تاریخ طبری کی جعلی روایت اور انجینئر صاحب کی حق گوئی کا نمونہ:
ہاں! تاریخ طبری کا جو مرزا صاحب نے حوالہ دیا ہے، بلکہ سرفہرست اسی کتاب کا نام لیا ہے تو وہاں اس واقعہ کی سند موجود ہے، تو وہ سنہری سند اس طرح ہے کہ:
قال أبو مخنف: فحدثني محمد بن يوسف بن ثابت الأنصاري، عن شيخ من أهل المدينة، قال……
تو ”ابو مخنف“ ایک سخت ضعیف، متروک الحدیث اور جھوٹا راوی ہے جیسا کہ پیچھے مرزا صاحب کی پیش کردہ مستدرک للحاکم کی تیرہ روایات کی تحقیق میں روایت نمبر:7 کے تحت چند حوالہ جات بھی پیش کیے گئے۔ اور ابو مخنف اسے ”محمد بن یوسف بن ثابت انصاری“ نامی راوی سے روایت کرتا ہے، اس کا نام محمد بن یوسف بھی آتا ہے، اس کے متعلق امام ذہبی رحمہ اللہ نے فرمایا: ”لا يعرف حاله“ اس کا حال معلوم نہیں، یعنی مجہول ہے (میزان الاعتدال:9883)۔ علامہ البانی رحمہ اللہ اور شیخ زبیر علی زئی رحمہ اللہ نے اسے مجہول قرار دیتے ہوئے اس کی روایت کو ضعیف قرار دیا ہے۔ (الضعیفۃ: 56/3، سنن ابی داؤد، دارالسلام تحت الحدیث:3885)
اور وہ روایت کس سے کر رہا ہے؟ عن شيخ من أهل المدينة، ایک آدمی جو بذات خود مجہول ہے وہ کہہ رہا ہے مجھے میرے کسی مدنی استاد نے یہ قصہ بیان کیا، کوئی نام پتہ معلوم نہیں! سبحان اللہ۔ تو یہ حال ہے انجینئر صاحب کے اجماع، ریفرنسز اور صحیح الاسناد روایات کا۔
پھر مزید یہ کہ مرزا صاحب ایک حق گو اور منصف آدمی ہونے کے ناطے اس روایت کا ایک اہم حصہ بیان ہی نہیں کرتے، کہ جس میں بالکل واضح طور پر موجود ہے کہ محمد بن ابی بکر کا قتل کس جرم کی بنیاد پر ہوا۔ اور اگر یہ بتاتے تو جو جھوٹ کی عمارت آپ نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے متعلق منفی تاثر دینے اور ان پر تنقید کے راستے ہموار کرنے کے لیے کھڑی کی تھی وہ تو ملیا میٹ ہو کر رہ جاتی۔ خیر تاریخ طبری کی اسی روایت میں ہے:
……فَقَالَ لَهُمْ مُحَمَّد: اسقوني من الماء، قَالَ لَهُ مُعَاوِيَةُ بن حديج: لا سقاه الله إن سقاك قطرة أبدا! إنكم منعتم عُثمان أن يشرب الماء حَتَّى قتلتموه صائما محرما، فتلقاه الله بالرحيق المختوم…… قَالَ لَهُ مُعَاوِيَةُ: إني إنما أقتلك بعثمان، قَالَ لَهُ مُحَمَّد: وما أنت وعثمان! إن عُثمان عمل بالجور، ونبذ حكم القرآن، وَقَدْ قَالَ الله تعالى: وَمَنْ لَمْ يَحْكُمْ بِمَا أَنْزَلَ اللَّهُ فَأُولَئِكَ هُمُ الْفَاسِقُونَ، فنقمنا ذَلِكَ عَلَيْهِ فقتلناه……
”تو محمد بن ابی بکر نے انہیں کہا کہ مجھے پانی پلاؤ، تو جناب معاویہ بن حدیج رضی اللہ عنہ نے انہیں جواب دیتے ہوئے کہا: اللہ اسے کبھی پانی کا ایک قطرہ نہ پلائے جو تمہیں پانی پلائے، تم لوگوں نے سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کو پانی (پینے سے) روکے رکھا حتیٰ کہ انہیں روزے کی حالت میں قتل کر دیا جبکہ ان کا خون حرام تھا۔ پس اللہ نے رحیق المختوم کے ساتھ انہیں سیراب کیا۔ حضرت معاویہ بن حدیج رضی اللہ عنہ نے کہا: میں تمہیں سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کے قصاص میں قتل کر رہا ہوں۔ محمد بن ابی بکر نے کہا: آپ کا حضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے کیا تعلق ہے؟ عثمان نے تو ظلم کیا تھا اور قرآن کے حکم کو پس پشت ڈال دیا، جبکہ اللہ تعالی کا فرمان ہے: ”اور جو اللہ کے نازل کردہ احکامات کے مطابق فیصلہ نہ کریں تو وہی لوگ فاسق ہیں“۔ تو ہم نے انہیں اس جرم کی سزا دی اور انہیں قتل کر دیا۔“ (تاریخ طبری:104/5)
تاریخ ابن کثیر میں بھی یہ قصہ اسی طرح موجود ہے۔ (البدایۃ والنہایۃ:314/7)
یہ ہے مرزا صاحب کی حق گوئی اور منصف مزاجی۔ الزام علماء پر ہے کہ جی انہوں نے حق چھپایا ہے، یا یہ آدھی روایتیں بیان کرتے ہیں۔ یہ تو انجینئر صاحب پر ان کے اندھے بہرے گونگے فالوورز کی مہربانی ہے کہ وہ مرزا صاحب کے بیان کردہ حوالوں کو کبھی کھول کر دیکھتے نہیں ہیں ورنہ کسی کی کیا مجال ہے کہ صحابہ کرام کے خلاف دو لفظ بھی بول دے وہ بھی کتابوں کے نام پر۔ خیر اس روایت میں واضح ہے کہ محمد بن ابی بکر کو قصاص عثمان میں قتل کیا گیا اور مدعا علیہ اپنے جرم کا اعتراف بھی کر رہا ہے۔
نوٹ: بعض لوگ محمد بن ابی بکر کی لاش کو مردہ گدھے میں ڈال کر جلائے جانے والا اعتراض کرتے ہوئے مصنف ابن ابی شیبہ (30709) والی روایت پیش کرتے ہیں جبکہ وہ بھی منقطع ہونے کی وجہ سے ضعیف ہے۔ (المحلی:400/9)
صحیح مسلم میں اس جھوٹے قصے کا اشارہ؟
جناب انجینئر صاحب اسی ویڈیو میں فرماتے ہیں کہ صحیح مسلم میں بھی یہ واقعہ ”اشارۃً“ موجود ہے، تو چلیں وہ اشارہ بھی دیکھ لیں:
عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ شُمَاسَةَ، قَالَ: أَتَيْتُ عَائِشَةَ أَسْأَلُهَا عَنْ شَيْءٍ، فَقَالَتْ: مِمَّنْ أَنْتَ؟ فَقُلْتُ: رَجُلٌ مِنْ أَهْلِ مِصْرَ. فَقَالَتْ: كَيْفَ كَانَ صَاحِبُكُمْ لَكُمْ فِي غَزَاتِكُمْ هَذِهِ؟ فَقَالَ: مَا نَقَمْنَا مِنْهُ شَيْئًا، إِنْ كَانَ لَيَمُوتُ لِلرَّجُلِ مِنَّا الْبَعِيرُ فَيُعْطِيهِ الْبَعِيرَ، وَالْعَبْدُ فَيُعْطِيهِ الْعَبْدَ، وَيَحْتَاجُ إِلَى النَّفَقَةِ فَيُعْطِيهِ النَّفَقَةَ. فَقَالَتْ: أَمَا إِنَّهُ لَا يَمْنَعُنِي الَّذِي فَعَلَ فِي مُحَمَّدِ بْنِ أَبِي بَكْرٍ أَخِي أَنْ أُخْبِرَكَ مَا سَمِعْتُ مِنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، يَقُولُ فِي بَيْتِي هَذَا: "اللَّهُمَّ مَنْ وَلِيَ مِنْ أَمْرِ أُمَّتِي شَيْئًا فَشَقَّ عَلَيْهِمْ فَاشْقُقْ عَلَيْهِ، وَمَنْ وَلِيَ مِنْ أَمْرِ أُمَّتِي شَيْئًا فَرَفَقَ بِهِمْ فَارْفُقْ بِهِ”۔
”عبدالرحمٰن بن شماسہ بیان کرتے ہیں کہ میں سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس کسی سوال کی غرض سے گیا، تو انہوں نے دریافت کیا: تم کہاں سے ہو؟ میں نے کہا: اہل مصر میں سے ہوں۔ پھر انہوں نے دریافت فرمایا: اس جنگ میں تمہارے امیر کا تم لوگوں کے ساتھ کیسا سلوک رہا؟ میں نے کہا: ہمیں ان میں کوئی بات بری نہیں لگی، اگر ہم میں سے کسی شخص کا اونٹ مر جاتا تو وہ اسے اونٹ دے دیتے، اور اگر غلام مر جاتا تو وہ اسے غلام دے دیتے اور اگر کسی کو خرچ کی ضرورت ہوتی تو وہ اس کو خرچ دے دیتے۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: جو میرے بھائی محمد بن ابی بکر کے معاملے میں اس نے کیا ہے وہ مجھے اس سے نہیں روکتا کہ میں تمہیں وہ حدیث سناؤں جو میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے اس گھر میں فرماتے ہوئے سنی۔ (آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:) ”اے اللہ! جو شخص میری امت کے کسی بھی معاملے کا والی بنے اور ان (اپنے ماتحتوں) پر سختی کرے، تو اس پر سختی فرما، اور جو شخص میری امت کے کسی بھی معاملے کا والی بنے اور ان کے ساتھ نرمی والا معاملہ کرے، تو بھی اس کے ساتھ نرمی فرما!“ (صحیح مسلم:1828)
مستخرج ابی عوانہ میں صراحت موجود ہے کہ سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا جس امیر کے متعلق دریافت فرما رہی ہیں وہ حضرت معاویہ بن حدیج رضی اللہ عنہ تھے: (مستخرج ابی عوانۃ:7466)۔ تو جو باتیں مرزا صاحب نے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ پر اعتراض کرتے ہوئے کی ہیں ان میں سے کس چیز کا اشارہ اس روایت میں مل رہا ہے؟ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے قتل کیا یا کرنے کا حکم دیا کیا اس بات کا اشارہ ہے؟ یا محمد بن ابی بکر رحمہ اللہ کو گدھے کی کھال میں جلائے جانے کا کوئی اشارہ؟ ایسے اشارے مرزا صاحب کے جاہل مقلدین کی سمجھ میں تو آ سکتے ہیں لیکن ہم اس بات سے قاصر ہیں کہ اتنی دور کے اشارے سمجھ سکیں۔
بہر حال اگر آپ کو تاریخی روایات ہی سنانی ہیں تو لوگوں کو یہ بھی بتائیں کہ ان روایات میں یہ بھی لکھا ہے کہ محمد بن ابی بکر کو قصاصِ عثمان رضی اللہ عنہ میں قتل کیا گیا تھا۔ اور سیدنا معاویہ بن ابی سفیان رضی اللہ عنہ پر تو محض الزام لگایا گیا ہے جبکہ آپ کے بیان کردہ حوالہ جات میں ایسا کچھ بھی ثابت نہیں کہ آپ رضی اللہ عنہ کا اس قتل میں کسی قسم کا کوئی کردار تھا۔ یاد رہے انجینئر صاحب نے اس جھوٹے واقعہ کی بنیاد پر معاویہ رضی اللہ عنہ کی فضیلت میں مروی سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے ثابت شدہ قول کو تاریخی اور من گھڑت قول قرار دیا تھا۔ اور یہ بھی ذہن میں رکھیں انجینئر صاحب کے بقول وہ کسی صحابی پر کوئی الزام نہیں لگا رہے نہ ہی گستاخی والا کوئی معاملہ ہے بلکہ وہ بس غلطی بیان کرتے ہیں جیسا کہ قرآن بھی انبیاء کی غلطی بیان کرتا ہے۔