اللہ تعالیٰ کے ”وجود“ کا بیان: وجود ذاتی اور وجود حادث

Read in English
فونٹ سائز:
یہ تحریر علمائے حرمین کے فتووں پر مشتمل کتاب 500 سوال و جواب برائے عقیدہ سے ماخوذ ہے جس کا ترجمہ فضیلۃ الشیخ مولانا محمد یاسر عرفات حفظہ اللہ نے کیا ہے۔

49- اللہ تعالیٰ کے ”وجود“ کا بیان

اللہ تعالیٰ کا ”وجود“ دین اسلام میں بدیہی طور پر معلوم شدہ ہے اور یہ اللہ تعالیٰ کی صفت ہے جو تمام مسلمانوں کے ہاں ایک مسلمہ حقیقت ہے۔ اسے تمام اہل عقل تسلیم کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ مشرکین بھی اس کو مانتے ہیں اور اس میں کوئی اختلاف نہیں کرتے۔ اس کا انکار تو کوئی ملحد (بے دین) ہی کر سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے لیے صفت وجود کو ماننے سے یہ لازم نہیں آتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کو وجود میں لانے والی کوئی ہستی بھی ہوگی، کیونکہ وجود کی دو قسمیں ہیں:

① وجود ذاتی:

یہ ایسے وجود کو کہتے ہیں جو بذات خود ثابت ہو، کسی دوسرے سے حاصل نہ کیا گیا ہو اور یہ صرف اللہ تعالیٰ ہی کا وجود ہے۔ اللہ تعالیٰ کا وجود ازل سے ہے اور کبھی ختم نہیں ہوگا، جیسا کہ فرمان ہے:
هُوَ الْأَوَّلُ وَالْآخِرُ وَالظَّاهِرُ وَالْبَاطِنُ [الحديد: 3]
”وہی سب سے پہلے ہے اور سب سے پیچھے ہے اور ظاہر ہے اور چھپا ہوا ہے۔“

② وجود حادث:

اس سے مراد ایسا وجود ہے جو عدم کے بعد وجود میں آیا ہو۔ اس کے پیدا کرنے والے کا ہونا ضروری ہے جو اللہ تعالیٰ کی ذات ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
اللَّهُ خَالِقُ كُلِّ شَيْءٍ وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ وَكِيلٌ لَهُ مَقَالِيدُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ [الزمر: 63,62]
”اللہ ہر چیز کو پیدا کرنے والا ہے اور وہ ہر چیز پر نگہبان ہے۔ اسی کے پاس آسمانوں کی اور زمین کی کنجیاں ہیں۔“
اور فرمایا:
أَمْ خُلِقُوا مِنْ غَيْرِ شَيْءٍ أَمْ هُمُ الْخَالِقُونَ أَمْ خَلَقُوا السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ [الطور: 36,35]
”یا وہ کسی چیز کے بغیر ہی پیدا ہو گئے ہیں، یا وہ (خود) پیدا کرنے والے ہیں؟ یا انھوں نے آسمانوں کو اور زمین کو پیدا کیا ہے؟“
اس معنی کے لحاظ سے کہا جائے گا اللہ تعالیٰ موجود ہے۔ یعنی اللہ تعالیٰ کے موجود ہونے کی خبر دی جائے گی۔ (اللجنة الدائمة: 6245)