پہلے دن قربانی کرنا زیادہ ثواب اور افضل ہے یا تینوں دن ثواب ایک جیسا ہے؟

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ زبیر علی زئی رحمہ اللہ کی کتاب قربانی کے احکام و مسائل سے ماخوذ ہے۔

پہلے دن قربانی کرنا افضل ہے

سوال:

پہلے دن قربانی کرنا زیادہ ثواب اور افضل ہے یا تینوں دن ثواب ایک جیسا ہے؟ وضاحت فرمائیں۔ (ظفر اقبال شکر گڑھ)

الجواب:

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عید الاضحی کے دن فرمایا: ”آج ہم پہلے نماز پڑھیں گے، پھر قربانیاں کریں گے۔“
(صحیح بخاری کتاب العیدین باب سنۃ العیدین لاہل الاسلام ح 951، صحیح مسلم الاضاحی باب 1961)
اس حدیث سے یہ ثابت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اول دن قربانی کی ہے لہذا افضل اور بہتر یہی ہے کہ عید الاضحی والے تین دنوں میں سے پہلے دن یعنی دسویں تاریخ کو قربانی کی جائے اور باقی دو دنوں میں قربانی کرنا جائز و باعث اجر ہے۔
سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا: ”قربانی کے دن کے بعد دو دن قربانی ہے اور افضل قربانی نحر والے (پہلے) دن ہے۔“
(احکام القرآن للطحاوی 205/2 ح 1571، وسندہ حسن)
(شہادت، اگست 2000ء)