مضمون کے اہم نکات
- ❹ کیا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے لیے یہ بد دعا فرمائی تھی کہ اللہ معاویہ رضی اللہ عنہ کا پیٹ نہ بھرے؟
- ❁ حدیثِ صحیح مسلم کا جامع علمی، اصولی و تحقیقی تجزیہ؛-
- روایت پر حکم؛-
- ■ علت؛-
- ❁ کیا صحیح بخاری و مسلم میں تمام احادیث من و عن صحیح ہیں؟
- ❁ درایتاً اس حدیث کا علمی و تحقیقی جائزہ؛-
- ❁ زیرِ بحث روایت پر آئمہ محدثین کی تصریحات و تنقیحات؛-
- ❁ دلائل النبوۃ للبیہقی میں مذکور روایت کا علمی و تحقیقی تجزیہ؛-
- روایت پر حکم؛-
- ❁ اہلِ عرب کے مختلف مواقع پر رائج عربی محاورات واسالیبِ کلام؛-
- ایک بہت اہم نقطہ؛-
- ❁ کیا سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ دن میں سات مرتبہ کھانا کھاتے اور ان کا پیٹ سیر نہ ہوتا تھا؟
- روایت پر حکم؛-
❹ کیا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے لیے یہ بد دعا فرمائی تھی کہ اللہ معاویہ رضی اللہ عنہ کا پیٹ نہ بھرے؟
جب کسی شخص کے ذہن و فکر پر خباثت اور کج فہمی کا غلبہ ہو جائے تو اسے خواہ قرآن و حدیث کے کتنے ہی صریح اور روشن دلائل پیش کر دیے جائیں وہ حق کی طرف رجوع کرنے کے بجائے اپنی گمراہی ہی کو مضبوطی سے تھامے رکھتا ہے۔ یہی کیفیت جہلم کے ایک بدنام زمانہ شخص کی ہے جو بظاہر خود کو اہلِ سنت ظاہر کرتا ہے مگر درحقیقت تقیہ کی اوٹ میں رافضی فکر و عقائد کی ترجمانی کرتا ہے۔ چنانچہ اس کا وطیرہ یہ بن چکا ہے کہ ہر وہ روایت، تاریخی نقل یا کسی راوی کا ایسا فہم جس میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم خصوصاً سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی تنقیص یا توہین کا پہلو نکلتا ہو، اسی کو اپنی دلیل اور سرمایۂ استدلال بنا لیتا ہے۔ حالانکہ سوال یہ ہے کہ جب کتاب و سنت صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے فضائل سے لبریز ہیں تو ان سب کو نظر انداز کر کے محض منفی اور مشتبہ امور کی جستجو کرنا آخر کس علم، کس دیانت اور کس دین کی خدمت ہے؟ اسی طرزِ عمل کے تحت مرزا جہلمی صحیح مسلم کی ایک روایت کو بنیاد بنا کر اپنے مقلدین کو یہ باور کرانے کی سعی کرتا ہے کہ نعوذ باللہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ وہ شخصیت ہیں جن کے حق میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بد دعا فرمائی۔ چنانچہ اس نے اپنے بدنام زمانہ پمفلٹ 5B میں اس روایت کو نقل کر کے یہ عنوان قائم کیا کہ ”رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی وفات سے قبل ایک ماہ تک مستقبل میں پیش آنے والے حکومتی بگاڑ کے بارے میں غیبی خبریں دیں“۔ اور اس عنوان کے تحت حدیث پیش کر کے اپنے قارئین کے ذہن میں یہ تاثر راسخ کرنے کی کوشش کی کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو حکومت نہیں ملنی چاہیے تھی کیونکہ اس کے بقول، ان کی شخصیت مجروح تھی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی ان کے بارے بد دعا فرمائی تھی۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم بالخصوص سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بغض میں مبتلا یہ لوگ اس قدر آگے بڑھ جاتے ہیں کہ اپنے موقف کے اثبات کے لیے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک کردار پر بھی اعتراض سے نہیں چوکتے۔ مزید یہ کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے خلاف گفتگو کرتے ہوئے مرزا ثانی جن روایات سے اپنے باطل مفہوم اخذ کرنے کی کوشش کرتا ہے ان میں حدیث ”لا أشبع الله بطنه“ کو سرفہرست پیش کرتا ہے۔ گویا وہ یہ سمجھتا ہے کہ اس حدیث کا محض بیان کر دینا کوئی عظیم علمی کارنامہ ہے۔ حالانکہ حقیقت میں یہ محض اپنے باطل نظریات کو سہارا دینے کی ایک کمزور کوشش ہے۔ نیز مرزا جہلمی نے اس روایت کو اپنے پمفلٹ میں حدیث نمبر 27 کے تحت ذکر کر کے دلائل النبوۃ للبیہقی سے بھی اسی مفہوم کی ایک روایت پیش کرنے کی سعی کی ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ زیرِ بحث حدیث میں جو الفاظ نقل کیے جاتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے فرمایا ”اللہ معاویہ رضی اللہ عنہ کا پیٹ نہ بھرے“۔ یہ الفاظ دراصل راوی عمران بن ابی عطا ابو حمزہ القصاب التیمی الکوفی الواسطی کے تفرد اور وہم کا نتیجہ ہیں۔ مزید برآں ان الفاظ کی کسی دوسرے ثقہ و ثبت راوی سے کوئی متابعت بھی ثابت نہیں۔ جس کے باعث یہ الفاظ غیر محفوظ اور ضعیف قرار پاتے ہیں۔ اور ان تمام پہلوؤں کا مفصل علمی و تحقیقی جائزہ آگے پیش کیا جائے گا تاکہ حقیقت پوری طرح واضح ہو سکے۔
❁ حدیثِ صحیح مسلم کا جامع علمی، اصولی و تحقیقی تجزیہ؛-
سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ میں لڑکوں کے ساتھ کھیل رہا تھا کہ اچانک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لے آئے میں ( نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے رعب و دبدبے کی وجہ سے ) دروازے کے پیچھے چھپ گیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم آئے اور میرے دونوں شانوں کے درمیان اپنے کھلے ہاتھ سے ہلکی سی ضرب لگائی ( مقصود پیار کا اظہار تھا ) اور فرمایا کہ جاؤ میرے لیے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو بلا لاؤ میں نے آپ سے آ کر کہا کہ وہ کھانا کھا رہے ہیں۔ آپ نے دوبارہ مجھ سے فرمایا کہ جاؤ اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو بلا لاؤ۔ میں نے پھر آ کر کہا کہ وہ کھانا کھا رہے ہیں تو پھر آپ نے فرمایا کہ اللہ اس کا پیٹ نہ بھرے۔ [صحيح مسلم 6628]
روایت پر حکم؛-
یہ حدیث صحیح مسلم میں مروی ہونے کی بنا پر فی الجملہ صحیح ہے تاہم اس میں وارد وہ مخصوص حصہ جو محلِّ نکارت ہے، عمران بن ابی عطا ابو حمزہ القصاب الاسدی التیمی الکوفی الواسطی کے ضعف کے سبب محفوظ نہیں رہا، جیسا کہ اس کی تفصیل آگے بیان کی جائے گی۔ چنانچہ اس راوی کے تفرد سے منقول یہ الفاظ علمی و تحقیقی میزان میں قابلِ حجت نہیں کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تو اپنے دشمنوں کے ساتھ بھی ہمیشہ حلم اور درگزر کا معاملہ فرماتے تھے تو پھر اپنے جلیل القدر صحابہ رضی اللہ عنہم کے بارے میں معمولی باتوں پر سخت کلمات فرمانا کیسے ممکن ہو سکتا ہے؟ اسی لیے اس راوی پر وارد جروحات میں سب سے قوی اور حقیقت سے قریب تر کلام امام ابو جعفر العقیلی رحمہ اللہ کا ہے جنہوں نے اسے اپنی کتاب ”الضعفاء الکبیر“ میں ذکر کرنے کے بعد صراحت فرمائی کہ اس کی احادیث کی متابعت موجود نہیں بلکہ یہ روایت بھی اسی ایک سند کے ساتھ مروی ہے اور دیگر کتبِ حدیث میں اس کی کوئی متابعت نہیں ملتی۔ اسی طرح امام ابن حجر العسقلانی رحمہ اللہ نے بھی اسے وہم کا شکار قرار دیا ہے۔ یہی امر اس وقت مزید واضح ہو جاتا ہے جب یہی راوی مسند احمد میں اسی روایت کو بغیر ان منکر الفاظ کے بیان کرتا ہے۔ [مسند احمد 2150، 2651، 3104، 3131 واسنادهُ صحيح]
جس سے اس کے وہم کی تائید ہوتی ہے۔ مزید برآں اہلِ علم امام مسلم رحمہ اللہ کے منہج سے بخوبی واقف ہیں کہ وہ اپنی صحیح میں بعض اوقات معلول روایات یا ایسے رواۃ کی اسانید بھی بطورِ متابعت و شواہد ذکر کر دیتے ہیں جن کا ضبط اوثق رواۃ سے کم ہوتا ہے بلکہ کبھی متروک الحدیث رواۃ کی روایت بھی بطورِ تاکید ( شاہد ) نقل کر دیتے ہیں، جیسا کہ علی بن زید الجدعان ( متروک الحدیث ) کی روایت کا ذکر۔ [صحيح مسلم 4641]
پس جب امام مسلم رحمہ اللہ نے زیرِ بحث سند کو ذکر کیا تو اس سے قبل متعدد طرق سے ثقہ، ثبت اور اوثق رواۃ کے ذریعے اصل مدعا ( کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بد دعا اگر کوئی شخص اہل نہ ہو تو وہ اس کے لیے رحمت، اللہ کی قربت اور تزکیہ کا سبب بنتی ہے ) کو بیان کیا اور پھر اس سند کو بطورِ شاہد ذکر کیا۔ لہٰذا محض اسی ایک سند کو صحیح مسلم سے نکال کر پیش کرنا امام مسلم رحمہ اللہ کے منہج سے ناواقفیت، بلکہ تعصب اور علمی جہالت کی واضح دلیل ہے۔ کیونکہ امام مسلم رحمہ اللہ کا مقصد اس مقام پر یہ واضح کرنا تھا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی جانب سے ظاہراً سخت معلوم ہونے والے کلمات بھی درحقیقت متعلقہ شخص کے لیے باعثِ رحمت، فضیلت اور تزکیۂ نفس ہوتے ہیں۔ مگر افسوس کہ یہ جہلاء نہ امام مسلم رحمہ اللہ کے منہج سے واقف ہیں اور نہ اصولِ حدیث کی نزاکتوں سے، اور اس کے باوجود اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اجتہادات پر حکم لگانے چلے ہیں۔
■ علت؛-
( عمران بن ابی عطا ابو حمزہ القصاب الاسدی التیمی الکوفی الواسطی عدالت کے اعتبار سے ثقہ، تاہم ضبط کے لحاظ سے ضعیف الحدیث راوی )
امام ابو داؤد رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ یہ کچھ بھی نہیں ہے اور یہ ضعیف الحدیث ہے۔ امام احمد بن شعیب النسائی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ یہ قوی نہیں۔ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے اور یہ صالح الحدیث ہے۔ امام مروزی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ سے اس کے بارے سوال کیا تو انہوں نے کہا یہ کچھ بھی نہیں بلکہ ضعیف الحدیث راوی ہے۔ امام ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ یہ ثقہ ہے مگر اوہام کا شکار ہونے والا تھا۔ امام ابن ابو خیثمہ رحمہ اللہ کا قول نقل کیا کہ امام یحییٰ بن معین رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ اس میں کوئی مسئلہ نہیں۔ امام ابو حاتم الرازی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ یہ قوی نہیں۔ امام ابو جعفر العقیلی رحمہ اللہ نے اسے اپنی کتاب الضعفاء میں شامل کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ اس کی احادیث کی متابعت نہیں کی گئی۔ امام ابو زرعہ الرازی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ یہ لین الحدیث تھا۔ امام محمد بن عبداللہ بن نمیر رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ یہ ثقہ ہے۔ امام یعقوب بن سفیان الفسوی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ اس کی بیان کردہ احادیث کی کوئی حیثیت نہیں۔ امام ابن حبان رحمہ اللہ اور امام ابن شاہین رحمہ اللہ نے اسے اپنی اپنی کتاب الثقات میں درج کیا اور اس کو عدالت کے لحاظ سے ثقہ قرار دیا۔ علامہ شعیب ارناؤوط رحمہ اللہ نے اس راوی پر اپنی تصنیف تحریر تقریب التہذیب میں جرح و تعدیل جمع کرنے کے بعد ضعیف الحدیث کا حکم لگایا ہے۔ [تهذيب الكمال فی اسماء الرجال للمزی 4497، تهذيب التهذيب لابن حجر العسقلانی 6094، ميزان الاعتدال فی نقد الرجال للذهبی 6303، تاريخ الكبير للبخاری 6/412 رقم 2817، لسان الميزان لابن حجر العسقلانی 7/322، كتاب جرح و تعديل لابن ابوحاتم الرازی 6/302 رقم 1681، كتاب الثقات لابن حبان 5/218، الكاشف للذهبی 4271، تقريب التهذيب لابن حجر العسقلانی 5163، سؤالات الآجری لابن ابی داؤد 3/294، سير اعلام النبلاء للذهبی 5/387، كتاب العلل ومعرفة الرجال برواية عبدالله 4528، تاريخ ابی زرعة الدمشقی 484، كتاب الضعفاء الكبير للعقيلی 1311، المغنی فی الضعفاء للذهبی 4607، كتاب الثقات لابن شاهين 1076، تحرير تقريب التهذيب 5163]
❁ کیا صحیح بخاری و مسلم میں تمام احادیث من و عن صحیح ہیں؟
صحیحین یعنی بخاری و مسلم کی تمام ( سوائے چند مقامات کے جن پر اہلِ علم محدثین کا کلام ہے ) متصل اور مرفوع احادیث صحیح ہیں اور یہی بات محدثین کرام سے بھی مروی ہے کہ امتِ مسلمہ کا اس بات پر اتفاق ہے کہ بخاری و مسلم کی تمام مرفوع و متصل احادیث صحیح ہیں۔ مگر اس کے باوجود ان احادیث میں بعض مقامات پر ایسا ضرور ہوا ہے کہ رواۃ نے ادراج کر دیا ہو یا ان کے وہم کے سبب کچھ ایسے الفاظ بھی نقل ہو گئے ہوں جو غیر مقبول ہیں، جن پر محدثین کرام نے نقد کر کے ان کی حقیقت کو امت پر واضح کر دیا ہے۔ اب اس بات کو ایک مثال سے سمجھا جا سکتا ہے وہ یوں کہ صحیح مسلم میں کتاب الایمان، باب ”باب الإسراء برسول الله صلى الله عليه وسلم إلى السموات وفرض الصلوات“ کے تحت ایک حدیث بیان ہوئی ہے، یہ حدیث صحیح البخاری اور صحیح مسلم دونوں میں بالکل صحیح ہے۔ [صحيح البخاری 7517، صحيح مسلم 414]
لیکن اس حدیث میں چند الفاظ کسی راوی کے وہم یا خطا یا کسی اور علت کی وجہ سے غیر محفوظ ہیں۔ وہ الفاظ یہ ہیں ”جَاءَهُ ثَلَاثَةُ نَفَرٍ قَبْلَ أَنْ يُوحَى إِلَيْهِ“ اب اگر قارئین کرام پوری حدیث پڑھیں تو ان الفاظ سے یہ تاثر ملتا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو معراج آپ پر وحی آنے سے پہلے ہوئی حالانکہ یہ بات ممکن ہی نہیں۔ اس کے باوجود صحیح البخاری اور صحیح مسلم میں اس حدیث کے تمام راوی ثقہ ہیں اور یہ حدیث متعدد اسانید سے دونوں کتب میں وارد ہوئی ہے ( جن میں یہ غیر محفوظ الفاظ موجود نہیں )۔ بالکل اسی طرح ابو حمزہ القصاب التیمی الکوفی الواسطی کے یہ منکر الفاظ بھی زیرِ بحث روایت میں غیر محفوظ ہیں۔ ابو حمزہ القصاب التیمی راوی خود بھی متکلم فیہ ہے لہٰذا اس کے تفرد کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہتی اور اس کی صرف وہی روایت قابل احتجاج ہے ( جیسے مسند احمد کی روایات جن کا ذکر پہلے کیا جا چکا ) جن میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے یہ منکر الفاظ شامل نہیں۔ تاہم قارئین کرام یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کر لیں کہ صحیح البخاری اور صحیح مسلم کی متصل، مسند اور مرفوع تمام احادیث صحیح ہیں اور چند الفاظ کے غیر ثابت ہونے سے اصل حدیث کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔
❁ درایتاً اس حدیث کا علمی و تحقیقی جائزہ؛-
اس روایت کی علت پر مفصل گفتگو کے بعد اب اس کا درایت کے اصول پر بھی جائزہ پیش کیا جاتا ہے تاکہ کسی قسم کا اشکال باقی نہ رہے۔ قارئینِ کرام! امام مسلم رحمہ اللہ نے اس روایت کو ذکر کرنے سے قبل متعدد اسانید کے ذریعے یہ قاعدہ واضح کیا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اگر کسی ایسے شخص کے بارے میں بظاہر سخت کلمات ارشاد فرما دیں جو اس کا اہل نہ ہو تو وہ کلمات اس کے حق میں خیر، رحمت اور اجر کا باعث بن جاتے ہیں۔ اسی مفہوم کو سامنے رکھتے ہوئے امام ابو زکریا یحییٰ بن شرف النووی رحمہ اللہ نے ان احادیث پر باب قائم کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی جانب سے کسی کے لیے لعنت، عتاب یا بد دعا اگر ایسے شخص پر واقع ہو جو اس کا مستحق نہ ہو تو وہ اس کے لیے تزکیہ، رحمت اور باعثِ اجر بن جاتی ہے۔ [شرح النووی علی مسلم 16/150]
مگر افسوس کہ مرزا صاحب نے اس سیاق کو نظر انداز کر کے محض ایک روایت کو لے کر اپنے باطل مفہوم کی بنیاد رکھ دی، جناب کا یہ طرزِ عمل علمی دیانت کے سراسر خلاف ہے۔ مزید برآں اس روایت میں کسی مقام پر یہ صراحت موجود نہیں کہ سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ تک نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام پہنچایا ہو اور انہوں نے اس کے باوجود آنے سے انکار کیا ہو، بلکہ کسی صحیح سند سے یہ بات ثابت نہیں۔ پس جب پیغام کا پہنچنا ہی ثابت نہیں تو ترکِ امتثال کا دعویٰ کس بنیاد پر قائم کیا جائے گا؟ اب ایسی صورت میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو موردِ الزام ٹھہرانا کس اصولِ انصاف کے تحت درست ہو گا۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ کلمات ان کے لیے موجبِ فضیلت ہیں نہ کہ باعثِ ملامت۔ مزید یہ کہ شریعتِ مطہرہ میں خود یہ ادب سکھایا گیا ہے کہ جب کھانا سامنے ہو تو پہلے اسے مکمل کیا جائے پھر نماز ادا کی جائے جیسا کہ احادیث میں اس کی صراحت موجود ہے۔ [سنن ابوداؤد 89، صحيح مسلم 560، صحيح ابن حبان 2072، 2074 واسناده صحيح]
تو جب اللہ تعالیٰ کے حکم یعنی نماز کے بارے یہ ترتیب دی گئی کہ کھانے کی موجودگی میں اسے مؤخر کیا جا سکتا ہے تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم کے بارے یہ گمان کیوں کیا جائے کہ اس میں یہ وسعت نہ ہو۔ بلکہ اس سے تو یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سنت کے مطابق عمل کرنے والے تھے۔ مزید برآں روایت میں یہ ذکر ہے کہ سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما تین مرتبہ تشریف لے گئے اور ہر مرتبہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کھانا تناول فرما رہے تھے، حالانکہ معمولی غور سے واضح ہوتا ہے کہ اتنے وقفے میں کھانے کا تسلسل اس انداز سے باقی رہنا قرینِ واقعہ نہیں۔ خصوصاً جبکہ صحیح روایت سے ثابت ہے کہ اسلام قبول کرنے کے بعد سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ مالی تنگی سے دوچار تھے۔ [صحيح مسلم 3697]
اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے اپنے والد سیدنا ابوسفیان رضی اللہ عنہ کے دین کو چھوڑ کر اسلام قبول کیا اور ہجرت کے بعد مالی تنگی کا سامنا کیا چنانچہ وہ مفلس ہو گئے تھے۔ لہٰذا یہ تصور ہی درست نہیں کہ ان کے پاس اس قدر وافر کھانا موجود ہوتا کہ وہ طویل وقت تک کھانے میں مشغول رہتے۔ مزید برآں اس بات کی تائید صحیح البخاری کی اس حدیث سے بھی ہوتی ہے کہ سیدنا بلال حبشی رضی اللہ عنہ رات کے وقت اذان دیتے تھے تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ کھاتے پیتے رہو یہاں تک کہ سیدنا ابن ام مکتوم رضی اللہ عنہ اذان دیں کیونکہ وہ اس وقت تک اذان نہیں دیتے تھے جب تک فجر طلوع نہ ہو جائے۔ امام قاسم بن محمد رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ ان دونوں اذانوں کے درمیان اتنا ہی وقفہ ہوتا تھا کہ ایک اوپر چڑھتا اور دوسرا نیچے اترتا۔ [صحيح البخاری 1918]
پس یہ تمام قرائن اس امر کی تائید کرتے ہیں کہ زیرِ بحث روایت میں وارد منکر الفاظ دراصل راوی ابو حمزہ القصاب التیمی الکوفی الواسطی کے وہم اور تفرد کا نتیجہ ہیں جن کی کوئی معتبر متابعت موجود نہیں۔ تاہم اگر کوئی شخص ان الفاظ کو بد دعا ہی پر محمول کرنے پر مصر ہو تو اسے یہ بھی ملحوظ رکھنا چاہیے کہ اہلِ عرب کے محاورے میں بسا اوقات ایسے الفاظ محض اظہارِ عتاب یا محبّت کے انداز میں بھی کہے جاتے ہیں، نہ کہ حقیقی بد دعا کے طور پر، اور خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ سے یہ دعا بھی فرمائی تھی کہ اگر میں کسی ایسے شخص کے لیے بظاہر سخت کلمات کہہ دوں جو اس کا اہل نہ ہو تو اسے؛-
■ اس انسان کے لیے اجر کا ذریعہ بنا دے۔
■ اس کے لیے رحمت کا سبب بنا دے۔
■ اس کے لیے تزکیہ نفس ( ہر قسم کی برائی سے پاکیزگی ) کا باعث بنا دے۔
■ گناہوں کی معافی کا سبب بنا دے۔
■ اے اللہ! اس انسان کو اس وجہ سے تو روز قیامت اپنا قرب عطا کر۔ [صحيح مسلم 6614 — 6628]
❁ زیرِ بحث روایت پر آئمہ محدثین کی تصریحات و تنقیحات؛-
یہی وجہ ہے کہ جن محدثینِ کرام کے نزدیک حدیث کا یہ حصہ صحیح ثابت ہے، انہوں نے اسے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی تنقیص یا مذمت پر نہیں بلکہ ان کے فضائل و مناقب پر محمول کیا ہے، کیونکہ اگر ان پانچ انعامات اور خصائص پر غور کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ کوئی معمولی امر نہیں۔ چنانچہ امام ابو زکریا یحییٰ بن شرف النووی رحمہ اللہ اس روایت کی شرح میں لکھتے ہیں کہ ”بعض اہلِ علم نے اسے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے مناقب میں شمار کیا ہے، اور امام مسلم رحمہ اللہ کا طرزِ تبویب بھی اسی پر دلالت کرتا ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ اس ظاہری بد دعا کے مستحق نہ تھے بلکہ یہ ان کے حق میں رحمت و برکت بن گئی، اسی لیے امام مسلم رحمہ اللہ نے اسے اسی عنوان کے تحت ذکر فرمایا ہے“۔ [شرح النووی علی مسلم 16/156 تحت الحديث 6628]
اسی مفہوم کی مزید وضاحت امام ابو عبداللہ الحمیدی رحمہ اللہ نے کرتے ہوئے بیان کیا ہے کہ ”امام مسلم رحمہ اللہ نے اس روایت کو سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے فضائل میں شمار کیا ہے، کیونکہ انہوں نے اسے ان احادیث کے فوراً بعد ذکر کیا ہے جن میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان اشخاص کے حق میں دعا فرمائی ہے جنہیں بظاہر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی جانب سے ملامت یا سخت کلامی کا سامنا کرنا پڑا تھا“۔ [الجمع بين الصحيحين للحميدی 2/135]
امام حمیدی رحمہ اللہ کے اسی استدلال کی تائید کرتے ہوئے امام ابن ہبیرہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ ”اس بنا پر امام مسلم رحمہ اللہ اور امام حمیدی رحمہ اللہ دونوں کے نزدیک یہ روایت سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی تنقیص نہیں بلکہ ان کے فضائل و مناقب میں شمار ہوتی ہے“۔ [الإفصاح عن معانی الصحاح لابن هبيره 3/259]
مزید برآں، امام ابن العربی رحمہ اللہ نے اس روایت کے مثبت مفہوم کو واضح کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ”نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمان سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے حق میں ان کی محتاجی کے بعد غنا، ان کے جود و سخا، فیاضی اور قناعت کا سبب بن گیا، بلکہ یہ تمام اوصاف نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسی مبارک ارشاد کی برکت سے حاصل ہوئے“۔ [المسالک فی شرح موطأ مالک لابن العربی 5/106]
چنانچہ یہی وجہ ہے کہ امام ابن کثیر رحمہ اللہ نے بھی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی جانب منسوب اس فرمان کو امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی فضیلت و منقبت ہی پر محمول فرمایا ہے۔ [البداية والنهاية لابن كثير 8/120]
امام ابن الاثیر الجزری رحمہ اللہ نے بھی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی جانب منسوب اس فرمان کو سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی فضیلت ہی پر محمول فرمایا۔ [جامع الاصول فی احاديث الرسول لابن الاثير الجزری 9/108 رقم 6657]
اسی طرح علامہ محمد ناصر الدین البانی رحمہ اللہ نے سلسلۃ الصحیحۃ میں اس روایت کے تحت لکھا ہے کہ ”بعض فرقے اس روایت کو لے کر سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ پر طعن کرتے ہیں حالانکہ یہ ان کی دلیل نہیں بنتی۔ بلکہ اس روایت میں تو یہ صراحت موجود ہے کہ وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے کاتب تھے۔ اور امام ابن عساکر رحمہ اللہ نے یہاں تک لکھ دیا ہے کہ یہ روایت سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی فضیلت میں سب سے بہترین روایت ہے۔ [تاريخ دمشق لابن عساكر 59/106]
اور امام ابن کثیر رحمہ اللہ نے بھی امام ابن عساکر رحمہ اللہ کے اس قول کو اختیار فرمایا۔ [البداية والنهاية لابن كثير 8/122]
پھر علامہ ناصر الدین البانی رحمہ اللہ بھی وہی مفہوم بیان کرتے ہیں جو ہم نے اوپر ذکر کیا کہ امام مسلم رحمہ اللہ اور امام نووی رحمہ اللہ نے بھی اس سے مراد پانچ انعامات ہی لیے ہیں۔ اور علامہ البانی رحمہ اللہ نے بھی اس سے ان کی فضیلت ہی مراد لی ہے اور اس سے توہین کا پہلو نکالنے والوں کی تردید کی ہے“۔ [سلسلة الاحاديث الصحيحة للالبانی عربی 82]
کیا اس مقام پر محدثِ اعظم علامہ البانی رحمہ اللہ کا بیان کردہ مفہوم مرزا جہلمی کے نزدیک معتبر نہیں؟ افسوس کہ صحابہ دشمنی نے مرزا کو کہاں تک پہنچا دیا کہ جب علامہ البانی رحمہ اللہ کی تحقیق و شرح اس کے موافق ہو تو وہ محدثِ اعظم قرار پاتے ہیں اور جب اس کی خواہش کے خلاف ہو تو ان کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہتی۔ حالانکہ کسی ایک ثقہ و صدوق محدث نے بھی اس روایت کے منکر حصے کو بنیاد بنا کر اسے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی تنقیص پر محمول نہیں کیا۔ مگر مرزا جہلمی بضد ہے کہ جو مفہوم وہ بغضِ معاویہ میں مبتلا ہو کر اخذ کرنا چاہتا ہے اسی کو قبول کیا جائے۔
❁ دلائل النبوۃ للبیہقی میں مذکور روایت کا علمی و تحقیقی تجزیہ؛-
سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما بیان فرماتے ہیں کہ میں بچوں کے ساتھ کھیل رہا تھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے تو مجھے یہ خیال گزرا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم میری طرف ہی آئے ہیں چنانچہ میں چھپ گیا مگر ( آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے ڈھونڈ نکالا ) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے ہلکی سی چپت لگائی اور فرمایا کہ جاؤ اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو میرے پاس بلا کر لاؤ اور وہ ( سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ ) وحی لکھا کرتے تھے۔ میں گیا اور انہیں پیغام دیا تو جواب میں کہا گیا کہ وہ کھا رہے ہیں۔ میں نے آ کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو بتا دیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پھر فرمایا کہ جاؤ اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو میرے پاس بلا کر لاؤ۔ میں پھر گیا تو وہی جواب ملا کہ وہ کھا رہے ہیں، میں نے پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ساری بات بتا دی۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تیسری مرتبہ فرمایا کہ اللہ تعالیٰ اس کا پیٹ سیر نہ کرے۔ اس حدیث کے راوی ابو حمزہ فرماتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا پیٹ پھر کبھی بھی سیر نہ ہو سکا۔ پھر امام ابوبکر البیہقی رحمہ اللہ اس حدیث کے ساتھ لکھتے ہیں کہ راوی ابو حمزہ کے یہ الفاظ اس بات کی دلیل ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا قبول ہو گئی۔ [دلائل النبوة للبيهقی 2512 واسنادهُ ضعيف]
روایت پر حکم؛-
اس روایت میں ابو حمزہ عمران بن ابی عطا کا قول کہ ”سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا پیٹ کبھی سیر نہ ہو سکا“۔ دو واضح وجوہات کی بنا پر سخت مردود ہے۔ اول یہ کہ ابو حمزہ عمران بن ابی عطا بذاتِ خود سخت ضعیف اور متہم راوی ہے جیسا کہ گزشتہ صفحات میں صحیح مسلم 6628 کے تحت مفصل بیان ہو چکا ہے۔ لہٰذا ایسے مجروح راوی کا اپنا قول اور فہم کوئی قابلِ اعتبار حیثیت نہیں رکھتا۔ دوم یہ کہ اس روایت کے متن میں بھی صریح خرابی پائی جاتی ہے کیونکہ ابو حمزہ عمران بن ابی عطا نے اپنے اس دعوے کی کوئی سند پیش نہیں کی کہ اسے کس نے یہ بات بتائی کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا پیٹ پھر کبھی سیر نہ ہو سکا۔ جبکہ سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی اس کی روایت ”اللہ معاویہ رضی اللہ عنہ کا پیٹ نہ بھرے“ تک ہی مکمل ہو جاتی ہے۔ اس کے بعد کا اضافہ محض اسی راوی کا مبہم اور غیر مستند قول ہے۔ چنانچہ یہ بات واضح نہیں ہو سکی کہ یہ دعویٰ اس نے کہاں سے اخذ کیا اور کس بنیاد پر اسے بیان کیا۔ مزید برآں عمران بن ابی عطا کی وفات 131 سے 140 ہجری کے درمیان ہوئی۔ اس لحاظ سے اس کا سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے عہد کے حالات کا براہِ راست مشاہدہ کرنا ممکن نہیں۔ اور اگر بالفرض اس نے اس دور کا کچھ حصہ پایا بھی ہو تو وہ کوفہ کا رہائشی تھا۔ لہٰذا اس کے لیے لازم تھا کہ وہ یہ بھی واضح کرتا کہ اس نے کب، کہاں اور کس ذریعے سے شام جا کر یہ حالات معلوم کیے۔ پس یہ تمام قرائن اس بات کی تائید کرتے ہیں کہ یہ دعویٰ سرے سے غیر ثابت اور بے بنیاد ہے۔ اگر اس میں کوئی حقیقت ہوتی تو اس مجروح راوی کے علاوہ دیگر اہلِ علم کے ہاں بھی یہ بات معروف ہوتی۔ مگر کتبِ حدیث، آثار اور روایات میں اس کا کوئی وجود نہیں ملتا۔ بلکہ یہی ایک راوی ہے جو نہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا زمانہ پا سکا اور نہ کوئی معتبر ماخذ پیش کر سکا، اس کے باوجود ایسے بیان کر رہا ہے جیسے یہ اس کا ذاتی مشاہدہ ہو۔ چنانچہ محدثین نے اس کے اس قول کو قبول کرنے کے بجائے خود اس کی شخصیت پر جرح کی ہے۔ اور جب ایک ایسے شخص کی علمی حیثیت ہی معتبر نہ ہو تو اس کی جانب سے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے بارے میں نقل کردہ اقوال کی کوئی وقعت باقی نہیں رہتی۔
❁ اہلِ عرب کے مختلف مواقع پر رائج عربی محاورات واسالیبِ کلام؛-
اگر اس روایت کے اس جملے کو کچھ وقت کے لیے فرض کر لیتے ہیں کہ یہ بالکل ثابت ہے تو بھی اہل عرب کے ہاں ایک عادت تھی کہ وہ سبقت لسانی یا طبیعت بیزار امور پر کچھ ایسے سخت الفاظ کا چناؤ کر دیا کرتے تھے جن کا حقیقت میں کوئی مطلب نہیں لیا جا سکتا۔ ان الفاظ سے ان کے حقیقی مطلب کو اخذ کرنا عربی زبان سے ناواقفیت ہی ہو سکتی ہے یا اس انسان کی کم علمی و جہالت۔ مشہور لغوی ابو منصور محمد بن احمد ازہری رحمہ اللہ ایسے کلمات کے بارے میں مستند لغوی ابو عبید سے نقل کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ایسی باتیں عربوں کے اس طریقے کے مطابق ہیں جس میں وہ کسی کے بارے میں بددعا کرتے ہیں لیکن اس کے وقوع کا ارادہ نہیں کرتے یعنی بددعا کا پورا ہو جانا مراد ہی نہیں ہوتا۔ [تهذيب اللغة 1/145]
اسی طرح شارحِ صحیح بخاری امام ابنِ بطال رحمہ اللہ اس طرح کی ایک عبارت کے بارے میں فرماتے ہیں کہ یہ ایسا کلمہ ہے کہ اس سے بددعا مراد نہیں ہوتی۔ اسے صرف تعریف کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جیسا کہ جب کوئی شاعر عمدہ شعر کہے تو عرب لوگ کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ اسے مارے اس نے عمدہ شعر کہا ہے۔ [شرح صحيح البخاری لابن البطال 9/329]
اب ذیل میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے بولے گئے چند عربی محاورے ملاحظہ فرمائیں؛-
❶ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم حج سے پلٹے تو بتایا گیا کہ ام المؤمنین سیدہ حفصہ رضی اللہ عنہا حائضہ ہو گئی ہیں اور ابھی انہوں نے طواف افاضہ نہیں کیا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پریشانی کے عالم میں یہ جملے کہتے ہیں کہ ”عَقْرَى حَلْقَى“ کونچیں کاٹی، سر منڈی، تیری کونچیں کاٹی جائیں اور تیرا سر مونڈ دیا جائے۔ [صحيح البخاری 1561، 1762]
اب کوئی بھی صحیح راسخ العقیدہ سنی مسلمان یہاں وہ معنی نہیں کرے گا جو اس کا لفظی معنی بنتا ہے بلکہ اسے محاورے پر ہی محمول کرے گا۔
❷ سیدنا ابوذر غفاری رضی اللہ عنہ کے واقعہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ”ثَكِلَتْكَ أُمُّكَ أَبَا ذَرِّ لِأُمِّكَ الْوَيْلُ“ ( اے ابوذر! تیری ماں تجھے کھو دے، تیری ماں کے لیے ہلاکت ہو ) عربی محاورات میں سے ہے جو حقیقتاً بددعا کے لیے نہیں بلکہ تنبیہ، تعجب یا توبیخ کے اسلوب کے طور پر بولا جاتا ہے اور اس کا حقیقی معنی مراد لینا اہلِ علم کے نزدیک درست نہیں۔ چنانچہ اصولِ محدثین کے مطابق اس طرح کے الفاظ کو ان کے عرفی اور محاوراتی استعمال پر محمول کیا جاتا ہے نہ کہ ظاہری معنی پر۔ لہٰذا اگر کوئی ان الفاظ کو حقیقی بددعا سمجھ کر ترجمہ کرے تو لازم آئے گا کہ وہ دیگر صحیح احادیث میں وارد اسی اسلوب کو بھی اسی معنی پر لے جس سے جلیل القدر صحابہ رضی اللہ عنہم کی شان میں نامناسب مفاہیم پیدا ہوں گے۔ حالانکہ اہلِ علم کے ہاں یہ بات متفق علیہ ہے کہ یہ الفاظ محض اسلوبِ کلام ہیں۔ اس لیے ان کا ظاہری ترجمہ لے کر نتائج اخذ کرنا علمی اصولوں کے خلاف ہے اور اسی سے واضح ہوتا ہے کہ محاوراتِ عرب کو سمجھے بغیر مفہوم اخذ کرنا کس قدر سنگین غلطی کا باعث بنتا ہے۔
❸ سیدنا ابوذر غفاری رضی اللہ عنہ کو مخاطب کر کے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”رَغْمَ أَنْفِ أَبِي ذَرِّ“ ( ابوذر کی ناک خاک آلود ہو جائے )[صحيح البخاری 5827]
حالانکہ یہ الفاظ عربی محاورہ ہیں جو حقیقتاً ذلت کی دعا کے لیے نہیں بلکہ تنبیہ اور تاکید کے اسلوب کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔ اسی طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”رَغْمُ أَنْفِ الشَّيْطَانِ“ ( شیطان کی ناک خاک آلود ہو ) [سنن ابن ماجه 1210 وسندهُ صحيح]
جس سے مراد اس کی تذلیل و تحقیر ہے۔ لہٰذا جب یہ اسلوب دیگر مقامات پر محاوراتی طور پر سمجھا جاتا ہے تو پھر سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے قول کو بھی اسی اصول کے تحت سمجھنا چاہیے، نہ کہ اسے ظاہری معنی پر محمول کر کے غیر مراد مفہوم اخذ کیا جائے کیونکہ یہی طرزِ فہم اصولِ حدیث اور اسلوبِ عرب دونوں کے مطابق ہے۔
❹ سیدنا عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو کہا کہ خواہ تمہاری ناک خاک آلود ہو جائے۔ [صحيح مسلم 4061]
❺ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدہ ام انس رضی اللہ عنہا ( سیدہ اُم سُلیم رضی اللہ عنہا کی کفالت میں ایک یتیم لڑکی ) کو کہا کہ تیری عمر بڑی نہ ہو۔ [صحيح مسلم 6627]
ایک بہت اہم نقطہ؛-
اگر ان تمام دلائل کے باوجود بھی کوئی شخص مرزا کے ہاتھوں اپنے ایمان کا بیڑا غرق کروانے کے باوجود مطمئن نہیں ہو پا رہا اور صحیح مسلم کے اس حصے کو اپنے باطل نظریات کے مطابق اخذ کرنا چاہتا ہے تو اس کے لیے ایک واضح مثال ملاحظہ ہو کہ جس طرح کے الفاظ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے صحیح مسلم میں مذکور ہیں بعینہٖ اسی نوعیت کے کلمات نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے بارے بھی ارشاد فرمائے تھے۔ چنانچہ صحیحین کی حدیث میں سیدنا علی رضی اللہ عنہ بن ابی طالب سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے رات کے وقت انہیں اور سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کو جگایا اور فرمایا کہ کیا تم لوگ نماز نہیں پڑھو گے؟ میں نے عرض کیا کہ اے اللہ کے رسول! ہماری جانیں اللہ کے ہاتھ میں ہیں، جب وہ ہمیں اٹھانا چاہتا ہے اٹھا دیتا ہے۔ یہ سن کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم واپس تشریف لے گئے، پھر میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو سنا کہ آپ پلٹتے ہوئے اپنی ران پر ہاتھ مارتے تھے اور یہ آیت تلاوت فرماتے تھے کہ ”وَكَانَ الْإِنْسَانُ أَكْثَرَ شَيْءٍ جَدَلًا“ یعنی انسان بہت زیادہ جھگڑالو ہے۔ ( یہاں جدل سے مراد یہ تھا کہ جگائے جانے پر شکر ادا کرنے اور نماز پڑھنے کے بجائے عذر پیش کیا گیا)۔ [صحيح مسلم 1818، صحيح البخاری 1127]
اب یہاں مرزا اور اس کے مقلدین سے سوال یہ ہے کہ کیا اسی اصول کے تحت سیدنا علی رضی اللہ عنہ اور سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کے بارے بھی یہ گمان کیا جائے کہ نعوذباللہ انہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بددعا دی تھی؟ اور کیا کوئی ناصبی فکر رکھنے والا شخص اس حدیث کو لے کر یہ کہہ سکتا ہے کہ جمل و صفین کے واقعات اور ان میں پیش آنے والے اجتہادی اختلافات نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اس بددعا کا نتیجہ تھے؟ نعوذباللہ ثم نعوذباللہ۔ کیا اس حدیث کی بنا پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ معاذ اللہ جھگڑالو ہو گئے تھے؟ ہرگز نہیں۔ جس طرح اس مقام پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ان الفاظ کو ان کے ظاہر پر محمول کرنا درست نہیں بلکہ سیاق و سباق اور اسلوبِ عرب کو ملحوظ رکھ کر ان کا صحیح مفہوم لیا جاتا ہے بالکل اسی طرح سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے بھی حسنِ ظن رکھنا لازم ہے۔ ان احادیث و روایات میں وارد ایسے الفاظ سے زیادہ سے زیادہ یہی بات معلوم ہوتی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیتِ بشر غصہ بھی فرماتے تھے، مگر ان کلمات کو حقیقتِ ظاہری پر محمول کر کے تمسخرانہ انداز میں بیان کرنا، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی تنقیص کرنا یا انہیں امت کے سیاسی بگاڑ کا سبب قرار دینا سراسر باطل اور روافض کے فاسد ذہن کا شاخسانہ ہے۔
❁ کیا سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ دن میں سات مرتبہ کھانا کھاتے اور ان کا پیٹ سیر نہ ہوتا تھا؟
امام ابن کثیر رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ میں یہ کہتا ہوں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ اس کے بعد سیر نہیں ہوتے تھے اور ان کی امارت کے زمانے میں اس دعا کا یہ اثر ظاہر ہوا کہ کہا جاتا ہے وہ دن میں سات مرتبہ گوشت والا کھانا کھاتے تھے اور کہتے تھے ”اللہ کی قسم! میں سیر نہیں ہوتا البتہ تھک جاتا ہوں“۔ [البداية والنهاية لابن كثير 9/86]
روایت پر حکم؛-
امام ابن کثیر رحمہ اللہ نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے عہد سے متعلق یہ واقعہ بلا سند ذکر کیا ہے۔ امام ابن کثیر رحمہ اللہ نے خود بھی اسے دعا کے مفہوم پر ہی محمول کیا ہے۔ مگر روافض اور نیم روافض اسی غیر ثابت نقل سے یہ باطل استدلال کشید کرتے ہیں کہ ( معاذ اللہ ) سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بددعا لگی تھی، جس کے باعث وہ دن میں متعدد بار کھانے کے باوجود سیر نہیں ہوتے تھے۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ امام ابن کثیر رحمہ اللہ نے اس اثر کی کوئی سند ذکر ہی نہیں کی۔ اصولِ حدیث کے مطابق بلا سند روایت نہ حجت ہوتی ہے اور نہ قابلِ اعتماد، لہٰذا جب اصل نقل ہی ثابت نہیں تو اس پر قائم کیا گیا استدلال بھی خود بخود ساقط ہو جاتا ہے۔ یوں روافض کا یہ دعویٰ علمی و تحقیقی معیار پر بالکل بے بنیاد اور کالعدم قرار پاتا ہے۔