اسراف و تکبر، سخت بخل، غرور اور مرد و عورت کی مشابہت کی ممانعت

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ حسین بن مبارک الموصلی کی عربی کتاب الاوامر والنواهي سے ماخوذ ہے جس کا اُردو ترجمہ محمد سرور گوہر صاحب نے احکامات و ممنوعات کے نام سے کیا ہے۔

خرچ کرنے میں اسراف و تکبر کی ممانعت

① سیدنا عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
كلوا وتصدقوا والبسوا من غير إسراف ولا مخيلة
”اسراف اور تکبر کے بغیر کھاؤ، صدقہ کرو اور پہنو۔“
بخاری، کتاب اللباس 266/10، ابن ماجه، كتاب اللباس 3605۔
② سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں:
”جو چاہو کھاؤ، جو چاہو پہنو، تمہیں دو چیزیں اسراف اور تکبر راہِ صواب سے بھٹکا نہ دیں۔“
فتح البارى 10/ 264، 265۔

سخت بخل اور ایک کپڑے میں گوٹھ مار کر بیٹھنے کی ممانعت

① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے لباس پہننے کے دو طریقوں سے منع فرمایا ہے۔ اشتمال الصماء یہ ہے کہ آدمی نماز میں ایک کپڑے چادر کو اپنے جسم پر لپیٹ لے اور پھر اس کی ایک جانب اپنے کندھوں پر رکھ لے اور اس کی شرم گاہ ننگی ہو جائے، اور پہننے کا دوسرا طریقہ یہ ہے کہ آدمی ایک کپڑا لپیٹ کر اس طرح بیٹھ جائے کہ اس کی شرم گاہ پر کچھ نہ ہو۔
بخاری، کتاب اللباس 5821، مسلم، كتاب البيوع 1511/2۔

غرور سے اترا کر چلنے کی ممانعت

① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا:
إن رجلا ممن كان قبلكم يتبختر فى حلة تعجبه نفسه مرجل رأسه يختال فى مشيه إذ خسف الله به الأرض فهو يتجلجل فى الأرض إلى يوم القيامة
”پہلے ایک آدمی تھا جو ایک جوڑا زیب تن کیے ہوئے اپنے آپ کو بڑا سمجھ رہا تھا، اس نے اپنے بالوں میں کنگھی کی ہوئی تھی اور بڑا اترا کر چل رہا تھا کہ اللہ نے اسے زمین میں دھنسا دیا اور وہ قیامت تک زمین میں دھنستا چلا جائے گا۔“
بخاری، کتاب اللباس 5789، مسلم كتاب اللباس 49 / 2088۔

مردوں اور عورتوں کا ایک دوسرے کی مشابہت اختیار کرنا منع ہے

① سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عورتوں سے مشابہت کرنے والے مردوں اور مردوں سے مشابہت کرنے والی عورتوں پر لعنت فرمائی ہے۔
بخاري كتاب اللباس 5885، ابوداؤد، کتاب اللباس 4097، ترمذی، کتاب الادب 2784
② سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس مرد پر لعنت فرمائی ہے جو عورت کا سا لباس پہنتا ہے اور اس عورت پر لعنت فرمائی ہے جو مرد کا سا لباس پہنتی ہے۔
ابو داؤد، کتاب اللباس 4098، مسند احمد، باقی مسند المكثرين 2/ 435، حدیث 8329۔