دو دفعہ عذاب اور تنگ معیشت: قرآن سے عذاب قبر کا ثبوت

Read in English
فونٹ سائز:
یہ اقتباس علامہ غلام مصطفٰی ظہیر امن پوری حفظہ اللہ کی کتاب عذاب قبر سے ماخوذ ہے۔

دو دفعہ عذاب:

❀ فرمان الٰہی ہے:
سَنُعَذِّبُهُمْ مَرَّتَيْنِ ثُمَّ يُرَدُّونَ إِلَى عَذَابٍ عَظِيمٍ (التوبة: 101)
”ہم ان کو دو مرتبہ عذاب دیں گے، پھر ان کو بہت بڑے عذاب کی طرف لوٹا دیں گے۔“
ان میں سے ایک عذاب قبر ہے کیونکہ جہنم میں تو آخر میں بھیجا جائے گا اور جہنم سے پہلے دو مرتبہ عذاب ہوگا۔
❀ قتادہ بن دعامہ رحمہ اللہ (بعد 100ھ) فرماتے ہیں:
فِي قَوْلِهِ: سَنُعَذِّبُهُمْ مَرَّتَيْنِ (التوبة: 101) قَالَ: عَذَابُ الْقَبْرِ وَعَذَابُ النَّارِ.
”اللہ کا فرمان کہ ہم ان کو دو مرتبہ عذاب دیں گے، اس سے مراد عذاب قبر اور عذاب جہنم ہے۔“
(تفسير ابن أبي حاتم: 1870/6، وسنده صحيح)
❀ امام محمد بن جریر طبری رحمہ اللہ (310ھ) فرماتے ہیں:
دَلَالَةٌ عَلَى أَنَّ الْعَذَابَ فِي الْمَرَّتَيْنِ كِلْتَيْهِمَا قَبْلَ دُخُولِهِمُ النَّارَ، وَالْأَغْلَبُ مِنْ إِحْدَى الْمَرَّتَيْنِ أَنَّهَا فِي الْقَبْرِ.
”یہ آیت دلیل ہے کہ دونوں مرتبہ عذاب، جہنم میں داخل ہونے سے پہلے ہو گا، غالب یہی ہے کہ دونوں عذابوں میں سے ایک قبر میں ہوگا۔“
(تفسير الطّبري: 649/11)
❀ قرآن کریم نے اس کی مزید تفصیل دوسری جگہ بیان فرمائی ہے:
وَلَنُذِيقَنَّهُمْ مِنَ الْعَذَابِ الْأَدْنَى دُونَ الْعَذَابِ الْأَكْبَرِ لَعَلَّهُمْ يَرْجِعُونَ
(السجدة: 21)
”ہم ان کو بڑے سے پہلے چھوٹا عذاب چکھائیں گے، شاید کہ وہ لوٹ آئیں۔“

جہنم سے پہلے عذاب:

❀ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
فَذَرْهُمْ حَتَّى يُلَاقُوا يَوْمَهُمُ الَّذِي فِيهِ يُصْعَقُونَ يَوْمَ لَا يُغْنِي عَنْهُمْ كَيْدُهُمْ شَيْئًا وَلَا هُمْ يُنْصَرُونَ وَإِنَّ لِلَّذِينَ ظَلَمُوا عَذَابًا دُونَ ذَلِكَ وَلَكِنَّ أَكْثَرَهُمْ لَا يَعْلَمُونَ
(الطّور: 47-45)
”ان کو چھوڑ دیجئے، یہاں تک کہ وہ دن آ جائے، جب وہ بے ہوش کئے جائیں، تب ان کی کوئی چال ان کے لئے کافی نہیں ہو سکے گی، نہ ان کی مدد کی جائے گی، بلاشبہ ظالم لوگوں کے لئے اس سے پہلے بھی ایک عذاب ہے، لیکن اکثر لوگ نہیں جانتے۔“

تنگ معیشت سے مراد:

❀ فرمان باری تعالیٰ ہے:
وَمَنْ أَعْرَضَ عَنْ ذِكْرِي فَإِنَّ لَهُ مَعِيشَةً ضَنْكًا (طٰه: 124)
”جو میرے ذکر سے اعراض کرتا ہے، اس کی قبر تنگ ہوگی۔“
قرآن کریم کہتا ہے کہ جو لوگ اللہ کے ذکر سے اعراض کرتے ہیں، ان کی معیشت تنگ کر دی جائے گی، تو تنگ معیشت کا معنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے قبر سے کیا ہے۔
❀ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے قبر میں کفار کے سوال و جواب کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا:
”پھر جہنم کا دروازہ کھول دیا جائے گا اور بتایا جائے گا کہ یہ آگ تیرا ٹھکانہ ہے، جو تیرے لئے تیار کیا گیا ہے، وہ حسرت میں مبتلا ہو جائے گا، پھر جنت دکھائی جائے گی، تو وہ مزید حسرت میں پڑے گا۔ پھر قبر تنگ ہوگی، اس کی پسلیاں ملا دے گی، معیشت تنگ ہونے کا یہی مطلب ہے، قرآن کریم کہتا ہے:
فَإِنَّ لَهُ مَعِيشَةً ضَنْكًا وَنَحْشُرُهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ أَعْمَى
”اس کی قبر تنگ ہوگی اور قیامت میں ہم اسے اندھا کر کے اٹھائیں گے۔“
(المعجم الأوسط للطّبراني: 2630، صحيح ابن حبان: 3113، وسنده حسن)
❀ سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
إِنَّ الْمَعِيشَةَ الضَّنْكَ الَّتِي قَالَ اللّٰهُ تَعَالٰى هِيَ عَذَابُ الْقَبْرِ.
”اللہ نے یہ جو تنگ معیشت کا ذکر کیا ہے، اس سے مراد عذاب قبر ہے۔“
(المطالب العالية لابن حجر: 3659، وسنده حسن)
❀ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
فِي قَوْلِهِ عَزَّ وَجَلَّ: مَعِيشَةً ضَنْكًا (طٰه: 124) قَالَ: عَذَابُ الْقَبْرِ.
”اللہ تعالیٰ کے قول ”تنگ معیشت“ سے مراد عذاب قبر ہے۔“
(المستدرك للحاكم: 381/1، وسنده حسن)