مضمون کے اہم نکات
❼ کیا سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے متعلق بڑی سرین اور لعنتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کا دعویٰ درست ہے؟
عزیزانِ من! روافض اور نیم روافض ( جہالویہ، مودودیہ، منہاجیہ، جہلمیہ وغیرہ ) کی طرف سے امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے میں صحیح مسلم کی حدیث 6628 کو بنیاد بنا کر شدید طعن و تشنیع کی جاتی ہے۔ اس روایت کا متن یوں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سے وحی کے متعلق کچھ لکھوانا تھا چنانچہ سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کو بھیجا کہ جا کر انہیں بلاؤ، مگر انہوں نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو یہ نہ بتایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم آپ کو یاد فرما رہے ہیں بلکہ واپس آ کر عرض کیا کہ وہ کھانا کھا رہے ہیں جس پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ کرے اس کا پیٹ نہ بھرے۔ [صحيح مسلم 6628]
میں اس روایت کی تحقیق میں واضح کر چکا ہوں کہ یہ جملہ منکر ہے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت نہیں کیونکہ اس کا مدار راوی عمران بن ابی عطا ابو حمزہ القصاب الکوفی پر ہے جس کے بارے میں آئمہ علل نے صراحت کی ہے کہ اس سے روایت میں وہم ہوا کرتا تھا۔ [تهذيب الكمال فی اسماء الرجال للمزی 4497]
اب یہی منکر جملہ لے کر روافض اس کے ساتھ مزید گھڑی ہوئی اور بے بنیاد روایات ملا کر سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی گستاخی کرتے ہیں اور یہ پروپیگنڈا کرتے ہیں کہ اس بددعا کے نتیجے میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا پیٹ بہت بڑھ گیا تھا اور وہ بیٹھ کر خطبہ دیا کرتے تھے بلکہ اس سے بھی آگے بڑھ کر جھوٹی روایات کے ذریعے معاذ اللہ ان کی جسمانی ساخت پر طعن کرتے ہیں اور انہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف منسوب بددعا کا نشانہ قرار دیتے ہیں۔ حالانکہ یہ سب سراسر بہتان، جھوٹ اور دشمنیِ صحابہ رضی اللہ عنہم کا شاخسانہ ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ وہ جلیل القدر صحابی ہیں جن کے لیے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہدایت و رہنمائی کی دعا فرمائی ہے۔ [جامع ترمذی 3842 واسنادهُ صحيح]
اور جن کے بارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بذریعہ وحی جنت کی بشارت سنائی گئی۔ [صحيح البخاری 2800، 2924]
یہ بات بھی واضح رہے کہ روافض کا مذہب ہمیشہ سے ضعیف، متروک بلکہ کذاب راویوں کی روایات پر قائم رہا ہے جبکہ اہلِ سنت کا موقف صحیح اور محدثین کے اصولوں پر مبنی ہے۔ موضوع کی مناسبت سے اب جہاں تک سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے حلیہ مبارک کا تعلق ہے تو امام شمس الدین الذہبی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ گورے، بلند قامت، نہایت وجیہ اور رعب و دبدبہ رکھنے والے تھے اور زرد خضاب کی وجہ سے ان کی داڑھی مبارک سونے کی مانند معلوم ہوتی تھی۔ [تاريخ الاسلام للذهبی 4/308]
اسی طرح سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے غلام سیدنا اسلم رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ ہمارے پاس تشریف لائے تو وہ سب سے زیادہ گورے چٹے اور سب سے زیادہ خوبصورت تھے۔ [معجم الكبير للطبرانی جلد 19 رقم 683، مجمع الزوائد ومنبع الفوائد للهيثمی 15911 واسنادهُ صحيح]
مزید برآں، سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا رعب و جلال ایسا تھا کہ شاہِ روم بھی ان کے نام سے لرزتا تھا۔ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نہ صرف ایک مدبر حکمران تھے بلکہ ایک فقیہ صحابی بھی تھے، جس کی گواہی سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے دی ہے۔ [صحيح البخاری 3765]
سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سے 163 احادیث مروی ہیں اور آپ رضی اللہ عنہ کے اجتہادات سے امت نے بڑا فائدہ اٹھایا ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ کاتبِ وحی تھے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے معتمد ترین کاتبین میں شمار ہوتے تھے۔ لہٰذا بنو عباس کے سیاسی دور میں گھڑی گئی یا ضعیف و موضوع روایات پر مبنی تاریخ کے کوڑے کرکٹ کو لے کر ایسے عظیم صحابی کو نشانہ بنانا نہ علمی دیانت ہے اور نہ انصاف قرآن مجید صحابہ رضی اللہ عنہم کے بارے میں اعلان کرتا ہے کہ اللہ ان سے راضی ہوا اور وہ اللہ سے راضی ہوئے پس سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی شان میں گستاخی دراصل صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے اجماعی مقام کو چیلنج کرنا ہے جسے کوئی صاحبِ علم و انصاف قبول نہیں کر سکتا۔ اب ذیل میں مذکورہ مسئلہ کے تحت وارد ہونے والی دو روایات کا تحقیقی، تنقیدی اور محدثانہ جائزہ پیشِ خدمت ہے۔
❁ روایت نمبر 1؛-
عاصم اللیثی کہتے ہیں کہ میں مسجد نبوی میں داخل ہوا تو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کہہ رہے تھے کہ ہم اللہ اور اس کے رسول کے غضب سے پناہ مانگتے ہیں جس پر میں نے پوچھا کہ کیا ماجرا ہے؟ تو بتایا گیا کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ اپنے والد کا ہاتھ پکڑ کر مسجد سے باہر نکل گئے جبکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم منبر پر تھے پس نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے متعلق کچھ کہا۔[طبقات الكبریٰ لابن سعد 7/55، اسد الغابة فی معرفة الصحابة لابن الاثير الجزری 2675، الاستيعاب فی معرفة الاصحاب لابن عبد البر 1313، الآحاد والمثانی لابن ابی عاصم 938، الاصابة فی تمييز الصحابة لابن حجر العسقلانی 4373، معرفة الصحابة لابی نعيم الاصبهانی 5378 واسنادهُ ضعيف]
روایت پر حکم؛-
یہ روایت دو علتوں کی بنا پر سخت ضعیف قرار پاتی ہے۔ پہلی علت یہ ہے کہ اس کی سند میں کثیر بن یحییٰ بن کثیر موجود ہے جو شیعیت سے متہم ہے۔ دوسری علت یہ ہے کہ یہ سند مرسل ہے کیونکہ تابعی عاصم اللیثی بلاواسطہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت بیان کر رہے ہیں ۔
■ علت نمبر 1؛-
( ابومالک کثیر بن یحییٰ بن کثیر البصری شیعہ وضعیف الحدیث راوی )
امام شمس الدین الذہبی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ یہ شیعہ ہے اور محدثین کی جانب سے اس کی تضعیف کی گئی ہے۔ امام عباس العنبری رحمہ اللہ نے اس سے لوگوں کو استفادہ حاصل کرنے سے روک دیا تھا۔ امام ازدی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ اس کے حوالے سے منکر روایات مروی ہیں۔ امام شمس الدین الذہبی رحمہ اللہ مزید بیان کرتے ہیں کہ اس سے یہ روایت بھی مروی ہے کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ خلیفہ بن گئے جبکہ سب سے زیادہ حقدار میں تھا۔ امام شمس الدین الذہبی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ ابوعوانہ کی طرف اس کی نسبت جھوٹی ہے اور مجھے اس شخص کا علم نہیں ہے جس نے روایات کثیر کے حوالے سے نقل کی ہیں۔ امام ابوحاتم الرازی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ یہ صدوق الحدیث تو تھا مگر اس میں شیعیت موجود تھی۔ [لسان الميزان لابن حجر العسقلانی 6212، ميزان الاعتدال فی نقد الرجال للذهبی 6958، تلخيص كتاب الموضوعات لابن الجوزی از شمس الدين الذهبی تحت الحديث 912، كتاب جرح و تعديل لابن ابوحاتم الرازی 7/158 رقم 885، كتاب الثقات لابن حبان 9/26، مسند البزار تحت الحديث 4389]
■ علت نمبر 2؛-
( روایت کی سند مرسل )
عاصم اللیثی کی صحابیت ثابت نہیں ہو سکی بلکہ یہ تابعی تھے ( تابعی تھے مگر توثیق بھی مروی نہیں ) اور دور نبوی کا واقعہ براہِ راست بیان کر رہے ہیں جس وجہ سے یہ سند مرسل و منقطع ہونے کی وجہ سے بھی مردود ہے۔ امام ابن حجر العسقلانی رحمہ اللہ نقل کرتے ہیں کہ امام بغوی رحمہ اللہ اس سند کے تحت بیان کرتے ہیں کہ مجھے نہیں معلوم کہ عاصم اللیثی صحابی ہیں یا تابعی ہیں۔ [الاصابة فی تمييز الصحابه لابن حجر العسقلانی 4357]
اسی طرح امام ابن عبد البر رحمہ اللہ نقل کرتے ہیں کہ امام احمد بن زہیر رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ مجھے معلوم نہیں ہو سکا کہ عاصم نے یہ روایت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سماع کی ہے یا نہیں۔ [الاستيعاب فی معرفة الاصحاب لابن عبد البر 1321]
❁ روایت نمبر 2؛-
عاصم اللیثی کہتے ہیں کہ میں مسجد نبوی میں داخل ہوا تو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کہہ رہے تھے کہ ہم اللہ اور اس کے رسول کے غضب سے پناہ مانگتے ہیں جس پر میں نے پوچھا کہ کیا ماجرا ہے؟ تو بتایا گیا کہ ایک آدمی کھڑا ہوا اور اپنے بیٹے کا ہاتھ پکڑ کر اسے مسجد سے باہر لے گیا جبکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم منبر پر تھے پس نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ لعنت ہو آگے چلنے والے اور پیچھے چلنے والے پر، ایک دن اس امت کی بربادی فلاں شخص کی وجہ سے ہو گی جو پیچھے والا اور بڑی سرین والا ہے۔ [معجم الكبير للطبرانی 17/176 رقم 465، مجمع الزوائد ومنبع الفوائد للهيثمی 9240، الأحاديث المختارة للمقدسی 199، واسنادهُ ضعيف]
روایت پر حکم؛-
یہ روایت دو علتوں کی وجہ سے ضعیف قرار پاتی ہے۔ پہلی علت عبدالرحمٰن بن حسین الصابونی التستری کا مجہول ہونا ہے کیونکہ اس کا جرح و تعدیل کی کسی معتبر کتاب میں سرے سے تذکرہ ہی موجود نہیں، لہٰذا اس کی تعیین و توثیق ممکن نہ ہو سکی اور اسی بنا پر یہ سند مردود قرار پاتی ہے۔ دوسری علت یہ ہے کہ جیسا کہ پہلی روایت کی تحقیق کے ذیل میں مفصل طور پر واضح کیا جا چکا ہے کہ عاصم بن عمرو اللیثی کے صحابی ہونے پر کوئی ثقہ و ثابت قرینہ موجود نہیں لہٰذا یہ روایت مرسل بھی ہے اور یوں یہ روایت دو مستقل علتوں کی بنا پر مردود و مطرود ٹھہرتی ہے۔ مزید یہ کہ اس روایت میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا نام صراحتاً موجود نہیں، مگر مخالفین پہلی روایت کے ساتھ اسے جوڑ کر بلا دلیل اسے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی صحیح مسلم 6628 میں مذکور بددعا کے ساتھ ملانے کی کوشش کرتے ہیں جو کہ صریح علمی بددیانتی اور بے بنیاد استدلال ہے۔