46- اللہ تعالیٰ کے اسماء وصفات کے انکار کا حکم
اس انکار کی دو قسمیں ہیں:
① پہلی قسم یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے لیے ثابت کسی اسم یا وصف کا انکار کرنا ایسا کفر ہے جس میں شک کی کوئی گنجائش نہیں۔ مثال کے طور پر کوئی آدمی اگر اللہ کے ہاتھ کا انکار کرے تو وہ بالاتفاق کافر ہے، کیونکہ اللہ اور اس کے رسول کی بتائی ہوئی خبر کا انکار کرنا کفر ہے۔
② دوسری قسم یہ ہے کہ صفت کو تسلیم تو کرے لیکن اس کی تاویل کرے۔ اس کی دو صورتیں ہیں:
① اس کی پہلی صورت یہ ہے کہ عربی زبان میں اس معنی کی تاویل کی گنجائش ہو تو ایسا کرنے والے کو کافر نہیں کہا جائے گا۔
② دوسری صورت یہ ہے کہ عربی زبان میں اس میں تاویل کی کوئی گنجائش نہ ہو تو ایسا کرنے والا کافر کہلائے گا، کیونکہ ایسا کرنا تکذیب ہے۔ مثال کے طور پر ایک آدمی ید (ہاتھ) حقیقی معنی میں یا نعمت و احسان اور قوت کے معنی میں تسلیم ہی نہیں کرتا تو ایسا کرنے والا کافر ہے، کیونکہ اس نے مکمل نفی کی ہے، اسی طرح اگر اللہ تعالیٰ کے اس فرمان:
بَلْ يَدَاهُ مَبْسُوطَتَانِ [المائدة: 64]
”بلکہ اس کے دونوں ہاتھ کھلے ہوئے ہیں۔“
سے زمین و آسمان مراد لے تو کافر ہے، کیونکہ عربی زبان میں اس کی گنجائش ہے اور نہ حقیقت شرعیہ ہی اس کی اجازت دیتی ہے، لہٰذا ایسا کرنے والا کافر و منکر ہے، لیکن اگر لفظ ”ید“ سے نعمت و طاقت مراد لے تو کافر نہیں کیونکہ عربی زبان میں یہ لفظ نعمت و احسان کے معنی میں استعمال ہوتا ہے، جیسا کہ شاعر کا قول ہے:
وَعَمَّ لِظَلَامِ اللَّيْلِ عِنْدَكَ مِنْ يَدِ
تُحَدِّثُ أَنَّ الْمَانُوِيَةَ تَكْذِبُ
”اندھیری راتوں کے بے شمار تیرے اوپر انعامات ہیں جو یہ بتلا رہے ہیں کہ مانویہ (فرقہ) کذب بیانی کرتا ہے۔“
یہاں ”ید“ سے مراد نعمت واحسان ہے کیونکہ مانویہ (فرقے) کے نزدیک اندھیرے میں کوئی خیر نہیں، یہ سراپا شر ہی شر ہے۔ (ابن عثیمین: مجموع الفتاویٰ والرسائل: 87)