عذاب قبر برحق: اہل سنت کا اجماعی عقیدہ اور عقل پرستوں کا رد

فونٹ سائز:
یہ اقتباس علامہ غلام مصطفٰی ظہیر امن پوری حفظہ اللہ کی کتاب عذاب قبر سے ماخوذ ہے۔

مقدمہ

قبر آخرت کی منزلوں میں سے پہلی منزل اور امتحان گاہ ہے، جہاں دنیا میں اپنے کیئے دھرے کا نتیجہ سامنے آجائے گا۔ اگر کسی نے اپنے اعمال کی بنیاد رضائے الٰہی پر رکھی ہوگی، اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے بیان کردہ عقائد کو اپنایا ہوگا، خاتم النبیین کی اطاعت بجالایا ہوگا، عقیدہ، منہج اور فکر میں اسلامی روایت کو مدنظر رکھا ہوگا۔ تو اس کو جنت کے محلات میں داخلے کی خوش خبری سنادی جائے گی، پھر اسے سلا دیا جائے گا۔
جس نے اپنے اعمال خواہشات نفسانی اور تاویلات شیطانی کے تحت سرانجام دیئے ہوں گے، اللہ تعالیٰ، قبر اور آخرت کا انکار کیا ہوگا، تو وہ بھی حسب حال اپنا بدلہ پالے گا۔ منکر نکیر کے سوال جواب کے مراحل، قبر کا تنگ ہونا، فرشتے کا ہتھوڑا مارنا، جسے سوائے جن وانس کے سب سنیں گے، سب حقیقت ہے۔ کسی بھی چیز کا انکار ممکن نہیں۔
آقائے کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہر نماز کے تشہد میں قبر کے عذاب سے پناہ مانگا کرتے تھے، اپنے جاں نثاروں کو بھی اس کی تلقین کیا کرتے کہ قبر کے عذاب سے پناہ مانگتے رہو، کبھی خود ان سے فرماتے: قبر سے پناہ مانگو! تو صحابہ مل کر عرض کرتے، اللہ ہم عذاب قبر سے تیری پناہ میں آتے ہیں، امت کو کئی دعائیں ایسی سکھلائیں، جن میں قبر کے فتنے سے پناہ مانگی گئی۔ اہل سنت کے نزدیک عذاب قبر کے بارے میں احادیث بالاتفاق متواتر ہیں۔
عذاب قبر کے حق ہونے پر اہل سنت کا اجماع واتفاق ہے، جس نے اہل سنت کا اجماعی واتفاقی فہم نظر انداز کیا، وہ ذلیل اور گمراہ ہے، اس کی رائے بدعت اور گمراہی ہے، فہم ومنہج سلف صالحین کو ترک کرنا درحقیقت قرآن وحدیث سے دشمنی ہے، جس نے قرآن و حدیث کی من پسند تعبیر کی وہ راہ ہدایت سے بھٹک گیا، دنیا میں جتنے گمراہ فرقے پیدا ہوئے سب نے قرآن وحدیث کو نفسانی خواہشات کی بھینٹ چڑھایا، محدثین کے دشمنوں نے قرآن وسنت پر عقلی اعتراضات وارد کئے ہیں، بھلا ایسا کوئی مسلمان کرسکتا ہے؟ جو اپنی نارسا عقل سے وحی کو جھٹلا دے، اگر اسلامی عقائد واعمال کی بنیاد عقل پر ہوتی، تو بعثت انبیائے کرام کا مقصد فوت ہوجاتا۔ صحابہ کرام اور ائمہ عظام کے بارے میں علامہ شاطبی رحمہ اللہ (790ھ) لکھتے ہیں:
اَلرَّأْيُ إِذَا عَارَضَ السُّنَّةَ فَهُوَ بِدْعَةٌ وَّضَلَالَةٌ فَالْحَاصِلُ مِنْ مَّجْمُوعِ مَا تَقَدَّمَ أَنَّ الصَّحَابَةَ وَمَنْ بَعْدَهُمْ لَمْ يُعَارِضُوا مَا جَاءَ فِي السُّنَنِ بِآرَائِهِمْ، عَلِمُوا مَعْنَاهُ أَوْ جَهِلُوهُ، جَرٰى لَهُمْ عَلٰى مَعْهُودِهِمْ أَوْ لَا، وَهُوَ الْمَطْلُوبُ مِنْ نَقْلِهٖ، وَلْيَعْتَبِرْ فِيهِ مَنْ قَدَّمَ النَّاقِصَ وَهُوَ الْعَقْلُ عَلَى الْكَامِلِ وَهُوَ الشَّرْعُ.
”رائے اور سنت کا تصادم ہوجائے، تو رائے بدعت اور گمراہی کہلائے گی۔ ہماری گزشتہ نگارشات کا حاصل یہ ہے کہ صحابہ وتابعین، احادیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا معنی جانتے ہوں یا نہ جانتے ہوں، عقل میں آئے یا نہ آئے، حدیث سے عقلیں نہیں لڑاتے تھے۔ یہی مطلوب شریعت ہے۔ لہٰذا غور کیا جائے کہ ناقص کو کامل پر کون مقدم کرتا ہے؟ عقل ناقص ہے اور شریعت کامل ہے۔“ (الاعتصام: 850/2)
❀ نیز فرماتے ہیں:
مَنْ نَظَرَ إِلٰى طُرُقِ أَهْلِ الْبِدَعِ فِي الْاِسْتِدْلَالِ؛ عَرَفَ أَنَّهَا لَا تَنْضَبِطُ؛ لِأَنَّهَا سَيَّالَةٌ لَا تَقِفُ عِنْدَ حَدٍّ، وَعَلٰى كُلِّ وَجْهٍ يَصِحُّ لِكُلِّ زَائِغٍ وَكَافِرٍ أَنْ يَسْتَدِلَّ عَلٰى زَيْغِهٖ وَكُفْرِهٖ حَتّٰى يَنْسِبَ النِّحْلَةَ الَّتِي الْتَزَمَهَا إِلَى الشَّرِيعَةِ، فَقَدْ رَأَيْنَا وَسَمِعْنَا عَنْ بَعْضِ الْكُفَّارِ أَنَّهُ اسْتَدَلَّ عَلٰى كُفْرِهٖ بِآيَاتِ الْقُرْآنِ، كَمَا اسْتَدَلَّ بَعْضُ النَّصَارٰى عَلٰى تَشْرِيكِ عِيسٰى بِقَوْلِهٖ تَعَالٰى: وَكَلِمَتُهُ أَلْقَاهَا إِلَى مَرْيَمَ وَرُوحٌ مِنْهُ(النساء: 171) وَاسْتَدَلَّ عَلٰى أَنَّ الْكُفَّارَ مِنْ أَهْلِ الْجَنَّةِ بِإِطْلَاقِ قَوْلِهٖ تَعَالٰى: إِنَّ الَّذِينَ آمَنُوا وَالَّذِينَ هَادُوا وَالنَّصَارَى وَالصَّابِئِينَ مَنْ آمَنَ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ(البقرة: 62)، اَلْآيَةَ، وَاسْتَدَلَّ بَعْضُ الْيَهُودِ عَلٰى تَفْضِيلِهِمْ عَلَيْنَا بِقَوْلِهٖ سُبْحَانَهٗ: اذْكُرُوا نِعْمَتِيَ الَّتِي أَنْعَمْتُ عَلَيْكُمْ وَأَنِّي فَضَّلْتُكُمْ عَلَى الْعَالَمِينَ(البقرة: 47) وَبَعْضُ الْحُلُولِيَّةِ اسْتَدَلَّ عَلٰى قَوْلِهٖ تَعَالٰى: وَنَفَخْتُ فِيهِ مِنْ رُوحِي(الحجر: 29) وَالتَّنَاسُخِيُّ اسْتَدَلَّ بِقَوْلِهٖ: فِي أَيِّ صُورَةٍ مَا شَاءَ رَكَّبَكَ(الانفطار: 8) وَكَذٰلِكَ كُلُّ مَنِ اتَّبَعَ الْمُتَشَابِهَاتِ، أَوْ حَرَّفَ الْمَنَاطَاتِ، أَوْ حَمَّلَ الْآيَاتِ مَا لَا تَحْمِلُهُ عِنْدَ السَّلَفِ الصَّالِحِ، أَوْ تَمَسَّكَ بِالْأَحَادِيثِ الْوَاهِيَةِ، أَوْ أَخَذَ الْأَدِلَّةَ بِبَادِي الرَّأْيِ، لَهُ أَنْ يَسْتَدِلَّ عَلٰى كُلِّ فِعْلٍ أَوْ قَوْلٍ أَوِ اعْتِقَادٍ وَافَقَ غَرَضَهٗ بِآيَةٍ أَوْ حَدِيثٍ لَا يَفُوزُ بِذٰلِكَ أَصْلًا.
”جو اہل بدعت کے طریقہ استدلال کو بغور دیکھے، وہ جان جائے گا کہ ان کا کوئی قانون ضابطہ نہیں ہے، کیونکہ یہ سیلاب کی طرح بہتے جاتے ہیں اور کسی کنارے پر رکنے کا نام نہیں لیتے۔ یوں ہر گمراہ اور کافر کے لیے بھی درست ہے کہ وہ اپنی گمراہی اور کفر پر استدلال کرے اور اپنی اختیار کردہ رائے کو شریعت کی طرف منسوب کردے۔ ہم نے بعض کفار کو دیکھا اور سنا ہے، وہ اپنے کفر پر قرآنی آیات سے استدلال کرتے ہیں، مثلاً بعض عیسائی عیسیٰ علیہ السلام کے اللہ تعالیٰ کی اُلوہیت میں شریک ہونے پر اس فرمان باری تعالیٰ سے استدلال کرتے ہیں: وَكَلِمَتُهُ أَلْقَاهَا إِلَى مَرْيَمَ وَرُوحٌ مِنْهُ (النساء: 171) ”عیسیٰ اللہ کا کلمہ ہیں، جو اس نے مریم کی طرف القا کیا اور اس کی طرف سے روح ہیں۔“ نیز یہ کہ کفار بھی جنت میں جائیں گے، اس پر اس فرمان باری تعالیٰ سے استدلال کیا ہے: إِنَّ الَّذِينَ آمَنُوا وَالَّذِينَ هَادُوا وَالنَّصَارَى وَالصَّابِئِينَ مَنْ آمَنَ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ……(البقرة: 62) ”بے شک جو مومن ہوں، یہودی ہوں، عیسائی ہوں یا صابی ہوں، جو بھی اللہ اور روز آخرت پر ایمان لایا……“ یہودی خود کو ہم امت محمدیہ علی صاحبہا الصلاۃ والسلام سے افضل سمجھتے ہیں، اس پر بطور دلیل یہ فرمان الٰہی پیش کرتے ہیں: اذْكُرُوا نِعْمَتِيَ الَّتِي أَنْعَمْتُ عَلَيْكُمْ وَأَنِّي فَضَّلْتُكُمْ عَلَى الْعَالَمِينَ (البقرة: 47) ”میری اس نعمت کو یاد کرو، جو میں نے تم پر کی اور میں نے تم کو تمام جہانوں پر فضیلت دی۔“ عقیدہ حلول کا عقیدہ رکھنے والے بعض اس آیت سے استدلال کرتے ہیں: وَنَفَخْتُ فِيهِ مِنْ رُوحِي(الحجر: 29) ”میں نے اس (آدم) میں اپنی روح پھونکی۔“ تناسخ ارواح کا عقیدہ رکھنے والا اس فرمان سے استدلال کرتا ہے: فِي أَيِّ صُورَةٍ مَا شَاءَ رَكَّبَكَ (الانفطار: 8) ”جس صورت میں اس نے چاہا، تجھے جوڑ دیا۔“ اسی طرح ہر وہ شخص، جو خواہشات کا اتباع کرتا ہے یا احکامات کی علتوں کو بدل دیتا ہے یا آیات پر وہ معانی ومطالب چڑھا دیتا ہے، جو معانی ومفاہیم سلف صالحین کے ہاں ان آیات سے مراد نہیں یا ضعیف احادیث سے دلیل پکڑتا ہے یا کمزور فہم سے دلائل اخذ کرتا ہے۔ ان میں سے ہر شخص اپنے من پسند فعل، قول یا عقیدے پر آیت یا حدیث سے استدلال کرتا ہے، ایسا کرنے سے وہ قطعاً سرخرو نہیں ہوگا۔“ (الاعتصام: 363/1)
❀ حافظ ابن الجوزی رحمہ اللہ (597ھ) لکھتے ہیں:
لَيْسَ هٰذَا بِأَوَّلِ خَبَرٍ يَّجِبُ عَلَيْنَا الْإِيمَانُ بِهٖ وَإِنْ جَهِلْنَا مَعْنَاهُ، فَإِنَّ عَذَابَ الْقَبْرِ وَنَعِيمَهٗ وَسُؤَالَ مُنْكَرٍ وَّنَكِيرٍ فِيهِ حَقٌّ، وَلَا يُطَّلَعُ عَلٰى حَقِيقَةِ ذٰلِكَ، وَمَتٰى ضَاقَتِ الْحِيَلُ فِي كَشْفِ الْمُشْكِلَاتِ لِلْإِحْسَاسِ لَمْ يَبْقَ إِلَّا فَرْضُ التَّسْلِيمِ.
”یہ کوئی پہلی حدیث تو نہیں کہ جس کے معنی سے عدم واقفیت کے باوجود ہم پر اسے تسلیم کرنا ضروری ہے، قبر میں جزا وسزا اور منکر نکیر کے سوال جواب حق ہیں، اس کی حقیقت کا ہمیں علم نہیں، جب مشکلات شریعت حد عقل سے ماوراء ہیں، تو سوائے تسلیم ورضا کے کوئی چارہ ہی نہیں۔“ (كشف المُشكِل من حديث الصّحيحين: 383/3)
عذاب قبر کا انکار بشر بن غیاث مریسی (218ھ) جیسے گمراہوں نے کیا ہے، اس کے عقائد کفریہ تھے، قرآن کو مخلوق کہتا تھا، محدثین نے اس کی تکفیر کر رکھی تھی، امام عثمان بن سعید، دارمی رحمہ اللہ نے اس کے رد میں اَلرَّدُّ عَلٰى بِشْرِ الْمَرِيسِيِّ فِيمَا ابْتَدَعَهٗ مِنَ التَّأْوِيلِ لِمَذْهَبِ الْجَهْمِيَّةِ نامی کتاب لکھی ہے۔
❀ امام اسحاق بن راہویہ رحمہ اللہ (238ھ) فرماتے ہیں:
دَخَلَ حُمَيْدٌ الطُّوسِيُّ عَلٰى أَمِيرِ الْمُؤْمِنِينَ، وَعِنْدَهٗ بِشْرٌ الْمَرِيسِيُّ، فَقَالَ أَمِيرُ الْمُؤْمِنِينَ لِحُمَيْدٍ أَتَدْرِي مَنْ هٰذَا يَا أَبَا غَانِمٍ؟ قَالَ لَا، قَالَ هٰذَا بِشْرٌ الْمَرِيسِيُّ، فَقَالَ حُمَيْدٌ يَا أَمِيرَ الْمُؤْمِنِينَ، هٰذَا سَيِّدُ الْفُقَهَاءِ، هٰذَا قَدْ رَفَعَ عَذَابَ الْقَبْرِ وَمَسْأَلَةَ مُنْكَرٍ وَّنَكِيرٍ، وَالْمِيزَانَ، وَالصِّرَاطَ، أُنْظُرْ هَلْ يَقْدِرُ أَنْ يَّرْفَعَ الْمَوْتَ، ثُمَّ نَظَرَ إِلٰى بِشْرٍ، فَقَالَ: لَوْ رَفَعْتَ الْمَوْتَ كُنْتَ سَيِّدَ الْفُقَهَاءِ حَقًّا.
”حمید طوسی رحمہ اللہ امیر المومنین (عبد اللہ المأمون بن ہارون الرشید) کے ہاں گئے، وہاں بشر مریسی بھی تھا۔ امیر المومنین کہنے لگے: حمید جانتے ہو، یہ کون ہیں؟ کہا: نہیں۔ امیر المومنین کہنے لگے: یہ بشر مریسی ہے، تو حمید کہنے لگے: یہ تو فقہا کے سردار ہیں، جناب نے عذاب قبر ختم کر دیا اور منکر نکیر، میزان، پل صراط وغیرہ بھی اسلام بدر کر دیئے ہیں۔ دیکھئے اب موت ہی بچی ہے، قریب ہے کہ اس کا بھی انکار ہوجائے، پھر (حمید رحمہ اللہ) بشر سے کہنے لگے: ارے اگر آپ موت کا بھی انکار کردیں، تو یقیناً سید الفقہاء بن جائیں گے۔“ (تاريخ بغداد للخطيب: 60/7، المُنتَظَم لابن الجوزي: 32/11، وسندهٗ صحيحٌ)
عذاب قبر درحقیقت اُمور آخرت میں سے ہے، لہٰذا اس کا انکار آخرت کا انکار ہے۔
❀ شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ (728ھ) فرماتے ہیں:
مِنَ الْإِيمَانِ بِالْيَوْمِ الْآخِرِ؛ الْإِيمَانُ بِكُلِّ مَا أَخْبَرَ بِهِ النَّبِيُّ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِمَّا يَكُونُ بَعْدَ الْمَوْتِ، فَيُؤْمِنُونَ بِفِتْنَةِ الْقَبْرِ وَبِعَذَابِ الْقَبْرِ وَبِنَعِيمِهٖ.
”یوم آخرت پر ایمان لانا سے مراد ہر اس شے پر ایمان لانا ہے، جس کے موت کے بعد وقوع پذیر ہونے کی خبر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دی ہے، لہٰذا اہل سنت قبر کے فتنے، عذاب اور نعمتوں پر ایمان رکھتے ہیں۔“ (مَجموع الفتاوىٰ: 145/3)
❀ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ (852ھ) فرماتے ہیں:
…… اَلْإِيمَانُ بِالْيَوْمِ الْآخِرِ وَيَدْخُلُ فِيهِ الْمَسْأَلَةُ فِي الْقَبْرِ وَالْبَعْثِ وَالنُّشُورِ وَالْحِسَابِ وَالْمِيزَانِ وَالصِّرَاطِ وَالْجَنَّةِ وَالنَّارِ.
”یوم آخرت پر ایمان لانا (بھی ضروری ہے۔) قبر کے سوال وجواب، دوبارہ جی اٹھنا، حساب، میزان، پل صراط، جنت اور جہنم پر ایمان لانا آخرت پر ایمان لانے میں داخل ہیں۔“ (فتح الباري: 52/1)
برزخ کی زندگی آخرت کا حصہ ہے۔ آخرت کے مسائل توقیفی ہیں، انہیں دنیاوی اُمور پر قیاس نہیں کیا جاسکتا، بلکہ فقط شرعی نصوص پر انحصار کیا جائے گا۔
❀ حافظ ابن عبد البر رحمہ اللہ (463ھ) فرماتے ہیں:
أَحْكَامُ الْآخِرَةِ لَا مَدْخَلَ فِيهَا لِلْقِيَاسِ وَالْاِجْتِهَادِ وَلَا لِلنَّظَرِ وَالْاِحْتِجَاجِ.
”آخرت کے احکام میں قیاس، اجتہاد اور نظر وعقل کا کوئی عمل دخل نہیں۔“ (التّمهيد: 254/22)
❀ علامہ ابو عبد اللہ قرطبی رحمہ اللہ (671ھ) فرماتے ہیں:
هٰذَا كُلُّهٗ لَيْسَ فِيهِ مَدْخَلٌ لِلْقِيَاسِ وَلَا مَجَالٌ لِلنَّظَرِ فِيهِ، وَإِنَّمَا فِيهِ التَّسْلِيمُ وَالْاِنْقِيَادُ لِقَوْلِ الصَّادِقِ الْمُرْسَلِ إِلَى الْعِبَادِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ.
”ان تمام اُمور آخرت میں قیاس اور فکر ونظر کا کوئی عمل دخل نہیں، ان اُمور میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات کے سامنے صرف اور صرف سر تسلیم خم کرنا ہے۔“ (التّذكرة بأحوال الموتىٰ وأُمور الآخرة، ص 423)
❀ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ (852ھ) فرماتے ہیں:
يَقْتَضِي الْإِيمَانُ بِأُمُورِ الْآخِرَةِ أَنْ لَيْسَ لِلْعَقْلِ فِيهَا مَجَالٌ وَلَا يُعْتَرَضُ عَلَيْهَا بِعَقْلٍ وَلَا قِيَاسٍ وَلَا عَادَةٍ وَإِنَّمَا يُؤْخَذُ بِالْقَبُولِ وَيَدْخُلُ تَحْتَ الْإِيمَانِ بِالْغَيْبِ.
”اُمور آخرت پر ایمان کا تقاضا ہے کہ ان میں عقل کی مجال نہیں اور نہ انہیں عقل، قیاس یا عادت پر پرکھا جائے، بلکہ انہیں قبول کیا جائے، یہ ایمان بالغیب میں داخل ہیں۔“ (فتح الباري: 395/11)
❀ نیز فرماتے ہیں:
أَكْثَرُ مَا وَقَعَ الْغَلَطُ لِمَنْ قَاسَ أَحْوَالَ الْآخِرَةِ عَلٰى أَحْوَالِ الدُّنْيَا وَاللّٰهُ تَعَالَى الْمُوَفِّقُ.
”اکثر اُمور آخرت کا انکار اس غلطی کی وجہ سے کیا جاتا ہے کہ آخرت کے احوال کو دنیا کے احوال پر قیاس کیا جاتا ہے، اللہ تعالیٰ ہی (ہدایت کی) توفیق دینے والا ہے۔“ (فتح الباري: 505/11)
عذاب قبر کا اثبات قرآن، احادیث متواترہ، آثار سلف اور اجماع اُمت سے ثابت ہے، حتیٰ کہ معتزلہ بھی عذاب قبر کے قائل ہیں، بعض متاخرین معتزلہ نے انکار کیا ہے۔
عذاب قبر ہر امت میں ہے، اُمت محمدیہ کے ساتھ خاص نہیں۔ جس طرح جنت اور جہنم ہر اُمت کے لیے ہے، اسی طرح قبر کا عذاب یا نعمت بھی تمام اُمتوں کے لیے ہے۔
عذاب قبر صرف مکلف افراد کو ہوگا یا ہر ایک کو ہوگا؟ اس میں اختلاف ہے۔ درست یہی معلوم ہوتا ہے کہ صرف مکلف افراد کو عذاب قبر ہوگا، نابالغ بچے اور مجنون کو عذاب قبر نہیں ہوگا، کیونکہ وہ مکلف ہی نہیں۔
ایک سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا انبیائے کرام علیہم السلام سے بھی قبر میں سوال وجواب ہوئے؟ تو عرض ہے کہ اس حوالے سے شریعت خاموش ہے، اسی خاموشی میں ہمارے لیے بھی عافیت ہے۔ باقی ہر ایک سے قبر میں تین سوال ہوں گے۔
عذاب قبر پر ایک اشکال یہ پیش کیا جاتا ہے کہ دنیا کے آغاز میں مرنے والے کافر اور قرب قیامت مرنے والے کافر کے عذاب قبر کی مدت میں فرق ہے، جو کہ عدل کے منافی ہے، کیا یہ ظلم نہیں کہ ایک کافر کو ہزاروں سال عذاب ہو اور دوسرے کو چند سال؟
جواب یہ ہے کہ جو شخص جتنے عذاب قبر کا مستحق ہے، اللہ تعالیٰ اسے دے دے گا، عذاب قبر میں مساوات مدت سے ہی نہیں ہوتی، بلکہ مقدار سے بھی ہوتی ہے، اللہ تعالیٰ بعد میں مرنے والے کافر کو پہلے مرنے والے کافر سے زیادہ سخت اور تکلیف دہ عذاب دے گا، جس سے دونوں کے عذاب میں عدل ہوجائے گا۔
اسی طرح پہلے فوت ہونے والے مؤمن اور بعد میں فوت ہونے والے مؤمن کے لیے قبر میں جو نعمتیں تیار ہیں، ان کی مقدار میں بھی فرق ہے، تاکہ دونوں میں مساوات قائم رہے۔ الحاصل ہر مؤمن اور کافر کو اس کے حصے کی جزا یا سزا ضرور ملے گی۔ مدت کو اس میں کوئی دخل نہیں، واللہ اعلم!
اس کتاب میں انیس (19) آیات، اکہتر (71) احادیث، پانچ (5) اقوال صحابہ، تین (3) اقوال تابعین اور ستر (70) سے زائد ائمہ واہل علم کے اقوال ذکر کیے گئے ہیں۔
نیز عذاب قبر کے متعلق وارد شبہات کا ازالہ بھی کر دیا گیا ہے۔ یوں یہ کاوش اہل سنت کے عقیدہ کی ترجمان ہے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اسے بھولی بھٹکی مخلوق کے لیے ہدایت کا سامان بنائے اور ہمیں عذاب قبر سے محفوظ فرمائے، آمین۔

غلام مصطفیٰ ظہیر امن پوری