39- کیا اہل سنت بھی صفات کی تاویل کرتے ہیں؟
اہل سنت والجماعت کے متعلق اہل علم کا صحیح اور ثابت شدہ موقف یہ ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی صفات کے متعلق قرآنی آیات اور احادیث میں تاویل کے قائل نہیں ہیں۔ یہ کام تو جہمیہ، معتزلہ اور اشاعرہ کا ہے جو بعض صفات میں تاویل اور انکار کرتے ہیں۔ اہل سنت کا معروف عقیدہ یہ ہے کہ وہ صفات والی آیات و احادیث میں تحریف، تعطیل، تکییف اور تمثیل نہیں کرتے۔ اللہ تعالیٰ کی صفات: استوا، قدم، ہاتھ، انگلی، ہنسنا، راضی ہونا اور ناراض ہونا؛ ان تمام کو اپنے حقیقی معنی میں تسلیم کرتے اور یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ یہ اللہ تعالیٰ کی صفات اسی طرح ثابت ہیں جس طرح اس کی شان کے لائق ہے۔
اور بعض لوگ اللہ تعالیٰ کی صفت ”ضحک“ (ہنسنے) سے اللہ تعالیٰ کی رضا اور محبت سے ارادہ محبت مراد لیتے ہیں۔ ان تاویلوں کو اہل سنت قبول نہیں کرتے، بلکہ وہ ان صفات کو حق مانتے ہیں۔ ان کے نزدیک محبت اللہ تعالیٰ کی حقیقی صفت ہے، اللہ تعالیٰ مخلوق سے محبت کرتے ہیں لیکن جیسے اس کی شان کے لائق ہے، یہ مخلوق کی محبت کے ساتھ کوئی مشابہت نہیں رکھتی۔ اسی طرح دیگر صفات مثلاً رضا اور غضب وغیرہ ہیں جو مخلوق سے کوئی مشابہت نہیں رکھتیں، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْءٌ وَهُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ [الشورىٰ: 11]
”اس کی مثل کوئی چیز نہیں اور وہی سب کچھ سننے والا، سب کچھ دیکھنے والا ہے۔“
اسی طرح اللہ تعالیٰ کی صفات ”ضحک“ (ہنسنا) اور عرش پر مستوی ہونا ایسے ہی ثابت ہے جیسے اس کی شان کے لائق ہے۔ خلاصہ یہ ہے کہ اہل سنت کے نزدیک تاویل درست نہیں۔ صفات کے متعلق آیات اور احادیث کو اسی طرح تسلیم کرتے ہیں جیسے اللہ تعالیٰ نے نازل فرمائی ہیں اور ان کا ایمان ہے کہ یہ صفات برحق ہیں، لہٰذا اہل سنت کے نزدیک تفویض درست نہیں ہے۔
امام احمد مفوضہ کے متعلق فرماتے ہیں:
”جہمیہ فرقے کے سب سے برے لوگ ہیں۔“
تفویض یہ ہے کہ انسان یہ عقیدہ رکھے کہ ”اس (آیت یا حدیث) کا معنی و مفہوم صرف اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے“ یہ درست نہیں ہے، کیونکہ اسماء و صفات کے معانی اہل علم جانتے ہیں، جیسا کہ امام مالک رحمہ اللہ کا قول ہے:
”استوا کا معنی تو معلوم اور واضح ہے لیکن اس کی کیفیت معلوم نہیں۔“
اسی طرح کے اقوال امام ربیعہ بن عبدالرحمٰن اور دیگر اہل علم سے منقول ہیں۔ اہل سنت کے نزدیک اللہ تعالیٰ کی تمام صفات کے معنی معلوم ہیں، جیسے رضا، غضب، محبت، استوا اور ضحک (ہنسنا) ہے۔ ہر ایک صفت کا معنی دوسری سے جدا اور الگ ہے، لیکن یہ صفات مخلوق کے مشابہ نہیں ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
فَلَا تَضْرِبُوا لِلَّهِ الْأَمْثَالَ [النحل: 74]
”پس اللہ کے لیے مثالیں بیان نہ کرو۔“
ایک اور جگہ فرمان الٰہی ہے:
لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْءٌ وَهُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ [الشورىٰ: 11]
”اس کی مثل کوئی چیز نہیں اور وہی سب کچھ سننے والا، سب کچھ دیکھنے والا ہے۔“
اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
وَلَمْ يَكُنْ لَهُ كُفُوًا أَحَدٌ [الإخلاص: 4]
”اور نہ کبھی کوئی ایک اس کے برابر کا ہے۔“
یہی وہ حق ہے جسے اہل سنت، صحابہ و تابعین اور تبع تابعین تسلیم کرتے ہیں، لہٰذا جو ایک صفت یا زائد میں تاویل کرے وہ اہل سنت میں شامل نہیں ہے۔ (ابن باز: نور علی الدرب: 64/1)