اعمش کی تدلیس اور حاکم و ذہبی کی تصحیح: ابو ایوب انصاریؓ والی روایت ضعیف اور سیدنا معاویہؓ کی سخاوت

فونٹ سائز:
یہ اقتباس مرزا محمد علی انجینئر کے اعتراضات و اشکالات کا تحقیقی جائزہ سے ماخوذ ہے جسے ہارون بن شبیر احمد حفظہ اللہ نے تالیف کیا ہے اور نظرِ ثانی فضیلۃ الشیخ مولانا محمد رفیق طاہر حفظہ اللہ نے کی ہے۔

امام حاکم و ذہبی نے دونوں میں سے صرف پہلے طریق کو صحیح کہا ہے، جبکہ اس میں اعمش مدلس ہیں، اور روایت عن سے بیان کر رہے ہیں۔ محدثین نے اعمش کی تدلیس (والی روایات) کو غیر مقبول قرار دیا ہے، امام ابن عبدالبر رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
قَالُوا لَا يُقْبَلُ تَدْلِيسُ الْأَعْمَشِ۔
”محدثین نے فرمایا ہے کہ اعمش کی تدلیس غیر مقبول ہے۔“ (التمہید: 30/1)
اور انجینئر صاحب نے تدلیس اور ضعیف روایات کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کئی مرتبہ یہ بات کہی ہے کہ یہ اصول ”مدلس کی عن والی روایت ضعیف ہوتی ہے“ کو مانے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے، اور آپ چند روایات پیش کیا کرتے ہیں کہ (بقول مرزا صاحب) اگر انہیں صحیح مان لیا جائے تو ہم بے ایمان ہو جائیں۔ چنانچہ مسئلہ: 36 ”ضعیف الاسناد احادیث کا فتنہ“ میں پہلی مثال دیتے ہوئے فرماتے ہیں:

”مثال نمبر ایک، امام یعقوب بن سفیان الفارسی کی کتاب ہے ”المعرفہ والتاریخ“ اس میں جلد نمبر تین پر صفحہ 771 کے اوپر متصل پوری صحیح سند کے ساتھ سوائے ایک سُقم کے یہ روایت موجود ہے کہ سیدنا حذیفہ بن یمان رضی اللہ تعالی عنہ صحابی رسول، اور بخاری اور مسلم کی احادیث کے تحت یہ وہ صحابی ہیں جن کو منافقین کے نام نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بتائے تھے، انہوں نے ابو موسی اشعری رضی اللہ عنہ کو سامنے سے آتے ہوئے دیکھا، تو کہا کہ یہ منافق ہے! ابوموسی اشعری، بیڑا غرق ہو گیا، سیدنا ابوموسی اشعری تو فارغ ہو گئے اس حدیث کے تحت، کیونکہ حذیفہ بن یمان کہہ رہے ہیں، ان کو تو حضور نے منافقین کے (نام بتائے تھے)، تو ابوموسی اشعری بھی فارغ، ان کی تمام احادیث بھی فارغ! متصل سند ہے، بالکل ٹھیک ہے، صرف ایک چھوٹا سا سُقم ہے کہ اس میں امام اعمش جو ہیں وہ مدلس ہیں، انہوں نے تدلیس کی ہے………… لہٰذا یہ حدیث ہوئی ضعیف، اور یہ امام مسلم نے بھی لکھ دیا ہے صحیح مسلم کے مقدمے میں کہ مدلس کی عن والی روایت کے ضعیف ہونے پر سب کا اتفاق ہے جب تک سماع کی تصریح نا مل جائے۔“

پھر اسی قسم کی چند روایات ذکر کر کے فرماتے ہیں کہ اگر ان کو صحیح مانا ہے تو سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ کو بھی منافق مانیں۔ پھر ایک نہایت سنہری جملہ کہا کہ: ”ہم ایک اصول رکھیں گے، دوغلی پالیسی نہیں!“۔ تو بتائیے کہ کیا انجینئر صاحب کا ایک ہی اصول ہے؟ کیا آپ دوغلے انسان نہیں؟ اگر ایمانداری اور اصول پسندی کا تھوڑا سا بھی مادہ ہوتا تو سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے خلاف اس جیسی روایات ہرگز پیش نہ کرتے۔ لہٰذا ہم مرزا صاحب کا ہی جواب انہیں لوٹاتے ہیں کہ اگر مستدرک کی اس روایت کو ماننا ہے تو پھر حضرت ابوموسی اشعری رضی اللہ عنہ کو بھی منافق مانیں، آپ کی دوغلی پالیسی یہاں نہیں چلے گی۔
اور اسی طرح انجینئر صاحب کی ویڈیو ”علمی و تحقیقی مجلس نمبر: 10“ دیکھیں کہ کس طرح اعمش کی روایت کو جعلی روایت، جعلی روایت کہہ رہے ہیں۔ (دورانیہ 1:52:45) جبکہ دعویٰ ان کا کیا ہے کہ جی ”ہم ایک اصول رکھیں گے، دوغلی پالیسی نہیں!“
مسئلہ تدلیس کے بیان میں انجینئر صاحب اپنے جاہلیت کے نسب پر فخر کرنے کے حوالے سے ایک حدیث اکثر پیش کیا کرتے ہیں (مسند احمد:21234، مشکوٰۃ المصابیح:4902)، اور فرماتے ہیں کہ اگر اس حدیث کو صحیح مانیں تو اس سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی گستاخی ہوتی ہے، اور اسے بیان کر کے استغفر اللہ، نعوذ باللہ اور توبہ توبہ کرتے ہیں۔ فرماتے ہیں کہ:

”اب اس روایت کو ہم ضعیف ثابت ہی اس اصول کی بنا پر کرتے ہیں کہ اس میں حسن بصری مدلس ہیں اور عن سے بیان کر رہے ہیں“۔ اور اسی روایت کے بیان میں ایک جگہ فرماتے ہیں کہ ”حسن بصری کے مقابلے میں اعمش اور سفیان ثوری تو شے ہی کوئی نہیں، حسن بصری تو تابعی ہیں، اور تابعی بھی ایسے کہ ان سے بعض صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے بھی احادیث لی ہیں۔“

یعنی اس بیان سے آپ کی مراد یہ ہے کہ جب حسن بصری جیسے مدلس کی عن والی روایت ضعیف ہے تو اعمش کی معنعن روایت کیسے صحیح ہو سکتی ہے؟ لیکن دوسری طرف مرزا صاحب خود ہی مکمل ڈھٹائی کے ساتھ اعمش کی یہی عن والی روایت سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے خلاف پیش کرتے ہیں، اور پھر دعویٰ بھی یہ ہے کہ ہم نے اپنے ریسرچ پیپر میں صرف صحیح الاسناد روایات درج کی ہیں۔ یہ بات خود انجینئر صاحب کو بھی معلوم ہے کہ ان کے ریسرچ پیپر میں ضعیف الاسناد روایات بکثرت موجود ہیں، لیکن مرزا صاحب نے اس حوالے سے بھی عوام کو دھوکہ دینے کے لیے بڑی ہوشیاری کرتے ہوئے ایک منطق پیش کی ہے۔ لہٰذا آپ فرماتے ہیں کہ ”ہمارے ریسرچ پیپر میں ایسی کوئی روایت نہیں کہ جسے کسی نا کسی محقق نے صحیح نا کہا ہو“۔ ہم کہتے ہیں کہ یہ اصول ہی باطل ہے! اگر اس طرح کوئی ضعیف روایت صحیح ہو سکتی ہے تو مسند احمد کی یہ روایت بھی آپ کے ریسرچ پیپر کی شرط پر صحیح ہے کہ جس روایت کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف منسوب کرنا بھی آپ گستاخی تصور کرتے ہیں۔ کیونکہ اس حدیث کو امام ابن حبان، امام ضیاء الدین المقدسی اور علامہ البانی رحمہ اللہ نے صحیح قرار دیا ہے۔ (صحیح ابن حبان:3153، الاحادیث المختارۃ:1244، السلسلۃ الصحیحۃ:269)، نیز علامہ شعیب الأرنووط نے بھی مسند احمد کی تخریج میں اسے حسن قرار دیا ہے۔ تو جب ان محققین کے اس حدیث کو صحیح قرار دینے کے باوجود بھی یہ آپ کے نزدیک صحیح نہیں بنتی، تو پھر آپ کے ریسرچ پیپر میں موجود وہ تمام ضعیف روایات کس طرح صحیح بن سکتی ہیں جن کی تصحیح آپ نے کسی نہ کسی محقق سے نقل کی ہے، یہ تو محض صحیح الاسناد روایات کے نام پر دھوکہ ہے اور کچھ نہیں۔
بہر حال یہ مثالیں بیان کرنے کا مقصد یہ ہے کہ یہ روایات انجینئر صاحب کے نزدیک بالکل ضعیف اور غیر ثابت ہیں، اور انجینئر صاحب انہیں ”خطرناک روایات“ قرار دیتے ہیں۔ لہٰذا جب یہ اعمش اور حسن بصری کی تدلیس کی وجہ سے ضعیف ہیں تو مستدرک حاکم کی زیرِ بحث روایت کس طرح صحیح ہو سکتی ہے جس میں یہی ”اعمش مدلس“ عن کے صیغے سے روایت بیان کر رہے ہیں۔
مزید عرض یہ ہے کہ مرزا صاحب نے اس روایت پر امام حاکم رحمہ اللہ کی تصحیح نقل فرمائی ہے، جبکہ اہل علم آپ کی تصحیحات پر اعتماد نہیں کرتے (کہ جب آپ منفرد ہوں)، بلکہ انہیں شدید متساہل قرار دیتے ہیں، کیونکہ آپ نے نہ صرف ضعیف بلکہ کئی موضوع روایات کو بھی صحیح قرار دے رکھا ہے، ہمیں اس پر اپنی طرف سے دلائل دینے کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ خود انجینئر صاحب نے بھی اپنی تحقیقی ویڈیو (ضعیف الاسناد احادیث کا فتنہ-1:20:33 اور علمی وتحقیقی مجلس نمبر 1:58:55-15) میں یہ بات بیان کر رکھی ہے، اور مرزا صاحب خود بھی مختلف مقامات پر امام حاکم کی تصحیحات کو رد کرتے ہیں۔ (علمی وتحقیقی مجلس نمبر 3، دورانیہ 30:55)۔ لہٰذا اس مقام پر امام حاکم کا حوالہ دینا بھی انجینئر صاحب کا فریب ہے۔ اور رہے علامہ ذہبی، تو آپ رحمہ اللہ نے ہی یہ اصول بیان کر رکھا ہے کہ جب مدلس ضعفاء سے تدلیس کرنے والا ہو تو اس کی عن والی روایت مردود اور ضعیف ہوتی ہے۔ (الموقظۃ: ص45)، اور آپ رحمہ اللہ نے خود امام اعمش کے متعلق یہ صراحت کر رکھی ہے کہ آپ ضعیف راویوں سے بھی تدلیس کیا کرتے۔ (میزان الاعتدال: 224/2)۔ لہٰذا علامہ ذہبی رحمہ اللہ کا حوالہ دینا بھی فضول ہے۔
نوٹ: انجینئر صاحب نے اپنے ریسرچ پیپر میں مستدرک حاکم کی یہ روایت نقل کر کے دو حوالے دیئے ہیں، (المستدرک للحاکم: 5935) اور (المستدرک للحاکم: 5941)۔ اور ساتھ ہی لکھا: ”قال الامام حاكم والامام الذهبي : إسناده صحيح“۔ لیکن انجینئر صاحب نے یہاں پر بھی دھوکہ دیا ہے۔ آپ نے دونوں روایات کو ایک ہی متن میں جمع کر کے لکھ دیا، اور یہ تاثر دیا کہ حاکم و ذہبی نے ان دونوں کو صحیح قرار دیا ہے، یا یہ ایک ہی طریق ہے۔ جبکہ یہ دو الگ الگ طرق ہیں، اور امام حاکم و ذہبی نے پہلے طریق کو صحیح کہا ہے، اور اس میں یہ الفاظ نہیں کہ ”جناب معاویہ رضی اللہ عنہ نے حضرت ابوایوب انصاری رضی اللہ عنہ کے ساتھ بدسلوکی والا معاملہ کیا اور ان کی طرف توجہ نہیں دی“، یہ الفاظ دوسرے طریق میں ہیں جسے ان میں سے کسی نے صحیح نہیں کہا، لیکن انجینئر صاحب نے چالاکی کے ساتھ اس روایت کو بھی صحیح باور کرانے کی کوشش کی ہے، ہاں وہ بات الگ ہے کہ طریق دونوں ہی ضعیف ہیں۔
اگر مرزا صاحب کا کوئی مقلد یہ خیال کرے کہ ہمارے امام صاحب نے تو اس روایت کے دو طریق پیش کیے ہیں لہٰذا اس سے روایت کو تقویت مل جاتی ہے۔ تو یہ خیال اپنے ذہن سے نکال دیں، کیونکہ آپ کے علمی کتابی محقق کے نزدیک ضعیف جمع ضعیف روایت پکی ضعیف ہوتی ہے، اس عنوان پر انجینئر صاحب کی باقاعدہ ایک ویڈیو بھی یو ٹیوب پر دیکھی جا سکتی ہے:
Ek se ziyada Zaeef Ahadees Hassan hoti hen! ilmi Jawab by Engineer Muhammad Ali Mirza
اور پیچھے مسند احمد کی جس روایت کی طرف اشارہ کیا گیا ہے، جس میں مرزا صاحب کے بقول رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی گستاخی ہے، وہ بھی دو مختلف اسانید سے مروی ہے۔ مرزا صاحب تو صرف حسن بصری والا طریق ہی بیان کیا کرتے ہیں، جبکہ مسند احمد ہی میں اس کا دوسرا طریق بھی موجود ہے، کہ جس میں حسن بصری کی بجائے سفیان ثوری مدلس ہیں، اور انہوں نے سماع کی صراحت نہیں کی (مسند احمد:21218)۔ اب جو فیصلہ اس روایت کے متعلق ہو گا وہی حکم مستدرک حاکم کی روایت پر لگایا جائے گا۔
نیز جناب انجینئر صاحب ایک روایت کہ جس کی ان کی نظر میں دو اسانید تھیں کو ضعیف قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ابوداؤد والی روایت محمد بن اسحاق کی تدلیس کی وجہ سے ضعیف ہے اور ابن ماجہ میں سفیان ثوری مدلس ہیں۔
(علمی وتحقیقی مجلس نمبر 27، دورانیہ-2:39:11)
اور حاکم کی اس روایت میں یہ بیان ہے کہ جناب ابوایوب انصاری رضی اللہ عنہ نے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے سامنے اپنی حاجت رکھی تو آپ رضی اللہ عنہ نے ان کی حاجت کو پورا نہیں کیا۔ جبکہ صحیح روایات سے ثابت ہے کہ آپ نہایت سخی اور اپنی رعایا کا بہت زیادہ خیال رکھنے والے تھے، کوئی بھی آپ سے خالی ہاتھ نہیں لوٹتا تھا۔
حضرت ابومریم ازدی رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ:
دَخَلْتُ عَلَى مُعَاوِيَةَ فَقَالَ: مَا أَنْعَمَنَا بِكَ أَبَا فُلَانٍ وَهِيَ كَلِمَةٌ تَقُولُهَا الْعَرَبُ فَقُلْتُ: حَدِيثًا سَمِعْتُهُ أُخْبِرُكَ بِهِ، سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: "مَنْ وَلَّاهُ اللَّهُ عَزَّ وَجَلَّ شَيْئًا مِنْ أَمْرِ الْمُسْلِمِينَ، فَاحْتَجَبَ دُونَ حَاجَتِهِمْ وَخَلَّتِهِمْ وَفَقْرِهِمْ، احْتَجَبَ اللَّهُ عَنْهُ دُونَ حَاجَتِهِ وَخَلَّتِهِ وَفَقْرِهِ”. قَالَ: فَجَعَلَ رَجُلًا عَلَى حَوَائِجِ النَّاسِ۔
”میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے پاس حاضر ہوا تو انہوں نے کہا: اے ابوفلاں! کیا خوب آئے ہو!- (راوی کا بیان ہے کہ) اور یہ جملہ عرب لوگ (استقبال وخوش آمدید کے طور پر) بولتے ہیں- میں نے کہا کہ میں آپ کو ایک حدیث سنانے آیا ہوں، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ”اللہ تعالیٰ نے جس کسی کو مسلمانوں کے کسی معاملے کا ذمہ دار بنایا ہو، اور وہ ان کی ضروریات، حاجت مندی اور فقیری میں ان سے نہ ملے (اور ان کے لیے اپنے دروازے بند کر لیتا ہے) تو اللہ تعالیٰ بھی اس سے حجاب فرما لے گا، جب کہ وہ ضرورت مند، محتاج اور فقیر ہو گا“۔ چنانچہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے لوگوں کی حاجات کی دیکھ بھال کے لیے ایک آدمی مقرر کر دیا۔“ (سنن ابوداؤد:2948)
اور سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کا بیان ہے کہ: ”میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سے بڑھ کر کوئی سخی نہیں دیکھا“ (تاریخ دمشق:173/59، السنۃ للخلال: 678)۔ جناب غلام مصطفیٰ ظہیر امن پوری حفظہ اللہ نے اس کی سند کو ”حسن“ قرار دیا۔ (دفاع صحابہ:505)
اس روایت کے ذیل میں امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کا قول بھی مروی ہے، آپ رحمہ اللہ نے فرمایا: ”سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے اہل مدینہ کو اس قدر مال وتحائف سے نوازا کہ آپ سے پہلے کسی خلیفہ نے اتنا نہیں نوازا“ (السنۃ للخلال: 679)، اور سیدنا ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ بھی تو مدنی ہی ہیں! حق گوئی کا جذبہ رکھنے والے دشمنانِ صحابہ آخر یہ سب روایات کیوں بیان نہیں کرتے؟