حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ پر سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے بھائیوں کے قتل کا الزام اور اس کی حقیقت
محمد بن ابی بکر رحمہ اللہ کا قتل:
جیسا کہ آپ پڑھ چکے ہیں کہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے نزدیک جناب معاویہ رضی اللہ عنہ کا بڑا مقام ومرتبہ تھا اور وہ آپ کے لیے دعائیں کیا کرتی تھیں، جو کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے حق میں ایک بہت بڑی دلیل ہے۔ لیکن چونکہ اہلِ باطل اور فتنہ پرور لوگوں کا مشن ہی یہی ہے کہ جو بھی ہو جائے ہم نے امت میں فساد ہی پھیلانا ہے اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے متعلق منفی تاثر ہی عام کرنا ہے۔ لہٰذا انجینئر صاحب کو سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی فضیلت کس طرح ہضم ہو سکتی تھی، تو آپ نے متبادل چال یہ چلی کہ لوگوں میں یہ تاثر عام کیا جائے کہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا تو حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے سخت ناراض تھیں، آپ رضی اللہ عنہا کے دو بھائی حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے ناحق قتل کیے تھے، وغیرہ وغیرہ۔ تو جب یہ فضا قائم کر لی تو بڑے آرام کے ساتھ کہہ دیا کہ جی وہ سب جھوٹ ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے متعلق کہا کرتی کہ میری عمر بھی معاویہ کو لگ جائے، بھلا جس کے دو دو بھائی قتل کیے گئے ہوں وہ ایسی باتیں کرے گا؟ پھر ہم نے صحیح سند کے ساتھ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا وہ قول دلائل سے ثابت کیا جسے انجینئر صاحب نے ”تاریخی روایت“ کہہ کر جھٹلایا۔ اب لفظ تاریخی روایت اور ان کی ہنسی ذہن میں رکھتے ہوئے ان کا یہ اعتراض بھی دیکھ لیں کہ کون سی صحیح الاسناد روایت پیش کی گئی ہے۔ تو مرزا صاحب اپنی ویڈیو میں کہتے ہیں:
”سیدہ عائشہ کے بھائی تھے ایک محمد ابن ابی بکر، ان کو حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے قتل کروایا تھا………… محمد بن ابی بکر مصر کے گورنر تھے تو ظاہر ہے یہ کوفے سے دور تھا شام کی باؤنڈریز لگتی تھیں، وہاں سے حضرت معاویہ کی چھاپا دار جو ٹیمیں ہیں وہ حملے کرتی تھیں تو محمد بن ابی بکر کو قتل کروا دیا، حتی کہ ایک گدھے میں ان کی لاش رکھ کے اس کو آگ لگا دی، استغفر اللہ! اور اس کے اوپر اجماع ہے کوئی دنیا میں اس کا انکار نہیں کرے گا، ہماری اہل سنت کی تمام کتابوں میں موجود ہے جتنی بھی صحابہ کرام کی بائیوگرافی پہ لکھی گئی ہیں۔ آپ چاہے تاریخ طبری پڑھ کے دیکھ لیں، (اور) تاریخ ابن کثیر، آپ الاستیعاب پڑھ کے دیکھ لیں، (اور) ابن اثیر کی اُسد الغابہ جس کی شرح ابن حجر عسقلانی نے ”الِاصابۃ“ لکھی آٹھ ہزار صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے حالاتِ زندگی اس میں لکھے ہیں، اردو میں ترجمہ ہو کے آ چکی ہے آپ اس میں محمد بن ابی بکر کا پڑھ لیں ان کے ساتھ کیا ہوا۔“
Mohammad Bin Abi Bakar Brothers of Hazrat Ayesha A.S
لیجیے! تاریخ، تاریخ، تاریخ اور تاریخ۔ وہ بات الگ ہے کہ جو یہ حوالے دے رہے ہیں ان میں ایسا کچھ ہے بھی یا نہیں، اس سے قبل ان تاریخ کی کتابوں کی کیا حیثیت ہے سنیے ہمارے منصف مزاج اور حق گو صاحب کی زبانی۔
انجینئر صاحب کے نزدیک تاریخی روایات کی حیثیت اور ان کا دوغلہ پن:
ہمارے منصف مزاج انجینئر صاحب اپنی ایک ویڈیو میں فرماتے ہیں:
”دیکھیں جی جو تاریخ ہے اس میں تو جھوٹ سچ سب کچھ مکس ہے ٹھیک ہے نہ، طبقات ابن سعد ہو یا تاریخ ابن کثیر ہو یا تاریخ ابن جریر ہو امام طبری کی یا تاریخ ابن خلدون ہو یا تاریخِ دمشق ہو ابن عساکر کی، اب اس میں یعنی جھوٹ سچ سب کچھ لکھ دیا گیا ہے، سندیں بیان کر دی گئی ہیں، صحیح ضعیف کے فیصلے کوئی نہیں لگے ہوئے، تو اس لیے ان کی authenticity as such کوئی نہیں رہتی، آپ کس طرح اس میں جھوٹ اور سچ میں جو ملاوٹ ہے وہ کس طریقے سے علیحدہ کر سکتے ہیں؟ آپ نہیں کر سکتے، مشکل کام ہے!“
History Books of Islam- Tareekhi Kitabon mein Zaeef Ahadith & Riwayat
چونکہ بات قتل کی ہو رہی ہے لہٰذا ایک اور تحفہ قبول کیجیے:
”تاریخی روایتیں جو ہیں ان کی اسناد کی تحقیق ہونی چاہیے، یہ نہیں ہے کہ کوئی واقعہ بھی اپنے مطلب کا ملا جس میں کسی صحابی کی توہین آئی تو بیان کرنا شروع کر دیا، بغیر اس کے دیکھے کہ یہ ثابت ہے کہ نہیں۔ مثال کے طور پر یہ شیعہ کے جو عام ذاکرین، رافضی جو ذاکرین ہیں جاہل قسم کے، محرم کے دنوں میں وہ بیان کر رہے ہوتے ہیں کہ حضرت عمر نے حضرت فاطمہ کے اوپر دروازہ پھینکا………. اب یہ سٹوری چونکہ مطلب کی تھی لہٰذا وہ اہل تشیع میں جو رافضی ٹائپ کے لوگ ہیں غالی رافضی، انہوں نے لے کے تو بیان کی یہ……………“
Azmat e Sahaba r.a, Radd ul Munafiqeen aur Sunni Shia Ikhtelaf ka Jaizah – 1:37:17
اب فیصلہ آپ نے کرنا ہے کہ انجینئر صاحب جاہل شیعہ ذاکر ہیں یا نہیں؟ اور یہ بھی یاد رہے کہ ان کے اصول کسی صورت نہیں بدلتے۔ اب آتے ہیں مدعے کی طرف:
المختصر یہ کہ جناب محمد بن ابی بکر رحمہ اللہ کو حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے قتل کروایا، اور انہیں قتل کر کے ایک گدھے کی لاش میں ڈال کر جلا دیا گیا، اور اس پر ”اجماع“ ہے۔
غور کریں یہ ساری باتیں بیان کر کے انجینئر صاحب نے کسی ایک کتاب کا کوئی مخصوص ریفرنس بیان نہیں کیا، جو کہ ان کا مخصوص انداز ہوتا ہے بلکہ بڑی دلیری کے ساتھ اس پر اجماع کا دعوی کر دیا کہ صحابہ کرام کی سیرت پر لکھی جانے والی تمام کتب میں یہ واقعہ موجود ہے، تاکہ کوئی صحیح سند پیش کرنے سے جان ہی چھوٹ جائے۔
اس بات سے قطع نظر کہ اجماع کے اصول کیا ہیں اور جس طرح مرزا صاحب بتا رہے ہیں اس سے اجماع منعقد ہوتا بھی ہے یا نہیں، یعنی ایک واقعہ اگر کئی کتب میں منقول ہو تو وہ درجہ صحت کو پہنچ جاتا ہے؟ ساری کتابوں کو بھی چھوڑیں کہ کیا واقعی تمام کتب میں یہ واقعہ موجود ہے یا نہیں، ہم صرف مرزا صاحب ہی کی ذکر کردہ کتابوں کی عبارات (جن میں محمد بن ابی بکر کے قتل کا ذکر ہے) آپ کے سامنے رکھ دیتے ہیں، پھر فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہو گا کہ جو قصہ انجینئر صاحب نے بیان کیا ہے کیا ان کتب میں اس واقعہ پر اتفاق ہے؟
محمد بن ابی بکر رحمہ اللہ کے حوالے سے ایک ضروری وضاحت:
تفصیلات سے قبل یہ جان لیجیے کہ اول تو محمد بن ابی بکر رحمہ اللہ صحابی نہیں ہیں، بلکہ آپ چند ماہ کے ہی تھے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم وفات پا گئے، ہمیں اس پر زیادہ گفتگو کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ خود انجینئر صاحب نے بھی اس ویڈیو میں انہیں تابعی ہی قرار دیا ہے۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ اسی ویڈیو میں انجینئر صاحب نے ان کا تعارف تو کروایا ہے لیکن ایک بات جو یہاں نہایت قابلِ ذکر تھی کا ذکر تک نہیں کیا۔ وہ یہ ہے کہ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کو شہید کرنے سے پہلے جن باغیوں نے آپ رضی اللہ عنہ کے گھر کو محصور کر رکھا تھا، ان کے خلاف شورش برپا کی گئی تو ان میں یہ محمد بن ابی بکر بھی شامل تھے، علامہ ذہبی رحمہ اللہ نے لکھا ہے ”وكان أحد الرءوس الذين ساروا الى حصار عثمان“ ………… یعنی یہ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کا محاصرہ کرنے والوں کے سرغنہ تھے۔ (تاریخ الاسلام: 601،600/3)۔ حتیٰ کہ انہوں نے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ پر حملہ کرنے کی کوشش بھی کی، لیکن بعد میں پیچھے ہٹ گئے۔ چنانچہ ام المومنین سیدہ صفیہ رضی اللہ عنہا کے غلام کنانہ (ثقہ) سے حسن سند کے ساتھ مروی ہے:
شَهِدَ مَقْتَلَ عُثْمَانَ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ……… قُلْتُ: فَهَلْ نَدِيَ مُحَمَّدُ بْنِ أَبِي بَكْرٍ بِشَيْءٍ مِنْ دَمِهِ، فَقَالَ: مَعَاذَ اللهِ دَخَلَ عَلَيْهِ، فَقَالَ لَهُ عُثْمَانُ: لَسْتُ بِصَاحِبِهِ، وَكَلَّمَهُ بِكَلَامٍ فَخَرَجَ وَلَمْ يَنْدَ مِنْ دَمِهِ بِشَيْءٍ۔
”میں سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کی شہادت کے موقع پر موجود تھا (پھر مکمل واقعہ بیان کیا، جس پر راوی محمد بن طلحہ کہتے ہیں کہ) تو میں نے ان سے دریافت کیا کہ کیا محمد بن ابی بکر رحمہ اللہ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کے قتل میں شامل تھے؟ تو انہوں نے جواب میں کہا: معاذ اللہ! وہ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ پر (حملہ کرنے کی غرض سے) داخل ضرور ہوئے تھے لیکن جب حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے ان سے کہا: تم مجھے قتل کرنے والے نہیں، اور کچھ اور بھی بات کی، تو محمد بن ابی بکر واپس لوٹ آئے اور ان کے قتل میں شریک نہ ہوئے۔“ (مسند اسحاق بن راہویہ:261/4)
شیخ غلام مصطفیٰ ظہیر امن پوری حفظہ اللہ نے فرمایا ”سندہ حسن“۔ (دفاع صحابہ:132)
لیکن چونکہ ان پر (محاصرے میں شریک ہونے کی وجہ سے) ایک ٹیگ لگ چکا تھا، لہٰذا یہی وجہ ہے کہ خود ان کی بہن ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا بھی ان کے اس فعل کی وجہ سے ان سے سخت خفا تھیں اور ان کے خلاف بددعا بھی کرتیں۔ جناب طلق بن خشاف رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں:
وَفَدْنَا إِلَى الْمَدِينَةِ لِنَنْظُرَ فِيمَ قُتِلَ عُثْمَانُ، فَلَمَّا قَدِمْنَا مَرَّ مِنَّا بَعْضٌ إِلَى عَلِيٍّ، وَبَعْضٌ إِلَى الْحُسَيْنِ بْنِ عَلِيٍّ رَضِيَ اللهُ عَنْهُمَا، وَبَعْضٌ إِلَى أُمَّهَاتِ الْمُؤْمِنِينَ رَضِيَ اللهُ عَنْهُنَّ، فَانْطَلَقْتُ حَتَّى أَتَيْتُ عَائِشَةَ فَسَلَّمْتُ عَلَيْهَا، فَرَدَّتِ السَّلَامَ……… فَقُلْتُ لَهَا: يَا أُمَّ الْمُؤْمِنِينَ، فِيمَ قُتِلَ عُثْمَانُ أَمِيرُ الْمُؤْمِنِينَ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ؟ قَالَتْ: قُتِلَ وَاللهِ مَظْلُومًا، لَعَنَ اللهُ قَتَلَتَهُ، أَقَادَ اللهُ ابْنَ أَبِي بَكْرٍ بِهِ، وَسَاقَ اللهُ إِلَى أَعْيُنِ بَنِي تَمِيمٍ هَوَانًا فِي بَيْتِهِ، وَأَهْرَاقَ اللهُ دِمَاءَ بَنِي بُدَيْلٍ عَلَى ضَلَالَةٍ، وَسَاقَ اللهُ إِلَى الْأَشْتَرِ سَهْمًا مِنْ سِهَامِهِ، فَوَاللهِ مَا مِنَ الْقَوْمِ رَجُلٌ إِلَّا أَصَابَتْهُ دَعْوَتُهَا۔
”ہم مدینہ کی طرف یہ جاننے کے لیے کہ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کس وجہ سے قتل ہوئے وفد کی صورت میں روانہ ہوئے۔ جب ہم وہاں پہنچے تو ہم میں سے بعض حضرات سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے پاس چلے گئے، اور بعض سیدنا حسین بن علی رضی اللہ عنہما کی طرف اور بعض امہات المومنین رضی اللہ عنہن کے پاس گئے۔ میں سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس گیا اور انہیں سلام کہا۔ آپ رضی اللہ عنہا نے سلام کا جواب دیا۔ پھر میں نے کہا: اے ام المومنین! امیر المومنین سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کیوں شہید کر دیے گئے؟ تو آپ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: اللہ کی قسم! وہ ناحق قتل کیے گئے ہیں، اللہ ان کے قاتلوں پر لعنت کرے، اللہ محمد بن ابی بکر سے اس کا بدلہ لے، اور اللہ بنو تمیم کے گھر کی طرف ان کی آنکھوں کے سامنے رسوائی لائے، اور اللہ بنو بدیل کا خون گمراہی پر بہائے، اور اللہ اشتر نخعی کی طرف اپنے تیروں میں سے کوئی تیر بھیجے۔ (جناب طلق بن خشاف رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ) اللہ کی قسم! ان سب لوگوں کو سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی بددعا لگ گئی۔“ (المعجم الکبیر:88/1)
اس کی سند حسن ہے۔ طلق رضی اللہ عنہ صحابی ہیں۔ (الطبقات الکبریٰ:60/7)
یہ وضاحت اس لیے ضروری تھی کہ مرزا صاحب نے ان کے قتل کے قصے میں جو تاریخ کی کتب کا حوالہ دیا ہے وہاں یہ صراحت بھی موجود ہے کہ انہیں قصاصِ عثمان رضی اللہ عنہ میں قتل کیا گیا تھا۔