قیامت کی نشانی : مصر، شام اور عراق اپنے پیمانے اور خزانے روک لیں گے

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ حافظ مبشر حسین لاہوری کی کتاب قیامت کی نشانیاں صحیح احادیث کی روشنی میں سے ماخوذ ہے۔

قیامت کی نشانی : مصر، شام اور عراق اپنے پیمانے اور خزانے روک لیں گے

عن أبى هريرة رضى الله عنه قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم : منعت العراق درهمها وقفيرها ومنعت الشام مديها ودينارها ومنعت مصر اردبها ودينارها وعدتم من حيث بدأتم وعدتم من حيث بدأتم وعدتم من حيث بدأتم
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ملک عراق اپنا درہم اور قفیز روک لے گا ، ملک شام اپنا مدی (مد) اور دینار روک لے گا، ملک مصر اپنا اردب اور دینار روک لے گا اور تم اس حالت پر لوٹ جاؤ گے جس سے تم نے آغاز کیا تھا، تم اسی حالت پر لوٹ جاؤ گے جس سے تم شروع ہوئے تھے اور تم اسی حال پر لوٹ آؤ گے جس سے شروع ہوئے تھے۔
مسلم کتاب الفتن : باب لا تقوم الساعة حتى يحسر الفرات عن جبل من ذهب (2896)

فوائد :

➊ مصر، شام اور عراق کا اپنے پیمانے اور خزانے روک لینا قیامت کی ایک نشانی ہے۔
➋ درہم چاندی کے اور دینار سونے کے سکے ہوا کرتے تھے جنہیں بطور نقدی استعمال کیا جاتا تھا۔
➌ قفیز، مدی اور اردب مذکورہ علاقوں کے معروف پیمانے تھے جنہیں وہ ناپ تول میں استعمال کیا کرتے تھے۔
➍ پہلے یہ ممالک روم و ایران کے باجگزار تھے پھر اسلام کے غلبے اور فتوحات کے بعد خلافت اسلامیہ کے دائرہ میں داخل ہو گئے تھے۔
➎ مصر شام اور عراق اپنے پیمانے اور خزانے روک لیں گے اس کے مفہوم کی تعین میں علماء کے کئی اقوال ہیں۔ مثلا :
◈ ان ملکوں میں اسلام پھیل جائے گا اور جزیہ موقوف ہو جائے گا۔
◈ ان ممالک کے سردار و حکام خود سر اور باغی ہو کر ادائیگی جزیہ سے انکار کر دیں گے۔
◈ ان ممالک میں ارتداد پھیل جائے گا اور لوگ زکوۃ دینے سے انکار کر دیں گے۔
◈ ان علاقوں میں خوب فتنہ فساد اور کشت و خون ہو گا کہ مسلمانوں کا مرکز ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے گا۔
◈ کفار ان علاقوں پر غالب آجائیں گے اور مسلمانوں کی حکومتیں ٹوٹ جائیں گی۔