مضمون کے اہم نکات
❻ کیا امام احمد بن شعیب النسائی رحمہ اللہ کی شہادت کا سبب صحیح مسلم کی حدیث 6628 کا بیان تھا؟
تاریخ کے اوراق کا منصفانہ مطالعہ یہ حقیقت واضح کرتا ہے کہ سب سے زیادہ زیادتی خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے محبوب خاندان بنو امیہ کے ساتھ کی گئی ہے۔ چنانچہ اس خاندان کی مذمت میں ایسی ایسی روایات گھڑی گئیں کہ محقق انسان حیرت میں پڑ جاتا ہے کہ آخر اس قدر بغض کی بنیاد کیا ہے۔ کیا یہی وہ خاندان نہیں جس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی تین صاحبزادیوں کے نکاح فرمائے اور اہلِ بیت نے بھی اپنے بچوں کے رشتے قائم کیے؟ اور کیا یہی وہ بنو امیہ نہیں ہیں جن کے ذریعے اسلام کو وسعت ملی اور عالمِ اسلام کا پرچم دنیا کے کونے کونے تک پہنچا؟ مگر اس کے باوجود انہی تمام حقائق کے برعکس ایک روایت نہایت شدّت کے ساتھ اچھالی جاتی ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی کوئی ایک بھی فضیلت کسی صحیح حدیث سے ثابت نہیں ہے۔ اس ضمن میں امام احمد بن شعیب النسائی رحمہ اللہ سے منسوب وہ واقعہ پیش کیا جاتا ہے کہ ایک شامی کے مطالبے پر انہوں نے فرمایا کہ کیا وہ اس پر راضی نہیں کہ اللہ کے ہاں برابر برابر چھوڑ دیے جائیں؟ یا یہ کہ ان کی فضیلت میں یہی روایت کافی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ”اللهم لا تشبع بطن معاوية“ یہ سننا تھا کہ شامیوں نے انہیں مار مار کر زخمی کر دیا جس سے ان کی شہادت ہوئی۔ یہ قصہ اپنی حقیقت میں نہایت کمزور اور غیر مستند ہے اور اس نوع کی حکایات آج بھی جاہل خطباء اور سطحی مناظرین کی زبانوں پر عام سنائی دیتی ہیں جن میں بعض نام نہاد اہلِ قلم بھی شامل ہو چکے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اس باب میں جتنی بھی روایات بنو امیہ اور اہلِ شام کو بدنام کرنے کے لیے بیان کی جاتی ہیں وہ مجہول اور منقطع اسانید پر مبنی ہیں جن کی اصولِ حدیث میں کوئی حیثیت نہیں۔
چنانچہ جب اصولی تحقیق کے مطابق کوئی قابلِ اعتماد روایت نہ مل سکی تو مرزا جہلمی نے یہ کہنا شروع کر دیا کہ یہ روایات ”Agreed upon“ ہیں اور کسی ثقہ متقدم محدث نے انہیں ضعیف نہیں کہا حالانکہ یہ دعویٰ خود علمی جہالت کا مظہر ہے۔ کیونکہ امام النسائی رحمہ اللہ کی وفات ہی خیر القرون کے آخری حصے میں ہوئی تو اس سے پہلے کے ”متقدمین“ کہاں سے پیش کیے جائیں گے؟ مزید برآں ان جہلاء کی جانب سے ”تواتر“ کا دعویٰ بھی محض لفظی کھیل ہے کیونکہ نہ یہ لوگ اس کی تعریف بیان کر سکتے ہیں اور نہ ہی اس کے شروط کو پورا کر سکتے ہیں۔ اس کے برعکس امام احمد بن شعیب النسائی رحمہ اللہ سے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے میں جو منقول ہے وہ دراصل ایک اصولی اور عظیم فضیلت کی نشاندہی کرتا ہے۔ چنانچہ آپ نے فرمایا کہ ”اسلام ایک گھر کی مانند ہے جس کے دروازے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ہیں۔ پس جو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو اذیت دیتا ہے وہ درحقیقت اسلام کو نقصان پہنچانے کا ارادہ رکھتا ہے کیونکہ جو شخص دروازہ توڑتا ہے وہ گھر میں داخل ہونا چاہتا ہے۔ لہٰذا جو سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے درپے ہوتا ہے وہ گویا تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے درپے ہوتا ہے“۔ [تهذيب الكمال فی اسماء الرجال للمزی 1/340]
اسی طرح امام نسائی رحمہ اللہ کی وفات کے بارے میں معتبر محدثین از جملہ امام ابن یونس المصری رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ آپ مصر میں طویل عرصہ مقیم رہے، وہاں علماء سے احادیث حاصل کیں اور طلبہ نے آپ سے روایت کیں۔ آپ امامِ حدیث، ثقہ، ثبت اور حافظ تھے پھر ماہ ذی القعدۃ 302 ہجری میں مصر سے روانہ ہوئے اور دوشنبہ کے دن 13 صفر 303 ہجری کو فلسطین میں آپ کا انتقال ہوا۔ [تهذيب الكمال فی اسماء الرجال للمزی 48، تذكرة الحفاظ للذهبی 2/701، سير اعلام النبلاء للذهبی 14/133، الحطة فی ذكر الصحاح الستة 458]
تو ان دو دلائل سے روافض و نیم روافض کے دونوں الزامات کا بطلان واضح ہو جاتا ہے کہ اولاً امام احمد بن شعیب النسائی رحمہ اللہ امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی فضیلت کے نہ صرف قائل تھے بلکہ انہوں نے ایسی جامع فضیلت بیان فرمائی جو نیم روافض کے لیے باعثِ حجت اور مبطلِ رفض ہے۔ ثانیاً امام نسائی رحمہ اللہ کی وفات کا تذکرہ کرتے ہوئے محدثین نے شہادت جیسی کسی بھی سبائی حکایت کی تائید نہیں کی بلکہ صراحت کے ساتھ یہی بیان کیا کہ آپ کا انتقال ہوا۔ پس اسحاق جہالوی سے لے کر مرزا جہلمی تک ان تمام افراد کے باطل وسوسوں کی کوئی حقیقت نہیں، بلکہ یہ محض خال المؤمنین، کاتبِ وحی، امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سے بغض کا نتیجہ ہے جس کے باعث بے سند اور من گھڑت روایات کو فروغ دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔
❁ سیر اعلام النبلاء للذہبی میں وارد ایک کمزور سند کا تحقیقی محاکمہ اور اصولی تجزیہ؛-
المامونی ( الہاشمی، وثقہ الذہبی فی تاریخ الاسلام ) صاحب النسائی بیان کرتے ہیں کہ ابوعبدالرحمن النسائی رحمہ اللہ نے سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے خصائص ( مناقب ) پر جو کتاب لکھی ہے۔ میں نے کچھ لوگوں کو اس کا انکار کرتے ہوئے سنا اور فضائل شیخین پر کتاب نہ لکھنے کا انکار کرتے ہوئے سنا تو میں نے اس بات کا امام نسائی رحمہ اللہ سے ذکر کیا۔ پھر انہوں نے فرمایا کہ میں دمشق میں داخل ہوا اور وہاں سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے مخالفین بہت زیادہ تھے تو میں نے کتاب الخصائص لکھی۔ مجھے یہ امید تھی کہ اللہ تعالیٰ انھیں اس کتاب کے ذریعے سے ہدایت دے گا۔ پھر اس کے بعد انھوں نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے فضائل پر کتاب لکھی تو میرے سامنے انہیں کہا گیا کہ آپ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے فضائل نہیں لکھتے تو انہوں نے کہا کہ ان کے لیے میں کیا لکھوں؟ کیا وہ حدیث جس میں آیا ہے کہ ”اے اللہ! معاویہ کے پیٹ کو سیر نہ کرنا؟“ تو وہ سائل خاموش ہو گیا۔ [سير اعلام النبلاء للذهبی 14/129]
روایت پر حکم؛-
یہ روایت جہاں بھی نقل کی گئی ہے بلا سند ہی ذکر کی گئی ہے۔ چونکہ اس موضوع کی تمام روایات سند سے خالی ہیں اس لیے اصولِ حدیث کے مطابق وہ مردود اور ناقابلِ استدلال ٹھہرتی ہیں۔ امام شمس الدین الذہبی رحمہ اللہ نے بھی اس واقعہ کو نقل تو کیا ہے مگر اس کی کوئی سند بیان نہیں کی اور جب سند ہی موجود نہ ہو تو ایسی روایت سے استدلال نہیں لیا جا سکتا لہٰذا ایسی من گھڑت اور بے اصل روایات کو دلیل بنانا نہ صرف اصولِ حدیث کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ علمی دیانت کے بھی سراسر منافی اور افلاسِ حجت کی واضح علامت ہے۔
❁ حاکم نیشاپوری رحمہ اللہ کی کتاب ”معرفۃ علوم الحدیث“ میں مذکور روایت کا علمی و تحقیقی جائزہ؛-
حاکم نیشاپوری بیان کرتا ہے کہ مجھ سے محمد بن اسحاق بن محمد بن یحییٰ بن مندہ الاصبہانی نے روایت کیا کہ میں نے مصر میں اپنے اساتذہ کو یہ بیان کرتے ہوئے سنا کہ جب امام ابو عبدالرحمٰن احمد بن شعیب النسائی رحمہ اللہ نے اپنی آخری عمر میں مصر کو الوداع کہا اور دمشق کی طرف روانہ ہوئے تو وہاں ان سے سیدنا معاویہ بن ابی سفیان رضی اللہ عنہ کے بارے میں اور ان کے فضائل کی روایات کے بارے میں پوچھا گیا۔ اس پر انہوں نے کہا کہ کیا سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ اس بات پر راضی نہیں کہ ان کا معاملہ برابر برابر رہ جائے یا وہ برابر ہی چھوڑ دیے جائیں؟ پھر انہیں فضیلت کیوں دی جائے؟ راوی کہتے ہیں کہ اس کے بعد لوگوں نے انہیں سینے یا خصیوں پر مارنا شروع کر دیا یہاں تک کہ انہیں مسجد سے نکال دیا گیا پھر انہیں اٹھا کر مکہ لے جایا گیا جہاں 303 ہجری میں ان کا انتقال ہوا اور وہیں مکہ میں دفن کیے گئے۔ [معرفة علوم الحديث للحاكم صفحہ 83 رقم 182 واسنادهُ ضعيف]
روایت پر حکم؛-
اس سند میں محمد بن اسحاق کے تمام مشائخ مجہول ہیں، جن کی نہ کوئی معرّف حیثیت معلوم ہے اور نہ ہی یہ متعین ہو سکتا ہے کہ وہ کن عقائد و نظریات کے حامل تھے۔ لہٰذا ایسی مجہول الاسناد روایت اصولِ حدیث کی رو سے درجۂ اعتبار سے ساقط قرار پاتی ہے اور اسے دلیل کے طور پر پیش کرنا علمی دیانت کے منافی ہے۔
❁ تہذیب الکمال اور سیر اعلام النبلاء للذہبی کی سند کا تنقیدی و تحقیقی جائزہ؛-
حاکم نیشاپوری نے امام ابو الحسن علی بن عمر الدارقطنی رحمہ اللہ سے نقل کیا کہ امام ابو عبدالرحمٰن احمد بن شعیب النسائی رحمہ اللہ اپنے دور کے اساتذۂ مصر میں سب سے بڑے فقیہ، صحیح اور ضعیف روایات کو سب سے زیادہ جاننے والے اور اسماء الرجال کے سب سے بڑے ماہر تھے۔ پھر جب وہ اس مقام پر پہنچے تو لوگوں نے ان سے حسد کیا، پھر وہ رملہ تشریف لے گئے تو ان سے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے فضائل کے بارے میں پوچھا گیا تو وہ چپ رہے پھر لوگوں نے انھیں جامع مسجد میں مارا تو آپ نے فرمایا کہ مجھے مکہ لے جاؤ۔ پھر وہ آپ کو مکہ لے گئے اور آپ بیمار تھے اور مکہ میں شہادت نصیب ہوئی۔ [تهذيب الكمال فی اسماء الرجال للمزی 1/338، سير اعلام النبلاء للذهبی 14/133 واسنادهُ ضعيف]
روایت پر حکم؛-
یہ روایت منقطع ہونے کی وجہ سے سخت ضعیف قرار پاتی ہے کیونکہ امام ابو الحسن علی بن عمر الدارقطنی رحمہ اللہ راجح قول کے مطابق سن 306 ہجری میں متولد ہوئے تھے۔ [تاريخ مدينة السلام للخطيب البغدادی رقم 6404]
اور امام احمد بن شعیب النسائی رحمہ اللہ کی وفات امام ابن یونس رحمہ اللہ کے مطابق 303 ہجری میں فلسطین کے مقام پر ہوئی تھی۔ [تهذيب التهذيب لابن حجر العسقلانی 66]
لہٰذا یہ سند امام دارقطنی رحمہ اللہ سے آگے منقطع ثابت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ حاکم نیشاپوری سخت قسم کا شیعہ تھا اور بنو امیہ سے خاص کدورت رکھتا تھا جس وجہ سے یہ روایت مکمل طور پر ناقابل احتجاج ہی قرار پاتی ہے۔