كتاب التوحيد
اللہ تعالیٰ کی مدح و تعریف کرنا
① سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
ليس أحد أحب إليه المدح من الله، من أجل ذلك مدح نفسه، وليس أحد أغير من الله، من أجل ذلك حرم الفواحش ما ظهر منها وما بطن
”اللہ کے نزدیک تعریف سے زیادہ پسندیدہ چیز کوئی نہیں۔ اس لیے اس نے اپنی تعریف خود فرمائی ہے، اور اللہ سے بڑھ کر کوئی غیرت مند نہیں، اس لیے اس نے ظاہری و باطنی تمام فحش چیزوں کو حرام قرار دیا ہے۔“
بخاری، کتاب تفسیر القرآن، حدیث 4634، مسلم، کتاب التوبة، حدیث 32/ 2760۔
بادشاہوں کا بادشاہ اور شہنشاہ نام رکھنے کی ممانعت
① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إن أخنع اسم عند الله رجل تسمى ملك الأملاك
”اللہ کے نزدیک ناپسندیدہ اور ذلیل ترین وہ شخص ہے جس نے شہنشاہ نام رکھا۔“
بخاری، کتاب الادب، حدیث 6205، مسلم، کتاب الادب، حدیث 2143/20۔
② سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إن أبغض رجل عند الله تعالى يوم القيامة وأخبثه رجل يسمى ملك الأملاك، ولا ملك إلا الله
”قیامت کے دن اللہ کے نزدیک ناپسندیدہ اور بدترین وہ شخص ہے جس کا نام شہنشاہ ہو، اللہ کے سوا کوئی بادشاہ نہیں۔“
بخاری، کتاب الادب، حدیث 6205، مسلم، کتاب الاداب، حدیث 3143/20۔
اللہ عزوجل کی صفات کے متعلق عام سوال کرنے کی ممانعت
① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لا يزال الناس يسألونكم عن العلم حتى يقولوا: هذا الله خالق كل شيء فمن خلق الله؟
”لوگ تم سے علم کے بارے میں سوال کرتے رہیں گے حتیٰ کہ وہ کہیں گے: ہر چیز کا خالق تو اللہ ہوا تو پھر اللہ کو کس نے پیدا کیا؟“
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے ایک آدمی کا ہاتھ پکڑے ہوئے فرمایا: اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے سچ فرمایا، دو آدمی مجھ سے اس طرح کا سوال کر چکے ہیں اور یہ تیسرا ہے۔
بخاری، کتاب بدء الخلق، حدیث 3276، مسلم، کتاب الایمان، حدیث 135/215۔