کیا سیدنا معاویہؓ ناحق مال کھاتے اور قتل کرواتے تھے؟ صحیح مسلم کی روایت کا جائزہ

Read in English
فونٹ سائز:
یہ اقتباس حافظ ابو معاویہ عبدالرحمٰن سلفی حفظہ اللہ کی کتاب دفاع سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ سے ماخوذ ہے۔
مضمون کے اہم نکات

❸ کیا سیدنا معاویہ بن ابوسفیان رضی اللہ عنہ ناحق مال کھاتے اور لوگوں کو ناحق قتل کرواتے تھے؟

صحیح مسلم کی ایک روایت ( جس میں تاریخی مواد کا ایک قابلِ لحاظ حصہ بھی شامل ہے ) کو بنیاد بنا کر جہلمی فکر سے وابستہ افراد سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر اسے مسلسل پیش کرتے ہیں اور اس کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ خلیفۂ راشد، ہادی و مہدی سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ معاذ اللہ ظلم و جبر کے مرتکب تھے اور لوگوں کے اموال و جانوں پر تعدی کرتے تھے۔ یہ دعویٰ نہ صرف علمی دیانت کے خلاف ہے بلکہ اصولِ حدیث و تحقیق سے بھی صریحاً انحراف ہے۔ کیونکہ اسی روایت میں موجود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے فرامین ( جو درحقیقت اس باطل استدلال کا قاطع رد ہیں ) کو نظر انداز کر کے ایک تابعی ( جس کی سیاسی وابستگی سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے تھی ) کے قول کو بطورِ حجت پیش کیا جاتا ہے۔ جبکہ اصولِ محدثین کے مطابق تابعی کا قول بذاتِ خود حجت نہیں ہوتا، خصوصاً جب اس میں تاریخی و سیاسی پہلو غالب ہوں۔ مزید یہ کہ ایسے اقوال میں راوی کے رجحانات اور پس منظر کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ مگر یہاں ایک مخصوص مفہوم قائم کرنے کے لیے انہی امور کو بنیاد بنایا جاتا ہے۔ چنانچہ عوام الناس کے سامنے ایک ایسا بیانیہ پیش کیا جاتا ہے جو حقیقت کے سراسر خلاف ہے۔ اسی طرح بعض افراد حجر بن عدی، مالک اشتر اور محمد بن ابو بکر جیسے افراد کے واقعات کو بھی اسی زاویے سے پیش کر کے ایک خاص تاثر قائم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس مقام پر اصل سوال یہ ہے کہ ایک غیر مسند اور غیر قطعی تاریخی بیان کو بنیاد بنا کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صریح فرامین کو پس پشت ڈال دینا کس اصولِ انصاف کے تحت درست قرار دیا جا سکتا ہے؟ لہٰذا ضروری ہے کہ زیرِ بحث روایت کا علمی، اصولی اور تحقیقی جائزہ لیا جائے تاکہ حقائق واضح ہوں اور عوام الناس کے اذہان میں پیدا ہونے والے اشکالات کا ازالہ ہو سکے۔
اگر اس روایت میں وارد حدیثی حصے پر غور کیا جائے تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسی روایت کے اندر ہی اس شبہے کا واضح جواب مرحمت فرما دیا ہے۔ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ”اس امت کی عافیت اس کے آغاز ( یعنی صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے دور ) میں رکھی گئی ہے“۔ گویا اس ایک جملے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوری حقیقت کو سمیٹ دیا۔ کیونکہ اس سے یہ بات قطعی طور پر ثابت ہو جاتی ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی موجودگی خود امت کے لیے خیر، سلامتی اور عافیت کا ذریعہ ہے۔ لہٰذا اسی روایت میں ایک طرف نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ قطعی فرمان موجود ہے اور دوسری طرف ایک کوفی شخص کا یہ دعویٰ کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ لوگوں کو ناحق مال کھانے اور قتل کرنے کا حکم دیتے تھے۔ تو اب عقل و ایمان کا تقاضا یہ ہے کہ ان دونوں میں سے کس کو ترجیح دی جائے۔ مزید برآں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی واضح فرما دیا کہ ”میں تم میں دو چیزیں چھوڑ کر جا رہا ہوں، جب تک انہیں مضبوطی سے تھامے رکھو گے ہرگز گمراہ نہ ہو گے، ایک کتاب اللہ اور دوسری میری سنت“۔ [مستدرک الحاکم 319 واسناده صحيح]
گویا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اس حدیث کو یہاں بیان کرنے کا مقصد یہی ہے کہ ایک طرف نصوصِ نبویہ ہیں جو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی موجودگی کو امت کے لیے عافیت قرار دیتی ہیں اور دوسری طرف ایک کوفی شرپسند کا بے بنیاد الزام ہے۔ اب فیصلہ ایک صحیح العقیدہ مسلمان نے کرنا ہے کہ وہ نبوی تعلیمات کو اختیار کرتا ہے یا ایک بے دلیل قول کو۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے بارے واضح فرما دیا کہ ان کے دلوں میں ایمان کو مزین و آراستہ کر دیا گیا اور انہیں کفر، فسق و فجور اور معصیت سے دور کر دیا گیا اور یہی لوگ اپنے رب کی طرف سے ہدایت یافتہ ہیں۔ [الحجرات 7، البقره 5]
مزید یہ کہ اللہ تعالیٰ نے فتح سے قبل و بعد ایمان لانے والوں سب کے لیے ”حسنیٰ“ کا وعدہ فرمایا۔ [الحديد 10]
اور اسی ”حسنیٰ“ کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا کہ رہے وہ لوگ جن سے حسنیٰ کا وعدہ پہلے ہی کیا جا چکا ہے وہ لوگ جہنم سے دور رکھے جائیں گے، اس کی سرسراہٹ تک نہ سنیں گے اور ہمیشہ اپنی من بھاتی نعمتوں میں رہیں گے اور بڑی گھبراہٹ بھی انہیں غمگین نہ کرے گی اور ملائکہ انہیں ہاتھوں ہاتھ لیں گے اور کہیں گے یہی وہ دن تھا جس کا آپ سب سے وعدہ کیا گیا تھا۔ [الأنبياء 101، 102، 103]
اسی طرح صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے اوصاف بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ نہ اللہ کے سوا کسی کو پکارتے ہیں اور نہ کسی جان کو ناحق قتل کرتے ہیں۔ [الفرقان 68]
اس سے واضح ہوتا ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے ایسے افعال کا صدور متصور نہیں ہو سکتا جو اللہ تعالیٰ کی بیان کردہ تعلیمات کے خلاف ہوں۔ لہٰذا جب خود اللہ تعالیٰ ان کی عدالت و دیانت کی گواہی دے رہا ہو تو ایک محلِ نظر پس منظر رکھنے والے شخص کے قول کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہتی۔ اسی بنا پر اس حدیث کی شرح کرتے ہوئے امام نووی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ معترض کا گمان یہ تھا کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے قتال چونکہ درست نہ تھا اس لیے ان کا مال خرچ کرنا اور جنگ کرنا بھی درست نہ تھا۔ [شرح النووی علی مسلم 12/234 تحت الحديث 4776]
حالانکہ کسی صحیح سند سے یہ بات ثابت نہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے کسی کو ناحق قتل کروایا ہو یا ناحق مال حاصل کیا ہو۔ بلکہ حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے جنگ کا آغاز نہیں کیا بلکہ ان پر یہ معاملہ مسلط ہوا اور انہوں نے اپنے موقف کے مطابق شرعی طور پر اس کا دفاع کیا۔ نیز قصاصِ عثمان رضی اللہ عنہ کے معاملے میں انہوں نے قرآنِ حکیم کی تعلیمات کے مطابق حق کی آواز بلند کی اور عشرہ مبشرہ کے صحابہ سیدنا طلحہٰ بن عبید اللہ اور سیدنا زبیر رضی اللہ عنہما اور ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے طرزِ عمل کی احسان کے ساتھ اتباع کی اور اسی راستِ عمل کے باعث خود کو اللہ تعالیٰ کی دائمی رضا کے مستحقین میں شامل کیا، جیسا کہ ”التوبہ 100“ میں مذکور ہے۔ لہٰذا ایسے جلیل القدر صحابی پر اس نوعیت کے الزامات عائد کرنا نہ اصولِ حدیث کی رو سے درست ہے اور نہ ہی قرآن و سنت کے مجموعی بیانات کے مطابق کوئی جواز رکھتا ہے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث کا اگلا حصہ یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اگر کوئی حاکم سے اقتدار کے لیے جھگڑا کرے تو ( مدعی اقتدار ) کی گردن اڑا دو“۔ اب اگر کوئی رافضی و سبائی فکر کا حامل شخص اس حدیث کو سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے جنگ صفین میں سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے خلاف اپنے دفاع یا قصاصِ عثمان رضی اللہ عنہ کے مطالبے پر زبردستی منطبق کرنے کی سعیِ لاحاصل کرتا ہے تو اسے واضح کر دینا چاہیے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا اختلاف ہرگز حصولِ اقتدار کے لیے نہیں تھا بلکہ قصاصِ عثمان رضی اللہ عنہ کے مسئلے پر تھا۔ انہوں نے اس وقت تک خلافت کا دعویٰ بھی نہیں کیا تھا۔ [مجموع الفتاویٰ لابن تيمية 35/72]
بلکہ وہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ ہی کو خلافت کا زیادہ حق دار سمجھتے تھے۔ [سير أعلام النبلاء للذهبی 3/140 واسناده صحيح، البداية والنهاية 10/508 واسناده صحيح، نهج البلاغه مكتوب 58]
اور یہ بات بھی قطعی ہے کہ کسی ایک صحابی، حتیٰ کہ امیر المؤمنین سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے بھی اس حدیث ( اگر کوئی حاکم سے اقتدار کے لیے جھگڑے ۔ ۔ ۔ ) کو کبھی سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ پر منطبق نہیں کیا۔ لہٰذا اس مقام پر اس حدیث کو زبردستی منطبق کرنا نہ امانتِ علم کے شایانِ شان ہے، نہ میزانِ استدلال کے مطابق بلکہ یہ معنیٰ کی صریح کج بیانی اور مفہوم کی بیجا تحریف ہے۔
مزید برآں مستدرک الحاکم کی ایک روایت ملاحظہ ہو جسے حاکم نیشاپوری اور امام شمس الدین الذہبی رحمہ اللہ دونوں نے صحیح قرار دیا ہے کہ ”سیدنا محمد بن طلحہٰ بن عبید اللہ رضی اللہ عنہ، امیر المؤمنین سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے عرض کرتے ہیں کہ آپ مجھے مرحبا کہتے ہیں جبکہ آپ نے میرے والد کو ناحق شہید کیا اور میرا مال غصب کیا“۔ [مستدرک الحاکم 3348]
کیا اس روایت کو بنیاد بنا کر یہ دعویٰ کیا جا سکتا ہے کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ ناحق مال کھاتے تھے؟ ہرگز نہیں۔ تو پھر یہی میزانِ عدل سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے باب میں کیوں الٹ دی جاتی ہے؟ کیوں ایک ہی نوعیت کے اقوال کو ایک مقام پر اجتہاد کے پردے میں ڈھانپ کر نظر انداز کر دیا جاتا ہے اور دوسرے مقام پر بعینہٖ اسی درجے کے بے اصل الزامات کو بنیاد بنا کر ایک جلیل القدر صحابی کی ذاتِ گرامی کو نشانہ طعن بنا دیا جاتا ہے؟ یہ کیسا انصاف ہے جس میں اصول بدل جاتے ہیں، معیار ڈھل جاتے ہیں اور فیصلے اشخاص کی پسند و ناپسند کے تابع ہو جاتے ہیں۔ کہیں درگزر، کہیں درپے الزام، کہیں تاویل اور کہیں تشنیع! اگر سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے بارے ایک بات معیارِ استدلال پر پوری نہیں اترتی تو پھر سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے حق میں ایک غیر معروف اور بے سند قول کو کس بنیاد پر وزن دیا جاتا ہے؟ دراصل یہ رویہ کسی اصولی تحقیق کا نتیجہ نہیں بلکہ ترجیحات کی یک طرفہ ترتیب ہے، جہاں دلیل کی قدر اس کے وزن سے نہیں بلکہ اس کے موافقِ مزاج ہونے سے متعین کی جاتی ہے۔ جہاں معیار بدلتے ہیں اور اصول اشخاص کے ساتھ بدل دیے جاتے ہیں۔
اسی سلسلہ کلام کو آگے بڑھاتے ہوئے یہ حقیقت بھی نہایت واضح اور قابلِ التفات ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی عدالت، فقاہت، حلم اور حسنِ اخلاق پر متعدد صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی شہادتیں موجود ہیں۔ ایسے میں یہ تصور بھی محال ہے کہ حضرات حسنین کریمین رضی اللہ عنہما سمیت دیگر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کسی ایسے فعل پر سکوت اختیار کرتے جو شریعتِ مطہرہ کے خلاف ہوتا۔ کیونکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی شانِ امتیاز یہی تھی کہ جہاں حق اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہو جاتا، وہاں وہ ہر مصلحت کو پس پشت ڈال کر بے خوف و تردد کلمہ حق بلند کر دیتے تھے۔ اگر بالفرض سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ ناحق مال خوری اور سفکِ دماء کے مرتکب ہوتے تو کیا یہ عقلِ سلیم کے کسی بھی پیمانے پر روا قرار دیا جا سکتا ہے کہ صحابہ و اہلبیت ایسے شخص کے ہاتھ پر بیعت کر کے اسے امت کی زمامِ اقتدار سونپ دیں؟
کیا یہ ممکن ہے کہ وہ نفوسِ قدسیہ جو حق کے لیے اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ دیتے تھے، ایسے سنگین مظالم پر سکوت اختیار کر لیتے؟ ہرگز نہیں! بلکہ حدیثِ صحیح مسلم کی رو سے وہ شخص ایمان کے ادنیٰ ترین تقاضے سے بھی محروم قرار پاتا ہے جو منکر کو دیکھ کر نہ ہاتھ سے روکے، نہ زبان سے ٹوکے اور نہ دل میں اسے برا جانے۔ [صحيح مسلم 49]
کیا ایک لمحہ کے لیے بھی یہ تصور کیا جا سکتا ہے کہ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم اور اہلِ بیتِ اطہار کے ایمان میں ( معاذ اللہ ) ایسی پستی آ گئی تھی کہ وہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ پر ناحق مال خوری اور قتل جیسے سنگین الزامات کے باوجود سکوت اختیار کرنے پر مجبور ہو گئے ہوں؟ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور اہلِ بیتِ اطہار کا مسلسل بیس برس تک سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی مذمت میں ایک حرفِ ناپسند تک زبان پر نہ لانا ہی اس حقیقتِ ناطقہ کی روشن دلیل ہے کہ اس باب میں گھڑی جانے والی تمام روایات محض اکاذیب کا انبار اور افترا کا بازار ہیں جن کی علمی و تحقیقی دنیا میں نہ کوئی قدر ہے، نہ وقعت اور نہ ہی وزن۔ اسی حقیقت کی مزید توضیح میں امام ابنِ کثیر رحمہ اللہ رقمطراز ہیں کہ سنہ 41 ہجری میں تمام رعایا سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی بیعت پر متفق و مجتمع ہو گئی، اور پھر آپ رضی اللہ عنہ اپنی وفات ( 60 ہجری ) تک مسندِ اقتدار پر متمکن رہے۔ اس طویل عہد میں جہاد کا چراغ فروزاں، کلمۂ حق درخشاں، اور دشمنانِ اسلام کے خلاف معرکہ آرائیاں مسلسل رواں رہیں۔ اطرافِ ارض سے مالِ غنیمت رواں دواں آتا رہا اور رعایا کو آپ رضی اللہ عنہ کی جانب سے راحت و رفاہ، عدل و اعتدال، امن و امان اور عفو و درگزر کی ایسی فضا میسر آئی کہ حسنِ سیاست اور جمالِ حکومت اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہو گیا۔ [البداية والنهاية لابن كثير 8/119]
یوں یہ مجموعی قرائن اس نتیجے تک رہنمائی کرتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی سیرتِ حکمرانی عدل، حکمت اور التزامِ سنت کا جامع نمونہ تھی، جس کے مقابل کھڑے کیے گئے اعتراضات محض تاویلاتِ باطل اور تعبیراتِ معوجہ سے زیادہ کوئی حقیقت نہیں رکھتے۔ مزید برآں اس روایت میں ایک نہایت دقیق اور قابلِ غور پہلو یہ بھی ہے کہ عبدالرحمٰن بن عبد رب الکعبہ کی سیاسی وابستگی سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے ساتھ تھی۔ تو اگر سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ واقعی کسی کو ناحق قتل یا مال پر تعدی کا حکم دیتے تو کیا وہ اپنے لشکر اور اپنے متبعین کو چھوڑ کر مخالفین میں سے کسی کو اس کا مخاطب بناتے؟ یہ بات بذاتِ خود اس دعوے کے سقوط اور اس الزام کے بطلان پر شاہدِ عدل ہے۔
افسوس تو اس امر پر ہے کہ ایک کوفی شخص، جو نہ صرف سیاسی طور پر مخالف تھا بلکہ محلِ نظر پس منظر بھی رکھتا تھا، بلا تحقیق و تمحیص اس کے ایک بے اصل قول کو جزم و یقین کے ساتھ نقل کر کے اسے مثالبِ صحابہ کے باب میں جگہ دے دی جاتی ہے۔ جبکہ دوسری طرف نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس صریح، روشن اور فیصلہ کن فرمان کو یا تو نظر انداز کیا جاتا ہے یا اس میں تاویلاتِ فاسدہ کا سہارا لیا جاتا ہے کہ ”میری امت کا پہلا لشکر جو سمندری جہاد کرتے ہوئے روم پر حملہ کرے گا اس کے لیے جنت واجب ہو جائے گی، یہ لشکر سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی معیت میں عازم سفر ہوا تھا“۔ [صحيح البخاری 2924، سنن ابن ماجه 2776 واسنادهُ صحيح]
پس اس نوع کے نظریات کے حامل افراد کا یہ طرزِ عمل نہ میزانِ تحقیق پر پورا اترتا ہے، نہ دیانتِ علمی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔ بلکہ یہ صریح تعصب اور خواہشِ نفس کی پیروی کا آئینہ دار ہے جہاں حقائق کو مسخ کر کے اصول بدل دیے جاتے ہیں اور معیار اشخاص کے تابع کر دیے جاتے ہیں۔ لہٰذا درایتاً بھی یہ بات ثابت ہو جاتی ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں سے کوئی بھی ایسا عمل نہیں کر سکتا جو اسے اللہ کی رضا جیسے ابدی وثیقہ سے محروم کر دے۔

❁ حدیثِ صحیح مسلم سے روافض کے باطل استدلال کا علمی، اصولی اور تحقیقی محاکمہ؛-

عبدالرحمٰن بن عبد رب الکعبہ کہتا ہے کہ میں مسجد حرام میں داخل ہوا تو وہاں سیدنا عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہما کعبہ کے سائے میں بیٹھے ہوئے تھے اور لوگوں نے ان پر جمگھٹا لگا رکھا تھا۔ میں بھی ان لوگوں کے پاس چلا گیا اور سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کے قریب جا کر بیٹھ گیا۔ سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما نے کہا کہ ہم ایک بار سفر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھے ہم نے ایک منزل پر قیام کیا اور ہم میں سے کوئی ایسا تھا جو اپنا خیمہ درست کرنے لگا، کوئی تیر اندازی کرنے لگا، کوئی اپنے چرتے ہوئے جانوروں میں چلا گیا کہ اتنے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مؤذن نے نماز باجماعت کا اعلان کیا تو ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس اکٹھے ہو گئے۔ آپ نے فرمایا کہ مجھ سے پہلے بھی ہر نبی پر فرض تھا کہ وہ اپنی امت کے حق میں جو بھلائی کی بات جانتا ہے اس کی طرف ان کی رہنمائی کرے اور ان کے حق میں جو برا ہے اس سے ان کو ڈرائے اب رہی تمہاری یہ امت تو اس کی عافیت آغاز ( صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے دور ) میں رکھی گئی ہے اور آخری دور میں اسے آزمائش کا اور ایسے معاملات کا سامنا ہو گا جنہیں تم اچھا نہ سمجھو گے، ایسا فتنہ درپیش ہو گا کہ کچھ آزمائشیں دوسری کو ہیچ کر دیں گے، ایسا فتنہ آئے گا کہ مومن کہے گا کہ یہ میری تباہی ( کا سامان ) ہے پھر وہ چھٹ جائے گا پھر ایک اور آئے گا تو مومن کہے گا یہ اصل تباہی ہے جو شخص یہ چاہتا ہے کہ اسے آگ سے دور کر دیا جائے اور جنت میں داخل کر دیا جائے تو اس کی موت اس عالم میں آئے کہ وہ اللہ اور آخرت کے دن پر یقین رکھتا ہو ( وہ آخری دم تک اپنے ایمان کی حفاظت کرے ) اور وہ لوگوں کے پاس وہی ( بات، دعوت، سلوک ) لے کے جائے جو وہ پسند کرتا ہے کہ اس کے پاس لایا جائے۔ اور جو شخص ہاتھ میں ہاتھ دیتے ہوئے دل کی گہرائیوں سے کسی امام ( مسلمان حکمران ) کی بیعت کرے تو استطاعت رکھتے ہوئے اس کی اطاعت کرے، پھر اگر دوسرا آ جائے اس سے امامت چھیننا چاہے تو اس دوسرے کی گردن اڑا دو۔ میں ان ( عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما ) سے مزید قریب ہوا اور عرض کی کہ میں آپ کو اللہ کی قسم دیتا ہوں کیا آپ نے خود یہ بات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی ہے؟ سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما نے اپنے دونوں ہاتھوں سے اپنے کانوں اور دل کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ یہ بات میرے دونوں کانوں نے سنی اور میرے دل نے یاد رکھی۔ میں نے ان سے ( انتشار کی راہ ہموار کرنے کی غرض سے ) کہا کہ یہ جو آپ کے چچازاد سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ ہیں وہ تو ہمیں حکم دیتے ہیں کہ ہم آپس میں ایک دوسرے کا مال ناجائز طریقے سے کھائیں اور ایک دوسرے کو قتل کریں جبکہ اللہ تعالیٰ یہ فرماتا ہے کہ اے ایمان والو! ایک دوسرے کا مال ناجائز طریقے سے مت کھاؤ، الّا یہ کہ باہمی رضامندی سے تجارت ہو اور تم ایک دوسرے کو قتل نہ کرو، بلاشبہ اللہ تعالیٰ تم پر ہمیشہ رحم کرنے والا ہے۔ ( عبدالرحمٰن نے ) کہا کہ پھر وہ ( سیدنا عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہما ) گھڑی بھر خاموش رہے ( اس سے امت کو درس دیا کہ انتشار کا خدشہ ہو تو کسی صحابی کے خلاف کوئی شخص بے دلیل بہتان تراشیوں سے کام لے تو حکمت کے تحت خاموش ہو جاؤ ) پھر ( حکیمانہ انداز میں ) فرمایا اللہ تعالیٰ کی اطاعت میں ان کی اطاعت کرو اور اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کے معاملے میں ان کی نافرمانی کرو۔ [صحيح مسلم 4776، سنن ابن ماجه 3956، سنن ابوداؤد 4248، سنن نسائی 4198]

روایت پر حکم؛-

اس روایت میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے مذکورہ حصہ اصولی و محدثانہ معیار پر ثابت نہیں ہوتا کیونکہ اس میں متعدد علل جمع ہو گئی ہیں مگر اس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے موجود فرامین بالکل ثابت ہیں۔ پہلی علت یہ کہ جریر بن عبدالحمید الضبی الکوفی کے بارے یہ معروف ہے کہ وہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے سخت موقف رکھتا تھا۔ دوسری علت یہ کہ سلیمان بن مہران الاعمش الکوفی بھی اہلِ کوفہ کے شیعہ رؤسا میں شمار ہوتا ہے جن کے ہاں تشیع کا اثر معروف ہے۔ تیسری علت یہ کہ امام زید بن وہب الجہنی رحمہ اللہ کے ضبط پر جرح منقول ہے۔ چوتھی اور اہم علت یہ ہے کہ عبدالرحمٰن بن عبد ربِّ الکعبہ الکوفی نے اس نسبت کے لیے نہ کسی ماخذ کی تعیین کی، نہ کسی سند کی توضیح پیش کی، نہ یہ واضح کیا کہ یہ خبر اسے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سے کب، کہاں اور کن ذرائع سے پہنچی اور نہ ہی یہ ثابت کیا کہ اس کا ان سے کوئی سماع یا ملاقات بھی ہوئی تھی۔ یوں یہ نسبت نہ تعیینِ مصدر سے مزیّن ہے، نہ اتصالِ سند سے مؤیَّد بلکہ ابہام و ارسال کی ایسی فضا میں معلق ہے جہاں تحقیق کا چراغ بجھ جاتا ہے اور دعویٰ بے بنیاد رہ جاتا ہے۔ چنانچہ جب ایک ہی جہت ( یعنی اہلِ کوفہ جو سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے سیاسی حریف شمار ہوتے تھے ) سے وابستہ رواۃ کے ذریعے ایسا سنگین الزام منقول ہو اور اس کی تائید کسی غیر کوفی، ثقہ و معتبر راوی سے نہ پائی جائے تو اصولِ محدثین کی رو سے ایسی روایت ہرگز درجۂ قبول کو نہیں پہنچتی۔ بلکہ میزانِ تحقیق میں اسے توقف و تنقید کے مقام پر رکھا جاتا ہے، نہ کہ جزم و استدلال کے مرتبے پر۔ پس یہاں سوال نہایت واضح اور نہایت وزنی ہے کہ آیا محض اہلِ کوفہ کی منفرد اور غیر مؤیَّد روایات کو ( جبکہ وہ سیاسی مخاصمت کے پس منظر سے بھی خالی نہیں ) بلا تامل تسلیم کر لیا جائے؟ حالانکہ اسی مفہوم کی تائید کسی دوسرے مستقل، غیر جانب دار اور معتمد طریق سے سرے سے موجود ہی نہیں۔ اور یہ بات صرف میں نہیں کہہ رہا بلکہ یہ بات تو مرزا جہلمی کے استاد مولانا اسحاق جہالوی نے بھی کی تھی۔ اسحاق جہالوی 11 فروری 2005 کے جمعہ کے خطبے میں کہتا ہے کہ ”سیدہ ام حرام بنت ملحان رضی اللہ عنہا کے سوا کسی نے اسے روایت نہیں کیا۔ اس کے علاوہ اسحاق جہالوی کہتا ہے کہ بے شک یہ صحیح بخاری میں ہے مگر اسے بیان کون کرتا ہے؟ شروع سے لے کر آخر تک تمام راوی شامی ہیں۔ نہ مکہ کا، نہ مدینہ کا، نہ عراق کا بلکہ دنیا کا کوئی شخص یا کسی مسلمان کو یہ خبر نہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ اطلاع دی تھی، صرف شامی ہی یہ حدیث بیان کرتے ہیں جہاں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا دارالحکومت تھا، پھر بعد میں یزید اور ان کی اولاد، سب کے سب شامی لوگ۔ اور شامی بھی کون؟ ثور بن یزید الکلاعی، جس کے بارے امام مالک رحمہ اللہ وغیرہ نے کہا کہ نہ اس کے پاس بیٹھا جائے اور نہ اس کی روایت لکھی جائے۔ اس کی خرابی کیا تھی؟ وہ بھی ناصبی تھا۔ وہ کہتا تھا کہ میں علی رضی اللہ عنہ کو کیسے پسند کر سکتا ہوں جس نے میرے دادا کو قتل کیا تھا؟ پھر ایسے دشمنانِ اہل بیت کی حدیثیں لیے پھرتے ہو جبکہ اصول یہ ہے کہ اگر کوئی آدمی ایسی حدیث روایت کرے جس کا تعلق کسی خاص گروہ سے ہو اور اس کی تائید کوئی دوسرا شخص نہ کرے تو اس کی بات قبول نہیں کی جاتی، کیونکہ وہ اپنے گروہ کا آدمی ہے اور وہی بات کرے گا، اگر کوئی غیر جانبدار بیان کرے تو پھر اس کی بات قابلِ غور ہوتی ہے۔ اسی لیے علماء نے اصول بیان کیا کہ اگر کوئی شیعہ حضرت علی رضی اللہ عنہ یا اہلِ بیت کی شان میں کوئی ایسی روایت بیان کرے جسے دوسرے مسلمان نقل نہ کریں تو خواہ وہ سچا اور دیانتدار ہی کیوں نہ ہو ہم اس کی بات قبول نہیں کریں گے کیونکہ احتمال ہے کہ اس نے اپنے مسلک کی تائید میں اسے بیان کیا ہو۔ یہ بات بظاہر دل کو لگتی ہے اور احتیاط کا تقاضا بھی کرتی ہے، مگر یہاں آ کر سارے اصول ختم ہو جاتے ہیں، کیونکہ پھر یہی کہا جاتا ہے کہ ناصبی نے تو یہی کہنا تھا کہ معاویہ جنتی ہے اور یزید بخشا ہوا ہے، کیا کوئی اور بھی یہ بات کہتا ہے“؟ [Video clip on topic: Ameer Muawiya Samandri Jihad – Molana Ishaq madni]
جہاں تک اسحاق جہالوی کے ان الزامات کا تعلق ہے جو اس نے صحیح البخاری کی حدیث 2924 پر عائد کیے تو حقیقت یہ ہے کہ وہ سب کے سب بے اصل، بے بنیاد اور بے وزن ہیں۔ اولاً صحیح البخاری کی اس حدیث کے راوی امام ثور بن یزید الکلاعی رحمہ اللہ پر ناصبیت کی جرح نہ ثابت ہے، نہ مسلّم، نہ معتبر۔ دوئم الذکر یہ کہ آئمہ جرح و تعدیل کے نزدیک شامی رواۃ عموماً ثقہ و ثبت، معتمد و مستند شمار ہوتے ہیں، نہ کہ ان کوفی رواۃ کی طرح جن کے بارے میں ان کے مخصوص رجحانات، غلو اور تعصبات کے باعث محدثین نے احتیاط بلکہ ترک کا حکم لگایا۔ مزید برآں یہی روایت غیر شامی طرق سے بھی مروی ہے، جس سے اس کی صحت میں مزید استحکام اور اس کی حجیت میں مزید قوت پیدا ہوتی ہے، مگر اس کے باوجود تعصب کی دبیز عینک پہن کر اس صحیح حدیث کو رد کر دینا انصاف نہیں بلکہ انکارِ انصاف ہے۔ نیز امیر المؤمنین فی الحدیث امام محمد بن اسماعیل البخاری رحمہ اللہ نے خود اسی روایت کو اپنی شہرۂ آفاق تصنیف، اصح الکتب بعد القرآن، صحیح البخاری میں درج فرمایا۔ لیکن اس کے باوجود روافض کے سہولت کار اسے محض اس لیے تسلیم نہیں کرتے کہ اس سے ایک جلیل القدر صحابی کی عظمت اور ان کا قطعی جنتی ہونا ثابت ہوتا ہے، جو ان کے باطل نظریات پر کاری ضرب ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ اگر اس طرزِ عمل کو ”نفاقِ علمی“ نہ کہا جائے تو پھر اسے کس عنوان سے موسوم کیا جائے؟ ایک طرف صحیح و ثابت روایت کو تعصب کی نذر کر دیا جاتا ہے اور دوسری طرف انہی سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے میں ایسے آثار پیش کیے جاتے ہیں جن میں ظلم، ناحق مال خوری اور قتل جیسے الزامات عائد کیے گئے ہوں، تو وہاں نہ سند کی تحقیق، نہ رواۃ کی تنقیح، نہ اصول کی رعایت، نہ میزان کی پابندی۔ حالانکہ ان روایات کے اکثر رواۃ کوفی ہیں اور اہلِ کوفہ کا ایک طبقہ تاریخی طور پر صحابہ و بالخصوص بنو امیہ کے بارے کدورت، عداوت اور سبّ و شتم کے لیے معروف رہا ہے۔ یہاں تک کہ اسی سند کے ایک راوی جریر بن عبدالحمید پر یہ جرح بھی منقول ہے کہ وہ اعلانیہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو سبّ و شتم کا نشانہ بناتا تھا۔ پس یہ دوہرا معیار، یہ انتخابی دیانت، یہ اصول سے انحراف اور میزان میں کجی درحقیقت اسی ”نفاقِ علمی“ کی جیتی جاگتی تصویر ہے جسے نہ الفاظ کے پردوں میں چھپایا جا سکتا ہے اور نہ دلیل کے ترازو میں تول کر درست ثابت کیا جا سکتا ہے۔ مزید یہ کہ محدثین نے اہلِ شام پر ان کے سیاسی رجحانات کے باعث کبھی یہ حکم نہیں لگایا کہ وہ کذّاب یا وضّاع ہیں۔ ورنہ اگر یہی معیار ہوتا تو جس طرح بعض اہلِ کوفہ نے سیدنا علی رضی اللہ عنہ بن ابی طالب کے فضائل میں مبالغہ آمیز بلکہ موضوع روایات گھڑیں، اسی طرح اہلِ شام بھی سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے میں ایسے ہی افسانے تراشتے۔ اہلِ شام نے نہ افراطِ مبالغہ کی راہ اپنائی، نہ وضع و اختلاق کے دروازے کھولے بلکہ دیانتِ روایت اور امانتِ نقل کو اپنا شعار بنا کر صدق و اعتدال کی روشن راہ ہی اختیار کیے رکھی۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے خود اہلِ شام کے حق پر ثابت قدم رہنے کی بشارت عطا فرمائی کہ وہ قیامت تک حق پر قائم رہیں گے۔ [صحيح البخاری 3641]
جبکہ عراق کے بارے میں یہ ارشاد فرمایا کہ وہ فتنوں کی آماجگاہ بنے گا اور وہیں سے شیطان کا سینگ طلوع ہو گا۔ [صحيح البخاری 1037]
دوسری جانب صحیح مسلم کی زیرِ بحث روایت کا یہ حال ہے کہ اس کا راوی عبدالرحمٰن بن عبد ربِّ الکعبہ اپنے ماخذ کی تصریح تک نہیں کرتا، نہ مصدر کی تعیین، نہ واسطے کی توضیح۔ اس کے باوجود اس روایت کو بلاتردّد قبول کر لیا جاتا ہے، اسے حجتِ قاطعہ سمجھا جاتا ہے اور اس پر استدلال کے محل تعمیر کیے جاتے ہیں۔ لیکن جب سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی فضیلت پر مشتمل حدیث پیش کی جاتی ہے تو وہاں نقد و جرح کے تیغ و تبر چلنے لگتے ہیں اور بات یہاں تک پہنچتی ہے کہ سیدہ امّ حرام بنت ملحان رضی اللہ عنہا جیسی جلیل القدر صحابیہ ( جن کی عدالت و ثقاہت پر اجماعِ اہلِ علم قائم ہے ) بھی اعتراضات کی زد میں آ جاتی ہیں۔ یہ طرزِ عمل نہ تحقیق ہے نہ تنقید، نہ احتیاط ہے نہ دیانت بلکہ یہ تعصب کی عینک، تحامل کی روش اور ”نفاقِ علمی“ کی وہ کھلی تصویر ہے جس میں معیار بدل جاتے ہیں، میزان جھک جاتی ہے اور حقائق خواہشات کی بھینٹ چڑھ جاتے ہیں۔ اسی دوہرے معیار اور متضاد اصولوں کے تسلسل میں آج مرزا جہلمی بھی اسی راہ پر گامزن دکھائی دیتا ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے خلاف اس زیرِ بحث روایت سمیت ہر اس روایت کو بلا تحقیق و تمحیص نقل کرتا ہے اور پھر انہی کمزور و متنازع بنیادوں پر ”ملوکیتِ جابرانہ“ جیسے سنگین الزامات کی پوری عمارت کھڑی کر دیتا ہے۔ چنانچہ ایک ہی مسئلے میں دو متباین اصول اختیار کرنا اور محض فریقِ مخالف کی عداوت میں اپنے ہی طے شدہ معیارات کو پسِ پشت ڈال دینا، نہ تحقیق ہے نہ تنقید، نہ دیانت ہے نہ امانت۔ بلکہ یہی کھلی منافقت، صریح کتمانِ حق اور علمی دیانت سے انحراف ہے جس میں میزان بدل دی جاتی ہے، اصول مٹا دیے جاتے ہیں اور حقیقت خواہشات کے ہاتھوں مسخ کر دی جاتی ہے۔ چنانچہ اسی سیاق میں، صحیح مسلم کی اس زیرِ بحث روایت میں جب سیدنا عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہما کے سامنے اس کوفی شخص نے شر انگیزی کی کوشش کی تو آپ رضی اللہ عنہما نے نہایت حکیمانہ اسلوب اختیار کرتے ہوئے اس صورتِ حال کو سنبھالنے کی سعی فرمائی۔ کیونکہ اس وقت آپ رضی اللہ عنہما کعبہ کے سایۂ رحمت میں جلوہ افروز تھے، جہاں مختلف قبائل اور اطراف سے آئے ہوئے افراد کا مجمع موجود تھا اور ایسے موقع پر کسی سخت جواب سے فتنے کی آگ بھڑک اٹھنا بعید نہ تھا۔ لہٰذا آپ رضی اللہ عنہما نے نہ اشتعال کو ہوا دی، نہ کلمات کو شدت دی بلکہ حکمت، حلم اور مصلحتِ عامہ کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے اس فتنہ انگیزی کا دروازہ وہیں بند کر دیا اور یہی طرزِ عمل اس بات کی واضح دلیل ہے کہ روایت کا مقصود فساد کو ہوا دینا نہیں بلکہ فتنہ کو روکنا تھا جسے نظر انداز کر کے اس سے من چاہے مفاہیم اخذ کرنا صریح بد فہمی اور تحریفِ معنیٰ ہے۔ سیدنا عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہما نے معاملے کو نہایت حکمت و بصیرت کے ساتھ سلجھاتے ہوئے وہی اصولی بات ارشاد فرمائی جو اسلوبِ قرآن کے موافق اور منہجِ شریعت کے عین مطابق ہے کہ حکام کی اطاعت معروف میں کی جائے اور معصیت میں ان کی اطاعت نہ کی جائے۔ یوں نہ افراط کی راہ کھلی، نہ تفریط کا دروازہ وا ہوا بلکہ اعتدال و توازن کی راہ ہموار ہو گئی۔ اور اسی کے ساتھ آپ رضی اللہ عنہما نے امت کو یہ بصیرت افروز طرزِ فکر بھی عطا فرمایا کہ جب کوئی شخص اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے باہمی مشاجرات کو بہانہ بنا کر قصداً شر انگیزی کی آگ بھڑکانا چاہے تو اس کے ساتھ نہ طعن و تشنیع کی راہ اختیار کی جائے، نہ جدال و نزاع کا بازار گرم کیا جائے بلکہ حکمت کو شعار، اختصار کو معیار اور وقار کو وقارِ گفتگو بنا کر بات کو وہیں سمیٹ دیا جائے اور خاموشی کو ترجیح دی جائے۔ چنانچہ اس حکیمانہ طرزِ عمل سے نہ صرف فتنہ کا دروازہ بند ہوا بلکہ ایک ایسا جامع، متوازن اور اصولی منہج بھی سامنے آ گیا جو رہتی دنیا تک اہلِ علم و بصیرت کے لیے چراغِ راہ اور میزانِ اعتدال بنا رہے گا۔

■ علت نمبر 1؛-

( جریر بن عبدالحمید الضبی الکوفی شیعہ وسیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا دشمن راوی )

امام ابوداؤد رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ اس میں شیعیت تھی جبکہ امام قتیبہ بن سعید رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے اسے اعلانیہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو گالیاں دیتے اور سخت تنقید کرتے سنا ہے اور پھر اسے شیعیت میں غلو کرنے والا کہا۔ [تهذيب الكمال فی اسماء الرجال للمزی 918، اكمال تهذيب الكمال لمغلطائی 959، تهذيب التهذيب لابن حجر العسقلانی 1079، الارشاد فی معرفة علماء الحديث للخليلی 2/568، ميزان الاعتدال فی نقد الرجال للذهبی 1468]

■ علت نمبر 2؛-

( سلیمان بن مہران الاعمش الکوفی شیعہ راوی )

سلیمان بن مہران الاعمش کے بارے امام عجلی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ یہ شیعہ تھا۔ امام شمس الدین الذہبی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ اس پر شیعیت کی معمولی جرح موجود ہے۔ امام ابن حجر العسقلانی رحمہ اللہ ( متقدمین کی شیعیت کے بارے ) فرماتے ہیں کہ پس متقدمین کے عرف میں تشیع اس اعتقاد کا نام تھا کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ پر فوقیت دی جائے اور یہ کہا جائے کہ وہ اپنی جنگوں میں حق پر تھے جبکہ ان کے مخالفین سے خطاء ہوئی۔ اس کے باوجود شیخین رضی اللہ عنہما کو سب پر افضل مانا جاتا تھا اور اگر کوئی شخص اس درجے کا قائل ہو مگر وہ پرہیز گار، دیندار اور سچا ہو اور اپنے اس اعتقاد کی دعوت بھی نہ دیتا ہو تو اس کی روایت محض اس بنا پر رد نہیں کی جاتی تھی خصوصاً جب اس کا ضبط و صدق ثابت ہو۔ [تاريخ الثقات للعجلی 619، سير اعلام النبلاء للذهبی 2/394، تهذيب التهذيب لابن حجر العسقلانی 1/125]
اسی اصولی منہج کی توثیق و توضیح میں اگر امام ابنِ حجر العسقلانی رحمہ اللہ کے ارشادِ گراں قدر کو میزانِ تحقیق اور معیارِ تدقیق بنایا جائے تو حقیقت کی پرتیں مزید واشگاف ہو جاتی ہیں کہ ان رواۃِ متشیعین کا اعتقادی میلان دراصل اسی امر پر قائم تھا کہ وہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے حق میں ”اجتہادی خطاء“ کے قائل تھے۔ یوں ان کی روایت میں میلانِ فکر، ان کے بیان میں جھکاؤ، اور ان کے فہم میں ایک خاص رخ نمایاں دکھائی دیتا ہے۔ پس ایسے مصادر کو بلا تمیز قبول کرنا نہ دیانتِ علمی کے شایان ہے، نہ اصولِ نقد کے مطابق بلکہ انصاف کا تقاضا یہی ہے کہ روایت کو روایت کے ساتھ اور راوی کو اس کے میلان کے ساتھ تولا جائے تاکہ میزانِ تحقیق سیدھی رہے، معیارِ انصاف قائم رہے اور حق اپنی اصل صورت میں نمایاں ہو کر سامنے آ جائے۔
چنانچہ اسی تناظر میں جب راوی کے باطن میں یہ رنگِ تشیع راسخ ہو اور بعینہٖ وہی روایت اس کے اسی میلانِ فکری کی مؤید و مقوّی بن کر سامنے آئے تو اسحاق جہالوی صاحب کے اپنے مسلمہ اصولوں کی رو سے بھی ایسی روایت ہرگز درجہ احتجاج کو نہیں پہنچ سکتی۔ بلکہ اصولِ نقد کی کسوٹی پر پرکھی جائے تو میزانِ تحقیق میں ساقط الاعتبار ٹھہرتی ہے، نہ قابلِ استدلال رہتی ہے اور نہ حجتِ قاطعہ کا درجہ پاتی ہے۔

■ علت نمبر 3؛-

( امام زید بن وہب الجہنی الکوفی رحمہ اللہ کے ضبط پر جرح )

امام زید بن وہب الجہنی رحمہ اللہ ثقہ، ثبت اور کثیر الحدیث امام الحدیث تھے۔ تاہم امام یعقوب بن سفیان الفسوی رحمہ اللہ کی جانب سے ان کے ضبط پر وارد جرح کو نقل کرنے کا مقصد یہ ہے کہ زیرِ بحث روایت میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ پر ایسا الزام عائد کیا جا رہا ہے جو ان کی حلم و بردباری والی شخصیت کے بالکل خلاف ہے۔ چنانچہ امام یعقوب بن سفیان الفسوی رحمہ اللہ نے تصریح کی کہ ”بڑھاپے میں ان کے ضبط میں تغیر آ گیا تھا اور ان کی حدیث میں کثیر خلل پایا جاتا تھا نیز انہوں نے اپنی تاریخ میں بھی اس امر کی وضاحت کی کہ ان کی روایت میں بہت خلل ہے“۔ یہی وجہ ہے کہ امام احمد بن شعیب النسائی رحمہ اللہ، امام ابو داؤد رحمہ اللہ، امام ابن ماجہ رحمہ اللہ اور امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے جب اس روایت کو ذکر کیا تو اس میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے خلاف مذکور حصہ روایت نہیں کیا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ منکر حصہ اہلِ علم کے معیارِ قبول پر پورا نہیں اترتا۔ مزید برآں قرائن سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ ان کی سیاسی وابستگی اہلِ عراق کے ساتھ تھی چنانچہ خود امام زید بن وہب الجہنی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ وہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے ساتھ اس لشکر میں شریک تھے جو خارجیوں کے خلاف گیا تھا۔ [الاصابة فی تمييز الصحابة لابن حجر العسقلانی 4/154، تهذيب التهذيب لابن حجر العسقلانی 2541، كتاب المعرفة والتاريخ للفسوی 2/768، اكمال تهذيب الكمال لمغلطائی 1794، سنن ابوداؤد 4768 واسنادهُ صحيح]
لہٰذا جب جرح و تعدیل کے مجموعی اصول، آئمہ فن کی تصریحات اور روایت کے مختلف طرق کو ایک ساتھ جمع کیا جائے تو یہ امر روزِ روشن کی طرح واضح ہو جاتا ہے کہ زیرِ بحث اضافی حصہ نہ صرف سندی طور پر کمزور ہے بلکہ متقدم محدثین کے منہجِ تنقیح کے بھی خلاف ہے، اس لیے اسے روایت کے ثابت متن کا حصہ قرار دینا علمی دیانت کے منافی ہے۔

■ علت نمبر 4؛-

( عبدالرحمٰن بن عبد رب الکعبہ الکوفی نے اپنا ماخذ پیش نہیں کیا )

امام جمال الدین المزی رحمہ اللہ اور امام ابن حجر العسقلانی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں اس کی روایات اہلِ کوفہ سے متعلق ہیں۔ [تهذيب الكمال فی اسماء الرجال للمزی 3885، تهذيب التهذيب لابن حجر العسقلانی 4995]
اس روایت میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہمیں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ یہ حکم دیتے تھے کہ ”ہم آپس میں ایک دوسرے کا ناحق مال کھائیں اور قتل کریں“۔ عبدالرحمٰن بن عبد رب الکعبہ کا سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سے شام جا کر اس نوعیت کی ملاقات کرنا ہی ثابت نہیں۔ مزید یہ کہ اس نے اپنی اس نسبت کا کوئی ماخذ بھی ذکر نہیں کیا کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے یہ حکم کب دیا، کہاں دیا اور کس واسطے سے اسے اس کی اطلاع پہنچی۔ چنانچہ یہ روایت اساسی اصولِ روایت یعنی تعیینِ مصدر سے بھی خالی ہے نیز راوی کے کوفی پس منظر اور اس کے سیاسی رجحان کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اہلِ کوفہ میں بنو امیہ کے خلاف معروف میلانات پائے جاتے تھے۔ لہٰذا قوی احتمال یہی ہے کہ یہ کلام کسی ثابت شدہ سماع پر مبنی نہیں بلکہ ایک غیر محقق نسبت ہے جسے سیاق و قرائن کے بغیر سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی طرف منسوب کر دیا گیا۔ یہی وہ مقام ہے جہاں اصولِ محدثین کے مطابق اس روایت کے اس حصہ کو حجت بنانے کے بجائے نقد و تحقیق کا معیار بنایا جاتا ہے، نہ کہ قبول و استدلال کا۔ یہاں یہ نکتہ بھی لائقِ التفات ہے کہ اگر بالفرض ایسا کوئی حکم واقعی موجود ہوتا تو کیا سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ اپنے متبعین کو نظر انداز کر کے اپنے سیاسی مخالفین میں سے کسی کو اس نوع کے امور کا مکلف ٹھہراتے؟ یہ احتمال ہی اپنے بطن میں ضعف کی گواہی سموئے ہوئے ہے اور قرائنِ حالیہ و شواہدِ واقعہ کے بھی صریحاً منافی ہے۔ لہٰذا خود یہی پہلو اس دعوے کی بے مائیگی کو عیاں کرنے کے لیے کافی ہے۔ یہاں یہ بات بھی واضح کر دینا مناسب ہے کہ اس راوی سے امام مسلم رحمہ اللہ نے صرف یہی ایک روایت نقل کی ہے اور اسے کسی بھی متقدم محدث ( متساہلین کو چھوڑ کر ) نے صراحتاً ثقہ قرار نہیں دیا۔ چنانچہ اسی سے اس حدیث کے آخر میں وارد الزامی حصے کی علمی حیثیت بخوبی سمجھی جا سکتی ہے۔ دوسری جانب افضل تابعین میں سے امام ابن شہاب الزہری رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کی سیرت پر سالہا سال عمل کیا اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کی۔ [كتاب السنة للخلال 683 وسندهُ صحيح]
پس اب یہ میزانِ عقل و انصاف کا تقاضا ہے کہ ایک کوفی شخص کے بے بنیاد الزامات کو معیارِ استدلال ٹھہرایا جائے یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور تابعینِ عظام کے وہ اقوالِ جلیلہ، جو فضائلِ معاویہ رضی اللہ عنہ پر شاہدِ عدل اور برہانِ قاطع ہیں، قابلِ حجت و استناد مانے جائیں؟