کتے اور بلی کی قیمت کی ممانعت
① سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کتے کی قیمت سے منع فرمایا ہے اگر کوئی شخص کتے کی قیمت کا مطالبہ کرنے آئے تو اس کے ہاتھ مٹی سے بھر دو۔
ابوداؤد، كتاب البيوع 3482، مسند احمد 309/1، حدیث 2099۔
② سیدنا جابر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بلی اور اس کی قیمت کھانے سے منع فرمایا ہے۔
ابوداؤد كتاب الاطعمة 3807۔ ترمذی، کتاب البیوخ 1279۔
غلاموں سے روزی روکنے کی ممانعت
① سیدنا خیثمہ بن عبدالرحمن بن ابی سبرہ رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں، ہم سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کے پاس دیکھا کہ ان کی آمدن و خرچ کا حساب رکھنے والا ان کے پاس آیا تو انہوں نے پوچھا: کیا تم نے غلاموں کو ان کی روزی دے دی ہے؟ اس نے کہا: نہیں! انہوں نے فرمایا: جاؤ اور انہیں دے کر آؤ اس لیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
كفى بالمرء إثما أن يحبس عمن يملك قوته
”آدمی کے لیے یہی گناہ کافی ہے کہ وہ اپنے غلام کی روزی بند کر دے۔“
مسلم، الزكاة حديث 9960/40۔
② سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
كفى بالمرء إثما أن يضيع من يقوت
”آدمی (کی تباہی) کے لیے یہی گناہ کافی ہے جن کی خوراک اس کے ذمے ہے یہ انہیں ضائع کر دے۔“
ابوداؤد، کتاب الزكاة 1692۔ مسند احمد، مسند المكثرين من الصحابة 2/ 218 حديث 6502۔
کاہن کی اجرت کی ممانعت
① سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کتے کی قیمت، زانیہ کی اجرت اور کاہن کے کھانے سے منع فرمایا ہے۔
بخاري، كتاب الاجارة 2282۔ مسلم، كتاب المساقاة 39/ 1597۔ابوداؤد 1567۔
اونٹ اونٹنی کی جفتی کرانے کی اجرت لینے کی ممانعت
① سیدنا جابر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اونٹ کو اونٹنی پر جفتی کرانے کی اجرت لینے، پانی بیچنے اور زمین کو کھیتی کے لیے کرائے پر دینے سے منع فرمایا ہے۔
مسلم كتاب المساقات 1565/35۔ النسائي، كتاب البيوع 273/7۔