مقامِ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم معیارِ ایمان، میزانِ حق اور سرچشمۂ ہدایت
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم وہ نفوسِ قدسیہ ہیں جو انبیاءِ کرام علیہم السلام کے بعد کائناتِ انسانی کا حاصل اور قدرتِ الٰہی کا منتخب و برگزیدہ شاہکار ہیں۔ وہ ہستیاں کہ جنہوں نے اپنی زندگیاں سراپا اطاعت، مجسم وفاداری اور کامل عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے سانچے میں ڈھال دیں اور اپنے قول و عمل کی تابانی سے متاخرینِ اسلام کے لیے ایک روشن و زندہ مثال قائم کی۔ چنانچہ انہوں نے اپنے کردار کی صداقت اور اپنے اعمال کی درخشانی سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ اپنی محبت کو اس درجہ ثابت کیا کہ جب بھی اسلام کو اعانتِ مال کی ضرورت پیش آئی تو اپنے اموال کو بے دریغ راہِ خدا میں نثار کر دیا۔ جب بھی دین نے قربانیِ جان کا تقاضا کیا تو انہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے میں بھی لمحہ بھر تردد نہ کیا۔ پھر اطاعت کا یہ عالم تھا کہ جونہی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زبانِ اقدس سے کوئی حکم صادر ہوتا فوراً ”صدقت يا رسول الله“ کی پر خلوص صدائیں بلند ہوتیں، اور دلوں میں ہرگز یہ خیال جنم نہ لیتا کہ یہ حکم کیوں دیا گیا یا ایسا کیوں فرمایا گیا۔ یوں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے اطاعتِ کاملہ، اتباعِ تامہ اور محبتِ صادقہ کا ایسا درخشاں و تابندہ نقش قائم کیا جو رہتی دنیا تک اہلِ ایمان کے لیے مشعلِ راہ اور مینارِ ہدایت بنا رہے گا۔ انہیں اوصافِ عالیہ اور اس اطاعتِ کاملہ کے تسلسل میں جب ان نفوسِ قدسیہ کی اصل قدر و منزلت پر نگاہ ڈالی جائے تو یہ حقیقت مزید نکھر کر سامنے آتی ہے کہ ان کا انتخاب محض اتفاق نہ تھا بلکہ اس کے پسِ پشت ایک عظیم دعائے خلیل بھی کارفرما تھی۔ چنانچہ سیدنا ابراہیم علیہ السلام نے، جب کعبہ کی بنیادیں اٹھا رہے تھے، بارگاہِ رب العزت میں یہ التجا پیش کی کہ اے ہمارے پروردگار! ان لوگوں میں انہی میں سے ایک رسول مبعوث فرما جو انہیں تیری آیات پڑھ کر سنائے، انہیں کتاب و حکمت کی تعلیم دے اور ان کے قلوب کا تزکیہ کرے بے شک تو ہی غالب اور صاحبِ حکمت ہے۔ [البقره 129]
پس ربِّ کریم نے اپنے خلیل کی اس دعا کو شرفِ قبولیت بخشا اور ارشاد فرمایا کہ بے شک اللہ نے احسان فرمایا کہ انہی میں ایک رسول مبعوث کیا جو انہیں خدا کی آیات سناتا، انہیں پاک کرتا اور انہیں کتاب و دانائی سکھاتا ہے حالانکہ اس سے پہلے وہ کھلی گمراہی میں مبتلا تھے۔ [آل عمران 164]
یوں یہ امر جلی ہو گیا کہ سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی دعا کے نتیجے میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم جیسی برگزیدہ جماعت کا انتخاب ہوا اور ان کے لیے آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وسلم کو معلم و مزکی بنایا گیا۔ پھر جب ان قلوب نے نورِ نبوت سے روشنی پائی تو تزکیۂ نفس کی وہ شان پیدا ہوئی کہ ایمان ان کے دلوں میں راسخ ہو گیا اور وہ ہر قسم کے کفر، فسق اور معصیت سے منزہ ہو کر ہدایت کے اعلیٰ ترین مراتب پر فائز ہو گئے۔ [الحجرات 7]
پس اب حقیقت یہ ہے کہ جو زبانِ طعن ان پر دراز ہو گی، اس کا رخ درحقیقت سیدنا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم، سیدنا ابراہیم علیہ السلام اور خود ذاتِ باری تعالیٰ کی طرف ہی متصور ہو گا۔ جب یہ حقیقت واضح ہو چکی کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ہدایت کے اعلیٰ ترین مراتب پر فائز اور انتخابِ الٰہی کا مظہر ہیں تو اس کے لازمی تقاضے کے طور پر یہ امر بھی بدیہی ہو جاتا ہے کہ ان کی شان میں ادنیٰ سی گستاخی بھی درحقیقت ان مقدس نسبتوں پر حملہ ہے جن سے ان کا تعلق وابستہ ہے۔ چنانچہ جو سیدنا ابراہیم علیہ السلام کا گستاخ ہو اس کی سزا یہی ہے کہ وہ اپنے ہی ہاتھوں اپنی ذلت کا سامان کرے جیسے نمرود سیدنا خلیل اللہ علیہ السلام کے بغض میں خود کو جوتیوں سے پیٹتا اور پٹواتا تھا۔ تو پھر جس کے طعن و تشنیع کا نتیجہ ان جلیل القدر ہستیوں کی گستاخی پر منتج ہو کیا ایسے بدبخت کو دائرہ اسلام میں شمار کیا جا سکتا ہے؟ خصوصاً جبکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم دینِ اسلام کی اساس اور عمارتِ ایمان کی بنیاد ہیں اور ان پر زبان طرازی گویا اسلام ہی پر حملہ ہے۔ اسی لیے ارشادِ باری تعالیٰ ہے کہ ایمان اسی طرح لاؤ جیسے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ایمان لائے۔ [البقره 137]
اور یہ بھی فرمایا کہ جو شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مخالفت اختیار کرے اور ہدایت واضح ہو جانے کے بعد صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے راستے کو چھوڑ کر کسی اور راہ پر چل پڑے تو اسے اسی راستے پر ڈال دیا جائے گا جسے اس نے اختیار کیا اور اس کا ٹھکانہ جہنم ہو گا۔ [النساء 115]
پس ان آیاتِ بینات سے یہ حقیقت روزِ روشن کی طرح آشکار ہو جاتی ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ہی صراطِ مستقیم، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ہی نظریۂ اسلام اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ہی میزانِ حق ہیں۔ لہٰذا ان پر حملہ اسلام کے نظریے پر حملہ، ان پر طعن اسلام پر طعن بلکہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر طعن کے مترادف ہے۔ اسی مضمون کی تائید میں امام ابو زرعہ الرازی رحمہ اللہ کا یہ قول نہایت فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے کہ جب تم کسی شخص کو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں سے کسی ایک پر بھی طعن کرتے دیکھو تو جان لو کہ وہ زندیق ہے۔ کیونکہ ہمارے نزدیک قرآن حق ہے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم حق ہیں اور قرآن و حدیث کی یہ تمام تعلیمات ہمیں اصحابِ رسول ہی کے واسطے سے پہنچی ہیں۔ پس ایسے لوگوں کا مقصد یہی ہوتا ہے کہ وہ دین کے ان گواہوں کو مجروح کر کے کتاب و سنت کو باطل ثابت کریں۔ حالانکہ حقیقت میں جرح کا زیادہ حق دار خود یہی لوگ ہیں کہ یہ زندیق ہیں۔ [الكفاية فى علم الرواية للخطيب البغدادى 104، تاريخ دمشق لابن عساكر 38/32 واسنادهُ صحيح]
اور جب یہ حقیقت دلائلِ قاطعہ اور تصریحاتِ آئمہ سے روزِ روشن کی طرح آشکار ہو چکی کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میزانِ حق اور معیارِ دین ہیں تو اسی سلسلۂ استدلال کو آئمہ سلف نے مزید جلا بخشی۔ چنانچہ امام مالک رحمہ اللہ نے اس رازِ سربستہ سے پردہ اٹھاتے ہوئے فرمایا کہ اصحابِ رسول کے دشمنوں کا اصل ہدف درحقیقت ذاتِ اقدسِ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر طعن ہے مگر جب اس جسارت کی ہمت نہ پڑی تو انہوں نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو نشانہ تنقید بنایا تاکہ یہ مغالطہ پیدا کیا جا سکے کہ اگر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اچھے ہوتے تو ان کے اصحاب بھی اچھے ہوتے۔ [الصارم المسلول لابن تيمية صفحه 580]
اور اسی حقیقت کو شیخ الاسلام امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ نے نہایت صراحت کے ساتھ یوں بیان فرمایا کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر طعن دراصل دینِ اسلام پر طعنہ زنی ہے۔ [منهاج السنة لابن تيمية 18/1]
کیونکہ یہی وہ ہستیاں ہیں جو دین کے اوّلین حامل، امین اور شاہد ہیں پس ان پر حملہ درحقیقت اساسِ دین پر حملہ ہے۔ سو جب ایک صاحبِ انصاف نگاہِ تدبر سے اس پورے منظر کو دیکھتا ہے تو کیا اس پر یہ راز منکشف نہیں ہوتا کہ بارگاہِ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کی نورانی کرنیں جب ان پروانگانِ شمعِ ہدایت پر پڑیں تو کیسا عظیم انقلاب برپا ہوا، کیسی کایا پلٹی، کیسی دنیا بدلی کہ ملائکۂ قدس بھی حیرت میں ڈوب گئے؟ کیا یہ وہی انسان نہیں جس کے بارے میں کبھی سوال اٹھایا گیا تھا، اور کیا یہ وہی انسان نہیں جو آج تقویٰ کی رفعت، ایمان کی حرارت اور عرفان کی بصیرت سے آراستہ ہو کر قلعہ ہائے اطاعت کو مسخر کرتا ہوا نظر آتا ہے؟ یہی وہ جماعت ہے جس نے اسفل السافلین کی پستیوں کو ٹھکرا کر احسنِ تقویم کی بلندیوں کو اپنا مسکن بنایا، یہی وہ نفوس ہیں جنہیں دیکھ کر متاخرینِ اسلام آج بھی سوزِ دل کے ساتھ بارگاہِ الٰہی میں عرض گزار ہوتے ہیں کہ اے ربِّ کریم! ہمیں بھی انہی راستوں کا مسافر بنا دے جن پر تو نے اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو گامزن فرمایا۔ اس سے بڑھ کر تبدیلی کی کوئی مثال کہاں مل سکتی ہے اور اس سے روشن دلیل اور کیا ہو سکتی ہے؟ الغرض سعادت کی کون سی دولت تھی جو ان کے قدموں میں نہ رکھی گئی اور نورانیت کی کون سی کرن تھی جو ان کے دلوں کو منور نہ کر گئی۔ یہاں تک کہ عہدِ کہن کی تاریکیاں ان کی عزیمت کے سامنے پگھل گئیں، فرسودہ رسوم ان کے نعرۂ حق سے خس و خاشاک کی طرح بکھر گئیں اور یوں ظن و قیاس کے مہ آلود پردے چاک ہو گئے اور ان کی جگہ یقینِ محکم اور ایمانِ راسخ نے لے لی۔ چنانچہ انسان جہل کی پستیوں سے اٹھ کر علم و عرفان کی بلند چوٹیوں کی طرف رواں ہوا، منازلِ سلوک کو طے کرتا، مدارجِ کمال کو سمیٹتا ہوا بالآخر انسانِ کامل کے مقامِ رفیع پر ایسا جلوہ گر ہوا کہ عقل دنگ رہ گئی اور دل اعتراف پر مجبور ہو گیا۔ حتیٰ کہ وہ سرزمینِ عرب جو کبھی ضلالت و جہالت کا گڑھ تھی، آفتابِ نبوت کے طلوع اور اس کی فیض رساں کرنوں سے ایسا منور ہوئی کہ عدل و مساوات کا مرکز بن گئی۔ اور جب اس انقلابِ نور کی تجلیات تاریخ کے اوراق پر ثبت ہو کر رہ گئیں اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی عظمت ہر پہلو سے آشکار ہو گئی تو اس درخشاں حقیقت کا ایک اور پہلو یوں سامنے آتا ہے کہ ہادی و رہبر سیدنا رسولِ کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کے تیئیس برس کے دورِ تبلیغ میں ایک ایسی مقدس و مطہر جماعت وجود میں آئی کہ جس کا ہر ہر فرد محبتِ الٰہی سے سرشار ہو کر محبوبِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے ادنیٰ سے اشارے پر اپنی جان تک نچھاور کرنے کے لیے ہمہ وقت آمادہ رہتا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ سردار ابوسفیان رضی اللہ عنہ نے بھی، حالتِ شرک میں قیصر کے دربار میں کھڑے ہو کر، اس حقیقت کا اعتراف کیا کہ روئے ارض پر میں نے محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم سے بڑھ کر کسی انسان کے ساتھیوں کو اس کی ذات سے اس قدر مخلص نہیں دیکھا اور نہ ہی چشمِ فلک نے اس سے پہلے ایسے وفاشعار رفقا کا نظارہ کیا ہے۔ یہ وہ نفوسِ قدسیہ تھے جنہوں نے اطاعتِ ربانی و نبوی میں ایسا مقامِ بلند حاصل کیا کہ اممِ عالم میں اس کی نظیر ڈھونڈنے کے لیے چراغِ رخِ زیبا لے کر بھی تلاش کیا جائے تو میسر نہ آئے۔ جن کا واحد مقصد و نصب العین صرف رضائے الٰہی کا حصول تھا۔ چنانچہ انہی کی ہمتوں نے تاریخ کے افق کو منور کیا، انہی کی اطاعت نے بندگی کو کمال بخشا اور انہی کے اخلاص نے محبتِ الٰہی کو دوام عطا کیا۔ اسی حقیقت کو ربِّ ذوالجلال نے یوں بیان فرمایا کہ وہ اللہ کا فضل اور اس کی رضا مندی چاہتے ہیں۔ [الفتح 29]
چنانچہ اسی شوقِ صادق اور جذبۂ بے مثال کا ایک ایمان افروز منظر یہ ہے کہ سیدنا عمیر بن حمام انصاری رضی اللہ عنہ میدانِ جہاد میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ آپ کس چیز کی دعوت دیتے ہیں؟ ارشاد ہوا کہ ایک اللہ کی بندگی کی دعوت دیتا ہوں، انہوں نے پوچھا کہ اس کا صلہ کیا ہے؟ فرمایا جنت، جہاں نعمتوں کی فراوانی ہے۔ یہ سننا تھا کہ ان کے ہاتھ میں موجود چند کھجوریں، جنہیں وہ تناول کر رہے تھے، انہیں یوں محسوس ہوئیں گویا ان کے اور جنت کے درمیان حائل ہو رہی ہوں۔ پس انہوں نے ان کھجوروں کو پھینک دیا اور تلوار سنبھال کر میدانِ کارزار میں کود پڑے یہاں تک کہ جامِ شہادت نوش کر کے جنتِ فردوس کا مہمان بن گئے۔ [صحیح مسلم 4915]
سو یہی وہ سعیِ پیہم اور یہی وہ والہانہ طلبِ رضائے الٰہی ہے جو مقامِ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی رفعت کو آسمانِ ثریا تک پہنچا دیتی ہے کہ جنہیں چند ساعتیں صحبتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میسر آئیں وہ بھی ابدی سعادتوں کے وارث ٹھہرے۔ یہی وہ رازِ عظمت ہے، یہی وہ سرِّ رفعت ہے کہ بعد کے تمام اہلِ زہد و عبادت، خواہ مراتب میں کتنے ہی بلند کیوں نہ ہوں، خواہ آلِ نبوت میں شمار ہوتے ہوں، تابعین کی صف میں کھڑے ہوں یا محدثین کے امام ہوں، ان سب کی مجموعی ریاضتیں، مجاہدات اور عبادات بھی ایک صحابی کی اس مختصر مگر نورانی صحبت کے ہمسر نہیں ہو سکتیں جو اسے بارگاہِ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم میں نصیب ہوئی۔ کیونکہ وہاں زمانہ نہیں بلکہ نسبت بولتی ہے، وہاں کثرتِ عمل نہیں بلکہ شرفِ صحبت وزن رکھتا ہے اور وہاں ہر لمحہ ابدیت کا پیامبر بن جاتا ہے۔ جب یہ حقیقت اپنے جملہ دلائل و شواہد کے ساتھ نکھر کر سامنے آچکی کہ صحبتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم نے ان نفوسِ قدسیہ کو اوجِ کمال تک پہنچا دیا تو اس کا لازمی نتیجہ یہ ظاہر ہوا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک صحبت سے ان کے قلوب جملہ امراضِ معنویہ سے پاک ہو گئے، ارادۂ خداوندی کے سامنے ان کے اپنے ارادے یوں فنا ہوئے کہ خودی کی ہر صدا خاموش ہو گئی، خواہش کی ہر جنبش مٹ گئی اور بندگی کا ہر رنگ سراپا تسلیم و رضا بن کر جلوہ گر ہوا۔ یوں کفر و شرک سے انہیں ایسی طبعی نفرت عطا ہوئی کہ ان کے قلوبِ صافیہ اس کی ہر آلودگی سے ہمیشہ کے لیے منزہ ہو گئے، نہ رجوع کا شائبہ باقی رہا نہ واپسی کا اندیشہ، نہ میل کا امکان رہا نہ مَیلان کا احتمال بلکہ دلوں میں ایمان کی ایسی حرارت جاگزیں ہوئی، یقین کی ایسی روشنی راسخ ہوئی اور توحید کی ایسی جڑیں پیوست ہوئیں کہ کفر و شرک کا ہر سایہ مٹ گیا اور ہدایت کا نور ان کے باطن میں ہمیشہ کے لیے تاباں ہو گیا۔ جب یہ تزکیہ اپنی معراج کو پہنچا اور یہ تکمیل اپنے منتہائے کمال پر جلوہ گر ہوئی تو کیا منصبِ نبوت کی غایت باقی رہ سکتی تھی؟ ہرگز نہیں۔ بلکہ اسی لمحہ مقصدِ رسالت اپنی تمام تر شان کے ساتھ متحقق ہوا اور امت کی باگ ڈور ان اکملین، منتخب و برگزیدہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے سپرد کر دی گئی۔ یہاں تک کہ گویا زمین کے خزانوں کی کنجیاں بھی انہی کے ہاتھوں میں دے دی گئیں۔ نہ یہ محض سپردگی تھی بلکہ امانتِ کبریٰ تھی، نہ یہ محض اختیار تھا بلکہ خلافتِ ہدایت تھی۔ کہ جن کے دل نورِ نبوت سے منور اور جن کے اعمال میزانِ حق پر پورے اتر چکے تھے وہی اس امانت کے اہل ٹھہرے اور وہی اس بارِ عظیم کے حقیقی حامل قرار پائے۔ جب دلائل اپنی کامل قوت کے ساتھ قائم ہو چکے اور جب صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی عظمت ہر پہلو سے ثابت ہو چکی تو پھر اگر کوئی شخص انہی ہستیوں کے بارے میں اپنے باطل قیاسات و اوہام کی کسوٹی پر حقائق کو پرکھنے بیٹھے اور عوام الناس کو گمراہ کرنے کی جسارت کرے تو یہ کون سا علمی یا اصلاحی منہج ہے؟ کیا یہ تحقیق کی دیانت ہے یا علم کی امانت؟ کیا یہ انصاف کا تقاضا ہے یا خواہشِ نفس کا فریب؟ کیا یہ حق کی تلاش ہے یا باطل کی ترویج؟ حقیقت تو یہ ہے کہ یہ نفس کی پرستش، فکر کی کج روی اور حقیقت سے انحراف کی وہ تاریک روش ہے جس میں دلائل کو روند دیا جاتا ہے، حقائق کو مسخ کر دیا جاتا ہے اور ہدایت کے روشن چراغوں پر خود ساختہ شکوک کے دبیز پردے ڈال دیے جاتے ہیں، یہاں تک کہ نور کو بھی تاریکی میں بدلنے کی ناکام سعی کی جاتی ہے۔
اور کیا یہ باور کیا جا سکتا ہے کہ جن کا تزکیہ نفس خود بارگاہِ نبوت صلی اللہ علیہ وسلم سے بحکمِ الٰہی ہو چکا ہو، ان کا اخلاقی معیار اس قدر پست ہو جائے کہ وہ باہم گالم گلوچ کریں، ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہوں یا حرام امور کے مرتکب نظر آئیں؟ ہرگز نہیں۔ یہ حقیقت کے چہرے پر بدگمانی کی گرد ڈالنے کی سعی ہے جبکہ ان نفوسِ قدسیہ کی سیرت طہارت، اخلاص اور حسنِ اخلاق کی ایسی تابندہ مثال ہے جس پر شبہ کی کوئی گرد ٹھہر نہیں سکتی بلکہ یہی وہ جماعت ہے جو ”رُحَمَاءُ بَيْنَهُمْ“ کی عملی تفسیر تھی۔
یوں اگر کہیں کوئی روایت صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی شان کے خلاف منقول نظر آئے تو اسے ہرگز حقیقت کا معیار نہ سمجھا جائے بلکہ یا تو راویوں کی لغزش پر محمول کیا جائے یا فہم کی کجی پر۔ کیونکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی سیرتِ مطہرہ ایسی نسبتوں کی متحمل نہیں بلکہ وہ پاکیزگی کی تعبیر، اخلاص کی تصویر اور اخلاقِ عالیہ کا ایسا روشن مینار ہیں کہ جن پر بدگمانی کا غبار ٹھہر نہیں سکتا اور نہ ہی تہمت کا کوئی سایہ ان کی عظمت کو مکدر کر سکتا ہے۔ مزید برآں ان کے مقام و مرتبہ کو سمجھنے کے لیے ہمیں ظنونِ تاریخ کے سہارے کی حاجت نہیں بلکہ کلامِ الٰہی اور فرامینِ محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم ہی کافی و شافی ہیں۔ یہی وہ درخشاں حقیقت ہے کہ انہی صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی لازوال قربانیوں کے صدقے اسلام کا پرچم عالمگیر ہوا، انہی کے ایثار نے دین کو قوت بخشی، انہی کے اخلاص نے حق کو غلبہ عطا کیا اور انہی کے اعمالِ صالحہ کا وزن اس قدر بڑھا کہ میزانِ عمل بھی ان کے سامنے جھک گئی، یہاں تک کہ خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کو مخاطب کر کے یہ تاریخی جملہ ارشاد فرمایا کہ ”اللہ ہی آپ کے احسانات کا بدلہ چکا سکتا ہے“۔ [جامع الترمذی 3661 قال الألبانی وسندهُ صحيح]
اور اسی تسلسلِ نور میں وہ ایمان افروز حقیقت پوری آب و تاب کے ساتھ سامنے آتی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو امت کے لیے امان قرار دیا، وہی امان جس سے فتنوں کے در بند رہتے ہیں، وہی امان جس سے ہدایت کے چراغ روشن رہتے ہیں۔ چنانچہ ارشاد فرمایا کہ ”ستارے آسمان کے لیے امان ہیں اور میں اپنے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے لیے امان ہوں اور میرے صحابہ میری امت کے لیے امان ہیں“۔ پس جب یہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم دنیا سے رخصت ہو جائیں گے تو فتنوں کے در وا ہو جائیں گے، بدعات سر اٹھائیں گی، خرافات پھیلیں گی، شرک اپنی جڑیں مضبوط کرے گا اور گمراہ فرقے امت کو گھیر لیں گے جیسا کہ اس کی صادق خبر دی گئی ہے۔ [صحیح مسلم 2531]
پس یہ تعلقِ نبوی اور یہ نسبتِ ایمانی اس بات کا واضح اعلان ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نہ صرف دین کے محافظ ہیں بلکہ امت کے لیے رحمت، برکت اور امان بھی ہیں۔ اور جب یہ امر پایۂ ثبوت کو پہنچ چکا کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم امت کے لیے امان، برکت اور ہدایت کا سرچشمہ ہیں تو اسی تسلسلِ نور میں احادیثِ نبویہ بھی ان کے مقامِ رفیع پر ایسی مہرِ تصدیق ثبت کرتی ہیں کہ یقین مزید پختہ ہو جاتا ہے۔ چنانچہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ایمان افروز خبر دیتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ ایک زمانہ آئے گا جب مسلمانوں کے لشکر میدانِ جہاد میں صف آرا ہوں گے، پھر پوچھا جائے گا کہ کیا تم میں کوئی ایسا ہے جس نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت پائی ہو، کیا تم میں کوئی ایسا ہے جس کی آنکھوں نے براہِ راست نورِ رسالت کو دیکھا ہو، تو جواب دیا جائے گا کہ ہاں۔ تب انہی کی برکت سے فتح کے در وا ہوں گے اور انہی کی دعاؤں سے نصرتِ الٰہی نازل ہو گی، پھر ایک اور دور آئے گا کہ تلاش کی جائے گی کہ کیا کوئی ایسا ہے جس نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی صحبت اٹھائی ہو، کیا کوئی ایسا ہے جس نے ان نفوسِ قدسیہ کے فیض سے فیض پایا ہو تو ایسے حضرات بھی ملیں گے اور ان کی دعا سے بھی فتح نصیب ہو گی، پھر اس کے بعد ایک ایسا زمانہ آئے گا کہ پوچھا جائے گا کیا کوئی ایسا ہے جس نے تابعین کی صحبت پائی ہو تو ان کی برکت سے بھی نصرت کے در کھلیں گے۔ یہاں تک کہ یہ حقیقت روزِ روشن کی طرح عیاں ہو جائے گی کہ خیر کا سلسلہ انہی نسبتوں سے وابستہ ہے اور نصرتِ الٰہی انہی قافلوں کے ساتھ چلتی ہے۔ [صحيح البخاری 2897، صحيح مسلم 2533]
اور یہی ہے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی شانِ اقدس، یہی ان کا مقامِ ارفع، یہی ان کی رفعتِ درجات کہ ان کے فیض کی شعاعیں اپنے عہد کی حدود میں محصور نہ رہیں بلکہ زمانوں کی وسعتوں کو چیرتی ہوئی بعد کے ادوار تک پھیلتی چلی گئیں۔ ان کے اثرات زمانے کی گردشوں سے مٹ نہ سکے، ان کی برکتیں نسلوں کے فاصلے سے کم نہ ہوئیں، یہاں تک کہ ان سے نسبت رکھنے والے بھی بارگاہِ الٰہی میں قبولیتِ دعا کا وسیلہ بن گئے۔ یہی وہ حقیقت ہے جسے سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے نہایت بلیغ پیرائے میں یوں بیان فرمایا کہ ”اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کے دلوں پر نظر ڈالی تو قلبِ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو تمام قلوب میں سب سے بہتر اور زیادہ پاکیزہ پایا۔ پس اسے اپنے لیے منتخب فرمایا اور منصبِ رسالت سے سرفراز کیا، پھر اسی انتخاب کے بعد دیگر بندوں کے دلوں پر نظر فرمائی تو اصحابِ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے قلوب کو تمام انسانوں کے دلوں سے بہتر اور زیادہ مصفیٰ پایا۔ پس انہیں اپنے نبی کے وزراء اور رفقاء بنایا جو اس کے دین کی سربلندی کے لیے جہاد کرتے ہیں“۔ [مسند احمد 3600، معجم الكبير للطبرانی 8582، مسند البزار 130 واسنادهُ صحيح]
اب یہ حقیقت آفتابِ نیم روز کی طرح عیاں ہو جاتی ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نہ صرف خیرِ قرون کا مرکز ہیں بلکہ معیارِ حق بھی ہیں، نہ صرف دین کے حامل ہیں بلکہ دین کے محافظ بھی ہیں، نہ صرف ایمان کے علمبردار ہیں بلکہ ہدایت کے معمار بھی ہیں، انہی کے ذریعے دین کی بنیادیں استوار ہوئیں، انہی کے اخلاص نے حق کو دوام بخشا، انہی کے ایثار نے امت کو استقامت عطا کی اور انہی کے صدقِ وفا نے فلاح کے دروازے وا کیے۔ پس یہی وہ جماعت ہے جس کی محبت ایمان ہے، جس کی تعظیم دین ہے اور جس کی پیروی صراطِ مستقیم ہے۔ جب یہ حقیقت دلائلِ قاطعہ، نصوصِ صریحہ اور آثارِ سلف سے اس درجہ واضح ہو چکی کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم دین کے ستون، ہدایت کے عنوان اور امت کے لیے امان ہیں، تو اسی تسلسلِ بیان میں فرامینِ مصطفوی صلی اللہ علیہ وسلم ان کے مقامِ رفیع پر ایسی مہرِ تصدیق ثبت کرتے ہیں کہ انکار کی ہر راہ مسدود ہو جاتی ہے۔ چنانچہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے نہایت جلال و تاکید کے ساتھ ارشاد فرمایا کہ ”میرے اصحاب کو برا نہ کہو، ان پر طعن نہ کرو، ان سے بغض نہ رکھو اور ان کی شان میں ادنیٰ سی تنقیص بھی نہ کرو“۔ پھر وعید کے لہجے میں فرمایا کہ جو اس راہِ جسارت پر گامزن ہو وہ زندیق ہے اور اس حقیقت کو مزید مؤکد کرتے ہوئے قسمیہ انداز میں ارشاد ہوا کہ ”اگر تم میں سے کوئی احد کے برابر سونا خرچ کرے اور میرا ایک صحابی ایک مُد کھجوریں خرچ کرے تو میرے صحابی کے اس معمولی عمل کا اجر تمہارے اس عظیم انفاق سے کہیں بڑھ کر ہے“۔ [صحيح البخاری 3673، صحيح مسلم 2541، الاعتقاد اهل السنة فى الصحابة صفحہ 29]
اور اسی باب میں یہ روایت اس مضمون کو نہایت شدت اور جلال کے ساتھ مزید واضح کرتی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”جس نے میرے صحابہ کو سبّ و شتم کیا اس پر اللہ، اس کے فرشتوں اور تمام انسانوں کی لعنت ہو“۔ [معجم الكبير للطبرانی 12541، مسند ابن الجعد 2010، مصنف ابن ابی شيبة 32419، فضائل الصحابة لاحمد بن حنبل 8، الشريعة للآجری 1994 واسنادهُ صحيح]
پس جب طعن کرنے والے کے لیے اس قدر سخت وعید وارد ہوئی تو اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ جن ہستیوں کی شان میں گستاخی پر لعنت نازل ہوتی ہے ان کا مقام کس قدر بلند، ان کی حرمت کس قدر عظیم اور ان کی قدر و منزلت کس قدر ارفع ہو گی۔ چنانچہ یہی وہ مقامِ رفعت ہے کہ بعد کے تمام اہلِ زہد و تقویٰ، خواہ ان کی ریاضتیں عمر بھر پر محیط ہوں، خواہ ان کی عبادتیں شب و روز کو محیط ہوں، وہ کسی ادنیٰ صحابی کی ایک معمولی نیکی کے ہم پلہ بھی نہیں ہو سکتے۔ کیونکہ وہاں محض عبادت نہیں بلکہ صحبتِ مصطفوی صلی اللہ علیہ وسلم کا اثر غالب ہے اور یہی وہ راز ہے جو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو تمام امت پر فضیلتِ تامہ عطا کرتا ہے۔ اور جب یہ حقیقت دلوں میں اتر جائے اور اذہان میں راسخ ہو جائے کہ نسبتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے اعمال کو وہ رفعت عطا کی جس تک محض ریاضت و مجاہدہ کی پرواز نہیں پہنچ سکتی تو پھر یہ امر بھی بدیہی ہو جاتا ہے کہ بعد کے تمام اہلِ فضل و کمال اس مقامِ بلند تک نہیں پہنچ سکتے۔ یہاں تک کہ اکابر تابعین، امام عمر بن عبدالعزیز، امام مالک، امام سعید بن مسیب، امام حسن بصری، امام ابراہیم نخعی اور امام محمد بن سیرین رحمہم اللہ، جن کے زہد کا شہرہ زمانوں میں ہے اور جن کے علم کی گونج قرون میں سنائی دیتی ہے، ان کے مجتمع اعمال بھی ایک ادنیٰ صحابی کے عمل کے برابر نہیں ٹھہر سکتے۔ یہی وہ نسبتِ عظمیٰ ہے جو معمولی کو غیر معمولی بنا دیتی ہے، یہی وہ صحبتِ مصطفوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے جو قلیل کو کثیر اور کم کو بیش کر دیتی ہے۔ پھر اسی حقیقت کے تحت اہلِ بیت کے جلیل القدر آئمہ جیسا کہ سیدنا زین العابدین رحمہ اللہ، سیدنا جعفر صادق رحمہ اللہ اور سیدنا موسیٰ کاظم رحمہ اللہ اپنے تمام تر فضائل، اپنے تمام تر کمالات اور اپنے تمام تر مراتب کے باوجود مقامِ صحابیت کی ان بلند چوٹیوں تک نہیں پہنچ سکتے۔ کیونکہ وہاں نسبتِ صحابیت کی وہ رفعت ہے جو بعد والوں کو میسر نہیں، وہاں صحبت کی وہ سعادت ہے جو کسی اور کو نصیب نہیں اور یہی وہ سرِّ امتیاز ہے جو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو تمام طبقاتِ امت پر فوقیتِ تامہ عطا کرتا ہے۔ اے اہلِ بصیرت! یہی وہ مقام ہے کہ چند ساعتوں کی صحبتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم عمر بھر کی عبادتوں پر فائق آ جاتی ہے۔ چنانچہ سیدنا سعید بن زید رضی اللہ عنہ نے قسم کھا کر فرمایا کہ ”جو شخص نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کسی ایک غزوہ میں شریک ہوا اور اس کے چہرے پر اس میں گرد پڑی، وہ تمہارے بعد والوں کی پوری زندگی کے اعمال سے افضل ہے خواہ اسے عمرِ نوح ہی کیوں نہ مل جائے“۔ [مصنف ابن ابی شيبة 19513]
پھر اسی حقیقت کو دلوں میں راسخ کرنے کے لیے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے نہایت دردمندانہ اور تکرارِ تاکید کے ساتھ فرمایا کہ ”اللہ سے ڈرو! اللہ سے ڈرو! میرے صحابہ کے معاملے میں، میرے بعد انہیں ہدفِ ملامت نہ بنانا جو ان سے محبت کرے گا وہ مجھ سے محبت کی بنا پر کرے گا اور جو ان سے بغض رکھے گا وہ مجھ سے بغض کی بنا پر رکھے گا جس نے انہیں اذیت دی اس نے مجھے اذیت دی اور جس نے مجھے اذیت دی اس نے اللہ کو اذیت دی اور جو اللہ کو اذیت دے گا قریب ہے کہ وہ اسے اپنی گرفت میں لے لے“۔ [سنن جامع ترمذی 3862، مسند احمد 11525، صحيح ابن حبان 2818 واسنادهُ صحيح]
اگرچہ اس روایت کی اسنادی حیثیت پر کچھ کلام کیا گیا، تاہم اس کا مفہوم دیگر صحیح احادیث سے مؤید ہے جیسا کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ، سیدنا عمر رضی اللہ عنہ اور انصار کے فضائل میں وارد نصوص اس حقیقت کی گواہ ہیں کہ محبتِ صحابہ ایمان کی علامت اور ان سے بغض نفاق کی نشانی ہے اور سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کے بارے میں بھی ارشاد ہوا کہ ”آپ سے صرف مومن ہی محبت کرے گا“۔ یہاں تک کہ وہ خود فرماتے تھے کہ جو میرا ذکر سنتا ہے وہ مجھ سے محبت کرتا ہے۔ [صحيح مسلم 240، صحيح البخاری 17، 3783، صحيح مسلم 6394]
اور جب نصوصِ شرعیہ کے ساتھ آثارِ سلف کی شہادت بھی شامل ہو جائے تو دلیل مزید روشن، حجت مزید محکم اور راستہ بالکل واضح ہو جاتا ہے چنانچہ اسی باب میں آئمہ سلف کے اقوال فیصلہ کن معیار بن کر سامنے آتے ہیں۔ امام مسروق رحمہ اللہ نے محبتِ شیخین کو سنت قرار دیا، امام حسن بصری رحمہ اللہ نے اسے سنت سے بڑھ کر فرض کہا اور امام ابن حزم رحمہ اللہ نے بھی صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے محبت کی فرضیت پر صراحت فرمائی اور امام مالک رحمہ اللہ کا یہ قول اس حقیقت کو اور زیادہ جلا بخشتا ہے کہ سلف اپنی اولاد کو سیدنا ابوبکر و عمر رضی اللہ عنہما کی محبت اسی طرح سکھاتے تھے جیسے قرآن و حدیث کی تعلیم دی جاتی ہے۔ [كتاب العلل ومعرفة الرجال لاحمد 1/452، كتاب الرقائق والحكايات لخيثمة بن سليمان صفحہ 171، جمهرة أنساب العرب لابن حزم صفحہ 3، شرح أصول اعتقاد أهل السنة والجماعة للالكائی 2325 وسندهُ صحيح، مسند المؤطا للجوهری 80 وسندهُ صحيح]
پھر امام ایوب سختیانی رحمہ اللہ نے نہایت بصیرت افروز انداز میں فرمایا کہ جو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی تعریف کرے وہ نفاق سے بری ہے اور جو ان میں سے کسی کی تنقیص کرے وہ بدعتی ہے۔ بلکہ اندیشہ ہے کہ اس کا کوئی عمل اس وقت تک بارگاہِ الٰہی میں قبول نہ ہو جب تک وہ تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے محبت نہ کرے۔ [الشفا بتعريف حقوق المصطفىٰ للقاضی عياض 2/44]
اور یہی وہ میزان ہے جس پر ایمان کی صداقت اور دل کی طہارت کو پرکھا جاتا ہے۔ مزید برآں امام بشر بن حارث الحافی رحمہ اللہ نے نہایت گہرے غور و فکر کے بعد یہ حقیقت بیان کی کہ ہر انسان کے لیے توبہ کا دروازہ کھلا ہے مگر جو شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کو برا کہے اس کے لیے توبہ کی توفیق سلب ہو جاتی ہے۔ [المجالسة وجواهر العلم للدينوری 2816 واسنادهُ صحيح]
اور انہوں نے یہ بھی فرمایا کہ میرے اعمال میں کوئی چیز ایسی نہیں جس پر مجھے اتنا اعتماد ہو جتنا مجھے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ سے اپنی محبت پر ہے بلکہ میرے نزدیک سب سے زیادہ قابلِ اعتماد عمل ہی محبتِ صحابہ ہے۔ [حلية الاولياء لابی نعيم الاصبهانی 8/338 وسندهُ صحيح]
اور اسی نورانی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے وہ اپنے شیخ امام فضیل بن عیاض رحمہ اللہ کا یہ قول نقل کرتے ہیں جو دلوں کو ہلا دینے کے لیے کافی ہے کہ امام فضیل بن عیاض رحمہ اللہ نے میری جانب دیکھا اور فرمایا کہ ”اگر قیامت کے دن تیرے گناہ ریت کے ذروں کے برابر ہوں تو محبتِ صحابہ تجھے نجات دے دے گی لیکن اگر دل میں ان کے بارے میں ذرہ برابر بھی بغض ہوا تو کوئی عمل فائدہ نہ دے گا“۔ [المجالسة و جواهر العلم للدينوری 5/413 وسندهُ صحيح]
پس یہ اقوال اس حقیقت کو روزِ روشن کی طرح عیاں کر دیتے ہیں کہ محبتِ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ایمان کی جان، اعمال کی روح اور نجات کی ضمانت ہے اور ان سے بغض دل کی تاریکی، عمل کی بربادی اور انجام کی ہلاکت کا عنوان ہے۔ لہٰذا لازم ہے کہ دلوں کو ان کی محبت سے آباد اور زبانوں کو ان کی تعظیم سے آراستہ رکھا جائے تاکہ ایمان اپنی اصل حالت میں برقرار رہے اور انجام بخیر ہو۔ لہٰذا جس دل میں محبتِ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم جاگزیں ہو وہی دل نورِ ایمان سے منور ہے اور جس زبان پر ان کی تنقیص جاری ہو وہی زبان اپنے لیے خسارے کا اعلان کر رہی ہے۔ پس ان تمام نصوص و آثار کا حاصل یہ ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی محبت ایمان کی روح، دین کی اساس اور نجات کا یقینی وسیلہ ہے اور ان سے بغض و عداوت ہلاکت و خسران کا پیش خیمہ۔ اور جب یہ حقیقت نصوصِ قطعیہ، آثارِ سلف اور دلائلِ ناصعہ سے اس درجہ واضح ہو چکی کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ہدایت کے چراغ، دین کے پاسبان اور امت کے لیے امان ہیں، تو اسی تسلسلِ بیان میں قرآنِ مجید کی آیاتِ بینات ان کے مقامِ رفیع کو ایسی رفعت عطا کرتی ہیں کہ عقل دنگ اور دل شاداب ہو جاتا ہے۔ چنانچہ اللہ رب العزت نے ان خوش نصیب ہستیوں کے لیے جابجا اپنی لاریب کتاب میں وعدۂ حسنیٰ ثبت فرمایا اور اعلان کیا کہ جو ایمان کی حالت میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت سے مشرف ہوا وہ جنت کا وارث ہے۔ اللہ نے کہا کہ اگرچہ فتح مکہ سے قبل و بعد خرچ کرنے والے اور جہاد کرنے والے باہم برابر نہیں مگر سب کے لیے ”حسنیٰ“ کا وعدہ ہے اور اللہ ہر عمل سے باخبر ہے۔ [الحديد 10]
پھر اس ”حسنیٰ“ کی تفسیر خود ربِّ کریم نے یوں کھول دی کہ جن کے لیے یہ وعدہ پہلے ہی لکھ دیا گیا وہ جہنم سے دور رکھے جائیں گے، نہ اس کی سرسراہٹ سنیں گے، نہ اس کی ہولناکی انہیں چھوئے گی بلکہ وہ اپنی پسندیدہ نعمتوں میں مگن رہیں گے۔ قیامت کی گھبراہٹ انہیں رتی بھر پریشان نہ کرے گی اور فرشتے استقبال کرتے ہوئے کہیں گے کہ ”یہی وہ دن ہے جس کا تم سے وعدہ کیا جاتا تھا“۔ [الانبياء 101، 102، 103]
پھر مزید شانِ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو بیان کرتے ہوئے ارشاد ہوا کہ ”تم ہرگز نہ پاؤ گے کہ جو اللہ اور یومِ آخرت پر ایمان رکھتے ہیں وہ اللہ اور اس کے رسول کے مخالفوں سے محبت کریں، خواہ وہ ان کے باپ ہوں یا بیٹے یا بھائی یا اہلِ خاندان ہوں۔ یہی وہ لوگ ہیں جن کے دلوں میں اللہ نے ایمان ثبت کر دیا اور اپنی طرف سے روح کے ساتھ انہیں قوت بخشی، اور انہیں ایسی جنتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں، اللہ ان سے راضی ہوا اور وہ اللہ سے راضی ہوئے، یہی اللہ کی جماعت ہے اور سن لو کہ اللہ کی جماعت ہی کامیاب ہے“۔ [المجادله 22]
پس یہ وعدے کسی ایک یا چند افراد کے لیے نہیں بلکہ ہر اس صحابی کے لیے ہیں جسے صحبتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی سعادت نصیب ہوئی، خواہ چند ساعتیں ہی کیوں نہ ہوں۔ اسی حقیقت کو سمجھانے کے لیے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے نہایت بلیغ مثال ارشاد فرمائی کہ ”میری اور لوگوں کی مثال ایسے شخص کی ہے جس نے آگ جلائی، جب اس کے گرد روشنی پھیل گئی تو پروانے اور کیڑے اس میں گرنے لگے اور وہ انہیں بچاتا رہا مگر وہ اس کے قابو میں نہ آئے۔ اسی طرح میں تمہیں کمر سے پکڑ پکڑ کر آگ سے نکالتا ہوں اور تم ہو کہ اسی میں گرتے جاتے ہو“۔ [صحيح البخاری 6483]
پھر رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کے لیے شفقت کا وہ منظر سامنے آتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا ابراہیم علیہ السلام اور سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کے اقوال تلاوت فرمائے اور ہاتھ اٹھا کر عرض کیا ”اے اللہ! میری امت، میری امت“ اور اشکبار ہو گئے، تو ربِّ کریم نے فرمایا کہ ”ہم آپ کو آپ کی امت کے بارے میں راضی کریں گے اور آپ کو رنجیدہ نہ ہونے دیں گے“۔ اور یہ بھی فرمایا کہ ”عنقریب آپ کا رب آپ کو اتنا عطا کرے گا کہ آپ راضی ہو جائیں گے“۔ [صحيح مسلم 202، الضحىٰ 5]
تو جب ایک عام امتی کے لیے یہ درجۂ شفقت ہے تو کیا یہ گمان کیا جا سکتا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی موجودگی میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو عذاب کا مستحق ٹھہرایا جائے؟ ہرگز نہیں، قطعاً نہیں۔ بلکہ حقیقت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جہنم کی ہولناکیوں کو ان پر حرام کر دیا کیونکہ جہنم مجرموں کے لیے ہے اور یہ حضرات دین کے محسن اور امت کے محسن ہیں۔ یہی وہ رفعتِ بے مثال ہے کہ جہاں ایک عام جنتی کے انعامات اپنی انتہاء کو پہنچتے ہیں وہیں سے اصحابِ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے انعامات کی ابتدا ہوتی ہے۔ یہی وہ شانِ اختصاص ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان سے دنیا ہی کی زندگی میں رضامندی کا اعلان فرما دیا۔ یہی وہ امتیاز ہے کہ ان کے لیے مغفرت محض وعدہ نہیں بلکہ فیصلۂ ربانی بن کر جلوہ گر ہوئی۔
اسی حقیقت پر وہ عظیم الشان واقعہ دلالت کرتا ہے جسے سیدنا علی رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے، سیدنا زبیر رضی اللہ عنہ اور سیدنا مقداد رضی اللہ عنہ کو ایک مہم پر روانہ فرمایا، ہم تیزی سے روانہ ہوئے، ہم نے تلاش کی، ہم نے جستجو کی، یہاں تک کہ ایک عورت تک پہنچے اور اس سے وہ خط لے کر بارگاہِ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم میں حاضر ہوئے، تب معلوم ہوا کہ وہ سیدنا حاطب بن ابی بلتعہ رضی اللہ عنہ کا خط تھا جو مکہ کے مشرکین کے نام بھیجا گیا تھا۔ بظاہر معاملہ سنگین تھا اور صورت حال نہایت نازک تھی، یہاں تک کہ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے جوشِ ایمانی نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ مجھے اجازت دیجئے کہ میں اس منافق کی گردن اڑا دوں، مگر رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے حق کی میزان کو قائم رکھتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ ”انہوں نے سچ کہا ہے اور وہ بدر میں شریک ہو چکے ہیں اور آپ کو کیا معلوم کہ اللہ نے اہلِ بدر کی طرف نظر فرما کر کہہ دیا کہ جو چاہو کرو میں نے انہیں بخش دیا“۔ [صحيح البخاري 3007، صحيح مسلم 6401]
پس یہ وہ اعلانِ مغفرت ہے جو لغزش کے احتمال کو بھی رحمت میں بدل دیتا ہے۔ یہ وہ شانِ صحابیت ہے جو خطاء کو بھی معافی کے سائے میں لے آتی ہے اور یہ وہ مقامِ قرب ہے جہاں بندے کی نسبت اس کے انجام کی ضامن بن جاتی ہے۔ سو یہی وہ جماعت ہے جس پر رضائے الٰہی کی مہر ثبت ہو چکی، جس کے لیے مغفرت کا در کھل چکا اور جس کی عظمت پر شبہ کرنا درحقیقت اپنے ایمان کو مشتبہ بنانا ہے۔ اور جب یہ امر اپنی پوری شان کے ساتھ ثابت ہو چکا کہ جن نفوسِ قدسیہ پر ربِّ کریم کی نظرِ رضا پڑ جائے، جن کے لیے مغفرت کا اعلان خود بارگاہِ نبوت صلی اللہ علیہ وسلم سے ہو جائے اور جن کی نسبت لغزش کو بھی رحمت میں بدل دے، تو پھر یہ حقیقت کسی دلیل کی محتاج نہیں رہتی کہ ان کی محبت ایمان کا تقاضا اور ان سے بغض ہلاکت کا پیش خیمہ ہے۔ چنانچہ یہی وہ معیار ہے جس پر دلوں کی حقیقت اور ایمان کی صداقت پرکھی جاتی ہے کہ جو دل اس جماعتِ مقدسہ یعنی صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی محبت سے خالی ہے وہ نورِ ایمان سے بھی خالی ہے اور جو زبان ان کی تنقیص پر آمادہ ہو وہ درحقیقت اپنی ہی ہلاکت کا اعلان کر رہی ہے۔ لہٰذا لازم ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی محبت کو ایمان کا سرمایہ سمجھا جائے، عقیدہ کی بنیاد مانا جائے اور نجات کا یقینی وسیلہ قرار دیا جائے۔ کہ یہی محبت دلوں کو جِلا دیتی ہے، یہی نسبت روحوں کو رفعت بخشتی ہے اور یہی تعلق انسان کو صراطِ مستقیم پر ثابت قدم رکھتا ہے۔ جب یہ حقیقت اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہو چکی کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم رضائے الٰہی کے مظہر، مغفرتِ ربانی کے مستحق اور جنت کے یقینی وارث ہیں، تو اسی تسلسلِ نور میں وہ روایات بھی سامنے آتی ہیں جو ان کے مقامِ امن و امان پر آخری مہر ثبت کر دیتی ہیں۔ چنانچہ سیدنا جابر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ سیدنا حاطب رضی اللہ عنہ کا ایک غلام بارگاہِ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم میں حاضر ہوا اور شکایت کرتے ہوئے کہا کہ ”اللہ کے رسول! حاطب ضرور دوزخ میں جائے گا“۔ تو رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے نہایت قطعیت کے ساتھ فرمایا کہ ”تم جھوٹ کہتے ہو، وہ دوزخ میں داخل نہیں ہو گا کیونکہ وہ بدر اور حدیبیہ میں شریک ہوا ہے“۔ [صحيح مسلم 6403]
پس بدر و حدیبیہ میں شرکت گویا جنت کی ابدی سند اور مغفرتِ قطعی کی دلیل ہے اور یہی حقیقت صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے مقام و مرتبہ کی عظمت کو نمایاں کرتی ہے۔ اسی تسلسلِ نور میں یہ اشکال بھی ہمیشہ کے لیے رفع کر دینا لازم ہے کہ کوئی جاہل یہ گمان نہ کرے کہ یہ فضیلت صرف اصحابِ بدر و حدیبیہ تک محدود ہے اور باقی صحابہ کرام رضی اللہ عنہم معاذ اللہ اس سے خارج ہیں، کیا یہ عقلِ سلیم کا فیصلہ ہے یا وہم و گمان کا فریب؟ ہرگز نہیں۔ بلکہ یہ خیال خود گمراہی کی انتہاء اور ضلالت کی معراج ہے کیونکہ قرآنِ مجید نے عمومی انداز میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے لیے جہنم سے دوری کا اعلان فرمایا ہے، نہ صرف دوری بلکہ اس کی سرسراہٹ تک سے حفاظت کا وعدہ فرمایا ہے۔ یہ وہ ہیبت ناک مسافت ہے جس کی صدا صدیوں کی دوری سے سنائی دیتی ہے۔ پس اللہ تعالیٰ نے اپنے ان برگزیدہ بندوں اور جہنم کے درمیان ایسا فاصلہ قائم فرمایا جو عقل کی رسائی سے باہر اور تصور کی حدوں سے ماورا ہے۔
پھر اسی حقیقت کو مزید روشن کرنے کے لیے غزوۂ تبوک کا واقعہ سامنے آتا ہے۔ اس موقع پر ہر صاحبِ صدق نے لبیک کہا، ہر اہلِ وفا نے قدم بڑھایا اور ہر مخلص صحابی نے جان و مال پیش کر کے وفاداری کا حق ادا کیا اور جو پیچھے رہ گیا وہ نفاق کے دائرے میں شمار ہوا۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے ان اہلِ ایمان کے بارے میں ارشاد فرمایا کہ ”اللہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور مہاجرین و انصار سے راضی ہو گیا جنہوں نے تنگی کے وقت میں آپ کا ساتھ دیا، اگرچہ کچھ کے دلوں میں سستی کا میلان پیدا ہوا مگر انہوں نے اس کا اتباع نہ کیا تو اللہ نے انہیں معاف کر دیا، بے شک وہ ان پر نہایت مہربان ہے“۔ [التوبہ 117]
پس یہ اعلانِ رضا اس حقیقت کو آفتابِ نیم روز کی طرح واضح کر دیتا ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اللہ کے منظورِ نظر، مغفرت کے مستحق اور جنت کے یقینی وارث ہیں اور ان کے بارے میں بدگمانی کرنا نصوصِ قطعیہ سے انحراف اور صراطِ مستقیم سے روگردانی ہے۔ جب یہ نصوصِ قطعیہ اپنے تمام تر جلال کے ساتھ اس امر پر شاہد ہو چکیں کہ اللہ کی رضا صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے شاملِ حال ہو گئی اور جس پر ربِّ کریم راضی ہو جائے اس کے لیے عذاب کا کوئی سوال باقی نہیں رہتا۔ تو پھر یہ بات بھی روزِ روشن کی طرح عیاں ہو جاتی ہے کہ اگر اتنے واضح دلائل کے باوجود کوئی شخص اپنی باطنی کجی اور فکری گمراہی کو زبان دیتا ہے تو اس سے کنارہ کشی اور اس کے باطل کا علمی رد ہی اہلِ حق کا منہج ہے۔ اسی تسلسل میں یہ حقیقت بھی اپنی پوری وضاحت کے ساتھ سامنے آتی ہے کہ شرفِ صحابیت نے ان نفوسِ قدسیہ کو وہ مقام عطا کیا کہ اللہ تعالیٰ نے ان کی اصلاح فرمائے بغیر انہیں دنیا سے نہ اٹھایا کیونکہ اس کا اٹل وعدہ ہے کہ ”بے شک نیکیاں برائیوں کو مٹا دیتی ہیں“۔ [ہود 114]
اب اگر بطورِ بشریت کسی صحابی سے کوئی لغزش سرزد ہوئی بھی تو یا وہ توبہ سے دھل گئی، یا حد کے نفاذ سے پاک ہو گئی، جیسا کہ سیدنا ماعز الاسلمی رضی اللہ عنہ کے واقعہ سے ظاہر ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ”ماعز کے لیے استغفار کرو، انہوں نے ایسی توبہ کی ہے کہ اگر پوری امت پر تقسیم کر دی جائے تو سب کو کفایت کر جائے“۔ [صحيح مسلم 1695]
تو پھر یہ گمان کیسے کیا جا سکتا ہے کہ یہ جماعتِ مقدسہ کسی گناہ پر اصرار کے ساتھ دنیا سے رخصت ہوئی ہو، کیا یہ انصاف کا تقاضا ہے یا بدگمانی کا دھوکہ؟ ہرگز نہیں۔ بلکہ حقیقت یہی ہے کہ ان کی لغزشیں بھی ان کے لیے سببِ تطہیر بنیں، ان کی توبہ نے انہیں مزید رفعت عطا کی اور ان کا انجام ہمیشہ رضائے الٰہی کے سائے میں ہوا۔ چنانچہ شیخ الاسلام امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ نے نہایت محققانہ انداز میں فرمایا کہ اگر بالفرض کسی سے کوئی گناہ ثابت بھی ہو جائے تو وہ یا اس کی عظیم نیکیوں کے سبب معاف ہو جاتا ہے، یا توبہ اس کے لیے سببِ مغفرت بن جاتی ہے، یا کوئی آزمائش اس کا کفارہ بن جاتی ہے، یا شفاعتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم یا دعائے مومنین اسے ڈھانپ لیتی ہے۔ [جامع المسائل لابن تيمية 3/78]
اور اسی حقیقت کو علامہ آلوسی رحمہ اللہ نے مزید وضاحت کے ساتھ بیان فرمایا کہ کسی صحابی سے اگر کوئی لغوی فسق صادر ہو بھی جائے تو اس کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ وہ اسی حالت پر قائم رہا، بلکہ صحبتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی برکت اور اوصافِ مذکورہ کی روشنی میں اللہ تعالیٰ اسے توبہ کی توفیق عطا فرماتا ہے اور اسے پاکیزگی کے ساتھ دنیا سے رخصت فرماتا ہے۔ [روح المعاني للألوسي 26/133]
تو جب آئمہ تحقیق کی یہ صراحتیں سامنے ہوں اور دلائلِ شرعیہ اس کی تائید کر رہے ہوں تو پھر یہ حقیقت آفتابِ نیم روز کی طرح روشن ہو جاتی ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی ذاتیں اگرچہ بشری تقاضوں سے خالی نہیں مگر وہ ان پر اصرار سے پاک ہیں۔ وہ مغفرتِ الٰہی کے سائے میں پروان چڑھی ہوئی وہ جماعت ہے جن کی محبت ایمان کا تقاضا اور جن سے بغض ہلاکت کا پیش خیمہ ہے۔ سو لازم ہے کہ دل ان کی محبت سے آباد، زبانیں ان کی تعظیم سے معطر اور افکار ان کی اقتداء سے منور رکھے جائیں کیونکہ یہی صراطِ مستقیم ہے اور یہی نجات کا یقینی راستہ ہے۔ یہ امر بدیہی ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم مغفرتِ الٰہی کے سایۂ رحمت میں ہیں اور ان کے حق میں فیصلہ ربانی درگزر و بخشش کا صادر ہو چکا ہے۔ بلکہ ربِّ کریم نے اپنے حبیب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ان کے حق میں عفو و درگزر کا حکم عطا فرمایا تو پھر یہ سوال بجا طور پر ابھرتا ہے کہ کسی فردِ بشر کو کیا حق پہنچتا ہے کہ وہ ان نفوسِ قدسیہ کے بارے میں زبان درازی کرے۔ ان کی حسناتِ جلیلہ سے صرفِ نظر کر کے ان کے خلاف امور کی کھوج میں لگے اور منبر و محراب یا قلم و قرطاس کے ذریعے انہیں رسوا کرنے کی جسارت کرے جبکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی حیاتِ طیبہ میں ان کے ساتھ درگزر کا معاملہ فرمایا اور امت کو واضح ہدایت دی کہ ”میری خاطر میرے اصحاب سے درگزر کرو اور انہیں برا بھلا نہ کہو“۔ [مسند البزار 7221، مجمع الزوائد ومنبع الفوائد للهيثمي 16425]
اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نہایت جلال کے ساتھ تنبیہ فرمائی کہ ”جو میرے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر تنقید کے نشتر چلاتا ہے، انہیں برا کہتا ہے، ان سے بغض رکھتا ہے اور ان کی مخالفت کرتا ہے، اس پر اللہ تعالیٰ کی، میری اور تمام ملائکہ کی لعنت ہے“۔ [معجم الكبير للطبراني 12709، صحيح الجامع 6385 وسندهُ صحيح]
اور سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ”میری وجہ سے میرے صحابہ کا خیال رکھو اور ان کے ساتھ رعایت کا معاملہ کرو“۔ [سنن ابن ماجه 2363 وسندهُ صحيح]
نیز سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ”جب میرے صحابہ کا ذکر کیا جائے تو خاموش رہو“۔ [معجم الكبير للطبراني 10447 وسندهُ صحيح]
اور سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کے ذریعے منقول ہدایت میں بھی یہی تاکید وارد ہوئی کہ ستاروں میں غور سے بچو، تقدیر میں بحث سے بچو اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو برا مت کہو ورنہ انجامِ کار عذاب ہے۔ [طبقات المحدثين بأصبهان لابى الشيخ 1/317]
اسی طرح ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے اس انحراف کی نشاندہی کرتے ہوئے فرمایا کہ لوگوں کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے لیے استغفار کریں مگر انہوں نے انہیں سبّ و شتم کا نشانہ بنا لیا۔ [صحيح مسلم 7539]
اور انصار کے بارے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد کہ ”ان کے نیکوں کی خوبیوں کو قبول کرو اور ان کے خطاکار کے بارے میں درگزر کرو“۔ [صحيح البخاري 3799]
درحقیقت تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے لیے ایک جامع اصول ہے کہ ان کے بارے میں حسنِ ظن رکھا جائے اور ان کے لیے دعائے خیر کی جائے۔ چنانچہ قرآنِ مجید نے بھی بعد والوں کو یہی ادب سکھایا کہ ”اے ہمارے رب ہمیں اور ہمارے ان بھائیوں کو بخش دے جو ہم سے پہلے ایمان لائے اور ہمارے دلوں میں اہلِ ایمان کے لیے کوئی بغض نہ رکھ“۔ [الحشر 10]
پس اس آیت کا اوّلین مصداق صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ہیں اور اس کے بعد پوری امت داخل ہے، سو ان روشن دلائل کے باوجود اگر کوئی شخص ان پر طعن کو حق سمجھتا ہے اور خود کو مسلمان بھی کہتا ہے تو وہ درحقیقت اپنے ایمان کے ساتھ کھیل رہا ہے اور گمراہی کے آخری کنارے پر کھڑا ہے۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ان کے حق میں اپنی رضا کا اعلان فرمایا اور انہیں اسی حال میں دنیا سے رخصت فرمایا کہ وہ ان سے راضی تھا۔ چنانچہ ارشاد ہوا کہ ”اے نفسِ مطمئنہ اپنے رب کی طرف لوٹ چل اس حال میں کہ تو اس سے راضی اور وہ تجھ سے راضی“۔ [الفجر 29، 30]
اور فرمایا کہ ”متقی لوگ گروہ در گروہ جنت کی طرف لے جائے جائیں گے یہاں تک کہ جب وہ وہاں پہنچیں گے اور دروازے کھلے ہوں گے تو کہا جائے گا سلام ہو تم پر تم پاکیزہ رہے پس ہمیشہ کے لیے داخل ہو جاؤ“۔ [الزمر 73، 74]
یہی شانِ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ہے کہ ان پر رضائے الٰہی کی مہر ثبت ہو چکی، ان کے لیے جنت کے دروازے وا ہو چکے اور ان کی محبت ایمان کی روح بن چکی۔ لہٰذا دلوں کو ان کی محبت سے معمور، زبانوں کو ان کی تعظیم سے معطر اور افکار کو ان کی اقتداء سے منور رکھنا ہی صراطِ مستقیم اور نجات کا یقینی راستہ ہے۔ یہ حقیقت اپنی پوری قوت کے ساتھ سامنے آتی ہے کہ قرآنِ حکیم کی آیاتِ بینات میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے ایمان، ایقان اور اعمالِ صالحہ کی صریح توثیق وارد ہو چکی۔ ان کے حق میں رضائے الٰہی کا اعلان ثبت ہو چکا اور ان کی شان پر ربانی شہادت قائم ہو چکی تو پھر شک کی گنجائش کہاں باقی رہتی ہے اور طعن کی جسارت کس بنیاد پر کھڑی کی جا سکتی ہے۔ مگر افسوس کہ ایک ایسا گروہ بھی ہے جو اس روشن حقیقت کے باوجود اپنی آنکھوں پر تعصب کے پردے ڈالے ہوئے ہے اور اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر طعن کو اپنا شعار بنا کر اپنے نفس کی تسکین میں لگا ہوا ہے، حالانکہ یہ نہ تحقیق ہے نہ دیانت بلکہ جہالت اور ضلالت کا مرکب ہے۔ اے اہلِ بصیرت! کیا یہ روش ہدایت کی علامت ہے یا گمراہی کا اعلان، یہی وہ لوگ ہیں جو نور کو ظلمت سے بدلتے ہیں اور محبت کو عداوت میں ڈھال دیتے ہیں اور اپنی زبانوں کو آلودہ کر کے درحقیقت اپنے ہی انجام کو تاریک کرتے ہیں۔ کیونکہ سنتِ الٰہی یہی رہی ہے کہ جو اللہ کے مقربین سے ٹکراتا ہے وہ اپنے ہی عمل سے رسوا ہوتا ہے، اپنی ہی جسارت سے گرتا ہے اور اپنی ہی زبان سے اپنے لیے ہلاکت لکھتا ہے۔ سو ہر دور کا گستاخ اپنی سزا اپنے ہی وجود میں اٹھائے پھرتا ہے اپنی زبان سے اپنے انجام کو رقم کرتا ہے اپنے عمل سے اپنی رسوائی کو جنم دیتا ہے اور باطل اپنی ہی بنیادوں کے بوجھ تلے پاش پاش ہو جاتا ہے اس کے مقابلے میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی عظمت آفتابِ تاباں کی طرح درخشاں، دلیلِ قاطع کی طرح نمایاں اور حقِ ثابت کی طرح اٹل ہے نہ کوئی پردہ اس نور کو چھپا سکتا ہے نہ کوئی طعن اس حقیقت کو مٹا سکتا ہے نہ کوئی باطل اس مقام کو جھٹلا سکتا ہے۔ اور جو اس نور سے منہ موڑے وہ دراصل اپنی ہی بصیرت کو کھو دیتا ہے اپنے ہی دل کو تاریک کرتا ہے اور اپنے ہی انجام کو خطرے میں ڈال دیتا ہے۔ لہٰذا اہلِ ایمان پر لازم ہے، واجب ہے، ضروری ہے کہ اس جماعتِ برگزیدہ یعنی صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی محبت کو اپنے ایمان کا سرمایہ بنائیں ان کی تعظیم کو اپنا شعار ٹھہرائیں اور ان کی اقتداء کے ذریعے اپنی نجات کا واحد راستہ اختیار کریں کیونکہ یہی منہجِ اہلِ حق ہے یہی صراطِ مستقیم ہے اور یہی فلاح و کامیابی کی یقینی راہ ہے۔