اللہ تعالیٰ کے ناموں میں الحاد اور اس کی اقسام

Read in English
فونٹ سائز:
یہ تحریر علمائے حرمین کے فتووں پر مشتمل کتاب 500 سوال و جواب برائے عقیدہ سے ماخوذ ہے جس کا ترجمہ فضیلۃ الشیخ مولانا محمد یاسر عرفات حفظہ اللہ نے کیا ہے۔

42- اللہ تعالیٰ کے ناموں میں الحاد اور اس کی اقسام

الحاد کا لغوی معنی ایک طرف مائل ہونا اور جھک جانا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان اسی قبیل سے ہے:
لِسَانُ الَّذِي يُلْحِدُونَ إِلَيْهِ أَعْجَمِيٌّ وَهَذَا لِسَانٌ عَرَبِيٌّ مُبِينٌ [النحل: 103]
”اس شخص کی زبان، جس کی طرف وہ غلط نسبت کر رہے ہیں، عجمی ہے اور یہ واضح عربی زبان ہے۔“
اسی طرح قبر کو لحد کہا جاتا ہے، کیونکہ وہ بھی ایک جانب ہوتی ہے۔ الحاد کی معرفت کے لیے اللہ تعالیٰ کے اسماء وصفات کے متعلق صحیح عقیدے کا علم ہونا ضروری ہے اور وہ یہ ہے کہ ان کو اپنے حقیقی معنی پر جو ان کے شایانِ شان ہے، محمول کیا جائے، کیونکہ اشیاء کی پہچان ان کی ضد سے ہوا کرتی ہے، لہٰذا اہل سنت کے عقیدہ و اصول کے مطابق ان اسماء وصفات میں نہ تو ان کے حقیقی معنی کو تبدیل کیا جائے اور نہ اس سے خالی مانا جائے اور نہ ان میں کسی قسم کی مشابہت کا تصور کیا جائے تو اس کا نام استقامت ہے۔ جب ہمیں استقامت کا معنی سمجھ آ گیا تو اس کے الٹ چلنے کا نام الحاد کہلاتا ہے۔
اہل علم نے اسماء وصفات کے متعلق الحاد کی کئی اقسام ذکر کی ہیں:
① الحاد کی پہلی قسم یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے لیے ثابت شدہ اسماء وصفات میں سے کسی کا انکار کرنا، جیسا کہ کافر اللہ تعالیٰ کے نام ”الرحمٰن“ کے منکر تھے۔ یا نام کو تسلیم تو کرے لیکن اس کے معنی کو نہ مانے، جیسا کہ بعض بدعتی کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ رحیم تو ہے لیکن اس میں صفت رحمت نہیں۔ وہ سمیع تو ہے لیکن اس کی صفت سمع ثابت نہیں ہے۔
② الحاد کی دوسری قسم یہ ہے کہ اپنی طرف سے اللہ تعالیٰ کا کوئی نام رکھ لے۔ اس بات کو الحاد اس لیے کہا جاتا ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کے تمام نام توقیفی (نازل شدہ) ہیں۔ کوئی اپنی مرضی سے نام نہیں رکھ سکتا، کیونکہ ایسا کرنا اللہ تعالیٰ کی ذات پر جھوٹ باندھنا ہے اور اللہ تعالیٰ کے حق پر زیادتی اور حد سے آگے بڑھنا ہے، جیسا کہ عیسائیوں نے ”اب“ (باپ) نام کا اپنی طرف سے اضافہ کر دیا۔
③ الحاد کی تیسری قسم اللہ تعالیٰ کے اسماء کے متعلق یہ عقیدہ رکھنا ہے کہ یہ نام مخلوق کی صفات پر دلالت کرتے ہیں۔ اس کو الحاد اس لیے کہا جاتا ہے کیونکہ ایسا کرنے والا یہ عقیدہ بنا لیتا ہے کہ یہ اسماء مخلوق کے مشابہ ہیں۔ ایسا کر کے وہ ان اسماء کو ان کے حقیقی معنی سے نکال دیتا ہے اور استقامت سے ہٹ جاتا ہے اور اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے کلام کو کفر پر دلالت کرنے والے بنا دیتا ہے، اس لیے کہ اللہ تعالیٰ کو مخلوق کے ساتھ تشبیہ دینا کفر ہے، کیونکہ یہ اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کی تکذیب ہے:
لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْءٌ وَهُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ [الشورىٰ: 11]
”اس کی مثل کوئی چیز نہیں اور وہی سب کچھ سننے والا، سب کچھ دیکھنے والا ہے۔“
نیز فرمایا:
هَلْ تَعْلَمُ لَهُ سَمِيًّا [مريم: 65]
”کیا تو اس کا کوئی ہم نام جانتا ہے؟“
امام بخاری کے استاد نعیم بن حماد الخزاعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

”جس نے اللہ تعالیٰ کو مخلوق کے ساتھ تشبیہ دی اس نے کفر کیا اور جو اللہ تعالیٰ نے اپنی صفات بیان فرمائی ہیں ان میں مخلوق کے ساتھ کوئی مشابہت نہیں۔“

④ الحاد کی چوتھی قسم اللہ تعالیٰ کے اسماء میں سے مشتق نام بتوں کے لیے وضع کرنا ہے، جیسا کہ ”لات“ ایک بت کا نام ہے جو ”اللہ“ سے مشتق ہے، اسی طرح ”عزیٰ“ عزیز سے نکلا ہوا ہے اور ”منات“ یہ منان سے ہے۔ اس کو الحاد اس لیے کہا جاتا ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کے اسماء اس کے لیے خاص ہیں۔ ان اسماء سے ثابت معانی کو کسی مخلوق کی طرف منتقل کرنا درست نہیں، تاکہ اللہ تعالیٰ کا حق کسی مخلوق کو نہ دیا جائے۔ مذکورہ بالا تمام اقسام اللہ تعالیٰ کے اسماء میں الحاد کی قسمیں ہیں۔ (ابن عثیمین: مجموع الفتاویٰ والرسائل: 68)