کتاب التمنی
جنت سے نا امید ہونے کی ممانعت
① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لو يعلم المؤمن ما عند الله من العقوبة ما طمع فى الجنة، ولو يعلم الكافر ما عند الله من الرحمة ما قنط من الجنة
”اگر مومن کو اللہ کے ہاں جو عذاب و سزا ہے اس کے متعلق پتہ چل جائے تو وہ کبھی جنت کا طمع و امید نہ رکھے، اور اگر کافر کو اللہ کے ہاں جو رحمت ہے اس کا پتہ چل جائے تو وہ کبھی جنت سے نا امید نہ ہو۔“
مسلم، كتاب التوبة 2755/23، ترمذی، کتاب الدعوات 3542۔ مسند احمد، باقی مسند المكثرين 2 / 446، حديث 8436۔
اگر مگر کہنے کی ممانعت
① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”طاقتور مومن بہتر ہے اور اللہ کے ہاں کمزور مومن سے زیادہ محبوب ہے، اور ہر کسی میں بھلائی ہے۔ جو چیز تجھے فائدہ دے اس کی طمع کر، اور اللہ تعالیٰ سے مدد مانگ اور عاجز نہ ہونا، اور اگر تجھے کوئی معاملہ درپیش ہو تو یوں نہ کہنا کہ: اگر میں اس طرح کرتا تو اس طرح ہوتا، بلکہ یہ کہنا: جو اللہ نے مقدر کیا اور چاہا وہی ہوا، اس لیے کہ ’اگر مگر‘ شیطانی عمل کی راہ کھولتا ہے۔“
صحیح مسلم۔