64- اللہ تعالیٰ کے نام ”الجبار“ کا معنی
جبار تین معانی کے لیے آتا ہے:
اول: اللہ تعالیٰ کی قوت سب پر غالب ہے۔ دنیا میں جتنے بھی اپنے آپ کو بڑا اور زبردست سمجھنے والے ہیں، وہ سارے کے سارے اللہ تعالیٰ کے قبضہ قدرت کے تحت مغلوب ہیں۔
دوم: اللہ تعالیٰ کی رحمت غالب ہے۔ اللہ تعالیٰ کمزور کی کمزوری کو قوت کے ذریعے سے پورا کر دیتے ہیں اور ٹوٹے ہوئے کو سلامتی عطا کر کے اور کبیدہ خاطر کو اس کی پریشانی دور کر کے اور پاکدامنی کے ذریعے سے اسے اطمینان نصیب کر کے پورا فرما دیتے ہیں۔ ان چیزوں پر صبر کرنے کا جو اچھا بدلہ اور عمدہ انجام ہے، اس کے ذریعے سے اس کی کمی کو پورا کر دیتے ہیں۔
سوم: اللہ تعالیٰ سب سے بلند و بالا ہے۔ اللہ تعالیٰ ساری مخلوق سے بلند ہونے کے باوجود سب کی بات سنتا اور سب کے کاموں سے واقف ہے، حتیٰ کہ دلوں کے راز بھی جانتا ہے۔
علامہ ابن قیم رحمہ اللہ نے قصیدہ نونیہ میں جبار کا معنی اس طرح نقل فرمایا ہے:
وَكَذٰلِكَ الْجَبَّارُ مِنْ أَوْصَافِهِ
وَالْجَبْرُ فِيْ أَوْصَافِهِ قِسْمَانِ
”اللہ تعالیٰ کے اوصاف میں سے ایک وصف جبار (زبردست) بھی ہے۔ اس کی دو قسمیں ہیں۔“
جَبْرُ الضَّعِيْفِ وَكُلُّ قَلْبٍ قَدْ غَدَا
ذَا كَسْرَةٍ فَالْجَبْرُ مِنْهُ دَانِ
”ہر کمزور کی دادرسی کرنا اور پریشان کی پریشانی کو دور کرنا۔“
وَالثَّانِيْ جَبْرُ الْقَهْرِ بِالْعِزِّ الَّذِيْ
لَا يَنْبَغِيْ لِسِوَاهُ مِنْ إِنْسَانِ
”اور جبر کی دوسری قسم اللہ تعالیٰ کا ہر چیز پر غالب ہونا ہے جو اللہ تعالیٰ کے علاوہ کسی انسان کے لائق نہیں۔“
وَلَهُ مُسَمًّى ثَالِثٌ وَهُوَ الْعُلُوُّ
فَلَيْسَ يَدْنُوْ مِنْهُ مِنْ إِنْسَانِ
”اور جبار کا تیسرا معنی علو (بلند ہونا) بھی ہے۔ کسی انسان کو یہ شرف حاصل نہیں ہو سکتا۔“
مِنْ قَوْلِهِمْ جَبَّارَةٌ لِلنَّخْلَةِ الْ
عُلْيَا الَّتِيْ فَاقَتْ كُلَّ بُنْيَانِ
”اہل عرب لمبی کھجور کو جبار کہہ دیتے ہیں جو تمام عمارتوں سے اونچی ہوتی ہے۔“ (ابن عثیمین: مجموع الفتاویٰ والرسائل: 69)