احادیث انس بن مالک رضی اللہ عنہ
(5) سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لَوْلَا أَنْ لَّا تَدَافَنُوا لَدَعَوْتُ اللّٰهَ أَنْ يُسْمِعَكُمْ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ.
”اگر یہ ڈر نہ ہوتا کہ آپ مردوں کو دفنانا چھوڑ دو گے، میں اللہ سے دعا کرتا کہ وہ آپ کو عذاب قبر سنوا دے۔“
(صحيح مسلم: 2868)
(6) سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں:
إِنَّهُ دَخَلَ حَائِطًا مِنْ حَوَائِطِ بَنِي النَّجَّارِ فَسَمِعَ صَوْتًا مِّنْ قَبْرٍ قَالَ: مَتٰى دُفِنَ صَاحِبُ هٰذَا الْقَبْرِ؟ فَقَالُوا: فِي الْجَاهِلِيَّةِ فَسُرَّ بِذٰلِكَ وَقَالَ: لَوْلَا أَنْ لَّا تَدَافَنُوا لَدَعَوْتُ اللّٰهَ أَنْ يُسْمِعَكُمْ عَذَابَ الْقَبْرِ.
”رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک دفعہ بنو نجار کے ایک باغ میں داخل ہوئے، آپ نے ایک قبر سے آواز سنی، پوچھا: یہ قبر والا کب دفن کیا گیا؟ لوگوں نے کہا: دور جاہلیت میں، آپ اس بات سے خوش ہو گئے، فرمایا: اگر یہ ڈر نہ ہوتا کہ آپ مردوں کو دفنانا چھوڑ دیں گے، تو میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا کہ وہ آپ کو بھی عذاب قبر سنوا دے۔“
(مسند الإمام أحمد: 103/3، سنن النّسائي: 2058، وسندهٗ صحيحٌ)
اس حدیث کو امام ابن حبان رحمہ اللہ (3126) نے ”صحیح“ کہا ہے۔
❀ علامہ تورپشتی رحمہ اللہ (661ھ) فرماتے ہیں:
”یہ کلام مجمل ہے۔ جو معنی سب سے پہلے ذہن میں آتا ہے، وہ یہ ہے کہ لوگ اگر عذاب قبر کو سن لیں، تو عذاب قبر سے بچنے کے لیے دفن کرنا چھوڑ دیں۔ یہ معنی محل نظر ہے، کیونکہ ایک مومن سے ایسی توقع نہیں رکھی جا سکتی، بلکہ اس پر واجب ہے کہ وہ اللہ کے متعلق یہ عقیدہ رکھے کہ جب وہ کسی کو عذاب دینے کا ارادہ کر لے، تو اسے عذاب دے گا، اگرچہ وہ مچھلیوں کے پیٹوں اور پرندوں کے پوٹوں میں ہو۔ اللہ تعالیٰ کی ازلی قدرت کے سامنے زمین کا اندرونی اور بیرونی حصہ برابر ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مومنوں کو اپنے مردے دفنانے کا حکم دیا گیا ہے، دسترس میں ہو، تو اسے ترک کرنا جائز نہیں۔ ہم اپنے علم اور فہم کی حد تک اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اگر لوگ یہ بات سن لیں، جن کو خود ایک وقت میں موت آنی ہے۔ تو اس کی پریشانی بہت عام ہو جائے۔ لوگ دفنانا تک چھوڑ دیں، خوف ان کے دلوں کو چیر دے اور وہ میت سڑ گل جائے، مگر لوگ اسے دفنائیں نہ۔“
(المُيَسَّر في شرح مَصابيح السُّنّة: 73-72/1)
❀ علامہ مظہری حنفی رحمہ اللہ (727ھ) لکھتے ہیں:
”اگر کوئی کہے کہ اس حدیث کا مفہوم یہ ہے کہ اگر اس شخص کی آوازیں سن لو، جسے قبر میں عذاب دیا جا رہا ہے، تو تم کسی کو دفن ہی نہ کرو، تاکہ اسے عذاب قبر لاحق نہ ہو، کہ عذاب تو قبر میں لاحق ہوتا ہے، لہٰذا اگر تم یہ گمان نہ کرو کہ عذاب، قبر میں ہوتا ہے اور تم دفن کرنا نہ چھوڑ دو، تو میں اللہ سے دعا کروں کہ تمہیں عذاب قبر کی آواز سنا دے۔
ہم کہیں گے: یہ تاویل بہت بڑی غلطی ہے اور صحابہ کے بارے میں سوئے ظن ہے، کیونکہ صحابہ کرام کا عقیدہ تھا کہ اللہ تعالیٰ میت کو قبر میں اور سطح زمین پر عذاب دینے پر قادر ہے، اسی طرح اگر کوئی پانی میں ڈوب کر مر جائے یا اسے درندہ نگل لے، تو بھی اللہ تعالیٰ عذاب قبر کے مستحق کو سمندر کی تہہ میں اور درندے کے پیٹ میں عذاب دے گا۔ اسی طرح ہر مسلمان کا عقیدہ ہے کہ میت کو موت کے بعد اور قیامت سے قبل عذاب ہوتا ہے، چاہے وہ قبر میں ہو یا نہ ہو۔ یہ عذاب تمام کفار کو لاحق ہوگا، بعض گناہگار مسلمانوں کو بھی لاحق ہو سکتا ہے، انہیں گناہوں سے صاف کرنے کے لیے۔“
(المَفاتيح شرح المصابيح: 225/1)
(7) سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں:
بَيْنَمَا نَبِيُّ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي نَخْلٍ لَنَا نَخْلٌ لِأَبِي طَلْحَةَ يَتَبَرَّزُ لِحَاجَتِهٖ، قَالَ: وَبِلَالٌ يَمْشِي وَرَاءَهٗ، يُكَرِّمُ نَبِيَّ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَنْ يَمْشِيَ إِلَى جَنْبِهٖ، فَمَرَّ نَبِيُّ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِقَبْرٍ، فَقَامَ حَتّٰى تَمَّ إِلَيْهِ بِلَالٌ، فَقَالَ: وَيْحَكَ يَا بِلَالُ هَلْ تَسْمَعُ مَا أَسْمَعُ؟ قَالَ: مَا أَسْمَعُ شَيْئًا، قَالَ: صَاحِبُ الْقَبْرِ يُعَذَّبُ، قَالَ: فَسُئِلَ عَنْهُ، فَوُجِدَ يَهُودِيًّا.
”رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے ایک کھجوروں کے باغ میں موجود تھے، یہ ابو طلحہ کا باغ تھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم وہاں قضائے حاجت کے لئے تشریف لے گئے تھے، بلال رضی اللہ عنہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تکریم میں پیچھے پیچھے چل رہے تھے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم ایک قبر کے پاس سے گزرے، تو کھڑے ہو گئے، جب بلال آپ کے پاس پہنچے، تو فرمایا: بلال! کیا آپ وہ سنتے ہیں، جو میں سن رہا ہوں؟ سیدنا بلال رضی اللہ عنہ نے عرض کیا: آقا! میں کچھ نہیں سن رہا، فرمایا: اس قبر والے کو عذاب دیا جا رہا ہے۔ پھر اس کے متعلق پوچھا گیا، تو وہ یہودی تھا۔“
(مسند الإمام أحمد: 151/3، عذاب القبر للبَيْهقي: 92، وسندهٗ صحيحٌ)