عذاب قبر کی احادیث متواتر ہیں: ائمہ اہل سنت کی گواہیاں

Read in English
فونٹ سائز:
یہ اقتباس علامہ غلام مصطفٰی ظہیر امن پوری حفظہ اللہ کی کتاب عذاب قبر سے ماخوذ ہے۔

عذاب قبر اور متواتر احادیث

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث میں عذاب قبر کے متعلق انتہائی تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔ پہلے خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی عذاب قبر کا علم نہیں تھا، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر وحی نازل کی گئی اور بتایا گیا کہ قبر میں عذاب ہوگا۔ بعد ازاں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے قرآن مجید کی آیات کی تفسیر میں بھی عذاب قبر کے متعلق بیان فرمایا، اسی طرح عذاب قبر سے بچنے کی دعائیں کیں۔ قبر کے احوال ذکر کیے، کئی معذبین کے قصے بیان کیے۔
❀ حافظ ابن عبدالبر رحمہ اللہ (463ھ) فرماتے ہیں:
أَمَّا الْآثَارُ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي عَذَابِ الْقَبْرِ فَلَا تَكَادُ تُحْصٰى بِعَدَدٍ تَوَاتُرًا وَاشْتِهَارًا وَّصِحَّةً، وَكَذٰلِكَ هِيَ عَنِ الصَّحَابَةِ وَالتَّابِعِينَ لَهُمْ بِإِحْسَانٍ كَثِيرَةٍ شَهِيرَةٍ يَجِبُ الْاِسْتِنَادُ إِلَيْهَا.
”عذاب قبر کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے منقول احادیث اتنی ہیں کہ ان کو شمار نہیں کیا جا سکتا، یہ متواتر مشہور اور صحیح آثار ہیں، اسی طرح صحابہ و تابعین سے بھی بکثرت روایات وارد ہوئی ہیں، جن کو دلیل بنانا واجب ہے۔“
(الأجوبة عن المسائل المستغربة من كتاب البخاري، ص 190)
❀ علامہ عبدالقاہر بغدادی رحمہ اللہ (429ھ) اہل سنت کا عقیدہ ذکر کرتے ہیں:
مِنْهَا أَخْبَارٌ مُسْتَفِيضَةٌ بَيْنَ أَئِمَّةِ الْحَدِيثِ وَالْفِقْهِ، وَهُمْ مُجْمِعُونَ عَلٰى صِحَّتِهَا كَالْأَخْبَارِ فِي الشَّفَاعَةِ وَالْحِسَابِ وَالْحَوْضِ وَالصِّرَاطِ وَالْمِيزَانِ وَعَذَابِ الْقَبْرِ وَسُؤَالِ الْمَلَكَيْنِ فِي الْقَبْرِ.
”بعض احادیث ائمہ حدیث اور فقہا کے ہاں مشہور و متواتر ہیں اور وہ ان کے صحیح ہونے پر متفق ہیں، جیسے شفاعت، حساب و کتاب، حوض کوثر، پل صراط، میزان، عذاب قبر اور قبر میں فرشتوں کے سوال کرنے کے بارے میں احادیث مروی ہیں۔“
(الفَرْقُ بين الفِرَق، ص 314)
❀ حافظ ابن دحیہ کلبی رحمہ اللہ (633ھ) فرماتے ہیں:
اَلْأَخْبَارُ فِي عَذَابِ الْقَبْرِ صَحِيحَةٌ مُتَوَاتِرَةٌ، لَا يَصِحُّ عَلَيْهَا التَّوَاطُؤُ، وَإِنْ لَّمْ يَصِحَّ مِثْلُهَا لَمْ يَصِحَّ شَيْءٌ مِّنْ أَمْرِ الدِّينِ، وَلَمْ يَنْفِ هٰذَا سِوَى الْكَفَرَةِ وَالزَّنَادِقَةِ الْمُلْحِدِينَ.
”عذاب قبر کے بارے میں احادیث صحیح اور متواتر ہیں، جن کے جھوٹ ہونے پر اتفاق کرنا ممکن نہیں۔ اگر ان جیسی احادیث ثابت نہیں، تو دین کی کوئی شے بھی ثابت نہیں، عذاب قبر کی نفی صرف کافروں اور زندیق ملحدوں نے کی ہے۔“
(الآيات البيّنات في ذكر ما في أعضاء الرسول صلى الله عليه وسلم من المعجزات، ص 250)
❀ شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ (728ھ) نے عذاب قبر اور نعمت قبر کے متعلق مروی احادیث کو ”متواتر“ کہا ہے۔
(الجواب الصّحيح لمَن بدّل دين المَسيح: 372/6، جواب الاعتراضات، ص 36)
❀ علامہ تفتازانی حنفی رحمہ اللہ (793ھ) نے عذاب قبر کی احادیث کو ”متواتر“ کہا ہے۔
(شرح المَقاصد: 220/2)
❀ علامہ دمامینی رحمہ اللہ (827ھ) فرماتے ہیں:
قَدْ كَثُرَتِ الْأَحَادِيثُ فِي عَذَابِ الْقَبْرِ حَتّٰى قَالَ غَيْرُ وَاحِدٍ: إِنَّهَا مُتَوَاتِرَةٌ، لَا يَصِحُّ عَلَيْهَا التَّوَاطُؤُ، وَإِنْ لَّمْ يَصِحَّ مِثْلُهَا لَمْ يَصِحَّ شَيْءٌ مِّنْ أَمْرِ الدِّينِ.
”عذاب قبر کے بارے میں کئی احادیث ہیں، حتی کہ کئی اہل علم نے کہا ہے کہ یہ متواتر ہیں، جن میں غلطی سے بھی جھوٹ بولنا ممکن نہیں، اگر اس جیسا (واضح عقیدہ) ثابت نہیں، تو دین کا کوئی عقیدہ بھی ثابت نہیں ہو سکتا۔“
(مَصابيح الجامع: 299/3)
❀ حافظ سیوطی رحمہ اللہ (911ھ) فرماتے ہیں:
قَدْ تَوَاتَرَتِ الْأَحَادِيثُ بِذٰلِكَ مُؤَكَّدَةً.
”فتنہ قبر اور سوال و جواب کے بارے میں متواتر احادیث مروی ہیں۔“
(شرح الصّدور، ص 121)
❀ علامہ عبدالسلام بن ابراہیم لقانی مالکی رحمہ اللہ (1078ھ) فرماتے ہیں:
وَرَدَ فِي ذٰلِكَ مِنَ النُّصُوصِ الْبَالِغَةِ مَبْلَغَ التَّوَاتُرِ.
”قبر کی نعمتوں کے متعلق نصوص تواتر کو پہنچی ہوئی ہیں۔“
(تُحفة المُريد في شرح جَوهرة التّوحيد، ص 223)