كتاب الطهارة
ختنے کے متعلق احکامات
① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
اختتن إبراهيم بقدوم
”ابراہیم علیہ السلام نے تیشے کے ساتھ اپنا ختنہ کیا۔“
بخاری، کتاب احادیث الانبیاء، 3356۔ مسلم، 2370۔
② سیدنا سعید بن جبیر رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے دریافت کیا گیا کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے وفات پائی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کس عمر کے تھے؟ انہوں نے فرمایا:
”ان دنوں میرے ختنے ہو چکے تھے، اور وہ سنِ بلوغت کو پہنچ جانے والے شخص کے ختنے کیا کرتے تھے۔“
بخاری، کتاب الاستئذان، 6299۔
مسواک کی اہمیت
① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لولا أن أشق على أمتي لأمرتهم بالسواك عند كل صلاة
”اگر میں اپنی امت پر مشقت نہ سمجھتا تو انہیں ہر نماز کے وقت مسواک کرنے کا حکم فرماتا۔“
بخاری، کتاب الجمعة، 887۔ مسلم، کتاب الطهارة، 42/252۔
② سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب تہجد کے لیے اٹھتے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسواک سے اپنے منہ کو صاف کرتے تھے۔
بخاری، کتاب الجمعة، 1136۔ مسلم، کتاب الطهارة، 255۔
③ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم رات یا دن کے وقت سونے اور بیدار ہونے کے وقت وضو کرنے سے پہلے مسواک کیا کرتے تھے۔
ابو داؤد، کتاب الطهارة، 57۔ روایت ضعیف ہے اس لیے کہ اس کی سند میں علی بن زید ضعیف اور ام محمد مجہولہ ہے ۔
④ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا ہی بیان کرتی ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مجھے مسواک دیتے تاکہ میں اسے دھو ڈالوں، پس پہلے میں مسواک کرتی، پھر اسے دھوتی اور پھر اسے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں پیش کرتی۔
ابو داؤد، کتاب الطهارة، 52۔ روایت حسن ہے ۔
نظافت کے متعلق احکامات
① سیدنا ابن مسیب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا:
إن الله طيب يحب الطيب، نظيف يحب النظافة، كريم يحب الكرم، جواد يحب الجود، فنظفوا أراه قال أفنيتكم، ولا تشبهوا باليهود
”یقینا اللہ پاک ہے، پاکیزگی کو پسند کرتا ہے۔ وہ نظیف ہے، نظافت کو پسند کرتا ہے۔ وہ کریم ہے، شرافت کو پسند کرتا ہے۔ وہ سخی ہے، سخاوت کو پسند کرتا ہے۔ اور اپنے صحن کو صاف رکھو اور یہودیوں کی مشابہت اختیار نہ کرو۔“
ابو داؤد، کتاب الادب، 4884۔ مسند احمد، اوّل مسند المدنيين، 39/4، حدیث 6374۔
بیت الخلاء میں جاتے وقت انگوٹھی اتارنے کے احکامات
① سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب بیت الخلاء جاتے تو اپنی انگوٹھی اتار دیتے تھے۔
ترمذی، 1746۔ ابو داؤد، کتاب الطهارة، 19۔ امام ابو داؤد رحمہ اللہ نے فرمایا: یہ حدیث منکر ہے ۔