کیا سیدنا معاویہؓ نے شراب پی؟ مسند احمد کی روایت اور انجینئر مرزا کی تحریف

Read in English
فونٹ سائز:
یہ اقتباس مرزا محمد علی انجینئر کے اعتراضات و اشکالات کا تحقیقی جائزہ سے ماخوذ ہے جسے ہارون بن شبیر احمد حفظہ اللہ نے تالیف کیا ہے اور نظرِ ثانی فضیلۃ الشیخ مولانا محمد رفیق طاہر حفظہ اللہ نے کی ہے۔

سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ پر شراب پینے کا جھوٹا الزام

جناب عبداللہ بن بریدہ کا بیان ہے کہ:
دَخَلْتُ أَنَا وَأَبِي عَلَى مُعَاوِيَةَ، فَأَجْلَسَنَا عَلَى الْفُرُشِ، ثُمَّ أُتِينَا بِالطَّعَامِ، فَأَكَلْنَا، ثُمَّ أُتِينَا بِالشَّرَابِ، فَشَرِبَ مُعَاوِيَةُ، ثُمَّ نَاوَلَ أَبِي، ثُمَّ قَالَ: مَا شَرِبْتُهُ مُنْذُ حَرَّمَهُ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ. قَالَ مُعَاوِيَةُ: كُنْتُ أَجْمَلَ شَبَابِ قُرَيْشٍ، وَأَجْوَدَهُ ثَغْرًا، وَمَا شَيْءٌ كُنْتُ أَجِدُ لَهُ لَذَّةً كَمَا كُنْتُ أَجِدُهُ وَأَنَا شَابٌّ غَيْرَ اللَّبَنِ، أَوْ إِنْسَانٍ حَسَنِ الْحَدِيثِ يُحَدِّثُنِي۔
”میں اور میرے والد (سیدنا بریدہ اسلمی رضی اللہ عنہ) سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے پاس حاضر ہوئے، تو آپ رضی اللہ عنہ نے ہمیں بستر پر بٹھایا، پھر کھانا لایا گیا تو ہم نے کھانا کھایا، پھر مشروب لایا گیا، جسے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے پیا (نوٹ: عربی زبان میں ہر پینے کی چیز کے لیے لفظ ”شراب“ استعمال ہوتا ہے)، پھر اسے میرے والد کو پیش کیا، پھر آپ رضی اللہ عنہ نے فرمایا: میں نے اُسے کبھی نہیں پیا جب سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اُسے حرام قرار دیا ہے۔ پھر حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا: میں قریشی نوجوانوں میں سب سے زیادہ خوبصورت اور اچھے دانتوں والا تھا، تو جوانی کے ان دنوں میرے لیے دودھ سے زیادہ بڑھ کر کوئی چیز لذت آور نہیں تھی، اور اچھی گفتگو کرنے والا انسان بھی جو کہ مجھے اچھی باتیں سنائے (مجھے سب سے زیادہ محبوب تھا)۔“ (مسند احمد:22941)
مولانا غلام مصطفیٰ ظہیر امن پوری حفظہ اللہ نے اس روایت کے متعلق لکھا:

”سند ضعیف ہے۔ عبداللہ بن بریدہ سے حسین بن واقد کی روایت منکر ہوتی ہے (اور یہ روایت اسی طریق سے ہے)۔ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
عبد الله بن بريدة الذى روى عنه حسين بن واقد ما أنكرها۔
”عبداللہ بن بریدہ کی وہ روایات، جو اس سے حسین بن واقد بیان کرتا ہے، کس قدر منکر ہیں!“ (العلل ومعرفۃ الرجال:1420) یہ جرح مفسر ہے، جسے رد نہیں کیا جا سکتا۔“

(دفاع صحابہ:531)
اگر اس روایت کو صحیح بھی مانیں تو اس سے ہرگز یہ ثابت نہیں ہوتا کہ جناب معاویہ رضی اللہ عنہ نے شراب پی۔ لیکن مرزا صاحب نے اس روایت کا ترجمہ بگاڑ کر یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے شراب پی تھی۔ آپ نے اپنے ریسرچ پیپر ”واقعہ کربلا کا حقیقی پس منظر“ میں صفحہ نمبر:15 پر یہ روایت ان الفاظ سے ذکر کی ہے:

”سیدنا عبداللہ بن بریدہ تابعی رحمہ اللہ بیان فرماتے ہیں کہ میں اور میرے والد سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے پاس ملنے گئے۔ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے ہمیں فرشی نشست (یعنی قالین) پر بٹھایا، پھر کھانا لایا گیا جو ہم نے تناول کیا، پھر ہمارے سامنے ایک مشروب لایا گیا جو حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے پینے کے بعد (وہ مشروب والا برتن) میرے والد کو پکڑا دیا تو انہوں (سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ) نے فرمایا: جب سے اِس مشروب کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حرام قرار دیا ہے، تب سے میں نے کبھی اسے نوش نہیں کیا۔ پھر حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ فرمانے لگے: میں قریشی نوجوانوں میں سب سے حسین ترین اور خوبصورت دانتوں والا نوجوان تھا اور جوانی کے اُن دنوں میرے لیے دودھ اور اچھے قصہ گو آدمی سے بڑھ کر کوئی چیز لذت آور نہیں ہوتی تھی۔“

اب مرزا صاحب نے اس روایت میں دو مقامات پر ڈنڈی ماری ہے۔ ایک یہ کہ اس روایت کے مطابق حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے جملے ”جب سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اُس مشروب کو حرام قرار دیا ہے اس کے بعد میں نے کبھی بھی اُسے نہیں پیا“ کو حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی بجائے حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ کی طرف منسوب کر دیا ہے، اور بریکٹ میں لکھا: ”(سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ) نے فرمایا: جب سے اِس مشروب کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حرام قرار دیا ہے…………“۔ اور دوسرا گھپلا یہ مارا کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے اسی جملہ ”جب سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اُس مشروب کو حرام قرار دیا ہے۔“ میں لفظ ”اُس“ کی بجائے ”اِس“ لکھ دیا ہے۔ اب اس سے تاثر یہ دیا کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے تو وہ مشروب پیا، لیکن جب اسے سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ کی طرف بڑھایا تو اس پر حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ جب سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اِس مشروب کو حرام قرار دیا ہے، تب سے میں نے اسے نہیں پیا۔ تو اس طرح سے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے جو مشروب پیا وہ شراب تھی۔
حالانکہ یہ سراسر غلط ہے، اس روایت کے عربی متن میں سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ کا کوئی جملہ ہے ہی نہیں، بلکہ سارا کلام سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا نقل کیا گیا ہے۔ روایت تو اس طرح ہے:
ثُمَّ أُتِينَا بِالطَّعَامِ، فَأَكَلْنَا، ثُمَّ أُتِينَا بِالشَّرَابِ، فَشَرِبَ مُعَاوِيَةُ، ثُمَّ نَاوَلَ أَبِي، ثُمَّ قَالَ: مَا شَرِبْتُهُ مُنْذُ حَرَّمَهُ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ…
”پھر ہمارے پاس کھانا لایا گیا جسے ہم نے کھایا، پھر ہمارے پاس پینے کی کوئی چیز لائی گئی، پس اسے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے پیا، پھر اسے میرے والد کو پیش کیا، پھر کہا: جب سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اُسے حرام قرار دیا ہے میں نے اُسے کبھی نہیں پیا۔“
تو دیکھیں عربی عبارت میں بالکل صاف ہے کہ وہ مقولہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا ہے جسے انجینئر صاحب نے بریکٹ ڈال کر سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ کی طرف منسوب کیا ہے، اور اسی کو تو تحریف کہتے ہیں ورنہ تحریف کس بلا کا نام ہے؟
امام ہیثمی رحمہ اللہ نے بھی اس جملے کی نسبت سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ ہی کی طرف کی ہے، چنانچہ آپ رحمہ اللہ نے مسند احمد کی اسی حدیث کو ان الفاظ کے ساتھ نقل فرمایا:
عَنْ عَبْدِ اللهِ بْنِ بُرَيْدَةَ قَالَ: دَخَلْتُ مَعَ أَبِي عَلَى مُعَاوِيَةَ فَأَجْلَسَنَا عَلَى الْفِرَاشِ ثُمَّ أُتِينَا بِالطَّعَامِ فَأَكَلْنَا، ثُمَّ أُتِينَا بِالشَّرَابِ فَشَرِبَ مُعَاوِيَةُ ثُمَّ نَاوَلَ أَبِي، ثُمَّ قَالَ مُعَاوِيَةُ: كُنْتُ أَجْمَلَ شَبَابِ قُرَيْشٍ وَأَجْوَدَهُ ثَغْرًا وَمَا مِنْ شَيْءٍ أَجِدُ لَهُ لَذَّةً كَمَا كُنْتُ أَجِدُهُ وَأَنَا شَابٌّ غَيْرُ اللَّبَنِ وَإِنْسَانٌ حَسَنُ الْحَدِيثِ يُحَدِّثُنِي۔
”جناب عبداللہ بن بریدہ سے روایت ہے کہ میں اپنے والد (سیدنا بریدہ اسلمی رضی اللہ عنہ) کے ساتھ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے پاس حاضر ہوا۔ تو آپ رضی اللہ عنہ نے ہمیں بستر پر بٹھایا، پھر کھانا لایا گیا تو ہم نے کھانا کھایا، پھر ایک مشروب لایا گیا جسے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے پیا، پھر اسے میرے والد کو پیش کیا۔ پھر جناب معاویہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا: میں قریشی نوجوانوں میں سب سے زیادہ خوبصورت اور ان میں سب سے زیادہ اچھے دانتوں والا تھا، تو جوانی کے ان دنوں میرے لیے دودھ سے زیادہ بڑھ کر کوئی چیز لذت آور نہیں تھی، اور اچھی باتیں کرنے والا انسان بھی جو کہ مجھے اچھی باتیں سنائے۔“
پھر آپ رحمہ اللہ نے فرمایا:
رواه أحمد ورجاله رجال الصحيح وفى كلام معاوية شىء تركته۔
”اسے امام احمد نے روایت کیا ہے، اور اس کے راوی صحیح بخاری کے راوی ہیں، اور حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے کلام میں کچھ گڑ بڑ (غلطی یا نکارت) ہے جسے میں نے چھوڑ دیا ہے۔“ (مجمع الزوائد:42/5)
اب دیکھیں کہ امام ہیثمی رحمہ اللہ نے اس روایت کا کون سا جملہ نقل نہیں کیا کہ جس کے متعلق آپ اشارہ فرما رہے ہیں؟ تو وہ ہمارا یہی زیرِ بحث جملہ ہی ہے، اور امام صاحب اس جملے کی نسبت جناب معاویہ رضی اللہ عنہ کی طرف کر رہے ہیں، جس سے مرزا صاحب کی خود ساختہ بریکٹ جھوٹی ثابت ہو جاتی ہے۔ اور امام ہیثمی رحمہ اللہ کے کلام سے امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کے قول کو مزید تقویت ملتی ہے کہ عبداللہ بن بریدہ کی حسین بن واقد کے واسطے سے روایات منکر اور غلط ہوتی ہیں، واللہ اعلم۔
ایک نکتہ یہ بھی ہے کہ یہی روایت مصنف ابن ابی شیبہ میں بھی موجود ہے لیکن اس میں یہ جملہ موجود ہی نہیں۔
اور اسی جملے کے متعلق دوسرا دھوکہ یہ دیا گیا ہے کہ ”جب سے اُس مشروب کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حرام قرار دیا ہے، میں نے اُسے کبھی نہیں پیا“ میں ”اُس مشروب“ کو ”اِس“ مشروب بنا کر یہ تاثر دیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جس مشروب کو حرام قرار دیا وہ یہی مشروب ہے جو کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ پی رہے تھے۔ جبکہ عربی متن میں ہے: ”مَا شَرِبْتُهُ مُنْذُ حَرَّمَهُ رَسُولُ اللهِ“ اب جب کہ ”شربته“ اور ”حرمه“ میں ”ہٗ“ ضمیر آئی ہے، تو اس کا ترجمہ ”اُس“ بنتا ہے نہ کہ ”اِس“! مرزا صاحب دعویٰ کرتے ہیں کہ میں علماء کی عربی کی غلطیاں نکال سکتا ہوں، لیکن پہلے ان کی اپنی عربی کی حالت تو دیکھ لیں۔
بہر حال اس روایت کا صحیح ترجمہ اور مفہوم یہ ہے کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے کوئی مشروب پیا پھر اسے سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ کو دیا، پھر سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ میں نے کبھی شراب (یا کوئی نشہ آور نبیذ) نہیں پی جب سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے حرام قرار دیا ہے۔ پھر بیان فرمایا کہ مجھے پینے میں دودھ سب سے زیادہ پسند ہے۔ تو اس روایت سے تو ثابت ہو رہا ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ شراب سے بہت زیادہ بچنے والے تھے، جبکہ ان کے دشمن اسی روایت سے ان پر شراب نوشی کا الزام لگا رہے ہیں۔
مصنف ابن ابی شیبہ میں بھی مسند احمد والی سند ہی کے ساتھ یہ روایت موجود ہے جو کہ بات کو مزید واضح کر دیتی ہے، چنانچہ اس میں ہے کہ عبداللہ بن بریدہ بیان کرتے ہیں:
دَخَلْتُ أَنَا وَأَبِي عَلَى مُعَاوِيَةَ، فَأَجْلَسَ أَبِي عَلَى السَّرِيرِ وَأَتَى بِالطَّعَامِ فَأَطْعَمَنَا، وَأَتَى بِشَرَابٍ فَشَرِبَ، فَقَالَ مُعَاوِيَةُ: مَا شَيْءٌ كُنْتُ أَسْتَلِذُّهُ وَأَنَا شَابٌّ فَآخُذُهُ الْيَوْمَ إِلَّا اللَّبَنَ، فَإِنِّي آخُذُهُ كَمَا كُنْتُ آخُذُهُ قَبْلَ الْيَوْمِ وَالْحَدِيثُ الْحَسَنُ۔
”میں اور میرے والد (حضرت بریدہ اسلمی رضی اللہ عنہ) جناب معاویہ رضی اللہ عنہ کے پاس حاضر ہوئے، تو انہوں نے میرے والد کو چار پائی پر بٹھایا، اور کھانا لے کر آئے، ہم نے اسے کھایا، اور ایک مشروب لائے جسے آپ رضی اللہ عنہ نے پیا، پھر حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا: جوانی کے دنوں مجھے دودھ سے بڑھ کر کسی اور چیز میں لذت محسوس نہیں ہوتی تھی، اور یقیناً آج بھی میں نے دودھ کو اسی طرح پکڑا ہے جس طرح اس سے پہلے بھی لیا کرتا تھا، اور اسی طرح اچھی گفتگو (بھی میں بڑے شوق سے سننا پسند کرتا ہوں)۔“
(مصنف ابن ابی شیبہ:30560)
لہٰذا اس سے صاف طور پر واضح ہوتا ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کوئی حرام مشروب نہیں بلکہ دودھ ہی نوش فرما رہے تھے، بصورت دیگر پاس بیٹھے صحابی سخت مخالفت کرتے۔ لہٰذا انجینئر صاحب کا اعتراض اور اشکال باطل ہے۔ ہم مرزا صاحب کو کھلا رافضی شیعہ تو نہیں کہتے لیکن یہ سارا چال چلن انہی کا ہے، جس طرح وہ ابوبکر وعمر رضی اللہ عنہما کے حوالے سے شکوک وشبہات پیدا کرتے ہیں۔

❀❀❀