدْعَةٌ » ”جنگ میں خفیہ تدبیر (دھوکا) جائز ہے۔“
اگر کوئی یہ اعتراض کرے کہ مکر کا ظاہری مفہوم تو مذموم ہے تو پھر اللہ کے لیے اس کا استعمال کیسے جائز ہو سکتا ہے؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ ”مکر“ اپنے مقام پر اچھی چیز ہے، کیونکہ یہ تدبیر کرنے والے کی طاقت پر دلالت کرتا ہے اور اس کے مدمقابل پر غالب ہونے کو بیان کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ لفظ مطلق طور پر اللہ تعالیٰ کی صفت نہیں بن سکتا۔ یہ کہنا بالکل درست نہیں کہ اللہ تعالیٰ ”ماکر“ ہے۔ یہ تو کسی مدح یا تعریف والے مقام پر استعمال ہوتا ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
وَيَمْكُرُونَ وَيَمْكُرُ اللَّهُ [الأنفال: 30]
”اور وہ خفیہ تدبیر کر رہے تھے اور اللہ بھی خفیہ تدبیر کر رہا تھا۔“
ایک جگہ فرمان ہے:
وَمَكَرُوا مَكْرًا وَمَكَرْنَا مَكْرًا وَهُمْ لَا يَشْعُرُونَ [النمل: 50]
”اور انھوں نے ایک چال چلی اور ہم نے بھی ایک چال چلی اور وہ سوچتے تک نہ تھے۔“
اسی طرح اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے:
أَفَأَمِنُوا مَكْرَ اللَّهِ
”پھر کیا وہ اللہ کی تدبیر سے بے خوف ہو گئے ہیں؟“
اللہ تعالیٰ کا یہ وصف مطلق طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا۔ مقام تعریف و مدح میں یہ لفظ بولا جائے گا اور جہاں نقص ہو وہاں استعمال نہیں کیا جائے گا۔ لہٰذا ”ماکر“ اللہ تعالیٰ کا نام رکھنا درست نہیں، کیونکہ اس صفت کا تعلق فعل کے ساتھ ہے اور یہ اللہ تعالیٰ کی مشیت پر مبنی ہے۔ (ابن عثیمین: مجموع الفتاویٰ والرسائل: 80)