ناپسندیدہ امام، مقتدی کا امام سے پہلے سر اٹھانا اور امام سے سبقت کی ممانعت

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ حسین بن مبارک الموصلی کی عربی کتاب الاوامر والنواهي سے ماخوذ ہے جس کا اُردو ترجمہ محمد سرور گوہر صاحب نے احکامات و ممنوعات کے نام سے کیا ہے۔

ناپسندیدہ امام

① سیدنا ابو امامہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
ثلاث لا تجاوز صلاتهم آذانهم: العبد الآبق حتى يرجع، وامرأة باتت وزوجها عليها ساخط، وإمام قوم وهم له كارهون
”تین قسم کے لوگ ہیں جن کی صلاۃ ان کے کانوں سے اوپر نہیں جاتی: بھاگا ہوا غلام حتیٰ کہ وہ لوٹ آئے، وہ عورت جو اس حالت میں رات بسر کرے کہ اس کا خاوند اس سے ناراض ہو، اور کسی قوم کا امام جسے وہ ناپسند کرتے ہوں“۔
ترمذی، كتاب الصلوة 360۔
② سیدنا عمرو بن عاص رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
ثلاثة لا تقبل صلاتهم: من تقدم قوما وهم له كارهون، ورجل أتى الصلاة دبارا – والدبار أن يأتيها بعد أن تفوته – ورجل اعتبد محرره
”تین قسم کے لوگوں کی نماز قبول نہیں ہوتی: وہ شخص جو لوگوں کا امام بن جائے جسے وہ ناپسند کرتے ہوں، وہ آدمی جو نماز انتہائی آخر وقت میں پڑھتا ہے (دبار یہ کہ فوت ہونے کے بعد آئے)، اور وہ آدمی جو اپنے آزاد کردہ غلام کو دوبارہ غلام بنائے“۔
ابوداؤد، کتاب الصلوة 593. ابن ماجه، اقامة الصلوة والسنة فيها 970.

مقتدی، امام سے پہلے اپنا سر نہ اٹھائے

① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
أما يخشى أحدكم إذا رفع رأسه من الركوع والسجود قبل الإمام أن يجعل الله رأسه رأس حمار
”جب تم میں سے کوئی رکوع و سجود میں امام سے پہلے اپنا سر اٹھا لیتا ہے تو اس کو ڈر نہیں لگتا کہ کہیں اللہ اس کے سر کو گدھے کا سر بنا دے“۔
بخاری، کتاب الاذان 691۔ مسلمكتاب الصلوة 427/114۔ ابوداؤد، كتاب الصلوة 623۔
امام ترمذی رحمہ اللہ نے فرمایا: ”یا اس کی صورت کو گدھے کی صورت بنا دے“۔
② سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ ہی بیان کرتے ہیں:
”جو شخص امام سے پہلے اپنا سر اٹھاتا یا جھکاتا ہے وہ محض اس لیے کہ اس کی پیشانی شیطان کے ہاتھ میں ہوتی ہے“۔
موطا 92/1، حدیث 57۔
③ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لا تبادروني بركوع ولا سجود فإني مهما أسبقكم به إذا ركعت تدركوني به إذا رفعت، إني قد بدنت
”تم رکوع و سجود میں مجھ سے جلدی نہ کرو، میں جس قدر تم سے پہلے رکوع میں جاتا ہوں تو جب میں اٹھتا ہوں تو تم مجھے پا لیتے ہو، اس لیے کہ میں عمر رسیدہ ہو گیا ہوں (بھاری جسم والا ہو گیا ہوں)“۔
ابوداؤد کتاب الصلوة 619۔ ابن ماجه، اقامة الصلوة والسنة فيها 963۔

امام سے مسابقت کرنے کی ممانعت

① سیدنا انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک روز ہمیں نماز پڑھائی، جب نماز سے فارغ ہوئے تو ہماری طرف متوجہ ہو کر فرمایا:
أيها الناس إني إمامكم، فلا تسبقوني بالركوع، ولا بالسجود، ولا بالقيام، ولا بالانصراف، فإني أراكم أمامي ومن خلفي. ثم قال: والذي نفسي بيده لو رأيتم ما رأيت لضحكتم قليلا ولبكيتم كثيرا
”لوگو! میں تمہارا امام ہوں، تم رکوع کرنے، سجدہ کرنے، قیام کرنے اور نماز ختم کرنے میں مجھ سے مسابقت نہ کیا کرو، میں اپنے سامنے اور اپنے پیچھے سے تمہیں دیکھتا ہوں“۔ پھر فرمایا: ”اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! جو چیز میں نے دیکھی ہے اگر تم اسے دیکھ لو تو تم کم ہنستے اور زیادہ روتے“۔ انہوں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کیا دیکھا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
رأيت الجنة والنار
”میں نے جنت اور جہنم دیکھی ہے“۔
مسلم، كتاب الصلوة 426/112۔