سال بھر کا افضل دن
ذوالحجہ کے ابتدائی دس دن اس بنا پر بھی اہم ہیں کہ ان میں دسویں ذوالحجہ کا دن سال بھر کے ایام سے افضل و ارفع ہے۔ سیدنا عبد اللہ بن قرط رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إن أعظم الأيام عند الله يوم النحر ثم يوم القر وهو الذى يليه
”اللہ تعالیٰ کے نزدیک عظیم ترین دن یومِ نحر (دس ذوالحجہ) پھر دس ذوالحجہ سے اگلا دن (گیارہ ذوالحجہ) ہے۔“
صحيح : سنن أبي داؤد : 1765۔ مسند أحمد : 350/4۔ صحيح ابن خزيمة : 2917۔ مستدرک حاکم : 221/4۔
یہ حدیث، دلیل ہے کہ یومِ نحر سال کے تمام ایام سے افضل دن ہے اور امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ نے بھی اسی کی تائید کی ہے۔
سوال: یومِ عرفہ، جمعہ، عید الفطر اور یومِ نحر میں سے کون سا دن افضل ہے؟
جواب: علماء کا اس مسئلہ پر اتفاق ہے کہ ہفتہ کے دنوں میں سے جمعہ کا دن افضل ہے اور سال کے تمام دنوں سے یومِ نحر (دس ذوالحجہ) افضل ہے۔ البتہ کچھ علماء نے یومِ عرفہ کو بھی افضل قرار دیا ہے لیکن پہلا موقف راجح ہے کیونکہ اس کی فضیلت میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی ہے کہ ”اللہ کے نزدیک تمام ایام سے افضل دن یومِ نحر (دس ذوالحجہ) پھر گیارہ ذوالحجہ ہے۔“
نیز یہ دن اس لیے بھی فضیلت کا حامل ہے کہ اس میں مزدلفہ کا وقوف، جمرہ عقبہ کی رمی کرنا، قربانی، حلق اور طوافِ افاضہ جیسی عظیم عبادات کا اہتمام ہوتا ہے اور بالاتفاقِ علماء یہ سال بھر کی افضل عبادات ہیں جو اس مبارک دن میں انجام پذیر ہوتی ہیں۔
فتاوى ابن تیمیه : 288/25۔