احادیث جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہما
(13) (ا) سیدنا جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں:
كُنَّا مَعَ رَسُولِ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي سَفَرٍ فَأَتٰى عَلٰى قَبْرَيْنِ يُعَذَّبَانِ، فَقَالَ: أَمَا إِنَّهُمَا يُعَذَّبَانِ فِي غَيْرِ كَبِيرٍ؛ الْغِيبَةُ وَالْبَوْلُ ثُمَّ دَعَا بِجَرِيدَةٍ فَكَسَرَهَا فَوَضَعَ عَلٰى كُلِّ وَاحِدٍ مِنْهُمَا قِطْعَةً، وَقَالَ: أَرْجُو أَنْ يُخَفِّفَ عَنْهُمَا مَا لَمْ تَيْبَسَا.
”ہم ایک سفر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھے، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم دو قبروں کے پاس آئے اور فرمایا: ان دونوں قبر والوں کو کسی ایسے گناہ کی وجہ سے عذاب ہو رہا ہے، جس سے بچنا مشکل نہیں تھا، یعنی غیبت اور پیشاب کے چھینٹے۔ پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے (کھجور کی) ایک شاخ منگوائی اور اسے دو ٹکڑے کر کے دونوں قبروں پر رکھ دیا اور فرمایا: امید ہے کہ ان شاخوں کے خشک ہونے تک ان کے عذاب میں تخفیف کر دی جائے۔“
(مسند أبي يعلى: 2055، وسندهٗ صحيحٌ)
(ب) سیدنا جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إِنِّي مَرَرْتُ بِقَبْرَيْنِ يُعَذَّبَانِ، فَأَحْبَبْتُ بِشَفَاعَتِي أَنْ يُرَفَّهَ عَنْهُمَا مَا دَامَ الْغُصْنَانِ رَطْبَيْنِ.
”میں دو قبروں کے پاس سے گزرا، جنہیں عذاب ہو رہا تھا، میں نے چاہا کہ میری شفاعت کے ذریعے جب تک یہ دو ٹہنیاں خشک نہیں ہو جاتی، ان سے عذاب کی تخفیف کر دی جائے۔“
(صحيح مسلم: 3012)
نوٹ:
لَا يَسْتَبْرِىءُ، لَا يَسْتَتِرُ، لَا يَسْتَنْزِهُ اور لَا يَتَوَقّٰى چاروں الفاظ ثابت ہیں، معنی سب کا ایک ہی ہے۔
❀ حافظ نووی رحمہ اللہ (676ھ) لکھتے ہیں:
هٰذِهِ الثَّالِثَةُ فِي الْبُخَارِيِّ وَغَيْرِهٖ وَكُلُّهَا صَحِيحَةٌ وَمَعْنَاهَا لَا يَتَجَنَّبُهٗ وَيَتَحَرَّزُ مِنْهُ وَاللّٰهُ أَعْلَمُ.
”تیسرا لفظ (لَا يَسْتَبْرِىءُ) بخاری وغیرہ میں موجود ہے۔ یہ تمام الفاظ صحیح ہیں، جن کا معنی ہے کہ وہ پیشاب سے اجتناب اور احتراز نہیں کرتا تھا، واللہ اعلم!“
(شرح صحيح مسلم: 201/3)
❀ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ (852ھ) فرماتے ہیں:
”استتار کا معنی یہ ہے کہ وہ لوگ پیشاب اور اپنے درمیان پیشاب سے بچنے کے لئے کوئی اہتمامی صورت نہیں اپناتے تھے۔ تو یہ دوسری روایت کے الفاظ کے موافق ہی ہے۔ جس میں ہے کہ یہ پیشاب کے چھینٹوں سے نہیں بچتے تھے۔ حدیث میں وارد لفظ تنزہ کا معنی دوری اختیار کرنا ہے۔ امام ابو نعیم رحمہ اللہ نے مستخرج میں وکیع عن اعمش کی سند سے یہ الفاظ بیان کئے ہیں: كَانَ لَا يَتَوَقّٰى، یعنی وہ پیشاب کے چھینٹوں سے احتیاط نہیں کرتے تھے۔“
(فتح الباري: 318/1)
ایک سے زیادہ الفاظ ایک معنی میں بھی استعمال ہو سکتے ہیں، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے موسیٰ علیہ السلام کی قوم کے مطالبہ پر بارہ چشمے جاری کیے، تو اس کے لیے دو الفاظ استعمال کیے:
① فَانْفَجَرَتْ(البقرة: 60) ② فَانْبَجَسَتْ(الأعراف: 160)
❀ ایک روایت میں ہے:
مَا يُعَذَّبَانِ فِي كَبِيرٍ وَّإِنَّهٗ لَكَبِيرٌ.
”انہیں کوئی بڑے گناہ کی وجہ سے عذاب نہیں ہو رہا، حالانکہ وہ کبیرہ گناہ ہے۔“
(صحيح البخاري: 6055)
گناہ تو کبیرہ ہی تھا، لیکن اس سے بچنا مشکل نہ تھا۔
❀ حافظ نووی رحمہ اللہ (676ھ) فرماتے ہیں:
قَدْ ذَكَرَ الْعُلَمَاءُ فِيهِ تَأْوِيلَيْنِ؛ أَحَدُهُمَا أَنَّهٗ لَيْسَ بِكَبِيرٍ فِي زَعْمِهِمَا، وَالثَّانِي أَنَّهٗ لَيْسَ بِكَبِيرٍ تَرْكُهٗ عَلَيْهِمَا.
”علما نے اس کے دو مفہوم بیان کیے ہیں؛ ① کہ یہ گناہ ان کے خیال میں کبیرہ نہ تھا۔ ② اس گناہ کو چھوڑنا ان کے لیے بڑا (مشکل) کام نہ تھا۔“
(شرح النّووي: 201/3، خُلاصة الأحكام: 173/1)
❀ علامہ ابن العطار رحمہ اللہ (724ھ) فرماتے ہیں:
دَلِيلٌ عَلٰى إِثْبَاتِ عَذَابِ الْقَبْرِ؛ وَهُوَ مَذْهَبُ أَهْلِ السُّنَّةِ، وَهُوَ مِمَّا يَجِبُ اعْتِقَادُ حَقِيقَتِهٖ، وَهُوَ مِمَّا نَقَلَتْهَا الْأُمَّةُ مُتَوَاتِرًا؛ فَمَنْ أَنْكَرَ عَذَابَ الْقَبْرِ، أَوْ نَعِيمَهٗ، فَهُوَ كَافِرٌ؛ لِأَنَّهٗ كَذَّبَ اللّٰهَ تَعَالٰى وَرَسُولَهٗ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي خَبَرِهِمَا.
”یہ حدیث عذاب قبر کے ثبوت پر دلیل ہے، یہی اہل سنت کا مذہب ہے۔ اس کی حقیقت کا عقیدہ رکھنا واجب ہے۔ امت نے اسے متواتر نقل کیا ہے۔ جس نے عذاب قبر یا نعمت قبر کا انکار کیا، وہ کافر ہے، کیونکہ اس نے اللہ اور اس کے رسول کو ان کی خبر میں جھٹلا دیا ہے۔“
(العُدّة في شرح العُمدة في أحاديث الأحكام: 140-139/1)
❀ علامہ ابن سید الناس رحمہ اللہ (734ھ) فرماتے ہیں:
فِيهِ التَّصْرِيحُ بِإِثْبَاتِ عَذَابِ الْقَبْرِ عَلٰى مَا هُوَ الْمَعْرُوفُ عِنْدَ أَهْلِ السُّنَّةِ، وَاشْتَهَرَتْ بِهِ الْأَخْبَارُ.
”اس حدیث سے واضح طور پر عذاب قبر کا اثبات ہوتا ہے، جیسا کہ اہل سنت کے ہاں معروف ہے، اس بارے میں احادیث مشہور (متواتر) ہیں۔“
(النَّفح الشَّذي شرح جامع التّرمذي: 182/2)
❀ حافظ ابن رجب رحمہ اللہ (795ھ) فرماتے ہیں:
قَدْ ذَكَرَ بَعْضُهُمُ السِّرَّ فِي تَخْصِيصِ الْبَوْلِ وَالْغِيبَةِ وَالنَّمِيمَةِ بِعَذَابِ الْقَبْرِ، وَهُوَ أَنَّ الْقَبْرَ أَوَّلُ مَنَازِلِ الْآخِرَةِ، وَفِيهِ أُنْمُوذَجُ مَا يَقَعُ فِي يَوْمِ الْقِيَامَةِ مِنَ الْعِقَابِ وَالثَّوَابِ، وَالْمَعَاصِي الَّتِي يُعَاقَبُ عَلَيْهَا الْعَبْدُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ نَوْعَانِ؛ حَقُّ اللّٰهِ، وَحَقُّ الْعِبَادِ، وَأَوَّلُ مَا يُقْضٰى فِيهِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ مِنْ حُقُوقِ اللّٰهِ الصَّلَاةُ، وَمِنْ حُقُوقِ الْعِبَادِ الدِّمَاءُ، وَأَمَّا الْبَرْزَخُ فَقَضٰى فِيهِ فِي مُقَدَّمَاتِ هٰذَيْنِ الْحَقَّيْنِ وَوَسَائِلِهِمَا، فَمُقَدَّمَةُ الصَّلَاةِ، الطَّهَارَةُ مِنَ الْحَدَثِ وَالْخَبَثِ، وَمُقَدَّمَةُ الدِّمَاءِ النَّمِيمَةُ وَالْوَقِيعَةُ فِي الْأَعْرَاضِ، وَهُمَا أَيْسَرُ أَنْوَاعِ الْأَذٰى، فَيُبْدَأُ فِي الْبَرْزَخِ بِالْمُحَاسَبَةِ وَالْعِقَابِ عَلَيْهِمَا.
”پیشاب اور غیبت چغلی کو عذاب قبر کے ساتھ خاص کرنے میں کیا راز ہے، بعض اہل علم نے اس کا ذکر کیا ہے کہ قبر، آخرت کی پہلی منزل ہے، اس میں ایک نمونہ دکھایا گیا ہے کہ قیامت کے دن کیا جزا سزا ملے گی۔ روز قیامت بندے کو جن گناہوں پر سزا ملے گی، اس کی دو قسمیں ہیں: ① حقوق اللہ، ② حقوق العباد۔ حقوق اللہ میں سے سب سے پہلے جس کا فیصلہ کیا جائے گا، وہ نماز ہے اور حقوق العباد میں سب سے پہلے خون (قتل) کا فیصلہ ہوگا۔ برزخ (قبر) میں اللہ تعالیٰ نے ان دونوں حقوق اور جو گناہ ان کا سبب بنتے ہیں، کا فیصلہ کیا ہے۔ پس نماز کا پیش خیمہ طہارت ہے، جو حدث اور گندگی سے پاک ہونے کے لیے کی جاتی ہے۔ اور چغلی اور عزت دری خون (قتل) کا پیش خیمہ ہے، کسی کو اذیت پہنچانے کے لیے یہ دونوں کام بہت آسان ہیں۔ اسی لیے برزخ (قبر) میں بھی ان دونوں (پیشاب اور چغلی غیبت) کا حساب اور عذاب ہوگا۔“
(تفسير ابن رجب: 361/2)