کتاب الزکوۃ
زکاۃ کی ادائیگی میں جلدی کرنا
① سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ سیدنا عباس رضی اللہ عنہ نے سال پورا ہونے سے پہلے اپنی زکاۃ ادا کرنے کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا، تاکہ نیکیوں کی طرف مسابقت ہو جائے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں ایسا کرنے کی اجازت دے دی ۔
یہ روایت حسن ہے۔ ابوداؤد، کتاب الزكاة 1624۔ ترمذى، كتاب الزكاة عن رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم 678۔ ابن ماجه، كتاب الزكاة 1795۔ اس کی سند میں حجاج بن دینار ہے جو کہ حسن الحدیث ہے۔
② سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ سے فرمایا:
إنا قد أخذنا زكاة العباس عام الأول للعام
”ہم نے سیدنا عباس رضی اللہ عنہ کی اس سال کی زکاۃ پہلے سال لے لی تھی۔“
ترمذی 679۔ اس کی سند بھی حدیث سابق کی سند کی طرح ہے۔
زکاۃ کے متعلق احکامات
① سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جب سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کو یمن کی طرف بھیجا، تو فرمایا:
إنك تقدم على قوم أهل كتاب فليكن أول ما تدعوهم إلى عبادة الله عزوجل فإذا عرفوا فأخبرهم أن الله فرض عليهم خمس صلوات فى يومهم وليلتهم فإذا فعلوا فأخبرهم أن الله فرض عليهم زكاة تؤخذ من أموالهم فترد على فقرائهم فإذا أطاعوا بها فخذ منهم ، وتوق كرائم أموالهم ، واتق دعوة المظلوم فإنه ليس بينها وبين الله حجاب
”تم اہل کتاب کے پاس جا رہے ہو، انہیں سب سے پہلے اللہ عز وجل کی عبادت کی دعوت دینا، جب وہ اسے مان لیں تو انہیں بتانا کہ اللہ نے شب و روز میں ان پر پانچ نمازیں فرض کی ہیں۔ جب وہ اس پر عمل پیرا ہو جائیں تو انہیں بتانا کہ اللہ نے ان کے مال کا صدقہ بھی فرض کیا ہے جو ان کے مال داروں سے لیا جائے گا اور ان کے محتاجوں پر خرچ کیا جائے گا۔ جب وہ اسے تسلیم کر لیں تو پھر ان سے صدقہ وصول کرو۔ ان کے قیمتی اموال کا خیال رکھنا اور مظلوم کی بددعا سے بچتے رہنا اس لیے کہ اس (دعا) اور اللہ کے مابین کوئی حجاب مانع نہیں۔“
بخاری، کتاب الایمان 1395۔ مسلم، كتاب الزكاة 19۔ ابوداؤد، کتاب الزكاة 1584۔
صدقہ فطر کے متعلق احکامات
① سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہر مسلمان مرد عورت چھوٹے بڑے آزاد اور غلام پر ایک صاع (تقریباً دو کلو سو گرام) کھجور یا جو سے صدقہ فطر فرض کیا ہے اور عید کی نماز کو جانے سے قبل اس کی ادائیگی کا حکم فرمایا ہے۔
بخارى، كتاب الزكاة 1503۔ مسلم، كتاب الزكاة 12/984۔