بانسری سننے کی ممانعت
① سیدنا نافع رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں، میں سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما کے ساتھ کسی راستے پر جا رہا تھا کہ انہوں نے بانسری کی آواز سنی تو انہوں نے اپنے کانوں میں اپنی انگلیاں دے لیں اور راستے کی دوسری جانب دور چلے گئے، اور جب ہم کچھ دور پہنچے تو انہوں نے مجھ سے پوچھا: نافع! کیا تمہیں کوئی چیز سنائی دے رہی ہے؟ میں نے کہا: نہیں۔ نافع بیان کرتے ہیں، پھر انہوں نے اپنی انگلیاں اپنے کانوں سے ہٹائیں اور فرمایا: میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بانسری کی آواز سنی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اسی طرح کیا، جس طرح میں نے کیا۔ نافع بیان کرتے ہیں: میں اس وقت چھوٹا تھا.
ابوداؤد، کتاب الادب 4924۔
موٹاپے کی ممانعت
① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
خير أمتي القرن الذى بعثت فيهم ثم الذين يلونهم
”میری امت کے بہترین وہ لوگ ہیں جن میں مجھے مبعوث کیا گیا ہے، پھر ان کے بعد والا زمانہ۔“
راوی بیان کرتے ہیں: اللہ اعلم کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تیسرے دور کا ذکر فرمایا یا نہیں؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
ثم يخلف قوم يحبون السمانة يشهدون قبل أن يستشهدوا
”پھر ایسے لوگ آ جائیں گے کہ وہ موٹاپے کو پسند کریں گے اور وہ گواہی طلب کیے جانے سے پہلے ہی گواہی دینے کے لیے پیش پیش ہوں گے۔“
مسلم، کتاب فضائل الصحابه 2534/213۔
کاہنوں سے (حالات) دریافت کرنے کی ممانعت
① صفیہ بنت ابی عبید، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی کسی زوجہ محترمہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتی ہیں، انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من أتى عرافا فسأله عن شيء فصدقه لم تقبل له صلاة أربعين يوما
”جو شخص کسی نجومی، کاہن کے پاس جا کر اس سے کسی چیز کے متعلق دریافت کرے اور پھر اسے سچا جانے تو ایسے شخص کی چالیس روز کی نماز قبول نہیں ہوتی۔“
مسلم، کتاب السلام 2230/125، مسند احمد، اول مسند المدنيين 85/4 حدیث 16643۔
② سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من أتى كاهنا فصدقه بما يقول أو أتى امرأة فى دبرها ـ وفي رواية ـ أو امرأة حائضا فقد برئ مما أنزل على محمد
”جو شخص کسی کاہن کے پاس جاتا ہے اور اس کی کہی ہوئی بات کو سچ سمجھ لیتا ہے، یا وہ عورت کی پشت میں جماع کرتا ہے — اور ایک روایت میں ہے: یا حائضہ عورت سے جماع کرتا ہے — تو اس کا محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شریعت سے کوئی تعلق نہیں رہا۔“
ابو داؤد، کتاب الطب 3904، ترمذی، کتاب الطهارة 135۔
نسب میں طعن کرنے کی ممانعت
① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
اثنتان فى الناس هما بهم كفر: الطعن فى النسب، والنياحة على الميت
”لوگوں میں دو خصلتیں ایسی ہیں جن کی وجہ سے وہ کفر کے مرتکب ہیں: نسب میں طعن کرنا اور میت پر نوحہ کرنا۔“
مسلم، کتاب الإيمان 67/121، مسند احمد، باقی مسند المكثرين 499/2 حدیث 8927۔