راوی حدیث زاذان ابو عمر کندی جمہور ائمہ حدیث کے ہاں ثقہ ہے، اس پر ایسی جرح نہیں، جو اس کے ضعف کا باعث ہو۔
راوی حدیث منہال بن عمرو جمہور ائمہ جرح و تعدیل کے نزدیک ثقہ ہے۔
❀ امام یحییٰ بن معین رحمہ اللہ نے ”ثقہ“ کہا ہے۔
(تاريخ الدّوري: 407/3)
❀ امام عجلی رحمہ اللہ نے ”ثقہ“ کہا ہے۔
(تاريخ العِجلي: 1424)
❀ امام نسائی رحمہ اللہ نے ”ثقہ“ کہا ہے۔
(تهذيب التّهذيب لابن حجر: 320/10)
❀ امام ابن حبان رحمہ اللہ نے ”الثقات“ میں ذکر کیا ہے۔
(تهذيب التّهذيب لابن حجر: 320/10)
❀ امام دارقطنی رحمہ اللہ نے ”صدوق“ کہا ہے۔
(سؤالات الحاكم: 484)
❀ امام ابن شاہین رحمہ اللہ نے ”ثقہ“ کہا ہے۔
(تاريخ أسماء الثّقات، ص 230، الرقم: 1412)
❀ حافظ ابو یعلی الفراء رحمہ اللہ نے ”ثقہ“ کہا ہے۔
(إبطال التّأويلات، ص 288)
❀ حافظ ذہبی رحمہ اللہ نے اس کے ترجمہ کے ساتھ ”صح“ لکھا ہے۔
(ميزان الاعتدال: 192/4)
یہ رمز اس راوی کے لیے لاتے ہیں، جس پر جرح مؤثر نہ ہو۔
❀ نیز اسے ”من تکلم فیہ وہو موثق“ میں بھی ذکر کیا ہے۔
❀ علامہ ابن قیم رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
اَلْمِنْهَالُ أَحَدُ الثِّقَاتِ الْعُدُولِ.
”منہال ثقہ اور عادل راویوں میں سے ہے۔“
(الرّوح، ص 48)
❀ حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ نے ”ثقہ“ کہا ہے۔
(البِداية والنّهاية: 66/4)
❀ علامہ ابن الجزری رحمہ اللہ نے ”ثقہ مشہور“ کہا ہے۔
(غاية النّهاية: 315/2)
❀ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے ”ثقہ“ قرار دیا ہے۔
(المَطالب العالية: 101/5)
کئی ائمہ نے منہال بن عمرو کی منفرد روایت کو صحیح قرار دیا ہے، یہ توثیق ضمنی ہے۔
تنبیہ:
① امام شعبہ رحمہ اللہ نے منہال بن عمرو سے روایت لینا ترک کر دیا تھا، کیونکہ انہوں نے ان کے گھر سے گانے کی آواز سنی تھی۔
❀ اس بارے میں حافظ ابن القطان فاسی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
إِنَّ هٰذَا لَيْسَ بِجَرْحِهٖ.
”یہ منہال کے لیے باعث جرح نہیں۔“
(بيان الوَهم والإيهام: 363/3)
❀ حافظ ذہبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
هٰذَا لَا يُوجِبُ غَمْزَ الشَّيْخِ.
”یہ شیخ (منہال بن عمرو) کے لیے موجب طعن نہیں۔“
(ميزان الاعتدال: 192/4)
❀ علامہ ابن قیم رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
هٰذَا لَا يُوجِبُ الْقَدْحَ فِي رِوَايَتِهٖ وَاطِّرَاحِ حَدِيثِهٖ.
”یہ منہال کی روایت میں قدح اور حدیث ترک کرنے کا باعث نہیں۔“
(الرّوح، ص 48)
❀ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
إِنَّ هٰذَا لَا يُوجِبُ قَدْحًا فِي الْمِنْهَالِ.
”یہ منہال کے بارے میں موجب قدح نہیں۔“
(هدى السّاري، ص 446، فتح الباري: 557/8)
② یزید بن ابی زیاد سے منقول ہے کہ وہ منہال بن عمرو کی شہادت کو قبول نہیں کرتا تھا۔
(تاريخ ابن عَساكر: 372/60، تهذيب التّهذيب لابن حجر: 320/10)
مگر یزید بن ابی زیاد خود ضعیف ہے، لہٰذا مغیرہ بن مقسم کا قول بھی ثابت نہ ہوا۔
❀ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
هٰذِهِ الْحِكَايَةُ لَا تَصِحُّ لِأَنَّ رَاوِيَهَا مُحَمَّدَ بْنُ عُمَرَ الْحَنَفِيَّ لَا يُعْرَفُ.
”(یزید بن ابی زیاد والی) یہ حکایت ثابت نہیں، کیونکہ اس کا راوی محمد بن عمر حنفی غیر معروف ہے۔“
(هُدَى السّاري، ص 446)
③ حافظ مفضل غلابی رحمہ اللہ کے بارے میں ہے:
ذَمَّ يَحْيَى الْمِنْهَالَ بْنَ عَمْرٍو.
”یحییٰ بن معین رحمہ اللہ نے منہال بن عمرو کی مذمت کی۔“
(تاريخ ابن عَساكر: 374/60)
❀ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں: أَمَّا حِكَايَةُ الْغُلَابِيِّ فَلَعَلَّ ابْنَ مَعِينٍ كَانَ يَضَعُ مِنْهُ بِالنِّسْبَةِ إِلٰى غَيْرِهٖ.
”غلابی رحمہ اللہ کی بیان کردہ حکایت میں ممکن ہے کہ امام یحییٰ بن معین رحمہ اللہ منہال کو کسی دوسرے (بڑے ثقہ) کی بہ نسبت کمزور قرار دیتے ہوں۔“
(هُدَى السّاري، ص 446)
نسبی تضعیف میں راوی مطلقا ضعیف نہیں ہوتا۔ امام یحییٰ بن معین رحمہ اللہ کا صنیع یہی ہے کہ وہ کئی ثقہ راویوں کو بڑے ثقہ راویوں کے مقابلہ میں لا کر ان پر ضعیف کا اطلاق کر دیتے ہیں، اس سے ان کے نزدیک بھی وہ راوی ضعیف نہیں ہوتا، بلکہ مقابلہ کی وجہ سے یہ راوی ثقہ قرار پاتا ہے اور جو اس سے بڑا ثقہ ہوتا ہے، وہ اوثق قرار پاتا ہے۔
④ علامہ ابن حزم رحمہ اللہ نے منہال پر جرح کی ہے۔
❀ علامہ ابن قیم رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
تَضْعِيفُ ابْنِ حَزْمٍ لَهٗ لَا شَيْءَ فَإِنَّهٗ لَمْ يَذْكُرْ مُوجِبًا لِتَضْعِيفِهٖ غَيْرَ تَفَرُّدِهٖ بِقَوْلِهٖ: «فَتُعَادُ رُوحُهٗ فِي جَسَدِهٖ».
”علامہ ابن حزم رحمہ اللہ کا منہال بن عمرو کو ضعیف کہنا کچھ حیثیت نہیں رکھتا، کیونکہ انہوں نے اس پر صرف یہی جرح کی ہے کہ منہال نے اس حدیث میں ”پھر اس کی روح اس کے جسم میں لوٹائی جاتی ہے۔“ کے الفاظ بیان کرنے میں منفرد ہے۔“
(الرّوح، ص 48)
⑤ حافظ جوزجانی رحمہ اللہ نے ”سیء المذہب“ کہا ہے۔
(الشّجرة في أحوال الرجال، ص 73)
❀ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
أَمَّا الْجَوْزَجَانِيُّ فَقَدْ قُلْنَا غَيْرَ مَرَّةٍ: إِنَّ جَرْحَهٗ لَا يُقْبَلُ فِي أَهْلِ الْكُوفَةِ لِشِدَّةِ انْحِرَافِهٖ وَنَصْبِهٖ.
”رہا جوزجانی کا قول، تو ہم نے اس کے بارے میں کئی بار کہا ہے کہ اہل کوفہ کے متعلق اس کی جرح قبول نہیں، کیونکہ یہ سخت منحرف اور ناصبی تھا۔“
(هُدَى السّاري، ص 446)
الحاصل:
منہال بن عمرو اسدی ثقہ ہے، اس پر ایسا کلام نہیں، جو باعث قدح ہو، لہٰذا اس کا تفرد مضر نہیں، خصوصاً ایسی روایت میں جس کی اہل علم نے تصحیح کی ہو یا اُمت نے تلقی بالقبول بخشا ہو۔
❀ حافظ ابو عبد اللہ ابن مندہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
هٰذَا إِسْنَادُهٗ مُتَّصِلٌ مَّشْهُورٌ. ”یہ سند متصل مشہور ہے۔“
(الإيمان: 262/2)
❀ حافظ ابو نعیم اصبہانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
هُوَ حَدِيثٌ أَجْمَعَ رُوَاةُ الْأَثَرِ عَلٰى شُهْرَتِهٖ وَاسْتِفَاضَتِهٖ.
”اس حدیث کے مشہور و معروف ہونے پر تمام راویوں کا اجماع ہے۔“
(مَجموع الفتاوىٰ لابن تيمية: 439/5)
❀ حافظ بیہقی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: هٰذَا حَدِيثٌ كَبِيرٌ صَحِيحُ الْإِسْنَادِ، رَوَاهُ جَمَاعَةٌ مِّنَ الْأَئِمَّةِ الثِّقَاتِ عَنِ الْأَعْمَشِ.
”اس طویل و عظیم حدیث کی سند صحیح ہے، اسے اعمش رحمہ اللہ سے ثقہ ائمہ کی ایک جماعت نے روایت کیا ہے۔“
(إثبات عذاب القبر، ص 37)
❀ حافظ ابو موسیٰ اصبہانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
إِنَّهٗ حَدِيثٌ حَسَنٌ.
”یہ حدیث حسن ہے۔“
(مُختصر سنن أبي داود للمنذري: 294/3)
❀ شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
هُوَ حَدِيثٌ حَسَنٌ ثَابِتٌ.
”یہ حدیث حسن ثابت ہے۔“
(مَجموع الفتاوى: 290/4)
❀ نیز فرماتے ہیں:
اتَّفَقَ السَّلَفُ وَالْخَلَفُ عَلٰى رِوَايَتِهٖ وَتَلَقِّيهِ بِالْقَبُولِ.
”اس حدیث کو روایت کرنے اور اسے ہاتھوں ہاتھ قبول کرنے پر سلف و خلف کا اتفاق ہے۔“
(مَجموع الفتاوى: 447/5)
❀ علامہ ابن قیم رحمہ اللہ نے اس حدیث کو ”متواتر“ قرار دیا ہے۔
(كتاب الرّوح، ص 100)
❀ نیز اس حدیث کو ”صحیح“ بھی کہا ہے۔
(إعلام الموقعين: 137/1)
❀ نیز فرماتے ہیں:
هٰذَا حَدِيثٌ ثَابِتٌ مَشْهُورٌ مُسْتَفِيضٌ صَحَّحَهٗ جَمَاعَةٌ مِّنَ الْحُفَّاظِ وَلَا نَعْلَمُ أَحَدًا مِّنْ أَئِمَّةِ الْحَدِيثِ طَعَنَ فِيهِ بَلْ رَوَوْهُ فِي كُتُبِهِمْ وَتَلَقَّوْهُ بِالْقَبُولِ وَجَعَلُوهُ أَصْلًا مِّنْ أُصُولِ الدِّينِ فِي عَذَابِ الْقَبْرِ وَنَعِيمِهٖ وَمُسَائَلَةُ مُنْكَرٍ وَنَكِيرٍ وَقَبْضِ الْأَرْوَاحِ وَصُعُودِهَا إِلٰى بَيْنَ يَدَيِ اللّٰهِ ثُمَّ رُجُوعِهَا إِلَى الْقَبْرِ.
”یہ حدیث ثابت اور مشہور ہے، حفاظ کی ایک جماعت نے اس کو صحیح قرار دیا ہے، ہمارے علم کے مطابق کسی محدث نے اس پر جرح نہیں کی، بلکہ اسے اپنی کتب میں ذکر کیا اور ہاتھوں ہاتھ لیا ہے، نیز اس حدیث کو قبر کے عذاب، اس کی نعمتوں، منکر و نکیر کے سوال و جواب، روحوں کے قبض کرنے، انہیں اللہ تعالیٰ کے پاس لے جانے پھر واپس قبر میں لوٹنے پر دلیل بنایا ہے۔“
(الرّوح، ص 48)
❀ امام حاکم رحمہ اللہ (405ھ) فرماتے ہیں:
فِي هٰذَا الْحَدِيثِ فَوَائِدُ كَثِيرَةٌ لِّأَهْلِ السُّنَّةِ وَقَمْعٌ لِّلْمُبْتَدِعَةِ.
”اس حدیث میں اہل سنت والجماعت کی تائید میں کئی فوائد ہیں، نیز اس میں اہل بدعت کا رد ہے۔“
(المُستدرك، تحت الرقم: 117)
❀ علامہ ابن قیم رحمہ اللہ (751ھ) فرماتے ہیں:
إِنَّ النَّارَ الَّتِي فِي الْقَبْرِ وَالْخُضْرَةَ لَيْسَتْ مِنْ نَارِ الدُّنْيَا وَلَا مِنْ زُرُوعِ الدُّنْيَا فَيُشَاهِدُهٗ مَنْ شَاهَدَ نَارَ الدُّنْيَا وَخُضْرَهَا وَإِنَّمَا هِيَ مِنْ نَارِ الْآخِرَةِ وَخُضْرِهَا وَهِيَ أَشَدُّ مِنْ نَارِ الدُّنْيَا فَلَا يَحِسُّ بِهٖ أَهْلُ الدُّنْيَا فَإِنَّ اللّٰهَ سُبْحَانَهٗ يُحْمِي عَلَيْهِ ذٰلِكَ التُّرَابَ وَالْحِجَارَةَ الَّتِي عَلَيْهِ وَتَحْتَهٗ حَتّٰى يَكُونَ أَعْظَمُ حَرًّا مِنْ جَمْرِ الدُّنْيَا وَلَوْ مَسَّهَا أَهْلُ الدُّنْيَا لَمْ يَحِسُّوا بِذٰلِكَ بَلْ أَعْجَبُ مِنْ هٰذَا أَنَّ الرَّجُلَيْنِ يُدْفَنَانِ، أَحَدُهُمَا إِلٰى جَنْبِ الْآخَرِ، هٰذَا فِي حُفْرَةٍ مِّنْ حُفَرِ النَّارِ لَا يَصِلُ حَرُّهَا إِلٰى جَارِهٖ وَذٰلِكَ فِي رَوْضَةٍ مِّنْ رِيَاضِ الْجَنَّةِ لَا يَصِلُ رَوْحُهَا وَنَعِيمُهَا إِلٰى جَارِهٖ، وَقُدْرَةُ الرَّبِّ تَعَالٰى أَوْسَعُ وَأَعْجَبُ مِنْ ذٰلِكَ وَقَدْ أَرَانَا اللّٰهُ مِنْ آيَاتِ قُدْرَتِهٖ فِي هٰذِهِ الدَّارِ مَا هُوَ أَعْجَبُ مِنْ ذٰلِكَ بِكَثِيرٍ وَلٰكِنَّ النُّفُوسَ مُولَعَةٌ بِالتَّكْذِيبِ بِمَا لَمْ تُحِطْ بِهٖ عِلْمًا إِلَّا مَنْ وَفَّقَهُ اللّٰهُ وَعَصَمَهٗ.
”بلاشبہ قبر میں موجود آگ اور ہریالی دنیا کی آگ اور دنیا کے کھیتی میں سے نہیں ہے، کہ دنیا کی آگ اور ہریالی دیکھنے والا اسے بھی دیکھ لے، بلکہ یہ آخرت کی آگ اور ہریالی ہے۔ قبر کی آگ دنیا کی آگ سے بہت زیادہ سخت ہے، اسے دنیا والے محسوس نہیں کر سکتے، کیونکہ اللہ تعالیٰ قبر والے پر قبر کی مٹی اور اس کے اوپر نیچے والے پتھر کو گرم کر دیتا ہے، یہاں تک کہ اس کی حرارت دنیا کے انگارے سے بھی زیادہ ہو جاتی ہے، اگر دنیا والے اسے چھوئیں، تو انہیں کچھ محسوس نہیں ہوگا۔ اس سے زیادہ تعجب والی بات یہ ہے کہ دو بندے ایک دوسرے کے پہلو میں دفن ہوئے ہیں، ان میں ایک جہنم کے گڑھے میں ہے، اس کی حرارت اس کے پڑوسی کو نہیں پہنچتی اور دوسرا شخص جنت کے باغ میں ہے، اس کی خوشبو اور نعمتیں اس کے پڑوسی تک نہیں پہنچتیں۔ رب تعالیٰ کی قدرت تو اس سے بھی زیادہ وسیع اور قابل تعجب ہے، اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس دنیا میں ہی اپنی قدرت کی ایسی نشانیاں دکھا دی ہیں، جو اس (عذاب قبر) سے کہیں زیادہ تعجب خیز ہیں، لیکن نفس ہر اس شے کی تکذیب پر ابھارتا ہے، جو اس کے احاطہ علم میں نہیں آتی، سوائے اس شخص کے، جسے اللہ تعالیٰ (تصدیق کرنے کی) توفیق دے اور اسے (تکذیب) سے بچا لے۔“
(الرّوح، ص 66)
❀ نیز فرماتے ہیں:
سِرُّ الْمَسْأَلَةِ أَنَّ هٰذِهِ السَّعَةَ وَالضِّيقَ وَالْإِضَاءَةَ وَالْخُضْرَةَ وَالنَّارَ لَيْسَ مِنْ جِنْسِ الْمَعْهُودِ فِي هٰذَا الْعَالَمِ وَاللّٰهُ سُبْحَانَهٗ إِنَّمَا أَشْهَدَ بَنِي آدَمَ فِي هٰذِهِ الدَّارِ مَا كَانَ فِيهَا وَمِنْهَا فَأَمَّا مَا كَانَ مِنْ أَمْرِ الْآخِرَةِ فَقَدْ أَسْبَلَ عَلَيْهِ الْغِطَاءَ لِيَكُونَ الْإِقْرَارُ بِهٖ وَالْإِيمَانُ سَبَبًا لِّسَعَادَتِهِمْ.
”اس مسئلہ کی حقیقت یہ ہے کہ (قبر کی) وسعت، تنگی، روشنی، ہریالی اور آگ اس دنیا کے معاملات میں سے نہیں ہیں۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے انسانوں کو اس دنیا میں موجود اشیا دکھائی ہیں اور جو آخرت کے معاملات ہیں، اس پر پردہ ڈال دیا ہے، تاکہ اس کا اقرار کرنا اور اس پر ایمان رکھنا انسانوں کی سعادت مندی کا سبب بن جائے۔“
(الرّوح، ص 71)
❀ علامہ ابن ابی العز حنفی رحمہ اللہ (792ھ) فرماتے ہیں:
ذَهَبَ إِلٰى مُوجَبِ هٰذَا الْحَدِيثِ جَمِيعُ أَهْلِ السُّنَّةِ وَالْحَدِيثِ، وَلَهٗ شَوَاهِدُ مِنَ الصَّحِيحِ.
”اس حدیث کے مقتضی (یعنی اثبات عذاب قبر) کو تمام اہل سنت والحدیث مانتے ہیں۔ صحیح احادیث میں اس کے شواہد بھی موجود ہیں۔“
(شرح العقيدة الطّحاوية، ص 398)