مضمون کے اہم نکات
- امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ فضائل و کمالات کا ایک تابندہ باب
- ❶ بشارتِ جنت اور بحری جہاد؛-
- ❷ شرفِ قرابتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم؛-
- ❸ بارہ خلفاء کی بشارت میں شمولیت؛-
- ❹ خلافتِ راشدہ کی اتباع میں شمولیت؛-
- ❺ ملأ اعلیٰ میں باعثِ فخر جماعت کا رکن؛-
- ❻ نبوی دعا، ہدایت یافتہ اور ذریعۂ ہدایت؛-
- ❼ نبوی دعا، علم، حکومت اور نجاتِ آخرت؛-
- ❽ کاتبِ وحی ہونے کا شرف؛-
- ❾ امر بالمعروف و نہی عن المنکر؛-
- ❿ تواضع و انکساری؛-
- ⓫ رعایا نوازی اور حقوق العباد؛-
- ⓬ اشاعتِ سنت اور تعلیمِ اذکار؛-
- ⓭ اعتمادِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم اور حسنِ تدبیر؛-
- ⓮ جماعتِ عظمیٰ کے امیر؛-
- ⓯ اہلِ شام اور طائفہ منصورہ؛-
- ⓰ موقفِ عثمان رضی اللہ عنہ کی تائید؛-
- ⓱ عدل و تقویٰ کی نبوی وصیت؛-
- ⓲ حجامتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی سعادت؛-
- ⓳ علم، حلم اور بصیرتِ دین کی نبوی دعا؛-
امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ فضائل و کمالات کا ایک تابندہ باب
اس باب میں ہم امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے انفرادی فضائل، مناقب اور محاسنِ سیرت کا تفصیلی مطالعہ کریں گے۔ البتہ اس حقیقت کو پیشِ نظر رکھنا ضروری ہے کہ پچھلے باب ”مقامِ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم معیارِ ایمان، میزانِ حق اور سرچشمۂ ہدایت“ میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے فضائل و کمالات کا جو جامع نقشہ سامنے آ چکا ہے اس کے بعد کسی صحابی کے لیے صرف شرفِ صحابیت ہی اس کی عظمت، افضلیت اور قطعی جنتی ہونے کے لیے کافی ہے خواہ اس کے انفرادی فضائل الگ سے بیان نہ بھی کیے جائیں۔ تاہم امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی ذات اُن جلیل القدر شخصیات میں سے ہے جن کے بارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم، صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم، تابعینِ عظام رحمہم اللہ اور اہلِ بیتِ اطہار رضی اللہ عنہم سے متعدد فضائل، مناقب اور اقوالِ خیر منقول ہیں۔ چنانچہ اس باب میں ان تمام روایات، آثار اور اقوال کا علمی، تحقیقی اور تفصیلی جائزہ پیش کیا جائے گا تاکہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی عظمت و فضیلت کا وہ روشن پہلو نمایاں ہو سکے جسے تعصب، جہالت اور تاریخی تحریفات کے غبار میں چھپانے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔
❶ بشارتِ جنت اور بحری جہاد؛-
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی امت کے لیے عظیم بشارتیں بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ ”میری امت کا پہلا لشکر جو سمندر کے راستے جہاد کرے گا اس کے لیے جنت واجب ہو گی“۔ [صحيح البخاری 2924]
چنانچہ سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ یہ وہ مبارک موقع تھا جب مسلمانوں نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی معیت میں اس بحری جہاد میں شرکت کی۔ [صحيح البخاری 2799]
اسی طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک اور عظیم بشارت دیتے ہوئے فرمایا کہ ”میری امت کا پہلا لشکر جو قیصر روم کے شہر قسطنطنیہ پر چڑھائی کرے گا اس کی مغفرت کر دی جائے گی“۔ [صحيح البخاری 2924]
چنانچہ امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے 51 ہجری میں اس عظیم لشکر کو اپنے فرزند شہزادہ سیدنا یزید رحمہ اللہ کی قیادت میں، متعدد کبار صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے ساتھ قسطنطنیہ کی جانب روانہ فرمایا۔ [ارشاد الساری للقسطلانی تحت الحديث 2924، البداية والنهاية لابن كثير 8/151]
یوں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو یہ شرف حاصل ہوا کہ وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ان دونوں عظیم بشارتوں کے مصداق بنے۔ ایک مرتبہ بحری جہاد کی سعادت کے ذریعے اور دوسری مرتبہ لشکرِ قسطنطنیہ کی تیاری و سرپرستی کے سبب، والحمد للہ۔
❷ شرفِ قرابتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم؛-
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ قیامت کے دن ہر نسبی اور سسرالی تعلق ختم ہو جائے گا، سوائے میرے نسب اور میرے سسرالی تعلق کے کیونکہ وہ دنیا و آخرت میں ملا رہے گا۔ (سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے برادرِ نسبتی تھے آپ رضی اللہ عنہ کی ہمشیرہ سیدہ ام حبیبہ رضی اللہ عنہا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ اور ام المؤمنین ہیں۔) [مصنف عبدالرزاق 10354، معجم الكبير للطبرانی 11621، الشريعة للآجری 1710، سنن الكبریٰ للبيهقی 13394، سير اعلام النبلاء للذهبی 17/463، مستدرك حاكم 4648، فضائل الصحابة لأحمد بن حنبل 1069، معجم الاوسط للطبرانی 4132، تاريخ دمشق لابن عساكر 19/472، مجمع الزوائد ومنبع الفوائد للهيثمی 13827 واسنادهُ صحيح]
❸ بارہ خلفاء کی بشارت میں شمولیت؛-
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بشارت دی تھی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد اسلام بارہ خلفاء کے دور تک عزت، غلبہ، قوت اور استحکام کے ساتھ قائم رہے گا۔ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یہ دین مسلسل غالب، محفوظ اور ناقابلِ شکست رہے گا یہاں تک کہ اس پر بارہ خلفاء گزر جائیں اور وہ سب کے سب قریش میں سے ہوں گے۔ [صحيح البخاری 7222، صحيح مسلم 4710، 4705، 4706، 4707، مسند ابن الجعد 2660، مسند احمد 20941، سنن الترمذی 2223، مستخرج ابوعوانه 6992، معجم الكبير للطبرانی 2063 واسنادهُ صحيح]
آئمہ اہلِ سنت نے اس حدیث کے مصادیق متعین کرتے ہوئے ان خلفاء کا ذکر کیا ہے جن کے ادوار میں امتِ مسلمہ کو اجتماع، شوکت اور سیاسی استحکام حاصل رہا۔ چنانچہ امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ ان بارہ خلفاء میں سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ، سیدنا عمر رضی اللہ عنہ، سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ اور سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے بعد وہ حکمران شامل ہیں جن پر امت کا اتفاق ہوا اور جنہیں اقتدار، قوت اور تحفظ حاصل رہا۔ ان میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ، پھر ان کے فرزند سیدنا یزید رحمہ اللہ، پھر سیدنا عبدالملک بن مروان رحمہ اللہ اور ان کے چار صاحبزادے شامل ہیں اور انہی کے درمیان سیدنا عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ بھی آئے۔ اس کے بعد اسلامی سلطنت میں ضعف و زوال کے آثار نمایاں ہونا شروع ہوئے جبکہ بنو امیہ کے دور میں عالمِ اسلام ایک مضبوط، وسیع اور باوقار ریاست کی صورت میں قائم تھا۔ [منهاج السنة لابن تيمية 8/238]
امام ابن حجر العسقلانی رحمہ اللہ نے بھی اسی قول کو نقل کر کے اہلِ علم کے نزدیک اسے راجح قرار دیا۔ [فتح الباری لابن حجر العسقلانی 13/214]
اسی طرح علامہ ملا علی قاری الحنفی رحمہ اللہ نے بھی یہی موقف اختیار کیا ہے۔ [الفقه الأكبر للملا علی قاری صفحه 206]
یوں ان اکابر محدثین و آئمہ کی تصریحات سے یہ امر واضح ہو جاتا ہے کہ امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ ان بارہ خلفاء میں شمار ہوتے ہیں جن کے ادوار کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے عزتِ اسلام، قوتِ امت اور استحکامِ خلافت کی علامت قرار دیا تھا۔
❹ خلافتِ راشدہ کی اتباع میں شمولیت؛-
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میرے بعد تم ہدایت یافتہ خلفائے راشدین کی اتباع کرتے رہنا۔ [سنن ابوداؤد 4607، سنن ابن ماجه 42، مسند احمد 17145، مسند دارمی 96، كتاب السنه لابن ابی عاصم 59، مسند البزار 4201، كتاب السنه للمروزی 69، صحيح ابن حبان 3144، معجم الكبير للطبرانی 66، مسند الشاميين للطبرانی 786، الشريعه للآجری 86، الابانة الكبری لابن بطة 142، مستدرك حاكم 329، سنن الكبریٰ للبيهقی 20338، شعب الايمان للبيهقی 7515، معرفة السنن والآثار للبيهقی 327، شرح السنه للبغوی 102 واسنادهُ صحيح]
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد ان خلفاء کی تعداد پچھلی حدیث کی تفصیل میں گزر چکی ہے۔ اس حدیث کے مطابق نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میرے بعد مسلسل بارہ خلفاء ہوں گے اور اس حدیث کے مطابق وہ سب کے سب خلفائے راشدین ہوں گے۔
❺ ملأ اعلیٰ میں باعثِ فخر جماعت کا رکن؛-
سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی عظیم فضیلتوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ وہ اُن خوش نصیب صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں شامل تھے جن پر اللہ تعالیٰ اپنے فرشتوں کے سامنے فخر کا اظہار فرماتا تھا۔
چنانچہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک مرتبہ اپنے اصحاب کے ایک حلقے کے قریب تشریف لائے اور فرمایا: ”تم کس غرض سے بیٹھے ہو؟“ انہوں نے عرض کیا کہ ”ہم اللہ کا ذکر کر رہے ہیں اور اس بات پر اس کی حمد بیان کر رہے ہیں کہ اس نے ہمیں اسلام کی نعمت عطا فرمائی اور ہم پر احسان فرمایا“۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ”کیا تم اللہ کو گواہ بنا کر کہتے ہو کہ تم صرف اسی غرض سے بیٹھے ہو؟“ انہوں نے عرض کیا کہ ”اللہ کی قسم! ہم اسی مقصد کے لیے بیٹھے ہیں“۔ اس پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ”میں نے تمہیں کسی تہمت کی بنا پر قسم نہیں دی، بلکہ میرے پاس جبریل آئے تھے اور انہوں نے مجھے خبر دی کہ اللہ تعالیٰ تمہارے ذریعے اپنے فرشتوں کے سامنے فخر فرما رہا ہے“۔ [صحيح مسلم 6857]
یوں یہ حدیث اس امر کی روشن دلیل ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ اور دیگر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم وہ مقدس جماعت تھے جن کے ذکر، ایمان اور اجتماعِ خیر پر اللہ تعالیٰ ملأ اعلیٰ میں فخر کا اظہار فرماتا تھا۔ مزید برآں جب سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے اس حدیث کو روایت فرمایا تو خود بھی اسی سنتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل کرتے ہوئے ایک مسجد کے قریب ایسے حلقے کے پاس تشریف لے گئے جہاں تابعین اللہ کا ذکر کر رہے تھے اور انہوں نے بعینہٖ وہی سوالات کیے جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے فرمائے تھے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نہ صرف سنتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے ناقل تھے بلکہ اس کے عامل، داعی اور عملاً اس کی اشاعت کرنے والوں میں بھی شامل تھے۔
❻ نبوی دعا، ہدایت یافتہ اور ذریعۂ ہدایت؛-
سیدنا عبدالرحمٰن بن ابی عمیرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اے اللہ! تو سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو ہدایت دے اور ہدایت یافتہ بنا دے اور ان کے ذریعہ لوگوں کو ہدایت دے۔ [سنن جامع ترمذی 3842، مسند احمد 17895، مشكوٰة المصابيح 6244، مجمع الزوائد ومنبع الفوائد للهيثمی 8898، مسند الشاميين للطبرانی 311، 2198، البداية والنهاية لابن كثير 11/407، كتاب السنة للخلال 699، معجم الاوسط للطبرانی 656، تاريخ دمشق لابن عساكر 59/82، تحفة الاشراف للمزی 9708، حلية الأولياء وطبقات الأصفياء لابی نعيم الاصبهانی 8/358، الآحاد والمثانی لابن ابی عاصم 1129، العواصم من القواصم لابن العربی 1/205، تاريخ الكبير لابن ابی الخيثمة 1233، معرفة الصحابة لابی نعيم الاصبهانی 4634، معجم الصحابه للبغوی 1948، الشريعة للآجری 1915، جامع الكبير للسيوطی 9790، تاريخ الاسلام للذهبی 2/542، سلسلة الاحاديث الصحيحة للالبانی 1969، طبقات الكبریٰ لابن سعد 7/418، اتحاف المهرة لابن حجر العسقلانی 13513، كتاب الكبير للبخاری 5/240 رقم 791، معجم الصحابة لابن قانع 2/146 واسنادهُ صحيح]
امام ابو عیسیٰ الترمذی رحمہ اللہ نے اس حدیث کو روایت کرنے سے قبل اس پر باب قائم کیا ”مناقب معاوية بن ابی سفيان“ اور پھر اسے روایت کیا۔
❼ نبوی دعا، علم، حکومت اور نجاتِ آخرت؛-
سیدنا عرباض بن ساریہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ”اے اللہ! سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو قرآن اور حساب کا علم سکھا، انہیں ملکوں کی حکومت عطا فرما اور انہیں عذاب سے محفوظ فرما“۔ [مسند احمد 17283، فضائل الصحابة لأحمد بن حنبل 1748، المعرفة والتاريخ للفسوی 2/354، مسند البزار 4202، صحيح ابن خزيمة 1938، معجم الصحابة للبغوی 2185، صحيح ابن حبان 3544، معجم الكبير للطبرانی 18/251 رقم 628، مسند الشاميين 2010، الشريعة للآجری 1912، معرفة الصحابة لابی نعيم الاصبهانی 2120، تاريخ دمشق لابن عساكر 59/75، سير اعلام النبلاء للذهبی 4/260، أسد الغابة فی معرفة الصحابة لابن الاثير الجزری 1/393، تاريخ الاسلام للذهبی 4/309، معجم الشيوخ للسبكی 1/441، البداية والنهاية لابن كثير 8/129، جامع المسانيد والسنن لابن كثير 7403، غاية المقصد فی زوائد المسند للهيثمی 3848، كشف الأستار عن زوائد البزار للهيثمی 2723، مجمع الزوائد ومنبع الفوائد للهيثمی 15917، سلسلة الاحاديث الصحيحة للالبانی 3227 واسنادهُ صحيح]
❽ کاتبِ وحی ہونے کا شرف؛-
سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما بیان فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے بھیجا کہ میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو بلا کر لاؤں اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی (وحی کی) کتابت فرمایا کرتے تھے۔ [مسند احمد 3104 واسنادهُ صحيح]
امام ابن کثیر رحمہ اللہ نے فرمایا کہ امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے کاتب وحی ہونے پر اجماع ہے۔ [البداية والنهاية لابن كثير 5/354]
اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ یہ (قرآن) ایسے صحیفوں میں درج ہے جو مکرم ہیں، بلند ہیں، پاکیزہ ہیں، معزز ہیں اور نیک کاتبوں کے ہاتھوں میں رہتے ہیں۔ جبکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ قرآن مجید کا ماہر، قرآن لکھنے والے انتہائی معزز اور اللہ کے فرمانبردار فرشتوں کے ساتھ ہو گا۔ [صحيح مسلم 1862]
یعنی عرش پر یہ وحی کی کتابت کا کام اللہ فرشتوں سے جبکہ فرش پر اپنے معزز و پاکیزہ لوگوں سے لیتا ہے۔
❾ امر بالمعروف و نہی عن المنکر؛-
سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی فضیلت کا ایک روشن پہلو یہ بھی تھا کہ جب کبھی کسی منکر، خلافِ شریعت امر یا باطل رسم کو دیکھتے تو خاموشی اختیار نہ کرتے بلکہ پوری صراحت اور قوت کے ساتھ زبانِ حق کو حرکت دیتے۔ چنانچہ سیدنا حمید بن عبدالرحمٰن رحمہ اللہ بیان فرماتے ہیں کہ انہوں نے حج کے سال مدینہ منورہ میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو منبر پر یہ فرماتے ہوئے سنا کہ انہوں نے بالوں کی ایک چوٹی، جو ان کے چوکیدار کے ہاتھ میں تھی، اٹھا کر فرمایا: ”تمہارے علماء کہاں ہیں؟ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس قسم کے بال بنانے سے منع فرماتے ہوئے سنا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے تھے کہ بنی اسرائیل اسی وقت ہلاک ہوئے جب ان کی عورتوں نے اس طرز کو اختیار کر لیا“۔ [صحيح البخاری 5932]
یہی وہ منہجِ حق تھا جس کی تعلیم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس ارشادِ مبارک میں دی کہ ”تم میں سے جو شخص کسی برائی کو دیکھے وہ اسے اپنے ہاتھ سے بدل دے، اگر اس کی طاقت نہ رکھتا ہو تو زبان سے روکے، اگر اس کی بھی استطاعت نہ ہو تو دل میں اسے برا جانے اور یہ ایمان کا کمزور ترین درجہ ہے“۔ [صحيح مسلم 49]
پس ان نصوص سے یہ حقیقت روزِ روشن کی طرح عیاں ہو جاتی ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے باب میں نہایت حساس تھے، اور خلافِ شریعت امور کو دیکھ کر اصلاح و تنبیہ کا فریضہ ادا کرتے تھے۔
❿ تواضع و انکساری؛-
سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی عاجزی و انکساری کا عالم یہ تھا کہ ایک مرتبہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ باہر نکلے، سیدنا عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما اور سیدنا ابن صفوان رضی اللہ عنہ انہیں دیکھ کر احتراماً کھڑے ہو گئے تو سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے کہا آپ دونوں بیٹھ جائیں۔ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا کہ آپ نے فرمایا ”جو شخص یہ پسند کرے کہ لوگ اس کے سامنے باادب کھڑے ہوں تو وہ اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنا لے“۔ [مصنف ابن ابی شيبة 25572، سنن الترمذی 2755، معجم الكبير للطبرانی 822، مسند ابوداؤد الطيالسی 1053، الشريعة للآجری 1950، شعب الايمان للبيهقی 8938 واسنادهُ صحيح]
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی یہی وہ عاجزی و انکساری تھی جس کے بارے اللہ نے قرآن میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی صفات بتاتے ہوئے فرمایا تھا کہ رحمٰن کے بندے وہ ہیں جو زمین پر نرمی اور عاجزی سے چلتے ہیں۔ [الفرقان 63]
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو کوئی اللہ کی خاطر عاجزی و انکساری اختیار کرتا ہے تو اللہ اسے بلند کر دیتا ہے۔ [صحيح مسلم 2588]
⓫ رعایا نوازی اور حقوق العباد؛-
سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی سیرت کا ایک نمایاں پہلو رعایا کے حقوق کا احساس اور حاجت مندوں کے ساتھ خیر خواہی بھی تھا۔ چنانچہ سیدنا عمرو بن مرہ رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ انہوں نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سے کہا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا ہے کہ ”جو بھی حاکم حاجت مندوں، محتاجوں اور مسکینوں کے لیے اپنے دروازے بند رکھتا ہے تو اللہ تعالیٰ بھی اس کی ضرورت، حاجت اور مسکنت کے لیے اپنے دروازے بند رکھتا ہے“۔ جب سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے یہ سنا تو لوگوں کی ضرورت کے لیے ایک آدمی کو مقرر کر دیا۔ [مسند احمد 18033، سنن ابوداؤد 2948، سنن الترمذی 1332، مسند ابويعلیٰ 1566 واسنادهُ صحيح]
یہی وہ طرزِ حکمرانی تھا جس میں اقتدار کے ساتھ احساسِ ذمہ داری، اور امارت کے ساتھ خدمتِ خلق کا جذبہ نمایاں دکھائی دیتا ہے۔
⓬ اشاعتِ سنت اور تعلیمِ اذکار؛-
سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا یہ وصف بھی نہایت نمایاں تھا کہ وہ سنتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کو نہ صرف خود اختیار کرتے بلکہ اسے لوگوں میں عام کرنے اور امت کو اس کی تعلیم دینے کا بھی اہتمام فرماتے تھے۔ سیدنا مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ نے ایک مرتبہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو خط لکھا کہ میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو سلام پھیرتے وقت یہ کلمات کہتے ہوئے سنا ہے کہ ”اللہ کے علاوہ کوئی معبود نہیں وہ یکتا ہے اس کا کوئی شریک نہیں، حکومت اسی کی ہے اور تمام تعریفیں بھی اسی کی ہیں، اے اللہ! جسے آپ دیں اس سے کوئی روک نہیں سکتا اور جس سے روک لیں اسے کوئی دے نہیں سکتا اور آپ کے سامنے کسی مرتبے والے کا مرتبہ کام نہیں آ سکتا“۔ وراد کا کہنا ہے کہ اس کے بعد ایک مرتبہ میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی خدمت میں حاضر ہوا تو میں نے برسر منبر انہیں لوگوں کو یہ کلمات کہنے کا حکم دیتے ہوئے سنا وہ لوگوں کو یہ کلمات سکھا رہے تھے۔ [مسند احمد 18139، تاريخ دمشق لابن عساكر 62/425 واسنادهُ صحيح]
یوں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی سیرت کا یہ پہلو بھی روشن ہو جاتا ہے کہ وہ اذکارِ نبویہ، تعلیمِ سنت اور اصلاحِ امت کے باب میں نہایت حریص تھے اور خیر کی جس بات کو سنتے اسے اپنی ذات تک محدود رکھنے کے بجائے لوگوں تک پہنچانا اپنا دینی فریضہ سمجھتے تھے۔
⓭ اعتمادِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم اور حسنِ تدبیر؛-
سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اعتماد، حسنِ تدبیر اور اہلیتِ کار کا اندازہ اس امر سے بھی ہوتا ہے کہ جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا وائل بن حجر رضی اللہ عنہ کو حضرِ موت کے علاقہ میں ایک زمین بطور جاگیر دی تو اس کی حدود کی نشاندہی کے لیے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو مقرر فرمایا۔ [سنن الترمذی 1381، مسند احمد 27238، سنن الكبریٰ للبيهقی 11907 وسندهُ حسن]
یہ اس بات کی روشن دلیل ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے نزدیک امانت، فہم اور انتظامی صلاحیت کے اعتبار سے قابلِ اعتماد شخصیت تھے۔ اسی لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں ایسے معاملات میں ذمہ داری سونپی جن میں دیانت، بصیرت اور حسنِ تدبیر بنیادی حیثیت رکھتے تھے۔
⓮ جماعتِ عظمیٰ کے امیر؛-
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بذریعۂ وحی آنے والے فتنوں کے ایام کی خبر دیتے ہوئے سیدنا حسن بن علی رضی اللہ عنہما کے بارے فرمایا کہ ”یہ میرا بیٹا سردار ہے اور مجھے امید ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کے ذریعے مسلمانوں کی دو عظمت والی جماعتوں کے درمیان صلح کرا دے گا“۔ [صحيح البخاری 2704]
چنانچہ تاریخ نے گواہی دی کہ سیدنا حسن بن علی رضی اللہ عنہما نے اپنی خلافت سے دستبردار ہو کر امتِ مسلمہ کے خون کو بہنے سے بچایا اور افتراق و انتشار کے بجائے صلح، اجتماع اور وحدتِ امت کو ترجیح دی۔ یہی وہ عظیم منقبت ہے جس نے سیدنا حسن رضی اللہ عنہ کو امت کے مصلح، اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو مسلمانوں کی ایک عظمت والی جماعت کے امیر کے طور پر نمایاں کیا اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ مبارک پیشگوئی 41 ہجری میں حرف بہ حرف پوری ہو کر سامنے آئی۔
⓯ اہلِ شام اور طائفہ منصورہ؛-
سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی ایک عظیم فضیلت یہ بھی ہے کہ وہ اُس جماعت کے امیر تھے جس کے بارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے خبر دی کہ میری امت کا ایک گروہ ہمیشہ اللہ کے حکم پر قائم، حق پر غالب اور مخالفین کے مقابلے میں ثابت قدم رہے گا، نہ انہیں ذلیل کرنے والے ان کا کچھ بگاڑ سکیں گے اور نہ مخالفت کرنے والے انہیں کوئی نقصان پہنچا پائیں گے۔ چنانچہ سیدنا مالک بن یخامر رضی اللہ عنہ نے جب یہ حدیث سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے سامنے بیان کی تو فرمایا کہ سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ اس جماعت سے مراد اہلِ شام لیا کرتے تھے۔ [صحيح البخاری 3641، صحيح مسلم 4950]
یوں یہ روایت اس امر کی واضح دلیل ہے کہ اہلِ شام کو خیر، ثبات اور نصرتِ حق کے ساتھ خاص نسبت حاصل تھی اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ ان ہی کے امیر و قائد تھے۔
⓰ موقفِ عثمان رضی اللہ عنہ کی تائید؛-
سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کی فضیلت اور ان کے موقفِ حق پر ہونے کی ایک روشن دلیل وہ روایت بھی ہے جسے سیدنا مرہ بن کعب رضی اللہ عنہ نے بیان فرمایا۔ وہ کھڑے ہوئے اور فرمایا کہ اگر میں نے یہ حدیث خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے نہ سنی ہوتی تو کبھی بیان نہ کرتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فتنوں کا ذکر فرمایا، اسی دوران ایک نقاب پوش شخص وہاں سے گزرا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے دیکھ کر فرمایا: ”اس دن یہ شخص اور اس کے ساتھی حق پر ہوں گے“۔ سیدنا مرہ بن کعب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں فوراً اس شخص کے پیچھے گیا، اس کا مونڈھا پکڑ کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف رخ کیا اور عرض کیا کہ ”یا رسول اللہ! یہ شخص؟“ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”ہاں“۔ دیکھا تو وہ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ تھے۔ [مسند احمد 18068، مصنف ابن ابی شيبة 32026، فضائل الصحابة لأحمد 824، معرفة الصحابة لأبي نعيم 6222 واسنادهُ صحيح]
چنانچہ جس روز امیر المؤمنین سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ مظلومانہ طور پر شہید کیے گئے، اس وقت سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ ان کی جانب سے شام کے عامل تھے۔ یوں فتنوں کے اس دور میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے جو موقف اور اجتہاد اختیار کیا وہ درحقیقت سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کے حق اور ان کے خون کے مطالبے سے وابستہ تھا اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اس بشارت کی روشنی میں یہی امر ان کے موقف کے برحق ہونے کی تائید کرتا ہے۔
⓱ عدل و تقویٰ کی نبوی وصیت؛-
سیدنا سعید بن عمرو رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ جب سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیمار ہو گئے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے وضو کے برتن کی خدمت کا فریضہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ انجام دینے لگے۔ ایک موقع پر جب وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے وضو کا پانی انڈیل رہے تھے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک یا دو مرتبہ سر اٹھا کر ان کی طرف دیکھا اور فرمایا کہ ”اے معاویہ! اگر آپ کو کبھی کوئی ذمہ داری یا حکومت سونپی جائے تو اللہ عزوجل سے ڈرتے رہنا اور عدل و انصاف کو لازم پکڑنا“۔ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: اس ارشادِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد میں ہمیشہ یہ گمان کرتا رہا کہ ضرور مجھے کسی منصب و ذمہ داری میں مبتلا کیا جائے گا یہاں تک کہ واقعی مجھے اس آزمائش سے دوچار ہونا پڑا۔ [مسند احمد 16933، مسند ابویعلیٰ 7380، تاريخ دمشق لابن عساكر 59/108، مشكاة المصابيح للتبريزی 3715، سير اعلام النبلاء للذهبی 3/131، البداية والنهاية لابن كثير 8/180 واسنادهُ صحيح]
⓲ حجامتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی سعادت؛-
سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ مجھے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بال قینچی سے تراشنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ [صحيح البخاری 1730]
⓳ علم، حلم اور بصیرتِ دین کی نبوی دعا؛-
سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے فضائل و مناقب میں یہ شرف بھی شامل ہے کہ انہیں براہِ راست نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا نصیب ہوئی۔ چنانچہ ایک موقع پر جب سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک ہی سواری پر سوار تھے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے شفقت و التفات کے ساتھ دریافت فرمایا: ”اے معاویہ! تمہارے جسم کا کون سا حصہ میرے زیادہ قریب ہے؟“ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے عرض کیا کہ ”میرا پیٹ“۔ اس پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دعا فرمائی ”اے اللہ! اسے علم و حلم سے بھر دے“۔ [تاريخ الكبير للبخاری 8/180 رقم 2624، الشريعة للآجری 1921، معجم الصحابة للبغوی 2188 واسنادهُ حسن]
چنانچہ تاریخ گواہ ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ اپنی فقاہت، بردباری، حلم، تدبر اور حسنِ سیاست کے اعتبار سے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم میں نمایاں مقام رکھتے تھے، یہاں تک کہ اہلِ علم نے انہیں فقہاء صحابہ رضی اللہ عنہم اور اصحابِ رائے و تدبیر میں شمار کیا ہے۔