«ثم استوی الی السماء» کی تفسیر

Read in English
فونٹ سائز:
یہ تحریر علمائے حرمین کے فتووں پر مشتمل کتاب 500 سوال و جواب برائے عقیدہ سے ماخوذ ہے جس کا ترجمہ فضیلۃ الشیخ مولانا محمد یاسر عرفات حفظہ اللہ نے کیا ہے۔

55- ثُمَّ اسْتَوَى إِلَى السَّمَاءِ کی تفسیر

اس آیت مبارکہ کی تفسیر کے متعلق اہل سنت کے دو قول ہیں:
① استویٰ کا معنی ہے: بلند ہونا۔ امام ابن جریر رحمہ اللہ نے اس معنی کو ترجیح دی ہے۔ تفسیر ابن جریر میں اس کے متعلق سارا اختلاف نقل کرنے کے بعد فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے اس فرمان:
ثُمَّ اسْتَوَى إِلَى السَّمَاءِ فَسَوَّاهُنَّ [البقرة: 29]
”پھر آسمان کی طرف متوجہ ہوا۔“
کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے سات آسمانوں کو اپنی قدرت سے پیدا فرمایا اور ان پر بلند ہوا۔
علامہ بغوی رحمہ اللہ نے اپنی تفسیر میں ابن عباس رضی اللہ عنہما اور بہت سے مفسرین کا قول نقل کیا ہے، جس میں انھوں نے ”استوی“ کے ظاہری مفہوم کا اعتبار کیا ہے اور مستوی ہونے کی کیفیت کو اللہ تعالیٰ کے علم پر چھوڑ دیا ہے۔
② اس آیت مبارکہ کے متعلق دوسرا قول یہ ہے کہ ”استوی“ کا معنی مکمل ارادہ ہے۔ یہی معنی علامہ ابن کثیر نے سورت بقرہ کی تفسیر میں اور علامہ بغوی نے سورت فصلت (حم السجدہ) کی تفسیر میں ذکر کیا ہے۔ علامہ ابن کثیر فرماتے ہیں کہ آسمانوں کا قصد کیا، یہاں ”استوی“ کا لفظ قصد کرنے اور متوجہ ہونے کے معنی کو شامل ہے، کیونکہ اس کو ”الیٰ“ کے ذریعے سے متعدی بنایا گیا ہے اور علامہ بغوی فرماتے ہیں:
”آسمانوں کو پیدا کرنے کا قصد فرمایا۔“
ایسا معنی مراد لینے سے کلام کو اس کے ظاہر معنی سے پھیرنا لازم نہیں آتا۔ کیونکہ ”استوی“ کے ساتھ ایسا حرف موجود ہے جو انتہا کی غایت کے لیے استعمال ہوتا ہے، لہٰذا استوی کا وہ معنی کیا جائے گا جو اس حرف کے موافق ہو، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے:
عَيْنًا يَشْرَبُ بِهَا عِبَادُ اللَّهِ [الدهر: 6]
”وہ ایک چشمہ ہے جس سے اللہ کے بندے پییں گے۔“
اس کا معنی سیراب ہونا ہے کیونکہ يَشْرَبُ فعل کے ساتھ ”ب“ آ گئی ہے جس کی وجہ سے اس کے موافق و مناسب معنی سیراب ہونا کیا گیا ہے۔ کلام میں مناسبت پیدا کرنے کے لیے فعل میں وہ معنی تصور کر لیا جاتا ہے جو اس کے ساتھ مل کر آنے والے حرف میں ہوتا ہے۔ (ابن عثیمین: مجموع الفتاویٰ والرسائل: 312/3)