کیا کسی غیر صحابی کو اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اجتہادات کے بارے میں ”اجتہادی خطا“ کی نسبت کرنے کا اختیار ہے؟
اس موضوع کو کتاب کے آغاز میں ذکر کرنے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی ذاتِ گرامی پر وارد کیے جانے والے اعتراضات کا ایک بڑا حصہ اسی بنیاد پر قائم کیا جاتا ہے کہ جنگِ صفین، ولایتِ سیدنا یزید رحمہ اللہ اور اہلِ بیتِ اطہار کے ساتھ پیش آنے والے بعض معاملات محض ان کی اجتہادی خطاؤں کا نتیجہ تھے، العیاذ باللہ۔ افسوس کہ یہ نظریہ رفتہ رفتہ اہلِ سنت والجماعت کے بعض حلقوں میں سرایت کرتا چلا گیا اور آج صورتِ حال یہ ہے کہ خود کو منہجِ سلف صالحین کا پیروکار کہنے والے بعض افراد بھی اسی فکر کو اختیار کیے ہوئے نظر آتے ہیں۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ مسئلہ محض ایک تاریخی بحث نہیں بلکہ مقامِ صحابیت، عدالتِ صحابہ رضی اللہ عنہم اور فہمِ سلف کے ساتھ براہِ راست تعلق رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس مسئلے میں لغزش محض ایک جزوی خطاء نہیں بلکہ بسا اوقات پورے منہجِ استدلال کو متاثر کر دیتی ہے۔ مزید برآں تاریخِ علمی اس امر پر بھی شاہد ہے کہ سلفِ امت کے بعض افراد بھی جب اس باب میں اصولِ اہلِ سنت سے ہٹے تو وہ علمی اضطراب اور فکری لغزش کا شکار ہوئے۔ چنانچہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس موضوع کی بنیاد ہی میں موجود اصولی غلطی کو واضح کیا جائے، تاکہ بعد میں پیش کیے جانے والے اعتراضات کی حقیقت بھی خود بخود آشکار ہو جائے۔ حقیقت یہ ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اس دنیا میں انبیاء و رسل علیہم السلام کے بعد افضل ترین جماعت ہیں۔ ان کی فضیلت محض عبادت کی کثرت، زہد و ورع کی فراوانی، علم کی وسعت یا اجتہاد کی گہرائی کی بنا پر نہیں بلکہ صحبتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اس عظیم نعمت کی بنا پر ہے جس کے سامنے بعد والوں کی تمام فضیلتیں ہیچ ہیں۔ کوئی شخص محدث ہو یا مفسر، معلم ہو یا مدبر، عابد ہو یا زاہد، مجتہد ہو یا علامہ، قطب ہو یا ولی، بلکہ اگر وہ تابعی ہی کیوں نہ ہو، راتوں کو تہجد میں گزار دے، نفلی روزوں، نمازوں اور صدقات کی کثرت کر لے اور اپنی تمام زندگی اطاعت و عبادت میں صرف کر دے، تب بھی وہ کسی صحابی کی اُس ایک نیکی کے برابر نہیں پہنچ سکتا جو اس نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبتِ مبارکہ میں انجام دی ہو۔ یہی وہ حقیقت ہے جسے سلفِ امت نے بارہا بیان کیا اور جس پر اہلِ سنت والجماعت کا اجماع قائم رہا۔ لہٰذا امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے میں کسی بھی اعتراض، الزام یا شبہے کا جائزہ لینے سے قبل مقامِ صحابیت کے اسی بنیادی اصول کو پیشِ نظر رکھنا ناگزیر ہے۔
کیونکہ جب بنیاد درست ہو گی تو اس پر قائم ہونے والی پوری عمارت بھی درست رہے گی اور جب بنیاد ہی متزلزل کر دی جائے تو پھر تاریخ کے ہر باب میں شبہات کے دروازے کھلتے چلے جائیں گے۔ مزید برآں اللہ تعالیٰ نے محض صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی مدح و ثنا ہی پر اکتفا نہیں فرمایا بلکہ ان کے ایمان، فہم اور منہج کو بعد آنے والی امت کے لیے معیارِ ہدایت بھی قرار دیا۔ چنانچہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے فَإِنْ آمَنُوا بِمِثْلِ مَا آمَنْتُمْ بِهِ فَقَدِ اهْتَدَوْا ”پس اگر یہ لوگ بھی اسی طرح ایمان لے آئیں جیسے تم ایمان لائے ہو تو یقیناً ہدایت پا جائیں گے“۔ [البقرہ 137]
اسی طرح ایک اور مقام پر فرمایا وَمَنْ يُشَاقِقِ الرَّسُولَ مِنْ بَعْدِ مَا تَبَيَّنَ لَهُ الْهُدَى وَيَتَّبِعْ غَيْرَ سَبِيلِ الْمُؤْمِنِينَ نُوَلِّهِ مَا تَوَلَّى وَنُصْلِهِ جَهَنَّمَ وَسَاءَتْ مَصِيرًا ”اور جو شخص ہدایت واضح ہو جانے کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مخالفت کرے اور مومنوں کے راستے کے علاوہ کسی اور راستے کی پیروی کرے تو ہم اسے اسی طرف پھیر دیں گے جدھر وہ خود مڑ گیا اور اسے جہنم میں داخل کریں گے اور وہ بہت برا ٹھکانہ ہے“۔ [النساء 115]
ان دونوں آیاتِ مبارکہ سے یہ حقیقت دوپہر کے سورج کی طرح روشن ہو جاتی ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا ایمان، ان کا فہم اور ان کا منہج ہی صراطِ مستقیم کا معیار اور میزانِ ہدایت ہے۔ پس جس عقیدے، عمل، فہم یا اجتہاد کی تائید صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے نہ ملے، وہ خواہ کتنا ہی خوش نما کیوں نہ دکھائی دے، ہدایت کا ضامن نہیں ہو سکتا۔ یہی وجہ ہے کہ اہلِ سنت والجماعت کے نزدیک صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی اتباع محض فضیلت نہیں بلکہ دین کی حفاظت اور راہِ نجات کا بنیادی اصول ہے۔ مزید وضاحت کے لیے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد ملاحظہ فرمائیے کہ آپ نے فرمایا ”میرے صحابہ کو برا بھلا نہ کہو، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! اگر تم میں سے کوئی احد پہاڑ کے برابر سونا اللہ کی راہ میں خرچ کر دے تو بھی وہ میرے صحابہ میں سے کسی ایک کے آدھے مد بلکہ ایک مد کے برابر نہیں پہنچ سکتا“۔ [صحيح البخاري 3673]
اسی طرح سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”میرے صحابہ کو برا نہ کہو، کیونکہ ان میں سے کسی ایک کا چند ساعتیں میری صحبت میں رہنا تمہارے ساری عمر کے اعمال سے بہتر ہے“۔ [سنن ابن ماجه 162]
اس فضیلت کی وسعت اور عظمت کا اندازہ اس واقعے سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ایک شخص زرہ پہنے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا یا رسول اللہ! پہلے جنگ میں شریک ہوں یا پہلے اسلام قبول کروں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا پہلے اسلام قبول کرو، پھر جہاد میں شریک ہونا۔ چنانچہ وہ اسلام لایا، جنگ میں شریک ہوا اور شہید ہو گیا۔ اس پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”اس نے عمل کم کیا مگر اجر بہت زیادہ پا لیا“۔ [صحيح البخاري 2808]
پس جب محض چند لمحوں کی صحبتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کسی شخص کو وہ رفعت عطا کر سکتی ہے جس تک بعد والوں کی عمر بھر کی عبادتیں اور ریاضتیں بھی نہ پہنچ سکیں، تو مقامِ صحابیت کی بلندی کا اندازہ لگانا چنداں دشوار نہیں رہتا۔ یہی وجہ ہے کہ محدثینِ عظام نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے بارے میں کلام کرتے وقت نہایت احتیاط، ادب اور توقیر کا راستہ اختیار کیا، اور ان کے اجتہادات و اختلافات کے باب میں ایسے اصول وضع کیے جن کا مقصد ان نفوسِ قدسیہ کے مقام و مرتبہ کی حفاظت تھا۔ چنانچہ اسی پس منظر میں چند محدثین نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے بعض اجتہادی معاملات کے لیے ”اجتہادی خطاء“ جیسی اصطلاحات ذکر کیں۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ یہی اصطلاح بعد کے ادوار میں رفتہ رفتہ ایک ایسے دروازے میں تبدیل ہو گئی جس کے ذریعے رافضیت نے اہلِ سنت کے بعض حلقوں میں نفوذ حاصل کیا۔ چنانچہ عصرِ حاضر میں جتنے بھی معروف خطباء، مقررین اور قلم کار (مولانا مودودی، اسحاق جہالوی، پیر نصیر الدین نصیر) صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر طعن و تشنیع کے راستے پر چلتے دکھائی دیتے ہیں، ان میں سے اکثر نے ابتدا ”اجتہادی خطاء“ کے خوش نما عنوان سے کی۔ پھر رفتہ رفتہ اسی عنوان کو سیڑھی بنا کر اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اجتہادات، فیصلوں اور مواقف پر کھلے اعتراضات شروع کر دیے۔ یہی وجہ ہے کہ سن 2015ء تک مرزا جہلمی بھی امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے معاملات کو محض ”اجتہادی خطاء“ سے تعبیر کیا کرتا تھا۔ مگر جب اس کے بقول حالات سازگار ہوئے اور ماحول موافق نظر آیا تو اس نے کھل کر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر طعن و تشنیع کا دروازہ کھول دیا۔ درحقیقت کسی صحابیِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں یہ دعویٰ کرنا کہ وہ اپنے اجتہاد میں خطاء پر تھا، بسا اوقات شعوری یا لاشعوری طور پر مقامِ صحابیت کے ساتھ ایک نہایت سنگین تعرض بن جاتا ہے۔ کیونکہ جب اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے مقام، عدالت، صدقِ ایمان اور ہدایت پر ہونے کی گواہی دے دی، تو پھر صدیوں بعد آنے والے افراد چاہے وہ محدث ہو یا پھر مفسر، کو یہ حق کس نے دیا کہ وہ عباسی دورِ حکومت میں سیاسی بنیادوں پر مرتب ہونے والی روایات، متعارض تاریخی حکایات اور غیر قطعی واقعات کو بنیاد بنا کر ان نفوسِ قدسیہ کے بارے میں خطاء و صواب کے فیصلے صادر کریں؟ اللہ تعالیٰ تو پہلے ہی فرما چکا ہے کہ وہ ان سے راضی ہو گیا۔ [التوبہ 100]
ان سب سے بھلائی اور جنت کا وعدہ فرما چکا ہے۔ [الحدید 10]
ان کے دلوں کے اخلاص، صدق اور وفاداری کو جان کر ان پر اپنی سکینت نازل کر چکا ہے اور انہیں فتحِ مبین سے نواز چکا ہے۔ [الفتح 18]
بلکہ اس سے بھی بڑھ کر ربِ کریم نے ان کے بارے میں یہ فیصلہ صادر فرمایا کہ اس نے ان کے دلوں میں ایمان کو محبوب بنا دیا، اسے ان کے قلوب میں مزین کر دیا اور کفر، فسق اور نافرمانی کو ان کے لیے ناپسندیدہ بنا دیا اور یہی لوگ راشدون و ہدایت یافتہ ہیں۔ [الحجرات 7]
پس جب خالقِ کائنات خود انہیں ہدایت یافتہ قرار دے رہا ہو اور قرآنِ مجید انہیں صراطِ مستقیم پر ثابت قدم جماعت کے طور پر پیش کر رہا ہو، تو ان کے اجتہادات کے بارے میں حسنِ ظن، سلامتیِ زبان اور توقیرِ قلب ہی اہلِ سنت کا شیوہ ہونا چاہیے۔ مزید برآں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی فتنۂ صفین اور اس نوع کے اختلافات کے بارے میں ایسی رہنمائی عطا فرما دی جو اس باب میں فیصلہ کن حیثیت رکھتی ہے۔ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خبر دی کہ میری امت کے دو عظیم گروہ آپس میں قتال کریں گے اور ان کے درمیان سے ایک تیسرا گروہ خروج کرے گا، جسے وہ جماعت قتل کرے گی جو حق کے زیادہ قریب ہو گی۔ [صحيح مسلم 2459]
غور کیجیے! نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دونوں جماعتوں کو امت ہی قرار دیا، دونوں کو دائرہ اسلام سے خارج نہیں کیا اور نہ ہی کسی ایک کو مطلق گمراہی سے تعبیر فرمایا۔ اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ میری امت کا ایک گروہ ہمیشہ حق پر قائم رہے گا، اس کا مخالف اسے نقصان نہیں پہنچا سکے گا یہاں تک کہ قیامت قائم ہو جائے۔ سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ ہمارے زمانے میں یہ جماعت اہلِ شام ہے اور امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے اس کی تائید فرمائی۔ [صحيح البخاری 3641، صحيح مسلم 4950]
مزید برآں سیدنا عبداللہ بن حوالہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”تم مختلف لشکروں میں تقسیم ہو جاؤ گے ایک لشکر شام میں ہو گا، ایک یمن میں اور ایک عراق میں۔ میں نے عرض کیا یا رسول اللہ! اگر میں اس زمانے کو پاؤں تو میرے لیے کیا حکم ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا شام کو لازم پکڑنا کیونکہ وہ اللہ تعالیٰ کی پسندیدہ سرزمین ہے اور اللہ تعالیٰ اپنے برگزیدہ بندوں کو وہاں جمع فرمائے گا۔ پھر فرمایا اللہ تعالیٰ نے میرے لیے شام اور اہلِ شام کی ضمانت لے لی ہے“۔ [سنن ابوداؤد 2483، واسناده صحيح]
پس قرآنِ مجید کی نصوص، احادیثِ نبویہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات اور سلف صالحین کے جمہور کے فہم کا مجموعی حاصل یہی ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے مابین پیش آنے والے اختلافات کو بعد کے لوگوں کے لیے طعن و تشنیع کا دروازہ نہیں بنایا جا سکتا۔ بلکہ ان نصوص سے یہی ثابت ہوتا ہے کہ وہ سب اپنے اجتہاد، نیت اور مقصد کے اعتبار سے دین کی خدمت اور حق کے حصول کے طالب تھے، اور ان کے بارے میں اہلِ سنت کا منہج ہمیشہ ادب، توقیر، حسنِ ظن اور کفِّ لسان ہی رہا ہے۔ پس جب قرآن و سنت میں کہیں یہ تقسیم موجود نہیں کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے اختلافات کو ”صحیح اجتہاد“ اور ”غلط اجتہاد“ کے خانوں میں بانٹ کر بعد کے لوگ ان پر فیصلے صادر کریں، تو پھر صدیوں بعد آنے والے کسی محدث، مفسر، فقیہ یا مجتہد کو یہ اختیار کہاں سے حاصل ہو گیا کہ وہ عباسی دور اور اس کے بعد مرتب ہونے والی تاریخی روایات کو میزان بنا کر اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے افعال و مواقف پر حکم لگائے اور ان کی طرف ”اجتہادی خطاء“ کی نسبت کرے؟ اگر یہی طرزِ استدلال درست مان لیا جائے تو پھر یہی دروازہ انبیاء کرام علیہم السلام کے بارے بھی کھل جاتا ہے۔ کیا کوئی مسلمان یہ گوارا کرے گا کہ کوئی شخص قرآنِ مجید میں مذکور بعض واقعات کو بنیاد بنا کر سیدنا آدم علیہ السلام، سیدنا موسیٰ علیہ السلام یا سیدنا یونس علیہ السلام کے بارے بیٹھ کر ”اجتہادی خطاؤں“ کی فہرست مرتب کرے اور پھر صدیوں بعد ان کے افعال پر منصف بن کر فیصلے صادر کرتا پھرے؟ ہرگز نہیں۔ کیونکہ ہر صاحبِ ایمان جانتا ہے کہ انبیاء علیہم السلام کے واقعات سے مقصود عبرت و ہدایت ہے، نہ کہ ان کی ذاتوں کو تنقید و محاکمے کا ہدف بنانا۔ پھر جب انبیاء کرام علیہم السلام کے بعد روئے زمین کی افضل ترین جماعت صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی ہو، تو ان کے بارے میں ایسا طرزِ فکر کیوں کر قبول کیا جا سکتا ہے؟ اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم وہ نفوسِ قدسیہ ہیں جن کے ادنیٰ فرد پر بھی اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے احسانات کا ذکر قرآن و حدیث میں موجود ہے اور جن کی قربانیوں کا قرض اسلام آج تک ادا نہیں کر سکا۔ اگر اسلام مشرق سے مغرب تک پہنچا، اگر کلمہ توحید نے ایوانِ کسریٰ و قیصر کو لرزایا، اگر قرآنِ کریم دنیا کے کناروں تک پہنچا اور اگر امتِ مسلمہ کو عزت و شوکت نصیب ہوئی تو اس کے پس منظر میں انہی نفوسِ قدسیہ کی جانفشانیاں، قربانیاں اور بے مثال اخلاص کارفرما تھا۔ ان کا مقصد نہ اقتدار تھا، نہ جاہ و منصب، نہ دنیا تھی اور نہ اس کی زینت۔ ان کی زندگی کا ایک ہی نصب العین تھا اور وہ تھا اللہ کی رضا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت۔ یہ وہ لوگ تھے جنہوں نے اللہ کی رضا پا لینے کے بعد بھی اطاعتِ الٰہی سے خود کو ایک لمحہ جدا نہ کیا۔ بدی ان سے روٹھ گئی، معصیت ان سے دور ہو گئی اور جاہلیت کی تاریکیاں ان کے نورِ ایمان کے سامنے تحلیل ہو کر رہ گئیں۔ ان کے نعرۂ حق نے باطل کی صدیوں پرانی عمارتوں کو اس طرح منہدم کیا کہ گویا وہ خس و خاشاک کا ڈھیر ہوں۔ ان کے اخلاص و یقین نے وہ کارنامے انجام دیے جن کا تصور بھی اس سے پہلے ممکن نہ تھا۔ ظن و گمان کی دھند چھٹ چکی تھی، شک و شبہ کے بادل منتشر ہو چکے تھے اور ان کی جگہ یقین، ایمان اور معرفت کی ایسی روشنی نے لے لی تھی جس نے باطن کے ہر گوشے کو منور کر دیا تھا۔ گویا انسانیت اپنے ارتقائی سفر کی بلند ترین منزل پر پہنچ چکی تھی اور کمالِ عبدیت و انسانیت کا ایک زندہ نمونہ دنیا کے سامنے موجود تھا۔ کفر و شرک سے ایسی فطری نفرت ان کے دلوں میں راسخ ہو چکی تھی کہ رجعت کا ہر دروازہ بند ہو گیا۔ ان کے قلوبِ صافیہ ہر قسم کے زنگ و کدورت سے پاک ہو کر نورِ یقین کے آئینے بن گئے۔ پس ایسی بلند مرتبت، مقدس اور ربانی شخصیات کے بارے میں اگر کوئی محدث، معلم، مجتہد، مفسر، عابد یا زاہد ”خطاء“ کا حکم لگانے بیٹھے تو حقیقت میں اس کے بارے یہی کہا جائے گا کہ اس نے اس باب میں خود اجتہادی لغزش اختیار کی ہے، کیونکہ مقامِ صحابیت کو سمجھنے میں خطاء کرنا، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی طرف خطاء کی نسبت کرنے سے کہیں زیادہ خطرناک اور سنگین معاملہ ہے۔ مزید برآں سلفِ صالحین میں جس جس محدث، فقیہ، مفسر یا مجتہد نے امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ یا دیگر اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں سے کسی ایک کی طرف بھی کسی معاملے میں ”اجتہادی خطاء“ کی نسبت کی ہے۔ اب خواہ اس کی نیت کتنی ہی نیک اور مقصد کتنا ہی صاف کیوں نہ رہا ہو، حقیقت یہی ہے کہ اس نے اس حد سے تجاوز کیا جسے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے قائم فرمایا تھا۔ کیونکہ عقلِ سلیم بھی اس بات کو تسلیم کرنے سے انکار کرتی ہے کہ ناقص کامل پر منصف بن بیٹھے اور بعد والا پہلے والے کے مقام و مرتبہ کا فیصلہ کرنے لگے۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم وہ مقدس جماعت ہیں جن سے اللہ تعالیٰ اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ مبارکہ ہی میں راضی ہو چکا تھا۔ اس رضا کی سند نہ کسی مورخ نے لکھی، نہ کسی محدث نے مرتب کی اور نہ کسی مجتہد نے استنباط کی۔ بلکہ خالقِ کائنات نے اسے کائنات کے سب سے برگزیدہ فرشتے سیدنا جبرائیل علیہ السلام کے ذریعے، کائنات کی سب سے برتر وحی قرآنِ مجید کی صورت میں، کائنات کے سب سے افضل انسان محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل فرمایا۔ دوسری جانب وہ آئمہ، محدثین، مفسرین اور مجتہدین جن کے اقوال کو بنیاد بنا کر بعض لوگ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے اجتہادات پر فیصلے صادر کرتے ہیں، ان کے اپنے انجام کا فیصلہ اللہ تعالیٰ نے ابھی روزِ محشر پر مؤخر کر رکھا ہے۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے حق میں رضائے الٰہی کا اعلان دنیا ہی میں نازل ہو چکا جبکہ بعد والوں کے بارے میں یہ فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے۔ ایسے میں ناقص کا کامل پر منصف بننا نہ صرف شرعی میزان میں محلِ نظر ہے بلکہ عقلِ سلیم بھی اسے قبول کرنے سے قاصر دکھائی دیتی ہے۔ افسوس ان متعصب اہلِ علم پر جو ان علمی لغزشوں کو اصول بنا کر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی طرف ”اجتہادی خطاء“ کی نسبت کرتے ہیں اور یوں شعوری یا لاشعوری طور پر ان کی اس عظیم فضیلت کو مجروح کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس کی گواہی خود قرآن و سنت نے دی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ یہی وہ دروازہ ہے جس سے رافضیت اہلِ سنت کے بعض حلقوں میں داخل ہوئی۔ کیونکہ جب خود کو اہلِ سنت کہنے والے صدیوں بعد بیٹھ کر اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اجتہادات پر فیصلے صادر کریں گے۔ ان میں بعض کو مصیب اور بعض کو مخطئ قرار دیں گے اور اس کے لیے تاریخی روایات کو بنیاد بنائیں گے تو پھر اغیار کو بھی یہی جواز ملے گا کہ وہ ایک قدم آگے بڑھ کر انہی نفوسِ قدسیہ پر طعن و تشنیع کا بازار گرم کریں۔ اگر اللہ تعالیٰ اپنے قرآنِ مجید میں کسی نبی، کسی صحابی یا امہات المؤمنین رضی اللہ عنہن کو کسی امر کی طرف متوجہ فرماتا ہے یا کسی معاملے میں اصلاح فرماتا ہے تو یہ اس کا حق ہے، کیونکہ خالق کا مرتبہ مخلوق کی ہر ہستی سے بلند و برتر ہے۔ وہ جسے چاہے متوجہ فرمائے، جس کی چاہے اصلاح فرمائے اور جس کے بارے میں جو چاہے حکم صادر فرمائے۔ لیکن ان نصوص کو بنیاد بنا کر کسی امتی کو یہ اختیار ہرگز حاصل نہیں ہو جاتا کہ وہ اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اجتہادات پر قاضی بن بیٹھے اور ان کے بارے میں خطاء و صواب کے فیصلے صادر کرے۔ چنانچہ اگر امیر المؤمنین سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے مصالحِ امت اور سیاسی حکمت کے تحت قصاصِ عثمان رضی اللہ عنہ کے نفاذ کو مؤخر کیا تو وہ بھی برحق تھے، اور اگر امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے خونِ عثمان رضی اللہ عنہ کے قصاص کا مطالبہ کیا تو وہ بھی برحق تھے۔ دونوں اطراف کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم فقاہت، دیانت، بلاغت اور فہمِ قرآن و سنت کے اعلیٰ ترین درجات پر فائز تھے اور ہر فریق اپنے موقف پر کتاب و سنت سے استدلال رکھتا تھا۔ ایسے میں اگر کوئی بعد کا شخص، خواہ وہ محدث ہو یا مفسر، فقیہ ہو یا مجتہد، ان میں سے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی کسی ایک جماعت کو ”اجتہادی خطاء“ کا مرتکب قرار دیتا ہے تو وہ شعوری یا غیر شعوری طور پر دو میں سے ایک بات لازم قرار دیتا ہے۔ یا تو معاذ اللہ قرآن و سنت ایسے اجتہاد کی رہنمائی کر رہے تھے جو خطاء پر مبنی تھا، یا پھر معاذ اللہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم قرآن و سنت کا صحیح فہم حاصل نہ کر سکے اور ان سے اجتہاد میں غلطی واقع ہوئی۔ اور یہ دعویٰ کون کر رہا ہے؟ وہ شخص جس نے نہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا زمانہ پایا، نہ ان کے فہم و فراست کا عشرِ عشیر حاصل کیا، نہ ان کے اعمال و قربانیوں تک پہنچ سکا۔ بلکہ جس کا سارا علم ان واقعات کے بارے میں ان تاریخی روایات سے ماخوذ ہے جو صدیوں بعد سیاسی ماحول میں جمع، مرتب اور نقل کی گئیں۔ پس انصاف کا تقاضا یہی ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے بارے میں وہی زبان اختیار کی جائے جو قرآن نے اختیار کی، وہی ادب اپنایا جائے جو سنت نے سکھایا اور وہی موقف اختیار کیا جائے جو سلف صالحین کے جمہور کا منہج رہا۔ کیونکہ جہاں نصوصِ وحی موجود ہوں وہاں قیاساتِ متاخرین کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہتی۔ مزید یہ کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے اعمالِ صالحہ اللہ تعالیٰ کے ہاں اس قدر وزنی، مقبول اور محبوب تھے کہ ربِ کائنات نے دنیا ہی میں ان سے اپنی رضا کا اعلان فرما دیا۔ یہ کوئی خفیہ سند نہ تھی جو زمانے کی گرد میں گم ہو جاتی، بلکہ یہ وہ ابدی شہادت ہے جسے اللہ تعالیٰ نے قرآنِ مجید کا حصہ بنا کر قیامت تک کے لیے محفوظ فرما دیا۔ چنانچہ جب تک قرآن کی تلاوت ہوتی رہے گی، جب تک کوئی قاری آیاتِ رضوان کی تلاوت کرتا رہے گا، تب تک اللہ تعالیٰ کی اپنے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے رضا کی گواہی بھی دنیا میں گونجتی رہے گی۔ پھر اللہ تعالیٰ نے اپنی رضا کے اعلان کے بعد ان کے اجر و ثواب کا سلسلہ بھی منقطع نہیں فرمایا۔ بلکہ اپنی حکمتِ بالغہ سے ایسے لوگوں کو وجود میں آنے دیا جو دن رات ان نفوسِ قدسیہ پر طعن و تشنیع کرتے، ان کی تنقیص کرتے اور ان کی شان میں گستاخی کے مرتکب ہوتے ہیں۔ مگر یہ لوگ درحقیقت صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا کچھ نہیں بگاڑتے بلکہ اپنے ہی نامہ اعمال کو برباد کرتے ہیں۔ جبکہ اللہ تعالیٰ ان حملوں اور گستاخیوں کے بدلے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے درجات کو مزید بلند فرماتا اور ان کے مراتب کو مزید رفعت عطا کرتا چلا جاتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے راستے کو ہی ہدایت، فلاح اور نجات کا راستہ قرار دیا ہے۔ یہی وہ صراطِ مستقیم ہے جس پر چلنے کی دعا ہر مومن دن میں کئی مرتبہ اپنے رب سے مانگتا ہے۔ سورۂ فاتحہ میں بندۂ مومن عرض کرتا ہے اهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ صِرَاطَ الَّذِينَ أَنْعَمْتَ عَلَيْهِمْ ”اے ہمارے رب! ہمیں سیدھا راستہ دکھا، ان لوگوں کا راستہ جن پر تو نے انعام فرمایا“۔ [الفاتحہ 6-7]
اور اہلِ علم کے نزدیک انعام یافتہ جماعتوں کے سرخیل انبیاء کرام علیہم السلام کے بعد صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ہی ہیں، جنہوں نے براہِ راست رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے دین سیکھا، اس پر عمل کیا اور اسے پوری دنیا تک پہنچایا۔ لہٰذا جس راستے پر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم گامزن تھے وہی راستہ ہدایت کا راستہ ہے جس منہج کو انہوں نے اختیار کیا، وہی منہج نجات کا منہج ہے۔ اور جس طرزِ فکر و عمل کو انہوں نے اپنایا، اسی کی توفیق ہر مومن اپنے رب سے مانگتا ہے۔ پس جو جماعت خود قرآن کی رہنمائی کے مطابق ”منعم علیہم“ (انعام یافتہ) کے زمرے میں داخل ہو، اس کے بارے میں زبان و قلم کو ادب، محبت اور توقیر کا پابند ہونا چاہیے، نہ کہ تنقید، تجریح اور طعن و تشنیع کا۔ اس تمام بحث کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ حضراتِ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم معصوم عن الخطاء تھے، بلکہ اہلِ سنت والجماعت کا موقف یہ ہے کہ وہ معصوم عن الخطا نہیں بلکہ محفوظ عن الخطاء تھے۔ نبوی تزکیہ نفس سے قبل وہ بھی بحیثیتِ بشر خطاء اور لغزش کے امکان سے خالی نہ تھے۔ لیکن جب بارگاہِ نبوت سے سرفراز ہوئے، وحیِ الٰہی کی تربیت میں پروان چڑھے اور قرآنِ مجید نے ان کے ایمان، اخلاص اور عدالت کی گواہی دی تو اللہ تعالیٰ نے ان کے قلوب کو ایمان سے مزین فرما دیا، کفر، فسق اور معصیت کو ان کے لیے ناپسندیدہ بنا دیا اور انہیں ہدایت یافتہ جماعت قرار دیا۔
لہٰذا یہ تصور ہی باطل ہے کہ ان نفوسِ قدسیہ سے ایسا کوئی عمل صادر ہو جس سے اللہ تعالیٰ کے اس ابدی فیصلہ رضا پر حرف آتا ہو جو قرآنِ مجید میں ہمیشہ کے لیے ثبت ہو چکا ہے۔ البتہ بشریت کے تقاضے کے تحت بعض تسامحات، جزوی لغزشوں یا معمولی کوتاہیوں کا صدور ان سے ممکن تھا کیونکہ وہ فرشتے نہیں بلکہ بشر تھے۔ چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”اگر تم گناہ نہ کرو تو اللہ تعالیٰ تمہیں لے جائے اور ایسی مخلوق پیدا فرمائے جو گناہ کرے، پھر اللہ سے مغفرت طلب کرے اور اللہ ان کی مغفرت فرما دے“۔ [صحيح مسلم 6963]
اسی نوع کی بے شمار نصوص اس حقیقت پر شاہد ہیں کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم معصوم عن الخطاء نہ تھے۔ لیکن دوسری جانب ان کی نیکیاں اس قدر عظیم، ان کے اعمال اس قدر وزنی اور رضائے الٰہی کے حصول میں ان کی سبقت اس قدر غیر معمولی تھی کہ اگر بشری تقاضوں کے تحت کسی مقام پر کوئی کمی یا لغزش رہ بھی گئی ہو تو اللہ تعالیٰ کا یہ اٹل وعدہ موجود ہے: إِنَّ الْحَسَنَاتِ يُذْهِبْنَ السَّيِّئَاتِ ”بے شک نیکیاں برائیوں کو مٹا دیتی ہیں“۔ [ہود 114]
مگر یہ فیصلہ کرنا کہ کون سی لغزش معاف ہوئی، کون سا عمل مقبول ہوا اور کس کی کیا کیفیت تھی، صرف اللہ تعالیٰ کا اختیار ہے۔ کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی رحلت کے بعد وحی کا سلسلہ منقطع ہو چکا ہے اور اللہ و رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے علاوہ کسی کو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے اعمال کا حتمی محاکمہ کرنے کا حق حاصل نہیں۔ لہٰذا اگر 12 ربیع الاول 11 ہجری کے بعد صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے بحیثیتِ بشر کوئی ایسا امر صادر ہوا بھی ہو جسے بعض لوگ اپنی رائے میں (خود خطاء کرتے ہوئے) کمی یا لغزش قرار دیتے ہیں تو اس کا معاملہ اللہ تعالیٰ کے سپرد ہے، کیونکہ وہ ان سے پہلے ہی راضی ہو چکا تھا، ان کے لیے جنت کی بشارت نازل فرما چکا تھا اور ان کے اخلاص و ایمان کی گواہی خود دے چکا تھا۔ پھر ان کی بے شمار نیکیاں، ان کی مسلسل توبہ، ان کا بکثرت استغفار اور دینِ اسلام کے لیے ان کی بے مثال قربانیاں ایسی ہیں کہ ان کے مقابلے میں بشری تقاضوں کے تحت واقع ہونے والے معمولی تسامحات کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہتی۔ یہ وہ نفوسِ قدسیہ ہیں جنہوں نے نہ دن دیکھا نہ رات، نہ گرمی دیکھی نہ سردی، نہ فقر کی پروا کی نہ تنگ دستی کی، بلکہ اپنی جان، اپنا مال، اپنا وقت اور اپنا سب کچھ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے دین پر نچھاور کر دیا۔ ایسے میں ان کے اجتہادات پر صدیوں بعد منصف بن کر بیٹھ جانا محض ایک علمی رائے نہیں بلکہ ان کی نیتوں پر حکم لگانے، ان کے اخلاص کو ترازو میں تولنے اور ان قربانیوں کی قدر گھٹانے کے مترادف ہے جن کے طفیل آج دینِ اسلام ہم تک اپنی کامل اور محفوظ صورت میں پہنچا ہے۔ لہٰذا محدثینِ عظام کے اقوال میں سے بھی صرف وہی اقوال لائقِ قبول و احتجاج سمجھے جائیں گے جن سے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کے فضائل کی خوشبو آتی ہو، جن میں ان کے محاسن و مناقب کا بیان ہو، جن سے ان کی عدالت، دیانت، فقاہت، اخلاص اور رضائے الٰہی کا اثبات ہوتا ہو یا جن میں اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت و رفعت کا تذکرہ ملتا ہو۔ اس کے برعکس محدثین کا ہر وہ قول ترک کر دیا جائے گا جس سے اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں ادنیٰ درجے کی تنقیص، تعریض یا جرح کا پہلو نکلتا ہو۔ کیونکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے بارے میں اصل میزان قرآن و سنت ہے نہ کہ بعد کے افراد کی آراء۔ چنانچہ جن محدثین نے حدیثِ عمار رضی اللہ عنہ یا اس نوع کی دیگر روایات کو بنیاد بنا کر امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ اور ان کے رفقاء و اصحاب کو باغی، فاسق یا اجتہادی خطاء کا مرتکب قرار دیا۔ حقیقت میں وہ خود اس مسئلہ میں لغزشِ علمی کا شکار ہوئے، کیونکہ انہوں نے ان قطعی نصوص کے بالمقابل ایک ایسا موقف اختیار کیا جو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے عمومی فضائل، عدالت اور رضائے الٰہی کے مسلمہ اصول سے متصادم تھا۔ پس میزانِ حق اشخاص نہیں بلکہ نصوصِ وحی ہیں اور جہاں قرآن و سنت صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی مدح، عدالت اور ہدایت کی شہادت دے رہے ہوں وہاں بعد کے کسی عالم، محدث یا مجتہد کا ایسا قول جو اس اصلِ عظیم کے خلاف محسوس ہو، قبولیت کے بجائے ترک و اعراض کا زیادہ مستحق ہے۔ یہی وہ اصولی بنیاد ہے جسے سلف صالحین نے ہمیشہ مضبوطی سے تھامے رکھا اور اسی کی طرف اہلِ سنت والجماعت کی کتبِ عقائد رہنمائی کرتی ہیں۔ چنانچہ جب آئمہ سلف کے اقوال کو یکجا کر کے دیکھا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ ان کے نزدیک صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے باب میں اصل منہج محبت، توقیر، حسنِ ظن اور ذکرِ خیر کا تھا، نہ کہ تنقیص، محاکمہ اور تعقب کا۔ امام عبدالرحمٰن بن ابراہیم الدمشقی رحمہ اللہ (المعروف امام دحیم رحمہ اللہ) کے بارے مروی ہے کہ آپ بغداد آتے جاتے تھے اور وہاں کے لوگ ان سے احادیث سماع کرتے تھے۔ ایک روز ان کے سامنے ذکر کیا گیا کہ ”الفئة الباغية“ (باغی گروہ) اہل شام ہیں تو اس پر امام دحیم رحمہ اللہ نے فرمایا جو ایسا کہے وہ فاحشہ کی اولاد ہے۔ [معرفة الثقات للعجلی 1016، تاريخ مدينة السلام للخطيب البغدادی]
امام دحیم رحمہ اللہ کے اس قول سے جہاں اہلِ سنت کی صفوں میں چھپے ہوئے روافض کا شدید انداز میں رد ہوتا ہے وہیں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی جانب خطاء یا اجتہادی خطاء کی نسبت کرنے والوں کا بھی علمی محاسبہ ہوتا ہے۔ اسی طرح امام نووی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ علماء (محدثین) کہتے ہیں جن احادیث کے ظاہر سے کسی صحابی کی تنقیص معلوم ہو ان کی تاویل کرنا واجب ہے۔ [شرح النووی علی مسلم 15/175]
امام ابن ابوداؤد رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ ہر صحابی کے بارے میں کلمۂ خیر کہا جائے، ان کی عیب جوئی اور ان پر جرح کرنے والے نہ بنو۔ (یہ عقیدہ بیان کرنے کے بعد امام ابن ابوداؤد رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ) یہ عقیدہ میرا، میرے والد (امام ابوداؤد رحمہ اللہ)، امام (ابو عبداللہ) احمد بن حنبل رحمہ اللہ اور جن محدثین سے ہماری ملاقات ہوئی ہے ان سب کا بھی یہی عقیدہ ہے۔ [الشريعة للآجری 5/2562 وسندهُ صحيح]
امام ابو عثمان صابونی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ جس نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے محبت و مودت رکھی، ان کے لیے دعا کرتا رہا، ان کے حقوق کی رعایت کی اور ان کے فضائل کو جان لیا تو وہ کامیاب لوگوں میں شامل ہو گیا۔ جس نے اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے بغض رکھا، انہیں برا بھلا کہا، ان کی جانب باتیں منسوب کیں جیسے روافض و خوارج کرتے ہیں تو یقیناً وہ ان لوگوں میں شامل ہوا جو ہلاک ہو گئے۔ [عقيدة السلف اصحاب الحديث صفحه 292]
یعنی اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی جانب کوئی بھی تکلیف دہ بات منسوب کرنا، ان کی طرف اجتہادی خطاء کی نسبت کرنا یا ان کی کسی فضیلت کا انکار کرنا سلفِ صالحین کے نزدیک باعثِ ہلاکت امور میں شمار ہوتا ہے۔ اسی لیے امام نسفی الحنفی رحمہ اللہ نے فرمایا کہ اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا صرف ذکرِ خیر ہی کیا جائے گا۔ [العقيدة النسفية صفحه 29]
امام ابن الاثیر الجزری رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر طعن درحقیقت شریعت پر طعن ہے۔ [الكامل فی التاريخ لابن الاثير الجزری 6/582]
تو سلفِ صالحین کی ان صریح اور واضح تصریحات سے یہ حقیقت روزِ روشن کی طرح عیاں ہو جاتی ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے بارے میں صرف خیر ہی کہا جائے گا، ان کے صرف محاسن و مناقب کا تذکرہ کیا جائے گا۔ اگر کوئی ایسی روایت ملے جس کے ظاہر سے ان کی تنقیص لازم آتی ہو تو اس کی تاویل کی جائے گی، نہ کہ اسے بنیاد بنا کر ان نفوسِ قدسیہ کے مقام و مرتبہ پر حرف لانے کی جسارت کی جائے۔ پس اس تمام بحث کا حاصل یہی ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے مابین پیش آنے والے امور میں ہماری زبان ادب کی، ہمارا قلم احتیاط کا اور ہمارا دل محبت و توقیر کا پابند رہے۔ کیونکہ یہی منہجِ سلف ہے، یہی اہلِ سنت کا عقیدہ ہے اور یہی وہ راستہ ہے جو انسان کو افراطِ روافض اور تفریطِ نواصب دونوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ اور کسی محدث، مجتہد، مفسر، فقیہ یا عالمِ دین کو شریعت نے یہ اختیار نہیں دیا کہ وہ حضراتِ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے اجتہادات پر منصف بن کر بیٹھے۔ ان کے مواقف و فیصلوں کو اپنی ناقص عقل کا محکوم بنائے یا ان اجتہادات کو، جو کتاب و سنت کی نصوص اور رضائے الٰہی کی روشنی میں صادر ہوئے تھے، ”اجتہادی خطا“ سے تعبیر کرے۔ کیونکہ جن نفوسِ قدسیہ کے ایمان، اخلاص، عدالت اور ہدایت کی گواہی خود قرآنِ مجید دے رہا ہو، جن کے بارے اللہ تعالیٰ اپنی رضا کا ابدی اعلان فرما چکا ہو اور جن کے فہمِ دین کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے امت کے لیے معیارِ ہدایت قرار دیا ہو، ان کے اجتہادات کے بارے میں زبانِ حکم دراز کرنا درحقیقت اس حد سے تجاوز کرنا ہے جسے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے مقرر فرما دیا ہے۔ چنانچہ اس اصولی تمہید کے بعد اب آئندہ صفحات میں امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سے متعلق پیش کیے جانے والے اعتراضات، شبہات اور روایات کا علمی، اصولی اور تحقیقی جائزہ پیش کیا جائے گا تاکہ حق اپنے دلائل کے ساتھ نمایاں ہو اور باطل اپنے ضعف و اضطراب سمیت آشکار ہو جائے۔