محرم کے روزے کی فضیلت صحیح احادیث کی روشنی میں

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ ابو حمزہ عبدالخالق صدیقی کی کتاب صحیح فضائل اعمال سے ماخوذ ہے۔

محرم کے روزے کی فضیلت

عن ابن عباس رضي الله عنهما قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: لئن بقيت إلى قابل لأصومن التاسع .
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اگر میں آئندہ سال تک زندہ رہا تو 9 محرم کا روزہ (بھی) ضرور رکھوں گا۔“
صحیح مسلم، كتاب الصيام، باب أي يوم يصام في عاشوراء، رقم: 1133.
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
أفضل الصيام بعد رمضان شهر الله المحرم .
”رمضان کے مہینے کے بعد افضل روزہ، اللہ کے مہینے محرم کا روزہ ہے۔“
سنن ترمذی۔ کتاب الصيام باب فضل صوم المحرم، رقم: 740 – البانی رحمہ اللہ نے اسے ”صحیح“ کہا ہے۔
عن أبي قتادة رضي الله عنه، أن رسول الله صلى الله عليه وسلم سئل عن صيام يوم عاشوراء، فقال: يكفر السنة الماضية .
سیدنا ابو قتادہ رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے یوم عاشورا کے روزے کی بابت سوال کیا گیا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”یہ گزشتہ سال کے گناہوں کا کفارہ بن جاتا ہے۔“
صحيح مسلم، کتاب الصيام، باب استحباب صيام ثلاثة أيام ، رقم: 1162 .